مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

آبِ‌حیات کے چشموں کے پاس جانے کے لائق ٹھہرنا

آبِ‌حیات کے چشموں کے پاس جانے کے لائق ٹھہرنا

آبِ‌حیات کے چشموں کے پاس جانے کے لائق ٹھہرنا

‏”‏برّہ .‏ .‏ .‏ اُن کی گلہّ‌بانی کرے گا اور اُنہیں آبِ‌حیات کے چشموں کے پاس لے جائے گا۔‏“‏—‏مکا ۷:‏۱۷‏۔‏

۱.‏ (‏ا)‏ خدا کا کلام ممسوح مسیحیوں کی شناخت کیسے کراتا ہے؟‏ (‏ب)‏ یسوع مسیح نے اُنہیں کونسی ذمہ‌داری سونپی؟‏

خدا کا کلام ممسوح مسیحیوں کی شناخت ”‏دیانتدار اور عقلمند نوکر“‏ کے طور پر کراتا ہے جنہیں زمین پر مسیح کے مال کا مختار مقرر کِیا گیا ہے۔‏ جب یسوع مسیح ۱۹۱۸ میں ”‏نوکر“‏ جماعت کی جانچ کرنے کے لئے آیا تو اُس نے دیکھا کہ ممسوح مسیحی وفاداری کے ساتھ ”‏وقت پر .‏ .‏ .‏ کھانا“‏ فراہم کر رہے ہیں۔‏ پس مالک یسوع مسیح نے خوش ہو کر اُنہیں ”‏اپنے سارے مال کا مختار“‏ کر دیا۔‏ (‏متی ۲۴:‏۴۵-‏۴۷ کو پڑھیں۔‏)‏ اِس طرح آسمان میں میراث حاصل کرنے سے پہلے ہی ممسوح مسیحی زمین پر موجود یہوواہ خدا کے دیگر پرستاروں کی خدمت کر رہے ہیں۔‏

۲.‏ یسوع مسیح کے زمینی مال میں کیا کچھ شامل ہے؟‏

۲ مالک اپنے سارے مال پر اختیار رکھتا ہے اور اپنی مرضی سے جیسے چاہے اُسے استعمال کر سکتا ہے۔‏ یہوواہ خدا کے نامزد بادشاہ یسوع مسیح کے زمینی مال میں بادشاہی اور اِس کی رعایا سے تعلق رکھنے والی تمام چیزیں شامل ہیں۔‏ اِس میں ایک ”‏بڑی بِھیڑ“‏ بھی شامل ہے جسے یوحنا رسول نے رویا میں دیکھا تھا۔‏ اُس نے اِس بڑی بِھیڑ کو کچھ اِس طرح بیان کِیا:‏ ”‏مَیں نے نگاہ کی تو کیا دیکھتا ہوں کہ ہر ایک قوم اور قبیلہ اور اُمت اور اہلِ‌زبان کی ایک ایسی بڑی بِھیڑ جِسے کوئی شمار نہیں کر سکتا سفید جامے پہنے اور کھجور کی ڈالیاں اپنے ہاتھوں میں لئے ہوئے تخت اور برّہ کے آگے کھڑی ہے۔‏“‏—‏مکا ۷:‏۹‏۔‏

