مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

فرشتے انسانوں کی مدد کیسے کرتے ہیں؟‏

فرشتے انسانوں کی مدد کیسے کرتے ہیں؟‏

فرشتے انسانوں کی مدد کیسے کرتے ہیں؟‏

‏”‏اِن باتوں کے بعد مَیں نے ایک اَور فرشتہ کو آسمان پر سے اُترتے دیکھا جسے بڑا اختیار تھا .‏ .‏ .‏ اُس نے بڑی آواز سے چِلا کر کہا کہ گِر پڑا۔‏ بڑا شہر بابل گِر پڑا۔‏“‏—‏مکاشفہ ۱۸:‏۱،‏ ۲‏۔‏

۱،‏ ۲.‏ کیا چیز ظاہر کرتی ہے کہ اپنی مرضی پوری کروانے کے لئے یہوواہ خدا فرشتوں کو استعمال کرتا ہے؟‏

عمررسیدہ رسول یوحنا کو پتمُس کے جزیرے پر قید کے دوران نبوّتی رویتیں دی گئیں۔‏ یہوواہ کی ’‏پاک رُوح‘‏ کے زیرِہدایت اُس نے ”‏خداوند کے دن“‏ کے دوران رُونما ہونے والے ہیجان‌خیز واقعات کا نظارہ کِیا۔‏ خداوند کا دن ۱۹۱۴ میں یسوع مسیح کے بطور بادشاہ اختیار سنبھالنے کے ساتھ شروع ہوتا اور اُس کی ہزار سالہ حکومت کے آخر پر ختم ہوتا ہے۔‏—‏مکاشفہ ۱:‏۱۰‏۔‏

۲ یہوواہ خدا نے یہ مکاشفہ براہِ‌راست یوحنا کو نہیں دیا تھا۔‏ اُس نے ایک سلسلے کو استعمال کِیا تھا۔‏ اس کی بابت مکاشفہ ۱:‏۱ بیان کرتی ہے:‏ ”‏یسوؔع مسیح کا مکاشفہ جو اُسے خدا کی طرف سے اس لئے ہوا کہ اپنے بندوں کو وہ باتیں دکھائے جن کا جلد ہونا ضرور ہے اور اُس نے اپنے فرشتہ کو بھیج کر اُس کی معرفت اُنہیں اپنے بندہ یوؔحنا پر ظاہر کِیا۔‏“‏ یہوواہ خدا نے یسوع مسیح کے وسیلے سے ایک فرشتہ کی معرفت ”‏خداوند کے دن“‏ کے بارے میں شاندار باتوں کا انکشاف کِیا۔‏ ایک وقت ایسا بھی آیا جب یوحنا نے ”‏ایک اَور فرشتہ کو آسمان پر سے اُترتے دیکھا جِسے بڑا اختیار تھا۔‏“‏ اس فرشتے کا کیا کام تھا؟‏ ”‏اُس نے بڑی آواز سے چلّا کر کہا کہ گِر پڑا۔‏ بڑا شہر بابلؔ گِر پڑا۔‏“‏ (‏مکاشفہ ۱۸:‏۱،‏ ۲‏)‏ اس بڑے اختیار والے فرشتہ کو بڑے بابل یعنی جھوٹے مذاہب کے خلاف سزا سنانے کا کام دیا گیا تھا۔‏ پس اس میں کسی قسم کے شک کی گنجائش نہیں کہ یہوواہ خدا اپنی مرضی پوری کروانے کے لئے فرشتوں کو بڑے خاص طریقے سے استعمال کرتا ہے۔‏ اس بات پر غور کرنے سے پہلے کہ فرشتے خدا کے مقصد کو پورا کرنے کے لئے کیا کردار ادا کرتے ہیں اور وہ کیسے ہماری مدد کرتے ہیں آئیے یہ دیکھیں کہ فرشتے کیسے وجود میں آئے۔‏

