مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

دُنیابھر میں یہوواہ کی سچی عبادت

دُنیابھر میں یہوواہ کی سچی عبادت

‏”‏میری کمک خداوند سے ہے“‏

دُنیابھر میں یہوواہ کی سچی عبادت

خدا کے کلام میں درج پیشینگوئیوں کے مطابق ہمارے زمانے میں ہر قوم کے لوگ اُسکی عبادت کرنے کیلئے اکٹھے ہوں گے۔‏ مثال کے طور پر حجی نبی کے ذریعے یہوواہ خدا نے کہا تھا:‏ ”‏مَیں سب قوموں کو ہلا دوں گا اور اُنکی مرغوب چیزیں آئیں گی اور مَیں اِس گھر کو جلال سے معمور کروں گا۔‏“‏ (‏حجی ۲:‏۷‏)‏ یسعیاہ نبی اور میکاہ نبی نے بھی پیشینگوئی کی تھی کہ ”‏آخری دنوں میں“‏ یعنی ہمارے زمانے میں مختلف قوموں کے لوگ یہوواہ خدا کی عبادت کریں گے۔‏—‏یسعیاہ ۲:‏۲-‏۴؛‏ میکاہ ۴:‏۱-‏۴‏۔‏

کیا آج یہ پیشینگوئیاں واقعی پوری ہو رہی ہیں؟‏ آیئے ہم کچھ حقائق پر نظر ڈالتے ہیں۔‏ پچھلے دس سالوں میں ۲۳۰ ممالک میں تقریباً ۳۱ لاکھ افراد نے بپتسمہ لے کر یہوواہ خدا کی خدمت شروع کر دی۔‏ یہ بات قابلِ‌غور ہے کہ یہوواہ کے گواہوں کی کُل‌تعداد میں سے ۶۰ فیصد نے پچھلے دس سالوں میں ہی بپتسمہ لیا ہے۔‏ سن ۲۰۰۴ کے دوران ۸۴۵،‏۵۸،‏۲ لوگوں نے بپتسمہ لیا۔‏ اسکا مطلب ہے کہ اگر لگاتار انہیں بپتسمہ دیا جاتا تو ہر دو منٹ کے بعد ایک شخص بپتسمہ لیتا۔‏ *

پہلی صدی کی طرح آج بھی ’‏بہت سے لوگ ایمان لا کر خداوند کی طرف رجوع لائے ہیں۔‏‘‏ البتہ لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہونے سے ہی خدا کی برکت کا ثبوت نہیں ملتا۔‏ لیکن اِس سے یہ ضرور ظاہر ہوتا ہے کہ ”‏[‏یہوواہ]‏ کا ہاتھ“‏ اُسکے بندوں پر ہے۔‏ (‏اعمال ۱۱:‏۲۱‏)‏ کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ کروڑوں کی تعداد میں لوگوں نے یہوواہ کی عبادت کیوں شروع کر دی ہے؟‏ اِس میں آپکا کیا حصہ ہے؟‏

روحانی ضروریات کا ہوش

یسوع نے کہا تھا:‏ ”‏کوئی میرے پاس نہیں آ سکتا جب تک باپ جس نے مجھے بھیجا ہے اسے کھینچ نہ لے۔‏“‏ (‏یوحنا ۶:‏۴۴‏)‏ جی‌ہاں،‏ یہوواہ خدا ہی اُن لوگوں کو اپنی طرف کھینچ لاتا ہے جو ’‏ہمیشہ کی زندگی کیلئے مقرر کئے گئے ہیں۔‏‘‏ (‏اعمال ۱۳:‏۴۸‏)‏ خدا کی پاک روح لوگوں کو اُنکی روحانی ضروریات کا ہوش دِلاتی ہے۔‏ (‏اعمال ۱۶:‏۱۴‏)‏ لیکن بعض لوگ خدا کے بارے میں سیکھنے اور اُسکے قریب جانے کی خواہش کیوں محسوس کرنے لگتے ہیں؟‏ ہو سکتا ہے کہ وہ کسی نہ کسی وجہ سے بہت افسردہ ہیں یا اُنکا ضمیر اُنہیں کسی بات پر ٹوکنے لگتا ہے۔‏ یا شاید کوئی آفت آتی ہے اور وہ خدا کی کھوج میں لگ جاتے ہیں۔‏ جب ایسے لوگ خدا کے بارے میں سیکھنے لگتے ہیں تو وہ انسانوں کیلئے خدا کے مقصد کو جان کر اُمید باندھتے ہیں۔‏—‏مرقس ۷:‏۲۶-‏۳۰؛‏ لوقا ۱۹:‏۲-‏۱۰‏۔‏