۳،‏ ۴.‏ بڑی بِھیڑ میں شامل لوگ کن برکات سے فائدہ اُٹھاتے ہیں؟‏

۳ اِس بڑی بِھیڑ میں وہ لوگ شامل ہیں جنہیں یوحنا ۱۰:‏۱۶ میں یسوع مسیح نے اپنی ”‏اَور بھی بھیڑیں“‏ یعنی دوسری بھیڑیں کہا تھا۔‏ یہ زمین پر فردوس میں ہمیشہ تک زندہ رہنے کی اُمید رکھتے ہیں۔‏ وہ اِس بات کا پورا یقین رکھتے ہیں کہ یسوع مسیح ”‏اُنہیں آبِ‌حیات کے چشموں کے پاس لے جائے گا۔‏“‏ اِس کے علاوہ،‏ وہ یہ اعتماد بھی رکھتے ہیں کہ ”‏خدا اُن کی آنکھوں کے سب آنسو پونچھ دے گا۔‏“‏ اِس اُمید کے ساتھ ”‏اِنہوں نے اپنے جامے برّہ کے خون سے دھو کر سفید کئے ہیں۔‏“‏ (‏مکا ۷:‏۱۴،‏ ۱۷‏)‏ یسوع مسیح کی قربانی پر ایمان رکھنے کی وجہ سے خدا کی نظر میں اُن کے ’‏جامے سفید ہیں۔‏‘‏ اِس طرح وہ بھی ابرہام کی مانند خدا کے دوست بن جاتے اور راستباز ٹھہرائے جاتے ہیں۔‏

۴ یسوع مسیح کی دوسری بھیڑوں کی بڑھتی ہوئی بڑی بِھیڑ خدا کی نظر میں راستباز ٹھہرتی ہے۔‏ اِس وجہ سے وہ بڑی مصیبت میں موجودہ شریر دُنیا کے خاتمے سے بچ نکلنے کی اُمید رکھ سکتی ہے۔‏ (‏یعقو ۲:‏۲۳-‏۲۶‏)‏ وہ یہوواہ خدا کے نزدیک جا سکتی اور ایک جماعت کے طور پر ہرمجدون سے بچنے کے شاندار امکان کی اُمید رکھ سکتی ہے۔‏ (‏یعقو ۴:‏۸؛‏ مکا ۷:‏۱۵‏)‏ یہ بڑی بِھیڑ ایک الگ جماعت یا گروہ کے طور پر اپنی مرضی سے کام نہیں کرنا چاہتی۔‏ بلکہ آسمانی بادشاہ یسوع مسیح اور زمین پر اُس کے ممسوح بھائیوں کی راہنمائی کے تحت خدمت کرنا چاہتی ہے۔‏

۵.‏ بڑی بِھیڑ میں شامل لوگ مسیح کے ممسوح بھائیوں کی مدد کیسے کرتے ہیں؟‏

۵ ممسوح مسیحی ابھی تک شیطان کے قبضے میں پڑی ہوئی اِس دُنیا کی طرف سے سخت مخالفت کا سامنا کر رہے ہیں۔‏ لیکن اُنہیں بڑی بِھیڑ کی مکمل حمایت حاصل ہے۔‏ اگرچہ اِس وقت ممسوح مسیحیوں کی تعداد بہت کم ہے توبھی بڑی بِھیڑ کی تعداد میں ہر سال ہزاروں کا اضافہ ہو رہا ہے۔‏ ممسوح مسیحیوں کے لئے تقریباً ایک لاکھ کلیسیاؤں کی دیکھ‌بھال کرنا آسان نہیں ہے۔‏ لہٰذا،‏ اِس سلسلے میں یسوع مسیح کی دوسری بھیڑیں اُن کی مدد کر رہی ہیں۔‏ بڑی بِھیڑ میں سے لائق اشخاص کلیسیاؤں میں بزرگوں کے طور پر خدمت انجام دے رہے ہیں۔‏ اِس طرح یہ بزرگ اُن لاکھوں مسیحیوں کی دیکھ‌بھال کرنے میں مدد دیتے ہیں جنہیں ”‏دیانتدار اور عقلمند نوکر“‏ کے سپرد کِیا گیا ہے۔‏

۶.‏ یسعیاہ نے دوسری بھیڑوں کے ممسوح مسیحیوں کی مدد کرنے کے سلسلے میں کیا پیشینگوئی کی تھی؟‏

