مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

آپ کی زندگی میں فرشتوں کا کردار

آپ کی زندگی میں فرشتوں کا کردار

آپ کی زندگی میں فرشتوں کا کردار

دانی‌ایل نبی نے ایک رویا میں لاتعداد فرشتوں کو دیکھا تھا۔‏ اُس نے اِن فرشتوں کے بارے میں لکھا کہ ”‏ہزاروں ہزار [‏خدا کی]‏ خدمت میں حاضر تھے اور لاکھوں لاکھ اُسکے حضور کھڑے تھے۔‏“‏ (‏دانی‌ایل ۷:‏۱۰‏)‏ اِس آیت سے ظاہر ہوتا ہے کہ خدا نے فرشتوں کو اِسلئے خلق کِیا ہے تاکہ وہ اُسکی خدمت میں حاضر رہیں۔‏

خدا اپنے فرشتوں کو انسان کی مدد کرنے کیلئے بھی استعمال کرتا ہے۔‏ اِس مضمون میں ہم دیکھیں گے کہ فرشتے خدا کے بندوں کو سہارا کیسے دیتے ہیں اور اُنکی حفاظت کیسے کرتے ہیں۔‏ ہم یہ بھی دیکھیں گے کہ فرشتے انسانوں تک خدا کے پیغام کیسے پہنچاتے ہیں اور شریر لوگوں پر خدا کا عذاب کیسے نازل کرتے ہیں۔‏

فرشتے سہارا دیتے اور حفاظت کرتے ہیں

جب خدا نے انسان کو خلق کِیا تھا تو فرشتے بھی موجود تھے۔‏ اُس وقت سے لے کر آج تک اُنہوں نے انسانوں میں دلچسپی لی ہے۔‏ زمین پر آنے سے پہلے یسوع مسیح نے بھی انسانوں میں دلچسپی لی تھی۔‏ جب یسوع آسمان پر ایک فرشتے کی حیثیت رکھتا تھا تو اُس نے کہا:‏ ”‏میری خوشنودی بنی‌آدم کی صحبت میں تھی۔‏“‏ (‏امثال ۸:‏۳۱‏)‏ خدا نے اپنے نبیوں کے ذریعے یسوع مسیح کے بارے میں اور مستقبل میں ہونے والے واقعات کے بارے میں تفصیلات ظاہر کی ہیں۔‏ خدا کا کلام ہمیں بتاتا ہے کہ ”‏فرشتے بھی اِن باتوں پر غور سے نظر کرنے کے مشتاق ہیں۔‏“‏—‏۱-‏پطرس ۱:‏۱۱،‏ ۱۲‏۔‏

وقت گزرنے کیساتھ ساتھ فرشتوں نے دیکھا کہ زیادہ‌تر انسانوں نے اپنے خالق کی خدمت کرنے کی بجائے اُس سے منہ پھیر لیا ہے۔‏ یہ دیکھ کر اِن وفادار فرشتوں کو بہت دُکھ پہنچا ہوگا۔‏ اِسکے برعکس خدا کا کلام ہمیں بتاتا ہے کہ جب ایک گنہگار توبہ کر لیتا ہے تو ’‏فرشتوں کو خوشی ہوتی ہے۔‏‘‏ (‏لوقا ۱۵:‏۱۰‏)‏ فرشتے اُن لوگوں کی بھلائی چاہتے ہیں جو خدا کی خدمت کرتے ہیں۔‏ یہوواہ خدا اِن فرشتوں کے ذریعے اپنے لوگوں کو سہارا دیتا ہے اور اُنکی حفاظت بھی کرتا ہے۔‏ (‏عبرانیوں ۱:‏۱۴‏)‏ آئیے ہم اسکی کچھ مثالوں پر غور کرتے ہیں۔‏