بہتیرے لوگ یہوواہ خدا کی عبادت کرنے کی خواہش رکھتے ہیں کیونکہ وہ مسیحی کلیسیا اور خدا کے کلام کے ذریعے اُن سوالوں کے جواب پاتے ہیں جو اُنکو پریشان کِیا کرتے تھے۔‏ اس سلسلے میں چند مثالوں پر غور کریں۔‏

اٹلی میں رہنے والے ڈاوید کو یہ سوال ستایا کرتا تھا کہ ”‏اگر خدا واقعی موجود ہے توپھر لوگ ناانصافیوں کا شکار کیوں ہیں؟‏“‏ وہ منشیات فروخت کرتا تھا اور مذہب میں زیادہ دلچسپی نہیں لیتا تھا۔‏ اِسکے باوجود جب یہوواہ کے گواہ ڈاوید سے ملنے کیلئے آئے تو اُس نے اُن سے یہ سوال پوچھا کیونکہ وہ اُن سے بحث کرنا چاہتا تھا۔‏ وہ کہتا ہے:‏ ”‏مَیں سوچتا تھا کہ میرے اِس سوال کا جواب کوئی نہیں دے سکتا۔‏ لیکن جس یہوواہ کے گواہ نے مجھ سے بات‌چیت کی،‏ اُس نے میرے سوال کا جواب دیتے ہوئے خدا کا کلام استعمال کِیا۔‏ اِسکا مجھ پر گہرا اثر پڑا۔‏“‏ اِسکے بعد ڈاوید نے اپنی زندگی کو سیدھے راستے پر لا کر یہوواہ خدا کی عبادت کرنا شروع کر دی۔‏

دوسرے لوگ اپنی زندگی کا مقصد جاننے کیلئے خدا کی تنظیم کیساتھ میل‌جول رکھنے لگتے ہیں۔‏ ملک کروشیا کی ایک ماہرِنفسیات کو کچھ جذباتی مسائل کا سامنا تھا۔‏ وہ اپنا علاج کروانے کیلئے ایک مشہور ساتھی ماہرِنفسیات کے پاس گئی۔‏ جب اس ڈاکٹر نے اُسے یہوواہ کے گواہوں کے برانچ دفتر کا فون نمبر دیا تو وہ بہت حیران ہوئی۔‏ ڈاکٹر نے اُس سے کہا:‏ ”‏دیکھیں،‏ مَیں جانتا ہوں کہ یہ لوگ آپکی مدد کر سکتے ہیں۔‏ اگر مَیں آپکو چرچ جانے کو کہوں تو وہاں آپکو اندھیرے اور خاموشی کے سوا اَور کچھ نہیں ملے گا۔‏ میرے خیال میں چرچ آپکی مدد نہیں کر سکے گا۔‏ مَیں نے کئی مریضوں کو یہوواہ کے گواہوں سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا ہے اور میرے خیال میں یہ آپکے لئے بھی سب سے اچھی بات ہوگی۔‏“‏ اِسکے بعد اِس عورت نے یہوواہ کے گواہوں کیساتھ خدا کے کلام کا مطالعہ کرنا شروع کر دیا۔‏ وہ خوش ہو کر کہتی ہے کہ خدا کے بارے میں علم حاصل کرنے سے میری زندگی بامقصد ہو گئی ہے۔‏—‏واعظ ۱۲:‏۱۳‏۔‏

