کرسمس اور نئے سال کے تہوار آپکے لئے کیا اہمیت رکھتے ہیں؟
کرسمس اور نئے سال کے تہوار آپکے لئے کیا اہمیت رکھتے ہیں؟
”روسی شہنشاہ پیٹر نے حکم جاری کِیا کہ یکم جنوری کو ملک کے تمام گرجاگھروں میں نئے سال کی خاص تقریب منائی جائے۔ اُس نے یہ بھی حکم دیا کہ لوگ نئے سال کو منانے کیلئے اپنے دروازوں کو سدابہار درختوں کی ٹہنیوں سے سجائیں اور ایک دوسرے کو اُونچی آواز میں ’نیا سال مبارک ہو‘ کہیں۔“—شہنشاہ پیٹر کی زندگی۔
بہتیرے ممالک میں کرسمس اور نئے سال کے دوران لوگوں کو چھٹیاں ہوتی ہیں۔ آپ ان چھٹیوں کو کیسے گزاریں گے؟ کئی خاندانوں کیلئے یہ تہوار رشتہداروں اور عزیزوں سے ملنے کا ایک اچھا موقع ہوتا ہے۔ دراصل کرسمس مسیحی مذہب کا بڑا دن ہے جسے یسوع مسیح کی پیدائش کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ اسلئے ایسے بھی لوگ ہوتے ہیں جو ان تہواروں کو یسوع مسیح کی زندگی کے بارے میں غور کرنے کیلئے وقف کرنا چاہتے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ آپکے خیال میں بھی کرسمس کی چھٹیوں کو مذہبی سوچبچار کیلئے صرف کِیا جانا چاہئے۔
چاہے آپ ان تہواروں کو محض چھٹی منانے کا موقع خیال کریں یا پھر انہیں یسوع مسیح کی یاد میں منائیں سچ تو یہ ہے کہ دُنیابھر کے لوگ بڑی شدت سے ان چھٹیوں کے منتظر ہوتے ہیں۔ اس سال یہ چھٹیاں آپکے لئے کیسی گزریں گی؟ کیا یہ تہوار آپکے خاندان کیلئے خاص ہوں گے؟ خدا ان تہواروں کو کیسے خیال کرتا ہے؟ اگر آپ ان چھٹیوں کو اپنے عزیزوں اور رشتہداروں کیساتھ گزاریں گے تو کیا یہ وقت خوشی خوشی گزرے گا یا پھر اس دوران بدمزگی پیدا ہوگی؟
لوگ اکثر کرسمس اور نئے سال کو مذہبی اہمیت نہیں دیتے۔ وہ جس طریقے سے ان تہواروں کو مناتے ہیں اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ یسوع مسیح کی تعلیم پر عمل نہیں کرتے۔ بہتیرے لوگوں کیلئے یہ تہوار جشن منانے اور تحفے دینے یا پھر عیش اُڑانے کا محض ایک بہانا ہوتے ہیں۔ جب لوگ ایک دوسرے سے ملنے جاتے ہیں تو اکثر ایسی دعوتوں پر وہ حد سے زیادہ کھا یا پی لیتے ہیں جسکی وجہ سے بدمزگی پیدا ہوتی ہے۔ یہاں تک کہ زیادہ شراب پینے کی وجہ سے وہ آپس میں لڑنے بھی لگتے ہیں۔ کیا آپ نے بھی ایسا دیکھا ہے؟
بہت سے لوگوں کو افسوس ہے کہ آجکل کرسمس اور نئے سال کو محض عیش کرنے کا موقع سمجھا جاتا ہے۔ وہ لوگوں کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ ”کرسمس کو یسوع مسیح کی یاد میں مناؤ۔“ کیا لوگ انکی آگاہی پر کان لگانے کو تیار ہیں؟ کیا کرسمس اور نئے سال کو منانے سے ہم واقعی یسوع مسیح کی قدر کر رہے ہوتے ہیں؟ ہمیں ان تہواروں کو کیسے خیال کرنا چاہئے؟
ان سوالوں کے جواب حاصل کرنے کیلئے آئیے ہم دیکھتے ہیں کہ روس کے لوگ ان تہواروں کو کیسے مناتے ہیں۔