سدوم اور عمورہ کے شہریوں کی بدکاری کی وجہ سے خدا اُن کو تباہ کرنے والا تھا۔‏ اس لئے دو فرشتوں نے خدا کے نبی لوط اور اُس کی بیٹیوں کو شہر سے نکلنے میں مدد دی۔‏ * (‏پیدایش ۱۹:‏۱،‏ ۱۵-‏۲۶‏)‏ صدیوں بعد دانی‌ایل نبی کو شیروں کی ماند میں پھینک دیا گیا لیکن اُس کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔‏ یہ کیسے ممکن تھا؟‏ دانی‌ایل بتاتا ہے:‏ ”‏میرے خدا نے اپنے فرشتہ کو بھیجا اور شیروں کے مُنہ بند کر دئے۔‏“‏ (‏دانی‌ایل ۶:‏۲۲‏)‏ جب یسوع زمین پر بادشاہی کی منادی کرنے لگا تو فرشتوں نے اُس کی مدد کی۔‏ (‏مرقس ۱:‏۱۳‏)‏ یسوع کی موت کے کچھ گھنٹے پہلے آسمان سے ایک فرشتے نے اسے ’‏تقویت دی۔‏‘‏ (‏لوقا ۲۲:‏۴۳‏)‏ اپنی زندگی کے سب سے مشکل وقت میں یسوع کو اس فرشتے سے بہت حوصلہ ملا ہوگا۔‏ ایک فرشتے نے پطرس رسول کو قیدخانے سے بھی چھڑایا تھا۔‏—‏اعمال ۱۲:‏۶-‏۱۱‏۔‏

کیا آج بھی فرشتے ہماری حفاظت کرتے ہیں؟‏ اگر ہم خدا کے کلام کے مطابق اُسکی عبادت کرتے ہیں تو فرشتے ہماری حفاظت ضرور کریں گے۔‏ خدا کا کلام ہمیں یقین دلاتا ہے:‏ ”‏[‏یہوواہ]‏ سے ڈرنے والوں کی چاروں طرف اُسکا فرشتہ خیمہ‌زن ہوتا ہے اور اُنکو بچاتا ہے۔‏“‏—‏زبور ۳۴:‏۷‏۔‏

لیکن ہمیں یہ یاد رکھنا چاہئے کہ فرشتے خدا کی خدمت کیلئے ہیں۔‏ (‏زبور ۱۰۳:‏۲۰،‏ ۲۱‏)‏ وہ خدا کی راہنمائی کے مطابق کام کرتے ہیں۔‏ فرشتوں کو انسانوں کی درخواستیں پورا کرنے کیلئے نہیں خلق کِیا گیا۔‏ اِسلئے ہمیں صرف خدا سے مدد کی دُعا مانگنی چاہئے،‏ فرشتوں سے نہیں۔‏ (‏متی ۲۶:‏۵۳‏)‏ چونکہ ہم فرشتوں کو دیکھ نہیں سکتے ہم یہ نہیں جانتے کہ خدا کس حد تک انہیں انسانوں کی مدد کیلئے استعمال کرتا ہے۔‏ لیکن ہم یہ بات ضرور جانتے ہیں کہ یہوواہ خدا ’‏اُنکی امداد میں جنکا دل اُسکی طرف کامل ہے اپنے تیئں قوی دکھاتا ہے۔‏‘‏ (‏۲-‏تواریخ ۱۶:‏۹؛‏ زبور ۹۱:‏۱۱‏)‏ ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ اگر ہم خدا کی ”‏مرضی کے موافق کچھ مانگتے ہیں تو وہ ہماری سنتا ہے۔‏“‏—‏۱-‏یوحنا ۵:‏۱۴‏۔‏

پاک صحائف میں ہمیں بتایا جاتا ہے کہ ہمیں صرف خدا کی عبادت کرنی چاہئے اور صرف اُسی سے دُعا کرنی چاہئے۔‏ (‏خروج ۲۰:‏۳-‏۵؛‏ زبور ۵:‏۱،‏ ۲؛‏ متی ۶:‏۹‏)‏ وفادار فرشتے بھی چاہتے ہیں کہ ہم صرف خدا کی عبادت کریں۔‏ جب یوحنا رسول نے ایک فرشتے کے سامنے سجدہ کرنا چاہا تو فرشتے نے اُسے کہا:‏ ”‏خبردار!‏ ایسا نہ کر .‏ .‏ .‏ خدا ہی کو سجدہ کر۔‏“‏—‏مکاشفہ ۱۹:‏۱۰‏۔‏

