مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

ذہنی سکون کی تلاش

ذہنی سکون کی تلاش

ذہنی سکون کی تلاش

البرٹ کی خاندانی زندگی بڑی اچھی گزر رہی تھی۔‏ پھربھی اسکی زندگی میں کسی چیز کی کمی تھی۔‏ وہ اچھی ملازمت کی تلاش میں تھا۔‏ اسی دوران وہ سیاسی کاموں میں حصہ لینے لگا۔‏ یہانتک کہ وہ کمیونسٹ پارٹی کا سرگرم رُکن بن گیا۔‏

جلد ہی وہ ان سرگرمیوں سے بیدل ہو گیا۔‏ اس نے اپنے تمام سیاسی تعلقات ختم کر دئے اور زیادہ‌تر وقت اپنے خاندان کیساتھ گزارنے لگا۔‏ خاندان کی خوشی ہی اُسکی زندگی کا مقصد بن گئی۔‏ اسکے باوجود،‏ وہ ذہنی سکون حاصل نہ کر سکا۔‏

البرٹ کی کہانی ہر گھر کی کہانی لگتی ہے۔‏ لاکھوں لوگوں نے زندگی کا مقصد اور خوشی حاصل کرنے کیلئے مختلف نظریات کو آزمایا ہے۔‏ اس سلسلے میں اُنہوں نے مذہب بھی تبدیل کرکے دیکھے ہیں۔‏ سن ۱۹۶۰ میں یورپ میں سکون کی تلاش کیلئے ایک تحریک بھی چلی۔‏ اسکا نام ہپی موومنٹ تھا۔‏ اس تحریک میں زیادہ‌تر نوجوان شامل تھے اُنہوں نے اپنے بال بڑھا لئے اور بےڈھنگے لباس پہننا شروع کر دئے۔‏ وہ خوشی حاصل کرنے کیلئے نشے کا سہارا لینے لگے۔‏ بعض تو بداخلاقی میں بھی پڑ گئے۔‏ اس تحریک میں شامل نوجوانوں نے اپنے گرو اور اُستادوں کے نظریات پر عمل کرنے سے بھی خوشی اور زندگی کا مقصد حاصل کرنے کی کوشش کی۔‏ تاہم ہپی موومنٹ خوشی نہ لا سکی۔‏ اس سے معاشرے کا اخلاقی معیار اَور بھی بگڑ گیا۔‏

صدیوں سے انسانوں نے دولت،‏ اختیار اور اعلیٰ تعلیم کے ذریعے خوشی حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔‏ لیکن ان تمام چیزوں نے انہیں مایوس کِیا ہے۔‏ یسوع مسیح نے کہا:‏ ”‏کسی کی زندگی اُسکے مال کی کثرت پر موقوف نہیں۔‏“‏ (‏لوقا ۱۲:‏۱۵‏)‏ دولت کی ہوس سُکھ کی بجائے دُکھ لاتی ہے۔‏ بائبل بیان کرتی ہے:‏ ”‏جو دولتمند ہونا چاہتے ہیں وہ ایسی آزمایش اور پھندے اور بہت سی بیہودہ اور نقصان پہنچانے والی خواہشوں میں پھنستے ہیں جو آدمیوں کو تباہی اور ہلاکت کے دریا میں غرق کر دیتی ہیں۔‏ کیونکہ زر کی دوستی ہر قسم کی بُرائی کی جڑ ہے جسکی آرزو میں بعض نے .‏ .‏ .‏ اپنے دلوں کو طرح طرح کے غموں سے چھلنی کر لیا۔‏“‏—‏۱-‏تیمتھیس ۶:‏۹،‏ ۱۰‏۔‏

جیساکہ اُوپر بیان کِیا گیا ہے انسانوں نے مختلف طریقوں سے ذہنی سکون حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔‏ لیکن وہ ناکام رہے ہیں۔‏ جی‌ہاں،‏ ایسی تمام کوششیں اندھیرے میں تیر چلانے کی مانند رہی ہیں۔‏ توپھر ہم ذہنی سکون اور زندگی کا مقصد کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟‏ درحقیقت،‏ اسکا تعلق انسان کی ایک اہم ضرورت کو پورا کرنے سے ہے جسکے لئے ہم اگلے مضمون کو دیکھ سکتے ہیں۔‏

‏[‏صفحہ ۳ پر تصویر]‏

کیا ہم دولت،‏ اختیار اور اعلیٰ تعلیم کے ذریعے ذہنی سکون حاصل کر سکتے ہیں؟‏