فرشتے کیسے وجود میں آئے؟‏

۳.‏ بہتیرے لوگ فرشتوں کی بابت کونسا غلط نظریہ رکھتے ہیں؟‏

۳ آجکل لاکھوں لوگ یہ یقین رکھتے ہیں کہ فرشتے موجود ہیں۔‏ لیکن بہتیرے اُن کی ابتدا کی بابت غلط نظریات رکھتے ہیں۔‏ مثال کے طور پر،‏ بعض مذہبی لوگوں کا خیال ہے کہ جب کوئی نیک شخص مرتا ہے تو اُسے آسمان پر اُٹھا لیا جاتا ہے اور وہ وہاں فرشتہ بن جاتا ہے۔‏ لیکن کیا خدا کا کلام بھی فرشتوں کی تخلیق،‏ اُن کی موجودگی اور اُن کے بنائے جانے کے مقصد کی بابت یہی بیان کرتا ہے؟‏

۴.‏ پاک کلام فرشتوں کی ابتدا کی بابت کیا بیان کرتا ہے؟‏

۴ بائبل میں سب سے زیادہ طاقتور اور بااختیار فرشتے کو میکائیل مقرب فرشتہ کا نام دیا گیا ہے جوکہ تمام فرشتوں کا سردار ہے۔‏ (‏یہوداہ ۹‏)‏ دراصل وہ یسوع مسیح ہی ہے۔‏ (‏۱-‏تھسلنیکیوں ۴:‏۱۶‏)‏ کئی صدیاں پہلے جب یہوواہ خدا نے دُنیا کو خلق کرنے کا مقصد ٹھہرایا تو اُس کی سب سے پہلی مخلوق یہی ملکوتی بیٹا تھا۔‏ (‏مکاشفہ ۳:‏۱۴‏)‏ بعدازاں،‏ خدا نے اپنے اس پہلوٹھے بیٹے کے وسیلے سے دیگر روحانی مخلوقات کو خلق کِیا۔‏ (‏کلسیوں ۱:‏۱۵-‏۱۷‏)‏ اپنی اس ملکوتی تخلیق کو بیٹوں کے طور پر متعارف کرواتے ہوئے یہوواہ خدا نے ایوب نبی سے پوچھا:‏ ”‏تُو دانشمند ہے تو بتا۔‏ .‏ .‏ .‏ کس نے اُس کے کونے کا پتھر بٹھایا جب صبح کے ستارے ملکر گاتے تھے اور خدا کے سب بیٹے خوشی سے للکارتے تھے؟‏“‏ (‏ایوب ۳۸:‏۴،‏ ۶،‏ ۷‏)‏ اس سے صاف ظاہر ہے کہ فرشتے خدا کی مخلوق ہیں اور وہ انسانوں سے بہت عرصہ پہلے خلق کئے گئے تھے۔‏

۵.‏ فرشتوں کو کیسے منظم کِیا گیا ہے؟‏

۵ پہلا کرنتھیوں ۱۴:‏۳۳ بیان کرتی ہے:‏ ”‏خدا ابتری کا نہیں بلکہ امن کا بانی ہے۔‏“‏ پس خدا نے اپنے روحانی بیٹوں کو تین بنیادی گروہوں میں منظم کِیا ہے:‏ (‏۱)‏ سرافیم،‏ جو خدا کے تخت کے سامنے کھڑے رہتے،‏ اُس کی قدوسیت کا اعلان کرتے اور اُس کے لوگوں کو روحانی طور پر پاک‌صاف رکھتے ہیں؛‏ (‏۲)‏ کروبی،‏ جو یہوواہ خدا کی حاکمیت کی بڑائی کرتے ہیں؛‏ اور (‏۳)‏ دیگر فرشتگان جو اُس کی مرضی پوری کرتے ہیں۔‏ (‏زبور ۱۰۳:‏۲۰؛‏ یسعیاہ ۶:‏۱-‏۳؛‏ حزقی‌ایل ۱۰:‏۳-‏۵؛‏ دانی‌ایل ۷:‏۱۰‏)‏ کن مختلف طریقوں سے فرشتے انسانوں کی مدد کرتے ہیں؟‏—‏مکاشفہ ۵:‏۱۱‏۔‏