۶ یسعیاہ نبی نے یہ پیشینگوئی کی تھی کہ دوسری بھیڑیں خوشی سے ممسوح مسیحیوں کی مدد کریں گی۔‏ نبی نے لکھا:‏ ”‏[‏یہوواہ]‏ یوں فرماتا ہے کہ مصر کی محنت کے پھل اور کوشؔ اور سباؔ کے قدآور باشندوں کی تجارت کا نفع تیری طرف آئے گا اور تیرا ہی ہوگا۔‏ وہ تیرے پیچھے چلیں گے۔‏“‏ (‏یسع ۴۵:‏۱۴‏،‏ کیتھولک ترجمہ‏)‏ زمینی زندگی کی اُمید رکھنے والے لوگ،‏ علامتی طور پر ممسوح مسیحیوں اور اُن کی نمائندگی کرنے والی گورننگ باڈی کے پیچھے چلتے اور اُن کی پیشوائی کو قبول کرتے ہیں۔‏ یسعیاہ کی کتاب میں ’‏محنت کے پھلوں‘‏ سے مُراد یسوع مسیح کی دوسری بھیڑیں ہیں۔‏ وہ دل کی خوشی سے اپنے تمام‌تر وسائل منادی کے عالمگیر کام کے لئے وقف کر دیتی ہیں جسے کرنے کا حکم یسوع مسیح نے اپنے ممسوح شاگردوں کو دیا تھا۔‏—‏اعما ۱:‏۸؛‏ مکا ۱۲:‏۱۷‏۔‏

۷.‏ اِس وقت بڑی بِھیڑ کو کیا کرنے کی تربیت دی جا رہی ہے؟‏

۷ بڑی بِھیڑ میں شامل لوگ اپنے ممسوح بھائیوں کی مدد کرتے ہیں۔‏ اِس طرح وہ ممسوح مسیحیوں سے تربیت پاتے ہیں تاکہ ہرمجدون کے بعد زمین پر نئے انسانی‌معاشرے کی بنیاد ڈال سکیں۔‏ اِس بنیاد کو مضبوط ہونا چاہئے اور اِسے تشکیل دینے والے لوگوں کو مالک یسوع مسیح کی ہدایات کے تحت کام کرنے کے لئے تیار ہونا چاہئے۔‏ یسوع پر ایمان لانے اور وفادار رہنے والے ہر مسیحی کو یہ ظاہر کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے کہ بادشاہ یسوع مسیح اُسے استعمال کر سکتا ہے۔‏ پس،‏ ایمان لانے اور وفاداری ظاہر کرنے سےیہ ثابت ہو جاتا ہے کہ وہ نئی دُنیا میں بھی یسوع مسیح کی ہدایات کو ماننے کے لئے تیار ہوگا۔‏

بڑی بِھیڑ ایمان کا مظاہرہ کرتی ہے

۸،‏ ۹.‏ بڑی بِھیڑ میں شامل لوگ اپنے ایمان کا مظاہرہ کیسے کرتے ہیں؟‏

۸ ممسوح مسیحیوں کے ساتھ ملکر کام کرنے والی یسوع کی بھیڑیں مختلف طریقوں سے اپنے ایمان کا مظاہرہ کرتی ہیں۔‏ سب سے پہلے تو وہ خدا کی بادشاہی کی خوشخبری سنانے میں ممسوح مسیحیوں کی مدد کرتی ہیں۔‏ (‏متی ۲۴:‏۱۴؛‏ ۲۸:‏۱۹،‏ ۲۰‏)‏ دوسرا،‏ وہ گورننگ باڈی کی طرف سے دی گئی ہدایات کی تابعداری کرتی ہیں۔‏—‏عبر ۱۳:‏۱۷‏؛‏ برائےمہربانی زکریاہ ۸:‏۲۳ کو پڑھیں۔‏

۹ تیسری بات یہ ہے کہ بڑی بِھیڑ میں شامل لوگ یہوواہ خدا کے راست معیاروں کے مطابق زندگی بسر کرنے سے اپنے ممسوح بھائیوں کا ساتھ دیتے ہیں۔‏ وہ ”‏محبت،‏ خوشی،‏ اطمینان،‏ تحمل،‏ مہربانی،‏ نیکی،‏ ایمانداری،‏ حلم،‏ پرہیزگاری“‏ جیسے رُوح کے پھل پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔‏ (‏گل ۵:‏۲۲،‏ ۲۳‏)‏ آجکل رُوح کے پھل ظاہر کرنا اتنا عام نہیں جتنا ”‏جسم کے کام“‏ کرنا عام ہے۔‏ تاہم،‏ بڑی بِھیڑ کے لوگ ’‏حرامکاری،‏ ناپاکی،‏ شہوت‌پرستی،‏ بُت‌پرستی،‏ جادوگری،‏ عداوتیں،‏ جھگڑے،‏ حسد،‏ غصہ،‏ تفرقے،‏ جُدائیاں،‏ بدعتیں،‏ بغض،‏ نشہ‌بازی اور ناچ‌رنگ‘‏ جیسے جسم کے کاموں سے گریز کرنے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔‏—‏گل ۵:‏۱۹-‏۲۱‏۔‏

