ایک حقیقی ورثہ
ایک حقیقی ورثہ
”اگر آپکو ڈاک کے ذریعے اطلاع دی جاتی ہے کہ آپکو ایک میراث ملنے والی ہے تو خبردار رہیں! شاید کوئی دغاباز شخص آپکو دھوکے کا شکار بنا رہا ہے۔“
یہ آگاہی ریاستہائےمتحدہ کے محکمۂڈاک کی طرف سے دی گئی تھی۔ لیکن کیوں؟ کیونکہ اس ملک میں ہزاروں لوگوں کو ایک خط موصول ہوا جس میں لکھا تھا: ”آپکا ایک رشتہدار فوت ہو گیا ہے اور اُس نے آپ کیلئے ورثہ چھوڑا ہے۔“ نتیجتاً، یہ جاننے کیلئے کہ ورثے میں کیا کچھ شامل ہے اور وہ اُسے کیسے حاصل کر سکتے ہیں، بہتیرے لوگوں نے کمازکم ۳۰ ڈالر کی فیس ادا کی۔ افسوس کی بات ہے کہ اُنہیں مایوس ہونا پڑا۔ چونکہ سب کو ایک ہی جیسا خط ملا تھا اِسلئے ورثہ حاصل کرنے کا امکان بہت ہی کم تھا۔
ایسے دغاباز لوگ دوسروں کی فطری خواہش کا ناجائز فائدہ اُٹھاتے ہیں کیونکہ ہر کوئی ورثہ پانے کے خواب دیکھتا ہے۔ تاہم جو لوگ میراث چھوڑ جاتے ہیں بائبل اُنکی حمایت میں بیان کرتی ہے: ”نیک آدمی اپنے پوتوں کیلئے میراث چھوڑتا ہے۔“ (امثال ۱۳:۲۲) درحقیقت یسوع مسیح نے بھی اپنے پہاڑی واعظ میں ورثے کے سلسلے میں کہا تھا کہ ”مبارک ہیں وہ جو حلیم ہیں کیونکہ وہ زمین کے وارث ہونگے۔“—متی ۵:۵۔
یسوع کے یہ الفاظ ہمیں بادشاہ داؤد کے اِن الفاظ کی یاد دلاتے ہیں: ”حلیم زمین کے وارث ہوں گے اور سلامتی کی فراوانی سے لذت حاصل کریں گے۔“—زبور ۳۶ (۳۷) :۱۱، کیتھولک ورشن۔
مستقبل میں ”حلیم زمین کے وارث ہونگے۔“ یہ کتنا شاندار وعدہ ہے۔ لیکن بہتیرے لوگ اس وعدے پر شک کرتے ہیں۔ تو پھر کیا واقعی اس پر یقین کِیا جا سکتا ہے؟ جیہاں۔ کیونکہ یہوواہ خدا اِس زمین کا خالق اور مالک ہے اسلئے اُسے پورا حق حاصل ہے کہ جسے چاہے اُسے زمین میراث میں دے سکتا ہے۔ یہوواہ خدا نے یسوع مسیح سے یہ وعدہ کِیا: ”مجھ سے مانگ اور مَیں قوموں کو تیری میراث کیلئے اور زمین کے انتہائی حصے تیری ملکیت کیلئے تجھے بخشونگا۔“ (زبور ۲:۸) اِسلئے پولس رسول نے یسوع کے بارے میں کہا کہ وہ ’سب چیزوں کا وارث ٹھہرایا گیا ہے۔‘ (عبرانیوں ۱:۲) لہٰذا ہم پورا بھروسا رکھ سکتے ہیں کہ جب یسوع نے یہ کہا کہ حلیم ”زمین کے وارث ہونگے“ تو وہ اپنے اِس وعدے کو پورا کرنے کی خواہش اور اختیار بھی رکھتا ہے۔—متی ۲۸:۱۸۔
سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ وعدہ کیسے پورا ہوگا؟ آج ہم جہاں کہیں بھی نظر دوڑاتے ہیں ایسا لگتا ہے کہ متشدد اور مغرور لوگ ہی کامیاب ہو رہے ہیں۔ اِس کے علاوہ، زمین کو آلودہ اور تباہ کِیا جا رہا ہے اور لالچی لوگ قدرتی وسائل کو اپنے نفع کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔ کیا یہ زمین ایک ایسا ورثہ ہے جسے پا کر ہم واقعی لطف حاصل کر سکیں گے؟ اِس اہم سوال کا جواب حاصل کرنے کے لئے مہربانی سے اگلا مضمون پڑھیں۔
[صفحہ ۳ پر تصویر]
کیا آپکو واقعی میراث ملیگی؟