مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

آپ گھربہ‌گھر مُنادی میں درپیش مشکلات سے نپٹ سکتے ہیں

آپ گھربہ‌گھر مُنادی میں درپیش مشکلات سے نپٹ سکتے ہیں

آپ گھربہ‌گھر مُنادی میں درپیش مشکلات سے نپٹ سکتے ہیں

‏”‏ہم کو اپنے خدا میں یہ دلیری حاصل ہوئی کہ خدا کی خوشخبری بڑی جانفشانی سے تمہیں سنائیں۔‏“‏—‏۱-‏تھس ۲:‏۲‏۔‏

۱.‏ (‏ا)‏ یرمیاہ نے کن مشکلات کا سامنا کِیا؟‏ (‏ب)‏ وہ اِن مشکلات کا مقابلہ کرنے کے قابل کیسے ہوا؟‏

یرمیاہ نبی ہمارے جیسے احساسات رکھتا تھا۔‏ جب یہوواہ خدا نے اُسے بتایا کہ اُسے ”‏قوموں کے لئے نبی .‏ .‏ .‏ ٹھہرایا“‏ گیا ہے تو وہ پکار اُٹھا ”‏ہائے خداوند خدا!‏ دیکھ مَیں بول نہیں سکتا کیونکہ مَیں تو بچہ ہوں۔‏“‏ تاہم،‏ یہوواہ پر اعتماد رکھتے ہوئے اُس نے اِس ذمہ‌داری کو قبول کر لیا۔‏ (‏یرم ۱:‏۴-‏۱۰‏)‏ یرمیاہ نے ۴۰ سال سے بھی زیادہ عرصہ تک بےحسی،‏ مخالفت،‏ تمسخر اور جسمانی اذیت کا سامنا کِیا۔‏ (‏یرم ۲۰:‏۱،‏ ۲‏)‏ بعض‌اوقات تو وہ سوچتا تھا کہ اُسے یہ کام چھوڑ دینا چاہئے۔‏ لیکن اِن تمام مشکلات کے باوجود اُس نے ثابت‌قدمی سے ایسے لوگوں میں مُنادی کرنا جاری رکھا جن میں سے بیشتر اُس کے پیغام میں دلچسپی نہیں رکھتے تھے۔‏ خدا کی مدد سے یرمیاہ نے وہ کام انجام دیا جسے وہ اپنی طاقت سے کبھی نہیں کر سکتا تھا۔‏—‏یرمیاہ ۲۰:‏۷-‏۹ کو پڑھیں۔‏

۲،‏ ۳.‏ آجکل خدا کے خادم یرمیاہ جیسی مشکلات کا سامنا کیسے کرتے ہیں؟‏

۲ آج بھی خدا کے بہت سے خادم یرمیاہ کی طرح محسوس کر سکتے ہیں۔‏ گھربہ‌گھر کی مُنادی شروع کرنے سے پہلے ہم میں سے بیشتر نے یہ سوچا ہوگا کہ ’‏مَیں یہ کام کبھی نہیں کر سکوں گا۔‏‘‏ لیکن جب ہم سمجھ گئے کہ یہ یہوواہ خدا کی مرضی ہے کہ ہم خوشخبری سنائیں تو ہم نے اپنے خوف پر قابو پاتے ہوئے مُنادی شروع کر دی۔‏ ہم میں سے بہتیروں کو اپنی زندگیوں میں ایسے حالات کا بھی سامنا کرنا پڑا جن کی وجہ سے کچھ وقت کے لئے مُنادی کرنا مشکل ہو گیا۔‏ یہ سچ ہے کہ گھربہ‌گھر کی مُنادی شروع کرنا اور اِسے آخر تک کرتے رہنا واقعی بہت مشکل ہے۔‏—‏متی ۲۴:‏۱۳‏۔‏

۳ اُس صورت میں کیا کِیا جا سکتا ہے اگر آپ یہوواہ کے گواہوں کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کر رہے ہیں اور کچھ عرصہ سے اجلاسوں پر بھی حاضر ہو رہے ہیں لیکن گھربہ‌گھر مُنادی کرنے سے ہچکچاتے ہیں؟‏ یاپھر یہ کہ آپ ایک بپتسمہ‌یافتہ گواہ ہیں اور آپ کی صحت بھی اچھی ہے لیکن اِس کے باوجود آپ کو گھربہ‌گھر مُنادی کرنا مشکل لگتا ہے؟‏ یاد رکھیں کہ ہر طرح کے پس‌منظر سے تعلق رکھنے والے لوگ گھربہ‌گھر مُنادی کے دوران پیش آنے والی مشکلات پر قابو پا رہے ہیں۔‏ لہٰذا یہوواہ کی مدد سے آپ بھی ایسا کر سکتے ہیں۔‏