فرشتے کیا کردار ادا کرتے ہیں؟‏

۶.‏ باغِ‌عدن کے سلسلے میں یہوواہ خدا نے کروبیوں کو کیسے استعمال کِیا؟‏

۶ سب سے پہلے روحانی مخلوق یعنی فرشتوں کا ذکر پیدایش ۳:‏۲۴ میں کِیا گیا ہے،‏ جہاں ہم پڑھتے ہیں:‏ ”‏[‏یہوواہ]‏ نے آؔدم کو نکال دیا اور باغِ‌عدؔن کے مشرق کی طرف کروبیوں کو اور چوگرد گھومنے والی شعلہ‌زن تلوار کو رکھا کہ وہ زندگی کے درخت کی راہ کی حفاظت کریں۔‏“‏ ان کروبیوں نے آدم اور حوا کو باغِ‌عدن میں دوبارہ داخل نہ ہونے دیا۔‏ یہ انسانی تاریخ کے بالکل شروع کی بات ہے۔‏ اُس وقت سے لیکر فرشتوں نے کیا کردار ادا کِیا ہے؟‏

۷.‏ ”‏فرشتہ“‏ کے لئے استعمال ہونے والے عبرانی اور یونانی الفاظ فرشتوں کے کونسے کردار کو ظاہر کرتے ہیں؟‏

۷ بائبل میں فرشتوں کا ذکر تقریباً ۴۰۰ مرتبہ آیا ہے۔‏ ”‏فرشتہ“‏ کے لئے استعمال ہونے والے عبرانی اور یونانی الفاظ کا ترجمہ ”‏پیامبر“‏ یعنی پیغام پہنچانے والا کِیا جا سکتا ہے۔‏ پس فرشتوں نے خدا اور انسانوں کے درمیان رابطہ کروانے والوں کے طور پر خدمت انجام دی ہے۔‏ جیساکہ اس مضمون کے پہلے دو پیراگراف میں بیان کِیا گیا ہے،‏ یہوواہ خدا نے یوحنا رسول کو پیغام پہنچانے کے لئے بھی فرشتے کو استعمال کِیا تھا۔‏

۸،‏ ۹.‏ (‏ا)‏ فرشتہ نے منوحہ اور اُس کی بیوی کی کیسے مدد کی تھی؟‏ (‏ب)‏ فرشتہ کے ساتھ منوحہ کی بات‌چیت سے والدین کیا سیکھ سکتے ہیں؟‏

۸ فرشتوں کو زمین پر خدا کے خادموں کو مدد اور حوصلہ‌افزائی دینے کے لئے بھی استعمال کِیا گیا ہے۔‏ مثال کے طور پر،‏ اسرائیل میں قاضیوں کے زمانے میں منوحہ اور اُس کی بیوی اولاد کی خواہش رکھتے تھے۔‏ اگرچہ منوحہ کی بیوی بانجھ تھی توبھی یہوواہ خدا نے اپنے فرشتہ کو بھیج کر اُسے یہ پیغام دیا کہ اُس کے ہاں بیٹا ہوگا۔‏ بائبل اس واقعہ کو یوں بیان کرتی ہے:‏ ”‏دیکھ تُو حاملہ ہوگی اور تیرے بیٹا ہوگا۔‏ اُس کے سر پر کبھی اُسترہ نہ پھرے اِس لئے کہ وہ لڑکا پیٹ ہی سے خدا کا نذیر ہوگا اور وہ اسرائیلیوں کو فلستیوں کے ہاتھ سے رہائی دینا شروع کرے گا۔‏“‏—‏قضاۃ ۱۳:‏۱-‏۵‏۔‏

۹ آخرکار،‏ منوحہ کی بیوی کے ہاں بیٹا پیدا ہوا جس کا نام سمسون تھا جوکہ بائبل تاریخ کا ایک اہم کردار تھا۔‏ (‏قضاۃ ۱۳:‏۲۴‏)‏ بچے کی پیدائش سے پہلے،‏ منوحہ نے یہوواہ خدا سے اُس بچے کی تربیت کے سلسلے میں ہدایات حاصل کرنے کے لئے فرشتہ کو دوبارہ بھیجنے کی درخواست کی۔‏ منوحہ نے یہوواہ خدا سے دریافت کِیا:‏ ”‏ہم اُس لڑکے سے جو پیدا ہونے کو ہے کیا کریں۔‏“‏ یہوواہ خدا کے فرشتہ نے وہی ہدایات دُہرائیں جو اُس نے منوحہ کی بیوی کو دی تھیں۔‏ (‏قضاۃ ۱۳:‏۶-‏۱۴‏)‏ اس سے منوحہ نے کتنی تسلی پائی ہوگی!‏ آجکل فرشتے اس طرح لوگوں کے پاس نہیں آتے۔‏ لیکن منوحہ کی طرح والدین بچوں کی تربیت کے سلسلے میں یہوواہ خدا کی راہنمائی کے طالب ہو سکتے ہیں۔‏—‏افسیوں ۶:‏۴‏۔‏