۱۰.‏ بڑی بِھیڑ میں شامل لوگ کس بات کے لئے پُرعزم ہیں؟‏

۱۰ چونکہ ہم ناکامل ہیں اِس لئے اپنے اندر رُوح کے پھل پیدا کرنا،‏ جسم کے کاموں سے گریز کرنا اور شیطان کے قبضے میں پڑی دُنیا کے دباؤ کا مقابلہ کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔‏ تاہم،‏ یسوع مسیح کی نقل کرتے ہوئے ذاتی کمزوریوں اور ناکامیوں یا کوتاہیوں کا سامنا کرتے وقت ہم بےحوصلہ نہیں ہوں گے۔‏ ہم اِن چیزوں کو اپنے ایمان کو کمزور کرنے اور یہوواہ خدا کے لئے ہماری محبت کو ختم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔‏ ہم جانتے ہیں کہ یہوواہ خدا اپنے وعدے کے مطابق بڑی بِھیڑ کو بڑی مصیبت میں سے ضرور بچائے گا۔‏

۱۱.‏ مسیحیوں کے ایمان کو کمزور کرنے کے لئے شیطان کونسے حربے استعمال کرتا ہے؟‏

۱۱ علاوہ‌ازیں،‏ ہم ہمیشہ خبردار رہتے ہیں کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ ہمارا اصل دُشمن اِبلیس ہے اور وہ آسانی سے ہار نہیں مانتا۔‏ (‏۱-‏پطر ۵:‏۸ کو پڑھیں۔‏)‏ وہ تنظیم کو چھوڑ کر چلے جانے والے برگشتہ اشخاص اور دیگر لوگوں کے ذریعے ہمیں یقین دلانے کی کوشش کرتا ہے کہ جن تعلیمات پر ہم چل رہے ہیں وہ غلط ہیں۔‏ مگر اُس کا یہ حربہ عموماً ناکام ثابت ہوتا ہے۔‏ بعض‌اوقات اذیت کی وجہ سے منادی کے کام کی رفتار سست پڑ جاتی ہے مگر اکثر اذیت مسیحیوں کے ایمان کو اَور زیادہ مضبوط کرنے کا باعث بنتی ہے۔‏ پس شیطان ایسے طریقے کو زیادہ استعمال کرتا ہے جو اُس کے خیال میں ہمارے ایمان کو کمزور کر سکتا ہے۔‏ مثال کے طور پر،‏ جب ہم کسی وجہ سے بےحوصلہ ہوتے ہیں تو وہ اِس موقع سے بھی فائدہ اُٹھاتا ہے۔‏ پہلی صدی کے مسیحیوں کو اِس خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے پولس رسول نے کہا:‏ ”‏اُس پر غور کرو جس نے اپنے حق میں بُرائی کرنے والے گنہگاروں کی اِس قدر مخالفت کی برداشت کی۔‏“‏ مگر کیوں؟‏ ”‏تاکہ تُم بےدل ہو کر ہمت نہ ہارو۔‏“‏—‏عبر ۱۲:‏۳‏۔‏

