سوالات از قارئین
سوالات از قارئین
مُردوں میں سے زندہ ہونے کے بعد یسوع نے توما کو کیوں اجازت دی کہ وہ اُسے ہاتھ لگاکر دیکھ لے جبکہ اِس سے پہلے اُس نے مریم مگد لینی کو ایسا کرنے سے منع کِیا تھا؟
یہ سچ ہے کہ بائبل کے بعض پُرانے ترجمے یہ تاثر دیتے ہیں کہ یسوع نے مریم مگدلینی سے یہ کہا تھا کہ مجھے نہ چُھو۔ مثال کے طور پر، کنگ جیمز ورشن یسوع کے الفاظ کو یوں بیان کرتی ہے: مجھے نہ چُھو کیونکہ مَیں اب تک باپ کے پاس اُوپر نہیں گیا۔“ (یوحنا ۲۰:۱۷) تاہم، اصل یونانی فعل جسکا ترجمہ بعضاوقات ”چُھو“ کِیا گیا ہے اُسکا مطلب ”ہاتھ لگانا، پکڑ لینا، گرفت میں لینا“ ہے۔ معقول طور پر، یسوع مریم مگدلینی کو محض چُھونے سے منع نہیں کر رہا تھا کیونکہ اُس نے قبر پر موجود دوسری عورتوں کو ’اپنے قدم پکڑنے“ کی اجازت دی تھی۔“—متی ۲۸:۹۔
بہت سے جدید ترجمے، جیسےکہ نیو ورلڈ ٹرانسلیشن آف دی ہولی سکرپچرز، دی نیو جیروضلیم بائبل اور دی نیو انگلش بائبل یسوع کے الفاظ کے اصل مطلب کو سمجھنے میں مدد دینے کیلئے یوں بیان کرتے ہیں: ’مجھے پکڑ کر کھڑی نہ رہ۔‘ یسوع یہ بات مریم مگدلینی سے کیوں کہیگا جوکہ اُسکے قریبی رفیقوں میں سے تھی؟—لوقا ۸:۱-۳۔
غالباً مریم مگدلینی اِس بات سے پریشان تھی کہ تھوڑی دیر میں یسوع زمین کو چھوڑ کر آسمان پر چلا جائیگا۔ یسوع کیساتھ رہنے کی شدید خواہش سے تحریک پاکر وہ یسوع کو مضبوطی سے پکڑنا چاہتی تھی تاکہ وہ جانے نہ پائے۔ یسوع نے مریم کو یہ یقین دلانے کیلئے کہ وہ اُسے چھوڑ کر اتنی جلدی نہیں جا رہا تھا، اُس نے مریم سے کہا کہ میرے پاس کھڑی نہ رہ بلکہ میرے شاگردوں کے پاس جاکر اُنہیں میرے جی اُٹھنے کی خبر دوں۔—یوحنا ۲۰:۱۷۔
یسوع اور توما کے درمیان باتچیت فرق نوعیت کی تھی۔ ایک مرتبہ جب یسوع اپنے شاگردوں پر ظاہر ہوا تو توما وہاں موجود نہیں تھا۔ اِسکے بعد توما نے یسوع کے مُردوں میں سے جی اُٹھنے کے سلسلے میں شک کا اظہار کِیا۔ اُس نے واضح طور پر کہہ دیا تھا کہ وہ جبتک یسوع کے ہاتھوں میں کیلوں کے زخم اور پسلی میں بھالے سے لگنے والے زخم کو انگلی ڈال کر نہ دیکھ لے یقین نہیں کریگا۔ آٹھ دن بعد یسوع پھر شاگردوں پر ظاہر ہوا۔ اِس بار توما بھی موجود تھا چنانچہ یسوع نے اُسے اِس بات کی اجازت دی کہ اُسے چُھو لے۔—یوحنا ۲۰:۲۴-۲۷۔
پس مریم مگدلینی کے معاملے میں یسوع ایک نامناسب خواہش کی بات کر رہا تھا جو اُسکے زمین چھوڑنے کی راہ میں رکاوٹ تھی۔ توما کے معاملے میں یسوع ایک شخص کی شکوک دُور کرنے میں مدد کر رہا تھا۔ دونوں معاملات میں یسوع کا ردعمل درست تھا۔