۱۰،‏ ۱۱.‏ (‏ا)‏ ارامی لشکر کو دیکھ کر الیشع اور اُس کے خادم پر کیا اثر ہوا؟‏ (‏ب)‏ اس واقعہ پر غور کرنے سے ہم کیسے مستفید ہو سکتے ہیں؟‏

۱۰ فرشتوں کی مدد کی ایک شاندار مثال الیشع نبی کے زمانے میں ملتی ہے۔‏ الیشع اسرائیل کے شہر دوتین میں تھا۔‏ ایک دن جب الیشع کا خادم صبح سویرے اُٹھ کر باہر نکلا تو اُس نے شہر کو گھوڑوں اور رتھوں سے گھرا ہوا پایا۔‏ ارام کے بادشاہ نے الیشع کو گرفتار کرنے کے لئے طاقتور فوجی لشکر بھیجا تھا۔‏ الیشع کے خادم کا ردِعمل کیا تھا؟‏ خوف اور پریشانی کے عالم میں وہ چیخنے لگا،‏ ”‏ہائے اَے میرے مالک!‏ ہم کیا کریں؟‏“‏ وہ بالکل نااُمید ہو چکا تھا۔‏ لیکن الیشع نے جواب دیا:‏ ”‏خوف نہ کر کیونکہ ہمارے ساتھ والے اُن کے ساتھ والوں سے زیادہ ہیں۔‏“‏ اس کا کیا مطلب تھا؟‏—‏۲-‏سلاطین ۶:‏۱۱-‏۱۶‏۔‏

۱۱ الیشع جانتا تھا کہ اُس کی مدد کیلئے فرشتوں کا بڑا لشکر موجود تھا۔‏ لیکن اُس کے خادم کو کچھ بھی نظر نہیں آ رہا تھا۔‏ پس الیشع نے دُعا کی اور کہا:‏ ”‏اَے [‏یہوواہ]‏ اُس کی آنکھیں کھول دے تاکہ وہ دیکھ سکے۔‏ تب [‏یہوواہ]‏ نے اُس جوان کی آنکھیں کھول دیں اور اُس نے جو نگاہ کی تو دیکھا کہ الیشعؔ کے گِرداگِرد کا پہاڑ آتشی گھوڑوں اور رتھوں سے بھرا ہے۔‏“‏ (‏۲-‏سلاطین ۶:‏۱۷‏)‏ یوں الیشع کا خادم فرشتوں کے لشکر کو دیکھنے کے قابل ہوا۔‏ ہم بھی روحانی آنکھوں سے فرشتوں کو یہوواہ خدا اور یسوع مسیح کی راہنمائی میں کام کرتے اور یہوواہ خدا کے لوگوں کو مدد اور تحفظ فراہم کرتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں۔‏

یسوع مسیح کے زمانہ میں فرشتوں کا کردار

۱۲.‏ جبرائیل فرشتہ نے مریم کی مدد کیسے کی تھی؟‏

۱۲ جبرائیل فرشتہ نے کنواری مریم کو خدا کی طرف سے یہ پیغام دیا:‏ ”‏تُو حاملہ ہوگی اور تیرے بیٹا ہوگا۔‏ اُس کا نام یسوؔع رکھنا۔‏“‏ غور کریں کہ یہ چونکا دینے والا پیغام دینے سے پہلے اُس کی کیسے مدد کی گئی۔‏ فرشتہ نے کہا:‏ ”‏اَے مریمؔ!‏ خوف نہ کر کیونکہ خدا کی طرف سے تجھ پر فضل ہوا ہے۔‏“‏ (‏لوقا ۱:‏۲۶،‏ ۲۷،‏ ۳۰،‏ ۳۱‏)‏ ان الفاظ کو سن کر مریم نے کتنا اطمینان اور تسلی پائی ہوگی کہ خدا اُس کے ساتھ ہے!‏