فرشتے خدا کا پیغام پہنچاتے ہیں

جن عبرانی اور یونانی الفاظ کا ترجمہ ”‏فرشتہ“‏ سے کِیا گیا ہے اُنکا مطلب ”‏پیغمبر“‏ یعنی پیغام پہنچانے والا ہے۔‏ اسکی کچھ مثالوں پر غور کیجئے۔‏ ”‏جبرائیلؔ فرشتہ خدا کی طرف سے گلیلؔ کے ایک شہر میں جسکا نام ناؔصرۃ تھا .‏ .‏ .‏ بھیجا گیا۔‏“‏ (‏لوقا ۱:‏۲۶-‏۳۱‏)‏ لیکن کیوں؟‏ کیونکہ اُسے مریم نامی ایک کنواری کو بتانا تھا کہ وہ حاملہ ہوگی اور ایک بیٹے کو جنم دے گی۔‏ (‏لوقا ۱:‏۲۶-‏۳۱‏)‏ ایک فرشتے نے چرواہوں کو اطلاع دی کہ ”‏مسیح خداوند“‏ پیدا ہوا ہے۔‏ (‏لوقا ۲:‏۸-‏۱۱‏)‏ اسی طرح فرشتوں نے خدا کے پیغامات ابرہام،‏ موسیٰ اور یسوع کے علاوہ دوسروں کو بھی پہنچائے تھے۔‏—‏پیدایش ۱۸:‏۱-‏۵،‏ ۱۰؛‏ خروج ۳:‏۱،‏ ۲؛‏ لوقا ۲۲:‏۳۹-‏۴۳‏۔‏

خدا آج فرشتوں کو پیغمبر کے طور پر کیسے استعمال کرتا ہے؟‏ غور کیجئے کہ یسوع مسیح نے کہا تھا کہ ”‏بادشاہی کی اِس خوشخبری کی مُنادی تمام دُنیا میں ہوگی تاکہ سب قوموں کیلئے گواہی ہو۔‏ تب خاتمہ ہوگا۔‏“‏ (‏متی ۲۴:‏۳،‏ ۱۴‏)‏ ہر سال یہوواہ کے گواہ خدا کی بادشاہت کی مُنادی میں ایک ارب سے زیادہ گھنٹے صرف کرتے ہیں۔‏ کیا آپ جانتے ہیں کہ اِس کام میں فرشتے بھی حصہ لے رہے ہیں؟‏ یوحنا رسول نے ایک رویا دیکھی جسکے بارے میں اُس نے بتایا:‏ ”‏مَیں نے ایک اَور فرشتہ کو .‏ .‏ .‏ دیکھا جسکے پاس زمین کے رہنے والوں کی ہر قوم اور قبیلہ اور اہلِ‌زبان اور اُمت کے سنانے کیلئے ابدی خوشخبری تھی۔‏“‏ (‏مکاشفہ ۱۴:‏۶،‏ ۷‏)‏ اِس آیت کے مطابق خوشخبری کی مُنادی ہی وہ سب سے اہم کام ہے جس میں فرشتے انسانوں کی مدد کرتے ہیں۔‏

جب یہوواہ کے گواہ تبلیغ کرتے ہوئے گھربہ‌گھر جاتے ہیں تو اکثر اُنہیں فرشتوں کی مدد کا ثبوت ملتا ہے۔‏ مثال کے طور پر وہ ایسے لوگوں سے ملتے ہیں جو کچھ دیر پہلے خدا کے بارے میں سچائی سیکھنے کی دُعا مانگ رہے تھے۔‏ فرشتوں کی مدد سے یہوواہ کے گواہوں کی محنت پھل لا رہی ہے۔‏ ہر سال ہزاروں لوگ اُنکے ساتھ مل کر یہوواہ خدا کی عبادت کرنا شروع کر رہے ہیں۔‏ دُعا ہے کہ آپ بھی فرشتوں کی نگرانی میں کئے ہوئے اس کام سے فائدہ حاصل کریں۔‏

فرشتے خدا کا عذاب نازل کرتے ہیں

اگرچہ خدا نے فرشتوں کو انسانوں کی عدالت کرنے کا اختیار نہیں دیا ہے لیکن قدیم زمانے میں فرشتوں نے خدا کا عذاب نازل کِیا۔‏ (‏یوحنا ۵:‏۲۲؛‏ عبرانیوں ۱۲:‏۲۲،‏ ۲۳‏)‏ مثال کے طور پر جب مصریوں نے اسرائیلوں کو غلام بنا کر رکھا تھا تو یہوواہ خدا نے اُنہیں رِہا کرنے کیلئے اپنے فرشتوں کو بھیجا تھا۔‏ (‏زبور ۷۸:‏۴۹‏)‏ ایک اَور موقعے پر ”‏[‏یہوواہ]‏ کے فرشتہ نے“‏ ایک رات میں بنی‌اسرائیل کے دُشمنوں کے ایک لاکھ پچاسی ہزار سپاہی مار ڈالے۔‏—‏۲-‏سلاطین ۱۹:‏۳۵‏۔‏

