مسیح کی آمد—کیا ہمیں اس سے خوفزدہ ہونا چاہئے؟
مسیح کی آمد—کیا ہمیں اس سے خوفزدہ ہونا چاہئے؟
مسیح کی آمد یا آنے کا سُن کر آپ کے ذہن میں کس قسم کی صورتحال آتی ہے؟ آپ کے خیال میں کیا مسیح کی آمد انسانوں پر مصیبت، تباہی اور سزا لائے گی؟ یا کیا آپ یہ اُمید رکھتے ہیں کہ مسیح کی آمد کے ساتھ آپ کے تمام مسائل ختم ہو جائیں گے؟ کیا ہمیں مسیح کی آمد سے خوفزدہ ہونا چاہئے یا اُس کا منتظر رہنا چاہئے؟
مسیح کی آمد کے بارے میں بائبل بیان کرتی ہے: ”دیکھو وہ بادلوں کے ساتھ آنے والا ہے اور ہر ایک آنکھ اُسے دیکھے گی . . . اور زمین پر کے سب قبیلے اُس کے سبب سے چھاتی پیٹیں گے۔“ (مکاشفہ ۱:۷) یسوع مسیح کی یہ آمد راستبازوں کو اَجر اور ناراستوں کو سزا دینے کی طرف اشارہ کرتی ہے۔
یوحنا رسول یسوع مسیح کے آنے سے خوفزدہ ہونے کی بجائے اُس کا منتظر تھا۔ مسیح کی آمد اور زمین کے لئے اِس کے مقصد کی بابت مکاشفہ حاصل کرنے کے بعد یوحنا رسول نے دُعا کی: ”اَے خداوند یسوؔع آ۔“ (مکاشفہ ۲۲:۲۰) لیکن ”زمین پر کے سب قبیلے اُس کے سبب سے چھاتی“ کیوں پیٹیں گے؟ کس طرح ”ہر آنکھ“ اُسے دیکھے گی؟ مسیح کی آمد کیا سرانجام دے گی؟ مسیح کی آمد پر ایمان رکھنے سے ہمیں اس وقت کیسے فائدہ پہنچ سکتا ہے؟ اگلے مضمون میں ان سوالوں کے جواب دئے جائیں گے۔