۱۳.‏ فرشتوں نے یسوع مسیح کی کس طرح مدد کی؟‏

۱۳ فرشتوں کی مدد کا ایک دوسرا واقعہ اُس وقت کا ہے جب یسوع مسیح نے بیابان میں شیطان کی تین آزمائشوں کا سامنا کِیا تھا۔‏ بائبل بیان کرتی ہے کہ آزمائشوں کے اختتام پر ”‏اِبلیسؔ اُس کے پاس سے چلا گیا اور دیکھو فرشتے آکر اُس کی خدمت کرنے لگے۔‏“‏ (‏متی ۴:‏۱-‏۱۱‏)‏ یسوع کی موت سے پہلے کی رات بھی کچھ ایسا ہی واقع ہوا تھا۔‏ یسوع نے شدید ذہنی کرب میں گھٹنے ٹیک کر یوں دُعا کی:‏ ”‏اَے باپ اگر تُو چاہے تو یہ پیالہ مجھ سے ہٹا لے تَوبھی میری مرضی نہیں بلکہ تیری ہی مرضی پوری ہو۔‏ اور آسمان سے ایک فرشتہ اس کو دکھائی دیا۔‏ وہ اسے تقویت دیتا تھا۔‏“‏ (‏لوقا ۲۲:‏۴۲،‏ ۴۳‏)‏ لیکن آجکل فرشتے ہماری مدد کس طرح کرتے ہیں؟‏

جدید زمانے میں فرشتوں کا کردار

۱۴.‏ جدید زمانے میں یہوواہ کے گواہوں نے کونسی اذیت برداشت کی ہے،‏ اور اس کا کیا نتیجہ نکلا ہے؟‏

۱۴ جب ہم جدید زمانے میں منادی کے کام کے سلسلے میں یہوواہ کے گواہوں کی تاریخ پر غور کرتے ہیں تو کیا ہمیں فرشتوں کی مدد کا ثبوت نہیں ملتا؟‏ مثال کے طور پر،‏ دوسری عالمی جنگ (‏۱۹۳۹-‏۱۹۴۵)‏ سے پہلے اور اس کے دوران یہوواہ کے لوگ جرمنی اور مغربی یورپ میں نازیوں کے شدید حملوں کو برداشت کرنے کے قابل ہوئے تھے۔‏ کیتھولک فسطائی حکومتوں کے تحت اٹلی،‏ سپین اور پُرتگال میں اس سے بھی زیادہ عرصہ تک اذیت کے باوجود وہ وفادار رہے۔‏ اس کے علاوہ،‏ اُنہیں کئی سال تک سابقہ سوویت یونین اور اُس کی ماتحت حکومتوں کے ہاتھوں اذیت برداشت کرنا پڑی تھی۔‏ ہم اُس اذیت کو بھی نہیں بھول سکتے جو گواہوں نے بعض دیگر ممالک میں برداشت کی ہے۔‏ * حالیہ وقتوں میں یہوواہ کے خادموں نے جارجیا کے مُلک میں شدید اذیت کا سامنا کِیا ہے۔‏ یہوواہ کے گواہوں کے کام کو ختم کرنے کے لئے شیطان نے اپنا ہر حربہ آزمایا ہے۔‏ اس کے باوجود،‏ یہوواہ کے گواہ ایک تنظیم کے طور پر ایسی مخالفت کو سہنے اور خوب ترقی کرنے کے قابل ہوئے ہیں۔‏ بڑی حد تک یہ سب فرشتوں کے فراہم‌کردہ تحفظ کی وجہ سے ہوا ہے۔‏—‏زبور ۳۴:‏۷؛‏ دانی‌ایل ۳:‏۲۸؛‏ ۶:‏۲۲‏۔‏

۱۵،‏ ۱۶.‏ پوری دُنیا میں یہوواہ کے گواہ فرشتوں کے ذریعے منادی کے کام کے لئے کونسی مدد حاصل کرتے ہیں؟‏

