مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

ایک خاص طریقے سے کامیابی حاصل کرنا

ایک خاص طریقے سے کامیابی حاصل کرنا

ایک خاص طریقے سے کامیابی حاصل کرنا

کیا آپکو اپنے ایمان کی وجہ سے ملازمت کی جگہ،‏ سکول،‏ خاندان میں یا پھر حکومت کی عائدکردہ پابندیوں کی وجہ سے مخالفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے؟‏ لیکن بےدل نہ ہوں۔‏ یہوواہ کے بہت سے گواہوں کو ایسی ہی آزمائشوں کا سامنا رہا ہے لیکن وہ ان میں کامیاب رہے ہیں۔‏ ارنا لیوڈولف کی مثال پر غور کریں۔‏

ارنا جرمنی کے شہر لوبیک میں ۱۹۰۸ میں پیدا ہوئی۔‏ اپنے خاندان میں صرف وہی یہوواہ کی گواہ تھی۔‏ سن ۱۹۳۳ میں ہٹلر کی حکومت کے برسرِاقتدار آنے پر یہوواہ کے گواہوں کو بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔‏ ارنا کیساتھ ملازمت کرنے والے اُس پر تنقید کرنے لگے کیونکہ اُس نے ہٹلر کو سلامی دینے سے انکار کر دیا تھا اور اس وجہ سے نازیوں نے اُسے گرفتار کر لیا۔‏ اُس نے آٹھ سال مختلف جیلوں اور نازی کیمپوں ہمبرگ-‏فوُس‌بیوٹل،‏ موُرین‌جن،‏ لک‌ٹن‌برگ اور ریونزبروک میں اذیت برداشت کی۔‏ جب ارنا ریونزبروک کیمپ میں تھی تو کچھ ایسا واقع ہوا جسکی وجہ سے اسے اپنے مخالفین پر فتح حاصل ہوئی۔‏

ایک منفرد ملازمہ

پروفیسر فریڈرک ہولٹس اور اُسکی بیوی ایلس برلن میں رہتے تھے۔‏ وہ نہ تو نازی پارٹی کے رکن تھے اور نہ ہی اُسکے نظریات کی حمایت کرتے تھے۔‏ تاہم اُنکا تعلق وہاں کے ایک بڑے ایس‌ایس آفیسر سے تھا جوکہ مختلف نازی کیمپوں میں رہنے والے قیدیوں کا انچارج تھا۔‏ اسلئے جب پروفیسر اور اُسکی بیوی ملازمہ کی تلاش میں تھے تو اُس ایس‌ایس آفیسر نے اُنہیں بتایا کہ وہ ایک قیدی عورت کو ملازمہ رکھ سکتے ہیں۔‏ لہٰذا،‏ مارچ ۱۹۴۳ میں ایلس گھر کی ملازمہ کا انتخاب کرنے کیلئے ریونزبروک گئی۔‏ آپکے خیال میں اُس نے کس کا انتخاب کِیا ہوگا؟‏ اُس نے ہماری بہن ارنا لیوڈولف کو اپنے گھر ملازمہ رکھنے کا انتخاب کِیا۔‏ اسطرح ارنا پروفیسر کے خاندان کیساتھ رہنے لگی جنہوں نے اُسکے ساتھ بہت اچھا سلوک کِیا۔‏ جنگ ختم ہونے کے بعد،‏ وہ اِسی خاندان کیساتھ دریا کے قریب واقع ہالے شہر منتقل ہوگئی۔‏ وہاں ایک بار پھر ارنا کو مغربی جرمنی کے سوشلسٹ اداروں کی طرف سے مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔‏ سن ۱۹۵۷ میں،‏ پروفیسر فریڈرک کے خاندان کو زبردستی مغربی جرمنی بھیج دیا گیا اور ارنا کو بھی اُنکے ساتھ ہی منتقل ہونا پڑا۔‏ آخرکار ارنا اپنے ایمان کا عملی مظاہرہ کرنے کیلئے آزاد تھی۔‏

مگر ارنا نے کس خاص طریقے سے کامیابی حاصل کی؟‏ ارنا کے نیک چال‌چلن اور مہارت سے بائبل کے پیغام کی منادی کرنے کی وجہ سے ایلس ہولٹس اور اُس کے پانچ بچے یہوواہ کے بپتسمہ‌یافتہ گواہ بن گئے۔‏ اسکے علاوہ،‏ ایلس کے ۱۱ پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں گواہ ہیں۔‏ اِس وقت ان میں سے دو جرمنی سیلٹرز میں یہوواہ کے گواہوں کے برانچ آفس میں خدمت کر رہے ہیں۔‏ ایلس کی ایک بیٹی سوسانے کہتی ہے کہ ”‏ہمارے خاندان کے سچائی میں آنے کی سب سے بڑی وجہ ارنا کا عمدہ نمونہ ہے۔‏ ارنا کا صبر بہت زیادہ برکات پر منتج ہوا۔‏ مگر آپکے بارے میں کیا ہے؟‏ واقعی مشکل حالات کے تحت آپکا وفاداری سے برداشت کرنا بھی ایسے ہی شاندار نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔‏ جی‌ہاں،‏ نیک چال‌چلن اور مہارت کیساتھ منادی کرنا آپکو بھی خاص طریقے سے کامیابی حاصل کرنے میں مدد دیگا۔‏ *

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 6 جب اس مضمون کو ترتیب دیا جا رہا تھا تو ارنا لیوڈولف ۹۶ سال کی عمر میں وفات پا گئی۔‏ وہ اپنی موت تک وفادار رہی۔‏

‏[‏صفحہ ۳۱ پر تصویر]‏

ارنا لیوڈولف (‏بیٹھی ہوئی)‏ ہالز خاندان کے ارکان کیساتھ