مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سوالات از قارئین

سوالات از قارئین

سوالات از قارئین

کیا حوا سے ہمکلام ہونے والے سانپ کی ٹانگیں تھیں؟‏

پیدایش ۳:‏۱۴ بیان کرتی ہے کہ یہوواہ خدا نے عدن میں حوا کو بہکانے والے سانپ سے کہا:‏ ”‏اس لئے کہ تُو نے یہ کِیا تُو سب چوپایوں اور دشتی جانوروں میں ملعون ٹھہرا۔‏ تُو اپنے پیٹ کے بل چلے گا اور اپنی عمر بھر خاک چاٹے گا۔‏“‏ بائبل واضح طور پر یہ بیان نہیں کرتی کہ حوا کو بہکانے کے لئے استعمال کئے جانے والے جانور کی پہلے تو ٹانگیں تھیں لیکن بعد میں غائب ہو گئیں۔‏ لیکن پیدایش ۳:‏۱۴ کے بیان سے بعض لوگ ایسا تاثر لے سکتے ہیں۔‏ ہمیں خواہ‌مخواہ اِس نتیجے پر نہیں پہنچ جانا چاہئے کہ سزا سنائے جانے سے پہلے سانپ کی ٹانگیں تھیں۔‏ مگر کیوں؟‏

دراصل یہوواہ خدا نے اس ادنیٰ مخلوق کو استعمال کرنے والی نادیدہ ہستی یعنی شیطان کو سزا سنائی تھی۔‏ بائبل اُسے ”‏جھوٹ کا باپ“‏ اور ’‏پُرانا سانپ‘‏ کہتی ہے۔‏ یہ دونوں اصطلاحیں اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہیں کہ شیطان نے حوا کو خدا کی نافرمانی کرنے کی ترغیب دینے کے لئے سانپ کو آلۂ‌کار کے طور پر استعمال کِیا تھا۔‏—‏یوحنا ۸:‏۴۴؛‏ مکاشفہ ۲۰:‏۲‏۔‏

شیطان کے حوا کو بہکانے سے پہلے یہوواہ خدا نے سانپوں کو بنایا اور آدم نے اُن کا نام رکھا۔‏ لہٰذا،‏ حوا سے ہمکلام ہونے والے بےعقل سانپ کو الزام دینا درست نہیں۔‏ سانپ اِس بات سے ناواقف تھا کہ شیطان اُسے آلۂ‌کار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔‏ وہ تو نافرمانی کرنے والے آدم،‏ حوا اور شیطان پر خدا کی طرف سے آنے والی عدالتی سزا کے بارے میں بھی نہیں جانتا تھا۔‏

توپھر خدا نے سانپ کے پیٹ کے بل چلنے اور خاک چاٹنے کی بات کیوں کی؟‏ سانپ کا فطرتی طور پر پیٹ کے بل چلنا اور خاک چاٹنے کے لئے زبان کو باربار باہر نکالنا شیطان کی رسواکُن حالت کی موزوں علامت ہے۔‏ شیطان آسمان پر پہلے خدا کے ایک فرشتے کے طور پر اعلیٰ مرتبہ رکھتا تھا لیکن بعد میں اُسے ذلت‌آمیز حالت میں ڈال دیا گیا۔‏

اس کے علاوہ،‏ جس طرح ایک سانپ انسان کی ایڑی پر کاٹ سکتا ہے اُسی طرح شیطان نے خدا کی ”‏نسل“‏ کی ”‏ایڑی“‏ پر کاٹنا تھا۔‏ (‏پیدایش ۳:‏۱۵‏)‏ بنیادی طور پر یہ نسل یسوع مسیح تھا جس نے کچھ عرصہ کے لئے شیطان کے نمائندوں یعنی شریر لوگوں کے ہاتھوں اذیت اُٹھائی۔‏ لیکن وقت آنے پر یسوع مسیح اور اُس کے قیامت‌یافتہ ممسوح ساتھی اِس علامتی سانپ کے سر کو ہمیشہ کے لئے کچل دیں گے۔‏ (‏رومیوں ۱۶:‏۲۰‏)‏ پس،‏ خدا کے سانپ کو سزا دینے سے ”‏پُرانے سانپ“‏ شیطان اِبلیس کی ذلت‌آمیز اور مکمل تباہی کی عکاسی ہوتی ہے۔‏