۱۵ یہوواہ کے گواہ پوری دُنیا میں خدا کی بادشاہی کی خوشخبری کی منادی کرنے اور ہر جگہ لوگوں کو بائبل سچائی سکھانے سے شاگرد بنانے کے کام کو بڑا سنجیدہ خیال کرتے ہیں۔‏ (‏متی ۲۸:‏۱۹،‏ ۲۰‏)‏ مگر گواہ اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ وہ فرشتوں کی مدد کے بغیر یہ کام انجام نہیں دے سکتے۔‏ مکاشفہ ۱۴:‏۶،‏ ۷ کے الفاظ اُن کے لئے متواتر حوصلہ‌افزائی کا ذریعہ ہیں،‏ جہاں لکھا ہے:‏ ”‏مَیں نے ایک اَور فرشتہ کو آسمان کے بیچ میں اُڑتے ہوئے دیکھا جس کے پاس زمین کے رہنے والوں کی ہر قوم اور قبیلہ اور اہلِ‌زبان اور اُمت کے سنانے کے لئے ابدی خوشخبری تھی۔‏ اور اُس نے بڑی آواز سے کہا کہ خدا سے ڈرو اور اُس کی تمجید کرو کیونکہ اُس کی عدالت کا وقت آ پہنچا ہے اور اُسی کی عبادت کرو جس نے آسمان اور زمین اور سمندر اور پانی کے چشمے پیدا کئے۔‏“‏

۱۶ یہ الفاظ واضح طور پر بیان کرتے ہیں کہ پوری دُنیا میں یہوواہ کے گواہوں کے بشارتی کام کو فرشتوں کی راہنمائی اور حمایت حاصل ہے۔‏ اس کے علاوہ،‏ یہوواہ خدا فرشتوں کے ذریعے خلوص دل لوگوں کی راہنمائی اپنے گواہوں کی طرف کرا رہا ہے۔‏ فرشتے لائق یا سچائی کے متلاشی لوگوں تک پہنچنے میں بھی گواہوں کی راہنمائی کرتے ہیں۔‏ اسی لئے اکثراوقات جب کوئی یہوواہ کا گواہ کسی شخص سے ملتا ہے تو محض اتفاق کی بات ہے کہ وہ پریشانی سے گزر رہا ہوتا ہے اور اُسے روحانی طور پر مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔‏

مستقبل قریب میں فرشتوں کا کردار

۱۷.‏ صرف ایک فرشتہ نے اسوریوں کے ساتھ کیا کِیا؟‏

۱۷ یہوواہ خدا کے پرستاروں کے لئے حوصلہ‌افزائی کا ذریعہ بننے اور پیامبروں کے طور پر خدمت انجام دینے کے علاوہ فرشتے دیگر کام بھی کرتے ہیں۔‏ پُرانے وقتوں میں اُنہوں نے خدا کی طرف سے عدالتی سزائیں بھی دیں۔‏ مثال کے طور پر،‏ آٹھویں صدی قبل‌ازمسیح میں اسوری لشکروں نے یروشلیم پر چڑھائی کر دی۔‏ یہوواہ خدا نے کیسا ردِعمل ظاہر کِیا؟‏ اُس نے فرمایا:‏ ”‏مَیں اپنی خاطر اور اپنے بندہ داؔؤد کی خاطر اس شہر کی حمایت کروں گا تاکہ اسے بچا لوں۔‏“‏ بائبل بیان کرتی ہے کہ اُس وقت کیا واقع ہوا:‏ ”‏اُسی رات کو [‏یہوواہ]‏ کے فرشتہ نے نکل کر اؔسور کی لشکرگاہ میں ایک لاکھ پچاسی ہزار آدمی مار ڈالے اور صبح کو جب لوگ سویرے اُٹھے تو دیکھا کہ وہ سب مرے پڑے ہیں۔‏“‏ (‏۲-‏سلاطین ۱۹:‏۳۴،‏ ۳۵‏)‏ ایک فرشتہ کے مقابلے میں انسانی فوجی لشکر کتنے کمزور اور ادنیٰ ہیں!‏

۱۸،‏ ۱۹.‏ مستقبل قریب میں فرشتے کیا کردار ادا کریں گے،‏ اور اس سے انسان کیسے متاثر ہوں گے؟‏

۱۸ مستقبل قریب میں بھی فرشتے خدا کی طرف سے سزا دینے کا کام انجام دیں گے۔‏ بہت جلد یسوع مسیح ”‏اپنے قوی فرشتوں کے ساتھ بھڑکتی ہوئی آگ“‏ کے ساتھ ظاہر ہوگا۔‏ اُس وقت اُن کا کام یہ ہوگا کہ ”‏جو خدا کو نہیں پہچانتے اور ہمارے خداوند یسوؔع کی خوشخبری کو نہیں مانتے اُن سے بدلہ“‏ لیں۔‏ (‏۲-‏تھسلنیکیوں ۱:‏۷،‏ ۸‏)‏ اس سے انسان کتنے زیادہ متاثر ہوں گے!‏ پوری دُنیا میں سنائی جانے والی خدا کی بادشاہی کی خوشخبری کو سننے سے انکار کرنے والے لوگ ہلاک کر دئے جائیں گے۔‏ صرف یہوواہ خدا کی راستبازی اور فروتنی کی تلاش کرنے والے لوگوں کو ”‏[‏یہوواہ]‏ کے غضب کے دن“‏ پناہ ملے گی اور وہ ہر قسم کے نقصان سے بچ جائیں گے۔‏—‏صفنیاہ ۲:‏۳‏۔‏