۱۲.‏ جو لوگ بےحوصلہ ہو گئے ہیں بائبل کی مشورت اُنہیں کیسے تقویت بخشتی ہے؟‏

۱۲ کیا آپ بھی کبھی یہوواہ خدا کی خدمت کرنے کے سلسلے میں بےحوصلہ ہوئے ہیں؟‏ کیا آپ بعض‌اوقات یہ محسوس کرتے ہیں کہ آپ اِس خدمت کو کرنے میں ناکام رہے ہیں؟‏ اگر ایسا ہے تو شیطان کو اِس بات کا موقع نہ دیں کہ وہ اِن احساسات کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے آپ کو یہوواہ خدا کی خدمت کرنے سے روکے۔‏ بائبل کا گہرا مطالعہ کرنا،‏ مستعدی کے ساتھ دُعا کرنا،‏ اجلاسوں پر باقاعدہ حاضر ہونا اور اپنے ہم‌ایمان مسیحیوں کے ساتھ رفاقت رکھنا آپ کو ’‏بےحوصلہ نہیں‘‏ ہونے دے گا۔‏ یہوواہ خدا نے وعدہ کِیا ہے کہ جو لوگ اُس کی خدمت کرتے ہیں وہ اُنہیں ازسرِنو زور بخشے گا اور ہم اُس کے اِس وعدے پر یقین رکھ سکتے ہیں۔‏ (‏یسع ۴۰:‏۳۰،‏ ۳۱ کو پڑھیں۔‏)‏ بادشاہی کو فروغ دینے والی مسیحی سرگرمیوں پر بھرپور توجہ دیں۔‏ ایسے کاموں سے گریز کریں جن میں آپ کا کافی وقت ضائع ہو سکتا ہے۔‏ دوسروں کی مدد کرنے کے لئے تیار رہیں۔‏ اِس طرح آپ بےحوصلہ ہونے کے باوجود ثابت‌قدم رہنے کے قابل ہوں گے۔‏—‏گل ۶:‏۱،‏ ۲‏۔‏

بڑی بِھیڑ نئی دُنیا میں داخل ہوتی ہے

۱۳.‏ ہرمجدون سے زندہ بچ نکلنے والے لوگوں کو کونسا کام کرنا ہوگا؟‏

۱۳ یسوع مسیح کی دوسری بھیڑیں جو ہرمجدون سے زندہ بچ نکلیں گی اُن کے پاس بہت زیادہ کام ہوگا۔‏ کیونکہ ہرمجدون کے بعد،‏ لاتعداد ناراست لوگ زندہ ہوں گے جنہیں یہوواہ خدا کی راہوں کی تعلیم دینے کی ضرورت ہوگی۔‏ (‏اعما ۲۴:‏۱۵‏)‏ اُنہیں یسوع مسیح کی قربانی کے بارے میں سکھانا ہوگا۔‏ اِس کے علاوہ،‏ اُنہیں یسوع کی قربانی سے فائدہ اُٹھانے کے لئے اُس پر ایمان لانے کی تعلیم دینی ہوگی۔‏ اُنہیں جھوٹے مذہب کے اُن تمام نظریات کو مسترد کرنا ہوگا جن پر وہ پہلے چلتے تھے۔‏ اِس کے ساتھ ساتھ اُنہیں اپنے پُرانے طرزِزندگی کو بھی چھوڑنا ہوگا۔‏ اُنہیں نئی انسانیت یعنی مسیح جیسی شخصیت پہننی ہوگی جس سے سچے مسیحیوں کی شناخت ہوتی ہے۔‏ (‏افس ۴:‏۲۲-‏۲۴؛‏ کل ۳:‏۹،‏ ۱۰‏)‏ جب موجودہ شریر دُنیا کے دباؤ اور پریشانیاں ختم ہو جائیں گی تو اُس وقت یہوواہ خدا کی خدمت انجام دینا واقعی خوشی کا باعث ہوگا!‏

۱۴،‏ ۱۵.‏ بڑی مصیبت سے زندہ بچ نکلنے والے اور مُردوں میں سے زندہ کئے جانے والے راستباز لوگ ایک دوسرے کو کونسی معلومات دیں گے؟‏

