مجھے کونسی تعلیم حاصل کرنی چاہئے؟
مجھے کونسی تعلیم حاصل کرنی چاہئے؟
کیا آپکو کبھی ایسا لگتا ہے جیسے آپ پر مسئلوں کا ایک سیلاب ٹوٹ رہا ہے اور آپ اس میں ڈوبے جا رہے ہیں؟ شاید آپ یہ بھی جانتے ہیں کہ ان مسئلوں سے نپٹنے کیلئے اگر آپ کوئی غلط فیصلہ کر بیٹھیں تو دوسروں کو نقصان اُٹھانا پڑے گا۔ اپنے مسئلوں کے جال سے آزاد ہونے کیلئے ہم سب کبھی نہ کبھی غلط فیصلہ کر بیٹھتے ہیں۔ درست فیصلے کرنے کیلئے ہمیں ایک خاص قسم کی تعلیم کی ضرورت ہے۔ لیکن یہ کس قسم کی تعلیم ہے؟
کئی ماہرین کا کہنا ہے کہ ”اچھی ملازمت تو اُن ہی کو ملتی ہے جو اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہیں۔“ آجکل بہتیرے لوگ اس بات سے متفق ہیں۔ لیکن کیا انسان کے تمام مسئلوں کا حل اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں ہی ہے؟ کیا اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے سے ایک شخص ایک بہتر ماں یا باپ، ایک بہتر بیوی یا شوہر یا پھر ایک بہتر دوست بن جاتا ہے؟ اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ تعلیمیافتہ لوگ اپنی ذہانت پر غرور کرنے لگتے ہیں، اُنکی شادی کامیاب نہیں ہوتی اور کبھیکبھار وہ زندگی سے اتنے بیزار ہو جاتے ہیں کہ وہ خودکُشی کر لیتے ہیں۔
بعض لوگ کہتے ہیں کہ زندگی کی پیچیدگیوں سے نپٹنے کیلئے بہترین راہنمائی ہمیں مذہب ہی سے مل سکتی ہے۔ لیکن اس سلسلے میں بہت سے لوگ مایوس ہوئے ہیں۔ اسکی ایک مثال ملک میکسیکو میں رہنے والی امیلیا * کی ہے۔ وہ بتاتی ہے کہ ”آج سے ۱۵ سال پہلے کی بات ہے کہ مَیں اپنے شوہر سے علیحدہ ہونا چاہتی تھی۔ ہم سارا وقت لڑتےجھگڑتے رہتے۔ دراصل میرا شوہر بہت شراب پیتا تھا۔ مَیں اُسے جتنا روکتی وہ اُتنا ہی اَور پیتا۔ اکثر مجھے اُسکی تلاش میں نکلنا پڑتا تھا جبکہ میرے چھوٹے بچے گھر میں اکیلے رہتے تھے۔ مَیں بہت تھک چکی تھی۔ کئی مرتبہ مَیں یہ سوچ کر چرچ جاتی کہ وہاں مجھے اپنے مسئلوں کا حل ضرور ملے گا۔ لیکن ایسا نہ ہوا۔ پادری کبھیکبھار بائبل میں سے پڑھ کر سناتا لیکن اُس نے مجھے کوئی ایسی صلاح نہیں دی جس سے میری مشکل آسان ہو جاتی۔ چرچ جا کر چند ایک دُعائیں دُہرانے سے مجھے کوئی تسلی نہیں ملی۔“ پھر ایسے بھی لوگ ہیں جو اپنے مذہبی راہنماؤں کی بُری حرکتوں کو دیکھ کر پریشان ہو جاتے ہیں۔ اور وہ مایوس ہو کر سوچنے لگتے ہیں کہ مذہب اُنکو اپنے مسئلوں سے نپٹنے کی راہ نہیں دکھا سکتا۔
شاید آپ بھی خود سے یہ سوال کر رہے ہیں کہ زندگی میں کامیاب ہونے کیلئے مجھے کونسی تعلیم حاصل کرنی چاہئے؟ کیا یسوع مسیح کی تعلیم پر چلنے سے ہم اپنے مسئلوں سے نپٹنے میں کامیاب ہوں گے؟ ان سوالات کا جواب اگلے مضمون میں دیا جائے گا۔
[فٹنوٹ]
^ پیراگراف 4 نام بدل دیا گیا ہے۔