کئی لوگوں کو ایک آفت کا سامنا کرتے وقت خدا کے کلام میں سے بہت تسلی ملی ہے۔‏ ملک یونان میں ایک سات سالہ لڑکا سکول کی چھت سے گِر کر مر گیا۔‏ اسکے کچھ مہینے بعد اِس بچے کی ماں کی ملاقات دو یہوواہ کی گواہوں سے ہوئی۔‏ اِن گواہوں نے اُسے خدا کے کلام میں سے دکھایا کہ مستقبل میں مُردے زندہ کِیا جائیں گے۔‏ (‏یوحنا ۵:‏۲۸،‏ ۲۹‏)‏ یہ سُن کر وہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔‏ اُن دونوں گواہوں نے کہا:‏ ”‏ہم آپکو خدا کے کلام سے اَور بھی بہت سی باتیں دکھانا چاہتے ہیں۔‏ ہم دوبارہ کب مل سکتے ہیں؟‏“‏ یہ سُن کر اُس ماں نے کہا:‏ ”‏آپ مجھے فوراً بتائیے۔‏“‏ اُن دو گواہوں نے اُسی وقت اُسکے ساتھ خدا کے کلام کا مطالعہ کرنا شروع کر دیا۔‏ آج پورا خاندان یہوواہ خدا کی عبادت میں اُسکا ساتھ دے رہا ہے۔‏

جوش سے حصہ لیں

ایسے واقعات دُنیابھر میں ہو رہے ہیں۔‏ یہوواہ خدا ہر قوم کے لوگوں کو سچی عبادت کی طرف کھینچ رہا ہے۔‏ یہ لوگ اِس شریر دُنیا کے خاتمے کے بعد نئی دُنیا میں ایک شاندار مستقبل کا لطف اُٹھائیں گے۔‏—‏۲-‏پطرس ۳:‏۱۳‏۔‏

یہوواہ کی برکت سے بادشاہی کی منادی کا کام اپنے انجام تک پہنچے گا۔‏ (‏یسعیاہ ۵۵:‏۱۰،‏ ۱۱؛‏ متی ۲۴:‏۳،‏ ۱۴‏)‏ کیا آپ پورے جوش سے اس کام میں حصہ لے رہے ہیں؟‏ اگر آپ ایسا کر رہے ہیں تو آپ زبورنویس کے اِن الفاظ پر پورا بھروسہ رکھ سکتے ہیں:‏ ”‏میری مدد [‏یہوواہ]‏ سے ہے۔‏“‏—‏زبور ۱۲۱:‏۲‏،‏ کیتھولک ورشن۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 4 یہوواہ کے گواہوں کا کیلنڈر ۲۰۰۵ ماہ ستمبر/‏اکتوبر دیکھیں۔‏

‏[‏صفحہ ۹ پر عبارت]‏

‏”‏کوئی میرے پاس نہیں آ سکتا جب تک باپ جس نے مجھے بھیجا ہے اسے کھینچ نہ لے۔‏“‏—‏یوحنا ۶:‏۴۴

‏[‏صفحہ ۸ پر بکس]‏

بڑھاتا کون ہے؟‏

‏”‏اگر [‏یہوواہ]‏ ہی گھر نہ بنائے تو بنانے والوں کی محنت عبث ہے۔‏“‏—‏زبور ۱۲۷:‏۱‏۔‏

‏”‏نہ لگانے والا کچھ چیز ہے نہ پانی دینے والا مگر خدا جو بڑھانے والا ہے۔‏“‏—‏۱-‏کرنتھیوں ۳:‏۶،‏ ۷‏۔‏