کیا آپ خوف سے آزاد دُنیا کے آرزومند ہیں؟
کیا آپ خوف سے آزاد دُنیا کے آرزومند ہیں؟
”مصیبت کی ماری دُنیا میں ہمیشہ خطرے میں رہنے سے لوگ خود کو بیکس محسوس کرتے ہیں کیونکہ دُنیا کی خطرناک حالتیں کسی بھی آگاہی کے بغیر کسی بھی وقت، کسی بھی صورت میں ہمیں نشانہ بنا سکتی ہیں۔“
گذشتہ سال نیوزویک رسالے میں شائع ہونے والے یہ الفاظ اِس مصیبتزدہ دُنیا میں رہنے والے متعدد لوگوں کے احساسات کی عکاسی کرتے ہیں۔ یسوع مسیح نے اِسکی نشاندہی کر دی تھی کہ مستقبل قریب میں ایسے جذبات شدت اختیار کر جائینگے۔ اُس نے ایک ایسے وقت کی بابت پہلے سے بتا دیا تھا کہ زمین پر قوموں کو تکلیف ہوگی کیونکہ ڈر کے مارے اور زمین پر آنے والی بلاؤں کی راہ دیکھتے دیکھتے لوگوں کی جان میں جان نہ رہیگی۔ لیکن یسوع نے یہ بھی بتا دیا تھا کہ ہمیں خوفزدہ یا نااُمید ہونے کی ضرورت نہیں ہے: ”جب یہ باتیں ہونے لگیں تو سیدھے ہو کر سر اُوپر اٹھانا اسلئے کہ تمہاری مخلصی نزدیک ہوگی۔“—لوقا ۲۱:۲۵-۲۸۔
ہمارے پاس مستقبل کی بابت پُراعتماد ہونے کی اچھی وجہ ہے۔ اس مخلصی کے بعد زمین پر اپنے لوگوں کے رہنسہن کی وضاحت کرتے ہوئے یہوواہ خدا نے بیان کِیا: ”میرے لوگ سلامتی کے مکانوں میں اور بےخطر گھروں میں اور آسودگی اور آسایش کے کاشانوں میں رہینگے۔“ (یسعیاہ ۳۲:۱۸) اپنے نبی میکاہ کی معرفت یہوواہ نے فرمایا: ”تب ہر ایک آدمی اپنی تاک اور اپنے انجیر کے درخت کے نیچے بیٹھیگا اور اُنکو کوئی نہ ڈرائیگا۔“—میکاہ ۴:۴۔
جب ہم اِن حالتوں کا موازنہ موجودہ زمانے کی حالتوں سے کرتے ہیں تو ہمیں کتنا فرق نظر آتا ہے۔ کسی انجانے خطرے سے انسان خوفزدہ نہیں رہینگے۔ اُس کے لوگ مصیبت کی ماری دُنیا میں ہمیشہ خطرے میں رہنے سے خود کو بیکس محسوس کرنے کی بجائے کبھی نہ ختم ہونے والے اَمن اور خوشی کا تجربہ کرینگے۔ کیا آپ خدا کی راست نئی دُنیا میں زندگی کی بابت مزید جاننا پسند کرینگے؟ یہوواہ کے گواہ مزید معلومات فراہم کرنے سے خوشی محسوس کرینگے۔