اپنے جذبات کے سائے سے نکلیں
اپنے جذبات کے سائے سے نکلیں
کیا آپ پر افسردگی کا سایہ چھایا رہتا ہے؟ کیا آپ آسانی سے غصے یا مایوسی کا شکار ہو جاتے ہیں؟ کیا آپ پریشانیوں کے نیچے دبے جا رہے ہیں؟ توپھر آپکو کہاں سے مدد مل سکتی ہے؟
جذبات انسانی فطرت کا ایک حصہ ہیں۔ اگر ہم اپنے جذبات کو قابو میں رکھتے ہیں تو زندگی کا لطف بڑھتا ہے۔ البتہ خدا کا کلام ہمیں بتاتا ہے کہ ”ظلم دانشور آدمی کو دیوانہ بنا دیتا ہے۔“ (واعظ ۷:۷) اس دُنیا میں ظلم اور حادثے عام ہو گئے ہیں اسلئے حیرانی کی بات نہیں کہ بہت لوگ افسردگی اور پریشانی کا شکار ہو رہے ہیں۔ صحیفوں میں یہ بھی لکھا ہے کہ ”اس سے کچھ اچھا نہیں کہ انسان اپنے کاموں میں خوش رہے۔“ (واعظ ۳:۲۲، کیتھولک ورشن) زندگی میں خوشی حاصل کرنے کیلئے ہمیں کونسے قدم اُٹھانے چاہئیں؟
کبھیکبھار ہم ایک ایسی حالت کی وجہ سے پریشان ہوتے ہیں جسکو ہم بدل نہیں سکتے۔ من پر دباؤ ڈالنے سے بہتر ہے کہ ہم اپنے معمول میں تبدیلی لائیں۔ سیر کرنے سے، موسیقی سننے سے، ورزش کرنے سے یا کسی کی مدد کرنے سے ہمیں ایک حد تک سکون اور خوشی مل سکتی ہے۔—اعمال ۲۰:۳۵۔
افسردگی کو دُور کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم اپنے خالق پر بھروسہ رکھیں۔ اگر ہم خود کو افسردگی میں ڈوبتے محسوس کر رہے ہیں تو ہمیں دُعا کے ذریعے ’ساری فکر خدا پر ڈالنی چاہئے۔‘ (۱-پطرس ۵:۶، ۷) خدا کا کلام ہمیں بتاتا ہے کہ ”[یہوواہ] شکستہ دلوں کے نزدیک ہے۔ . . . صادق کی مصیبتیں بہت ہیں لیکن [یہوواہ] اُسکو اُن سب سے رہائی بخشتا ہے۔“ (زبور ۳۴:۱۸، ۱۹) خدا ہمارا ”مددگار اور چھڑانے والا“ بنے گا۔ (زبور ۴۰:۱۷) ہم اس بات پر اپنے یقین کو کیسے مضبوط بنا سکتے ہیں؟ خدا کے کلام کا مطالعہ کرنے سے اور اِس میں پائے جانے والی ایسی مثالوں پر غور کرنے سے جن میں خدا نے اپنے خادموں کو تسلی دی تھی۔