مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

آپ کے نزدیک کامیابی کا معیار کیا ہے؟‏

آپ کے نزدیک کامیابی کا معیار کیا ہے؟‏

آپ کے نزدیک کامیابی کا معیار کیا ہے؟‏

بعض لوگ جیسی لیورمور کو امریکہ میں سرمایہ‌کاروں کو پیسے کے سلسلے میں لین‌دین کرنے کے متعلق مشورہ دینے کا ماہر خیال کرتے تھے۔‏ وہ کاروباری دُنیا میں مفید فیصلے کرنے والے کے طور پر مشہور تھا۔‏ نتیجتاً،‏ اُس نے بہت زیادہ دولت جمع کر لی۔‏ وہ بہترین لباس پہنتا،‏ امریکہ کی ایک بہت بڑی کمپنی رولز رائس کی تیارکردہ عالیشان کار میں سفر کرتا اور ۲۹ کمروں کے ایک بہت بڑے بنگلے میں رہتا تھا۔‏

ڈیوڈ * بھی ایک کامیاب شخص بننے کی کوشش کر رہا تھا۔‏ وہ ایک بڑی گرافک کمپنی کا وائس پریذیڈنٹ اور جنرل مینیجر ہوتے ہوئے کمپنی کا ڈویژنل پریذیڈنٹ بننے کا اُمیدوار تھا۔‏ دولت اور شہرت اُسے اپنی طرف کھینچ رہی تھی۔‏ تاہم،‏ ڈیوڈ نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کِیا۔‏ اس کے بعد ڈیوڈ نے کہا:‏ ”‏مَیں جانتا ہوں کہ مجھے دوبارہ اتنا بڑا عہدہ نہیں ملے گا۔‏“‏ آپ کے خیال میں کیا ڈیوڈ نے غلط فیصلہ کِیا تھا؟‏

بہتیروں کا خیال ہے کہ کامیابی حاصل کرنے کے لئے دولت،‏ مرتبہ اور شہرت حاصل کرنا ضروری ہے۔‏ تاہم،‏ مالی طور پر خوشحال لوگ بھی اندورنی طور پر کسی چیز کی کمی محسوس کرنے کے ساتھ ساتھ بےمقصد زندگی گزار سکتے ہیں۔‏ مسٹر لیورمور کی صورتحال بھی کچھ ایسی ہی تھی۔‏ اتنی زیادہ دولت ہونے کے باوجود اُس کی زندگی غم سے پُر تھی اور وہ مایوسی کا شکار تھا۔‏ اُس کی ازدواجی زندگی ناکام ہو چکی تھی۔‏ اپنے بیٹوں کے ساتھ بھی اُس کی زیادہ دوستی نہیں تھی۔‏ انجام‌کار،‏ مسٹر لیورمور کی دولت کا بڑا حصہ ختم ہو گیا۔‏ ایک دن وہ ایک بہت بڑے ہوٹل کے شراب‌خانے میں بیٹھا اپنی ناکامیوں پر افسوس کر رہا تھا۔‏ اُس نے پینے کے لئے کچھ منگوایا،‏ اپنی نوٹ‌بُک نکالی اور اپنی بیوی کے نام ایک الوداعی خط لکھا۔‏ اس کے بعد اُس نے ایک نیم تاریک کمرے میں جاکر خودکشی کر لی۔‏

اگرچہ اُس کے خودکشی کرنے کی مختلف وجوہات ہو سکتی ہیں توبھی بائبل کا یہ بیان کتنا سچ ہے:‏ ”‏جو دولتمند ہونا چاہتے ہیں“‏ اُنہوں نے ”‏اپنے دلوں کو طرح طرح کے غموں سے چھلنی کر لیا“‏ ہے۔‏—‏۱-‏تیمتھیس ۶:‏۹،‏ ۱۰‏۔‏

کیا اپنی کامیابی کا اندازہ دولت،‏ مرتبے یا شہرت سے لگانے کی کوشش کرنے والے لوگوں نے غلط معیاروں کا انتخاب کِیا ہے؟‏ کیا آپ خود کو ایک کامیاب شخص سمجھتے ہیں؟‏ کس وجہ سے؟‏ آپ اپنی کامیابی کا اندازہ لگانے کے لئے کونسے معیار استعمال کر رہے ہیں؟‏ کیا چیز کامیابی کی بابت آپ کے نظریے کو متاثر کرتی ہے؟‏ اگلا مضمون ایسی مؤثر مشورت کا جائزہ لیتا ہے جس نے لاکھوں لوگوں کو کامیاب بننے میں مدد دی ہے۔‏ آئیے دیکھیں کہ آپ بھی کیسے کامیاب ہو سکتے ہیں۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 3 فرضی نام استعمال کِیا گیا ہے۔‏