۱۴ یسوع مسیح کے زمین پر آنے سے پہلے وفات پا جانے والے یہوواہ کے وفادار خادموں کو بھی بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہوگی۔‏ اُنہیں موعودہ مسیحا کی بابت جاننا ہوگا جسے دیکھنے کی وہ اُمید تو رکھتے تھے مگر دیکھ نہیں پائے تھے۔‏ اپنی سابقہ زندگی میں،‏ وہ پہلے ہی یہوواہ خدا سے تعلیم پانے کی اپنی خواہش کا اظہار کر چکے تھے۔‏ مثال کے طور پر،‏ دانی‌ایل نبی نے بہت سی پیشینگوئیاں کیں لیکن وہ اُنہیں سمجھتا نہیں تھا۔‏ ذرا تصور کریں کہ اُسے اِن پیشینگوئیوں کی تکمیل کے بارے میں بتانا ہمارے لئے کتنا بڑا شرف اور کس قدر خوشی کا باعث ہوگا!‏—‏دان ۱۲:‏۸،‏ ۹‏۔‏

۱۵ بِلاشُبہ،‏ مُردوں میں سے زندہ ہونے والے لوگوں کو ہم سے بہت کچھ سیکھنا ہوگا لیکن ہم بھی اُن سے بہت کچھ پوچھنا چاہیں گے۔‏ وہ ہمیں بائبل میں درج ایسے واقعات کے بارے میں معلومات فراہم کر سکتے ہیں جن کا تفصیل سے ذکر نہیں کِیا گیا۔‏ ذرا سوچیں کہ یسوع کے رشتہ‌دار یوحنا بپتسمہ دینے والے سے یسوع کی ذاتی زندگی کے بارے میں تفصیلات جاننا کتنی خوشی کا باعث ہوگا!‏ خدا کے اِن وفادار خادموں سے ہم جو براہِ‌راست معلومات حاصل کریں گے وہ یقیناً خدا کے کلام کو سمجھنے میں ہماری اَور زیادہ مدد کریں گی۔‏ وفات پا جانے والے یہوواہ خدا کے وفادار خادموں کو ”‏بہتر قیامت نصیب“‏ ہوگی یعنی وہ مُردوں میں سے زندہ کئے جائیں گے۔‏ اِن میں بڑی بِھیڑ کے وہ لوگ بھی شامل ہوں گے جو آخری دنوں کے دوران وفات پاتے ہیں۔‏ اگرچہ اُنہوں نے اپنی خدمت کا آغاز شیطان کے زیرِاثر دُنیا میں کِیا مگر اب وہ نئی دُنیا میں بھی اپنی خدمت کو جاری رکھ سکیں گے۔‏ یہ شرف اُن کے لئے کتنی خوشی کا باعث ہوگا!‏—‏عبر ۱۱:‏۳۵؛‏ ۱-‏یوح ۵:‏۱۹‏۔‏

۱۶.‏ پیشینگوئی کے مطابق ہزارسالہ روزِعدالت کے دوران کیا کچھ واقع ہوگا؟‏

۱۶ ہزارسالہ روزِعدالت کے دوران کتابیں کھولی جائیں گی۔‏ تمام زندہ لوگوں کو ہمیشہ کی زندگی حاصل کرنے کے لائق ٹھہرانے کے لئے بائبل کے ساتھ ساتھ اِن کتابوں کی مدد سے اُن کا انصاف کِیا جائے گا۔‏ (‏مکا ۲۰:‏۱۲،‏ ۱۳ کو پڑھیں۔‏)‏ اِس روزِعدالت کے اختتام پر،‏ ہر شخص کو یہ ثابت کرنے کے لئے کافی وقت مل چکا ہوگا کہ وہ اِس بات کو تسلیم کرتا ہے کہ صرف یہوواہ خدا ہی حکمرانی کرنے کا حق رکھتا ہے۔‏ کیا وہ خدا کی بادشاہی کے انتظام کی اطاعت کرے گا اور برّہ یسوع مسیح کی راہنمائی میں ”‏آبِ‌حیات کے چشموں“‏ کے پاس جائے گا؟‏ یا کیا وہ خدا کی بادشاہی کی رعایا بننے سے انکار کرے گا؟‏ (‏مکا ۷:‏۱۷؛‏ یسع ۶۵:‏۲۰‏)‏ اُس وقت تک،‏ زمین کے تمام باشندوں کو گُناہ اور بُرائی سے پاک ماحول میں اپنے لئے ایک ذاتی فیصلہ کرنے کا موقع مل چکا ہوگا۔‏ کوئی بھی شخص یہوواہ خدا کے انصاف کرنے کے حق پر سوال نہیں اُٹھا سکے گا۔‏ شریروں کو ہمیشہ کے لئے ختم کر دیا جائے گا۔‏—‏مکا ۲۰:‏۱۴،‏ ۱۵‏۔‏