مستقبل میں بھی فرشتے یہوواہ خدا کا عذاب نازل کریں گے۔‏ یسوع مسیح ”‏اپنے قوی فرشتوں کیساتھ بھڑکتی ہوئی آگ میں آسمان سے ظاہر ہوگا۔‏ اور جو خدا کو نہیں پہچانتے اور ہمارے خداوند یسوؔع کی خوشخبری کو نہیں مانتے ان سے بدلہ لے گا۔‏“‏ (‏۲-‏تھسلنیکیوں ۱:‏۷،‏ ۸‏)‏ لیکن اُس وقت صرف وہ تباہ ہوں گے جو خدا کی بادشاہی کی خوشخبری کو نظرانداز کرتے ہیں۔‏ ایسے لوگ جو خدا کے کلام پر عمل کرتے ہیں بچے رہیں گے۔‏—‏صفنیاہ ۲:‏۳‏۔‏

ہم کتنے شکرگزار ہیں کہ وفادار فرشتے خدا کے احکام پر عمل کرتے ہیں۔‏ یہوواہ خدا اُنکے ذریعے اپنے بندوں کی مدد اور حفاظت کرتا ہے۔‏ لیکن کچھ ایسے بھی فرشتے ہیں جنہوں نے شیطان کا ساتھ دیا ہے۔‏ وہ ہمیں نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔‏ ہم انکی شناخت کیسے کر سکتے ہیں؟‏

باغی فرشتوں کی شناخت

شیطان،‏ حوا کو باغِ‌عدن میں گمراہ کرنے میں کامیاب رہا تھا۔‏ اگلی ۱۵ صدیوں کے دوران فرشتوں نے دیکھا کہ ہابل،‏ حنوک اور نوح جیسے چند وفادار آدمیوں کے سوا شیطان تقریباً سب انسانوں کو خدا سے دُور کرنے میں کامیاب رہا۔‏ (‏پیدایش ۳:‏۱-‏۷؛‏ عبرانیوں ۱۱:‏۴،‏ ۵،‏ ۷‏)‏ کئی فرشتے بھی بھٹک کر شیطان کا ساتھ دینے لگے۔‏ خدا کے کلام میں اِن باغی فرشتوں کو بدرُوحیں بھی کہا جاتا ہے۔‏ یہ فرشتے ”‏نوؔح کے وقت“‏ سے خدا کے نافرمان بنے۔‏ (‏۱-‏پطرس ۳:‏۱۹،‏ ۲۰‏)‏ اُنکی یہ نافرمانی کیسے ظاہر ہوئی؟‏

نوح کے زمانے میں کئی باغی فرشتوں نے آسمان میں اپنا مقام چھوڑ کر انسانی بدن اختیار کر لیا اور زمین پر آ گئے۔‏ کیوں؟‏ کیونکہ وہ عورتوں کیساتھ جنسی تعلقات قائم کرنا چاہتے تھے۔‏ اِسکے نتیجے میں پیدا ہونے والی اولاد کو ”‏جبار“‏ کہا جاتا تھا کیونکہ وہ بہت ظالم تھے۔‏ اِسکے علاوہ ”‏زمین پر انسان کی بدی بہت بڑھ گئی اور اُسکے دل کے تصور اور خیال سدا بُرے ہی ہوتے۔‏“‏ لیکن یہوواہ خدا نے اِس بدی کو ختم کر ڈالا۔‏ اُس نے ایک طوفان کے ذریعے ہر شریر شخص کو ہلاک کر دیا۔‏ صرف خدا کے وفادار بندے اِس تباہی سے بچے رہے۔‏—‏پیدایش ۶:‏۱-‏۷،‏ ۱۷؛‏ ۷:‏۲۳‏۔‏

طوفان کے وقت باغی فرشتوں نے اپنا انسانی جسم ترک کر دیا اور پھر سے آسمان پر چلے گئے۔‏ اِسطرح یہ بدرُوحیں طوفان میں ہلاک ہونے سے بچ گئیں۔‏ انہوں نے شیطان کا ساتھ دیا جو ’‏بدرُوحوں کا سردار ہے۔‏‘‏ (‏متی ۱۲:‏۲۴-‏۲۷‏)‏ اپنے سردار کی طرح یہ فرشتے بھی اِنسانوں کی عبادت چاہتے ہیں۔‏