۱۹ ہم یہوواہ خدا کے کتنے شکرگزار ہو سکتے ہیں کہ وہ زمین پر اپنے پرستاروں کی مدد اور حوصلہ‌افزائی کرنے کے لئے قوی فرشتوں کو استعمال کرتا ہے۔‏ فرشتے خدا کے مقصد میں جو کردار ادا کرتے ہیں وہ خاص طور پر تسلی‌بخش ہے۔‏ اسلئےکہ ہم جانتے ہیں کہ ایسے بھی فرشتے ہیں جو یہوواہ خدا کے خلاف بغاوت کرنے کے بعد شیطان کے زیرِاثر آ گئے ہیں۔‏ ہمارا اگلا مضمون اُن اقدام پر بات کرے گا جو سچے مسیحی شیطان اِبلیس اور اُس کے شیاطین کے پُرزور اثر سے بچنے کے لئے اُٹھا سکتے ہیں۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 14 اذیت کی مختلف سرگزشتیں پڑھنے کیلئے یہوواہ کے گواہوں کی ائیربُک کو دیکھیں:‏ ۱۹۸۳ (‏انگولا)‏ ،‏ ۱۹۷۲ (‏چیکوسلواکیہ)‏ ،‏ ۲۰۰۰ (‏چیک‌ری‌پبلک)‏ ،‏ ۱۹۹۲ (‏ایتھیوپیا)‏ ،‏ ۱۹۷۴ اور ۱۹۹۹ (‏جرمنی)‏ ،‏ ۱۹۸۲ (‏اٹلی)‏ ،‏ ۱۹۹۹ (‏ملاوی)‏ ،‏ ۲۰۰۴ (‏مالدوا)‏ ،‏ ۱۹۹۶ (‏موزمبیق)‏ ،‏ ۱۹۹۴ (‏پولینڈ)‏ ،‏ ۱۹۸۳ (‏پُرتگال)‏ ،‏ ۱۹۷۸ (‏سپین)‏ ،‏ ۲۰۰۲ (‏یوکرائن)‏ اور ۲۰۰۶ (‏زمبیا)‏ ۔‏ ائیربُک صرف انگریزی زبان میں دستیاب ہے۔‏ لہٰذا،‏ اس کے ساتھ مینارِنگہبانی ۰۵ ۱/‏۳ صفحہ ۸،‏ ۹ (‏سوویت یونین)‏ ؛‏ ۰۳ ۱/‏۲ صفحہ ۲۵-‏۳۰ (‏کریتے)‏ ؛‏ ۹۹ ۱/‏۳ صفحہ ۲۴-‏۲۹ (‏روس)‏ ؛‏ ۹۵ ۱/‏۱ صفحہ ۶-‏۸ (‏ایتھیوپیا،‏ روانڈا)‏ کو دیکھیں۔‏

آپ نے کیا سیکھا؟‏

‏• فرشتے کیسے وجود میں آئے؟‏

‏• پُرانے زمانے میں فرشتوں کو کیسے استعمال کِیا گیا؟‏

‏• مکاشفہ ۱۴:‏۶،‏ ۷ آجکل فرشتوں کے کام کی بابت کیا بیان کرتی ہے؟‏

‏• مستقبل قریب میں فرشتے کیا کردار ادا کریں گے؟‏

‏[‏مطالعے کے سوالات]‏

‏[‏صفحہ ۱۳ پر تصویر]‏

ایک فرشتہ نے منوحہ اور اُس کی بیوی کو تسلی دی

‏[‏صفحہ ۱۵ پر تصویر]‏

‏”‏ہمارے ساتھ والے اُن کے ساتھ والوں سے زیادہ ہیں“‏