مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

روحانیت کی تلاش

روحانیت کی تلاش

روحانیت کی تلاش

یسوع مسیح نے اپنے مشہور پہاڑی وعظ میں بیان کِیا:‏ ”‏مبارک ہیں وہ جو اپنی روحانی ضروریات سے باخبر ہیں۔‏“‏ (‏متی ۵:‏۳‏،‏ نیو ورلڈ ٹرانسلیشن‏)‏ شاید آپ اس بیان سے متفق ہوں۔‏ ہر جگہ لوگ اپنی زندگی میں روحانیت کی اہمیت کو سمجھتے اور یہ فرض کر لیتے ہیں کہ اسے پا لینے سے وہ خوشی حاصل کریں گے۔‏ تاہم،‏ اصطلاح ”‏روحانیت“‏ کا کیا مطلب ہے؟‏

ایک لغت روحانیت کی تعریف ”‏مذہبی اقدار سے لگاؤ یا وابستگی“‏ کے طور پر کرتی ہے۔‏ پس،‏ اصطلاحیں ”‏روحانیت،‏“‏ یا ”‏روحانی نیت رکھنا“‏ ایک ہی مطلب رکھتی ہیں۔‏ اس اصطلاح کو مزید سمجھنے کے لئے اس موازنے پر غور کریں:‏ تجارتی معاملات کی مہارت رکھنے والے شخص کو کاروباری ذہن کا مالک کہا جاتا ہے۔‏ اسی طرح روحانی یا مذہبی کاموں کی بہت زیادہ قدر کرنے والے کو روحانی نیت رکھنے والا شخص کہا جاتا ہے۔‏

تاہم،‏ حقیقی روحانیت کیسے حاصل کی جا سکتی ہے؟‏ اگرچہ تقریباً تمام مذاہب اس بات سے واقف ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں کہ ایک شخص اپنی روحانی ضروریات کو کیسے پورا کر سکتا ہے توبھی وہ اس سلسلے میں مختلف نظریات رکھتے ہیں۔‏ آئیں اس کی چند مثالوں پر غور کریں۔‏ ایک پروٹسٹنٹ شخص مذہبی بیداری کے لئے منعقد ہونے والے اجلاسوں پر حاضر ہونے سے نجات پانے کی کوشش کرتا ہے۔‏ ایک کیتھولک شخص ماس یا عشائےربانی کی رسم کے ذریعے خدا کے ساتھ قریبی رشتہ رکھنے کی کوشش کرتا ہے۔‏ ایک بدھسٹ شخص گیان یعنی مراقبے کے ذریعے روحانی روشنی یا بصیرت حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔‏ ایک ہندو شخص نفس‌کُشی کے ذریعے بار بار جنم لینے سے بچنے کی کوشش کرتا ہے۔‏ کیا یہ تمام راستے حقیقی روحانیت کی طرف جاتے ہیں؟‏ یا ان میں سے کوئی ایک راستہ روحانیت کی طرف لے جاتا ہے؟‏

بہتیرے لوگ ان سوالوں کا جواب نفی میں دیتے ہیں۔‏ وہ دعویٰ کرتے ہیں کہ روحانیت کا مطلب کسی فرقے کے ساتھ ”‏تعلق رکھے بغیر“‏ خدا یا دیوتا پر ایمان رکھنا ہے۔‏ دیگر کا خیال ہے کہ روحانیت کوئی مذہبی معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ باطنی اطمینان سے پُر بامقصد زندگی گزارنے کی خواہش کا نام ہے۔‏ وہ کہتے ہیں کہ روحانیت کی تلاش کرنے کے لئے مذہب کی کوئی ضرورت نہیں۔‏ اس کے برعکس،‏ اُنہیں صرف اپنے دل اور باطنی احساسات پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔‏ ایک مصنف نے بیان کِیا:‏ ”‏حقیقی روحانیت ایک شخص کے اندر پائی جاتی ہے۔‏ یہ آپ کا دُنیا اور اپنے اردگرد کے لوگوں کے ساتھ محبت اور صبر سے پیش آنا ہے۔‏ یہ کسی چرچ سے تعلق رکھنے یا کسی خاص راہ پر چلنے سے حاصل نہیں ہو سکتی۔‏“‏

صاف ظاہر ہے کہ لوگ روحانیت کی بابت مختلف نظریات رکھتے ہیں۔‏ اگرچہ ہزاروں کتابیں روحانیت کی طرف لے جانے والی راہ کی وضاحت کرنے کا دعویٰ کرتی ہیں توبھی ان کو پڑھنے والے اکثر لوگ غیرمطمئن محسوس کرتے اور کشمکش کا شکار رہتے ہیں۔‏ تاہم،‏ ایک ایسی کتاب ہے جس میں روحانی معاملات کی بابت قابلِ‌بھروسا راہنمائی پائی جاتی ہے۔‏ یہ کتاب خدا کے الہام سے ہونے کا ثبوت پیش کرتی ہے۔‏ (‏۲-‏تیمتھیس ۳:‏۱۶‏)‏ یہ کتاب بائبل ہے جو روحانیت کے مطلب اور اس کی قدروقیمت کی بابت بہت کچھ بیان کرتی ہے۔‏ حقیقی روحانیت کیسے پیدا کی جا سکتی ہے؟‏ اس کی بابت جاننے کے لئے ہم آپ کو یہوواہ کے گواہوں کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔‏

‏[‏صفحہ ۲ پر تصویر کا حوالہ]‏

COVER: Background: © Mark Hamblin/age fotostock