یہ بدرُوحیں خطرناک ہیں لیکن ہمیں اُن سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اُن کی طاقت محدود ہے۔‏ جب یہ باغی فرشتے واپس آسمان پر چلے گئے تو اُنہیں وفادار فرشتوں کے ساتھ رہنے کی اجازت نہیں رہی۔‏ خدا نے ان بدرُوحوں کو ترک کر دیا اور اُنہیں روحانی باتوں میں شریک ہونے کی اجازت نہیں دی۔‏ تب سے یہ فرشتے ”‏دائمی قید“‏ میں ہیں یعنی روحانی اندھیرے میں بھٹک رہے ہیں۔‏ اب وہ انسان کا روپ اختیار کرنے کے قابل بھی نہیں رہے۔‏—‏یہوداہ ۶‏۔‏

بدرُوحوں سے حفاظت پائیں

کیا بدرُوحیں آج بھی انسانوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں؟‏ جی‌ہاں۔‏ وہ اپنے سردار شیطان کے ”‏منصوبوں“‏ کے ذریعے ایسا کرتی ہیں۔‏ (‏افسیوں ۶:‏۱۱،‏ ۱۲‏)‏ تاہم خدا کے کلام پر عمل کرنے سے ہم اُنکا مقابلہ کر سکتے ہیں۔‏ اِسکے علاوہ فرشتے ان اشخاص کی حفاظت کرتے ہیں جو خدا سے محبت رکھتے ہیں۔‏

اِس حفاظت کو پانے کیلئے یہ بہت اہم ہے کہ آپ خدا کے کلام کے بارے میں مزید سیکھیں اور اس پر عمل بھی کریں۔‏ ایسا کرنے کیلئے آپ اپنے علاقے میں رہنے والے یہوواہ کے گواہوں سے یا اس رسالے کے ناشرین سے رابطہ کر سکتے ہیں۔‏ یہوواہ کے گواہ خوشی سے آپکے ساتھ خدا کے کلام کا مطالعہ کرنے کو تیار ہیں۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 7 خدا کے کلام میں فرشتے ہمیشہ مرد کہلاتے ہیں۔‏ جب بھی فرشتے انسانوں کو ایک پیغام دینے کیلئے ظاہر ہوئے ہیں،‏ وہ ایک مرد کے روپ میں تھے۔‏

‏[‏صفحہ ۶ پر بکس]‏

طرح طرح کے فرشتے

یہوواہ خدا نے فرشتوں کے لشکروں کو ترتیب دی ہے۔‏

سب سے زیادہ قوت اور اختیار رکھنے والا فرشتہ،‏ میکائیل یعنی یسوع مسیح ہے۔‏ اسے مقرب فرشتہ بھی کہا گیا ہے۔‏ (‏۱-‏تھسلنیکیوں ۴:‏۱۶؛‏ یہوداہ ۹‏)‏ دوسرے فرشتوں کے علاوہ سرافیم اور کروب بھی اُسکے تابع ہیں۔‏

خدا کے نظام میں سرافیم اُونچا مقام رکھتے ہیں۔‏ وہ خدا کے تخت کے اِردگِرد خدمت کرتے ہیں۔‏ وہ اعلان کرتے ہیں کہ خدا قدوس یعنی پاک ہے۔‏ وہ خدا کے بندوں کو روحانی طور پر پاک بھی رکھتے ہیں۔‏—‏یسعیاہ ۶:‏۱-‏۳،‏ ۶،‏ ۷‏۔‏

کروب خدا کے تخت کے پاس کھڑے ہیں۔‏ کروبیوں کو خدا کی حاکمیت کو قائم رکھنے کی ذمہ‌داری سونپی گئی ہے۔‏—‏زبور ۸۰:‏۱؛‏ ۹۹:‏۱؛‏ حزقی‌ایل ۱۰:‏۱،‏ ۲‏۔‏

دوسرے فرشتے خدا کے نمائندوں کے طور پر اُسکے حکموں پر عمل کرتے ہیں۔‏

‏[‏صفحہ ۴ پر تصویر]‏

فرشتے،‏ لوط اور اُسکی بیٹیوں کو شہر سے نکال لائے

‏[‏صفحہ ۵ پر تصویر]‏

جب یوحنا رسول نے ایک فرشتے کو سجدہ کرنا چاہا تو فرشتے نے کہا:‏ ”‏ایسا نہ کر“‏

‏[‏صفحہ ۶ پر تصویر]‏

فرشتے خدا کا عذاب نازل کرتے ہیں

‏[‏صفحہ ۷ پر تصویر]‏

کیا آپ فرشتوں کی نگرانی میں کئے جانے والے منادی کے کام سے فائدہ حاصل کر رہے ہیں؟‏