۱۷،‏ ۱۸.‏ ممسوح مسیحی اور یسوع کی دوسری بھیڑیں ہزارسالہ روزِعدالت کے دوران خوشی کے ساتھ کیا کرنے کی منتظر ہیں؟‏

۱۷ آجکل ممسوح مسیحی بادشاہی حاصل کرنے کے لائق ٹھہرائے جا چکے ہیں اور وہ خدا کے ہزارسالہ روزِعدالت کے دوران مسیح کے ساتھ حکومت کرنے کے منتظر ہیں۔‏ اُنہیں کیا ہی عظیم شرف حاصل ہوگا!‏ یہ شرف اُنہیں پہلی صدی کے مسیحیوں کو دی جانے والی پطرس رسول کی اِس مشورت پر چلنے کی تحریک دیتا ہے:‏ ”‏اپنے بلاوے اور برگزیدگی کو ثابت کرنے کی زیادہ کوشش کرو کیونکہ اگر ایسا کرو گے تو کبھی ٹھوکر نہ کھاؤ گے۔‏ بلکہ اِس سے تُم ہمارے خداوند اور مُنجی یسوؔع مسیح کی ابدی بادشاہی میں بڑی عزت کے ساتھ داخل کئے جاؤ گے۔‏“‏—‏۲-‏پطر ۱:‏۱۰،‏ ۱۱‏۔‏

۱۸ یسوع مسیح کی دوسری بھیڑیں اِس بات سے بہت خوش ہیں کہ اُن کے ممسوح بھائی مستقبل میں یسوع کے ساتھ بادشاہی کریں گے۔‏ وہ اُن کی حمایت کرنے کا پُختہ ارادہ رکھتی ہیں۔‏ آجکل خدا کے پسندیدہ لوگوں کے طور پر،‏ وہ پورے دل سے خدا کی خدمت کرنے کے لئے تیار ہیں۔‏ ہزارسالہ روزِعدالت کے دوران بھی وہ دل‌وجان سے خدا کے انتظام کی حمایت کرکے بےحد خوش ہوں گے کیونکہ یسوع مسیح اُنہیں آبِ‌حیات کے چشموں کے پاس لے جائے گا۔‏ اُس وقت وہ ابد تک خدا کے زمینی خادموں کے طور پر خدمت انجام دینے کے لائق ٹھہرائے جائیں گے!‏—‏روم ۸:‏۲۰،‏ ۲۱؛‏ مکا ۲۱:‏۱-‏۷‏۔‏

کیا آپ کو یاد ہے؟‏

‏• یسوع مسیح کے مال میں کیا کچھ شامل ہے؟‏

‏• بڑی بِھیڑ کے لوگ اپنے ممسوح بھائیوں کی حمایت کیسے کرتے ہیں؟‏

‏• بڑی بِھیڑ کے لوگوں کو کونسی خاص خدمت انجام دینے کا شرف حاصل ہے،‏ اور وہ کس بات کی توقع رکھتے ہیں؟‏

‏• آپ ہزارسالہ روزِعدالت کو کیسا خیال کرتے ہیں؟‏

‏[‏مطالعے کے سوالات]‏

‏[‏صفحہ ۲۵ پر تصویر]‏

بڑی بِھیڑ کے لوگوں نے اپنے جامے برّہ کے خون سے دھو کر سفید کئے ہیں

‏[‏صفحہ ۲۷ پر تصویر]‏

آپ مُردوں میں سے زندہ ہونے والے وفادار اشخاص سے کیا جاننا پسند کریں گے؟‏