دلیری حاصل کریں

۴.‏ پولس رسول دلیری کے ساتھ خوشخبری سنانے کے قابل کیسے ہوا؟‏

۴ یقیناً آپ سمجھتے ہیں کہ عالمگیر پیمانے پر مُنادی کا کام کسی انسانی طاقت یا حکمت سے نہیں بلکہ خدا کی رُوح کے ذریعے انجام دیا جا رہا ہے۔‏ (‏زک ۴:‏۶‏)‏ یہ بات ہر مسیحی کی خدمتگزاری کے بارے میں بھی سچ ہے۔‏ (‏۲-‏کر ۴:‏۷‏)‏ پولس رسول کی مثال پر غور کریں۔‏ اُس وقت کو یاد کرتے ہوئے جب اُسے اور اُس کے مشنری ساتھیوں کو مخالفین کے ہاتھوں اذیت سہنا پڑی اُس نے لکھا:‏ ”‏باوجود پیشتر فلپیؔ میں دُکھ اُٹھانے اور بےعزت ہونے کے ہم کو اپنے خدا میں یہ دلیری حاصل ہوئی کہ خدا کی خوشخبری بڑی جانفشانی سے تمہیں سنائیں۔‏“‏ (‏۱-‏تھس ۲:‏۲؛‏ اعما ۱۶:‏۲۲-‏۲۴‏)‏ شاید ہم یہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ پولس رسول جیسے سرگرم مُناد کو بھی کبھی خوشخبری سنانے کے لئے جانفشانی کرنا پڑی تھی۔‏ لیکن یہ سچ ہے کہ دلیری کے ساتھ خوشخبری سنانے کے لئے پولس کو بھی ہماری طرح یہوواہ خدا پر بھروسا رکھنا پڑا تھا۔‏ (‏افسیوں ۶:‏۱۸-‏۲۰ کو پڑھیں۔‏)‏ ہم پولس رسول کی نقل کیسے کر کیسے ہیں؟‏

۵.‏ مُنادی کرنے کے لئے دلیری حاصل کرنے کا ایک طریقہ کیا ہے؟‏

۵ مُنادی میں دلیری حاصل کرنے کا ایک طریقہ دُعا ہے۔‏ ایک پائنیر بہن نے کہا:‏ ”‏مَیں دُعا کرتی ہوں کہ مُنادی کے دوران اعتماد کے ساتھ بات کر سکوں،‏ لوگوں کے دلوں تک پہنچ سکوں اور مُنادی کرنے سے خوشی حاصل کر سکوں۔‏ چونکہ یہ کام ہمارا نہیں بلکہ یہوواہ کا ہے اِس لئے ہم اُس کی مدد کے بغیر کچھ بھی نہیں کر سکتے۔‏“‏ (‏۱-‏تھس ۵:‏۱۷‏)‏ دلیری کے ساتھ مُنادی کرنے کے لئے ہم سب کو باقاعدگی سے خدا کی پاک رُوح کی مدد کے لئے دُعا کرنی چاہئے۔‏—‏لو ۱۱:‏۹-‏۱۳‏۔‏

۶،‏ ۷.‏ (‏ا)‏ حزقی‌ایل نبی نے کونسی رویا دیکھی،‏ اور اِس کا کیا مطلب تھا؟‏ (‏ب)‏ جدید زمانے کے خدا کے خادموں کے لئے حزقی‌ایل کی رویا میں کونسا سبق پایا جاتا ہے؟‏

۶ حزقی‌ایل کی کتاب ایک اَور بات کا ذکر کرتی ہے جو ہمیں مُنادی کے دوران دلیری سے بات کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔‏ یہوواہ خدا نے ایک رویا میں حزقی‌ایل کو ایک طومار دیا جس کے دونوں طرف ”‏نوحہ اور ماتم اور آہ‌ونالہ مرقوم تھا۔‏“‏ اُس نے حزقی‌ایل کو حکم دیا:‏ ”‏اَے آدمزاد اِس طومار کو جو مَیں تجھے دیتا ہوں کھا جا اور اِس سے اپنا پیٹ بھر لے۔‏“‏ اِس رویا کا کیا مطلب تھا؟‏ حزقی‌ایل کو اُس پیغام کو اچھی طرح سمجھنا تھا جو اُسے دیا گیا تھا۔‏ گویا اِس پیغام کو حزقی‌ایل کے جذبات پر اثرانداز ہوتے ہوئے اُس کا ایک اہم حصہ بن جانا تھا۔‏ نبی مزید بیان کرتا ہے:‏ ”‏مَیں نے کھایا اور وہ میرے مُنہ میں شہد کی مانند میٹھا تھا۔‏“‏ دوسروں کو خدا کا پیغام سنانے سے حزقی‌ایل کو ویسی ہی خوشی ملتی تھی جیسی شہد کھانے سے حاصل ہوتی ہے۔‏ حزقی‌ایل نبی کو اُن لوگوں کو سخت پیغام سنانا تھا جو خدا کی بات سننا نہیں چاہتے تھے۔‏ اِس کے باوجود یہوواہ خدا کی نمائندگی کرنا اور اُس کی طرف سے دئے جانے والے کام کو کرنا حزقی‌ایل کے لئے ایک بہت بڑا شرف تھا۔‏—‏حزقی‌ایل ۲:‏۸–‏۳:‏۴،‏ ۷-‏۹ کو پڑھیں۔‏

۷ اِس رویا میں خدا کے جدید خادموں کے لئے بہت عمدہ سبق پایا جاتا ہے۔‏ ہم بھی ایسے لوگوں کو ایک سخت پیغام سناتے ہیں جو ہماری کوششوں کی بالکل قدر نہیں کرتے۔‏ اپنی خدمتگزاری کو خدا کی طرف سے ایک شرف خیال کرتے رہنے کے لئے ہمیں خدا کے کلام کو پڑھنے اور اِس کا مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے۔‏ خدا کے کلام کا سطحی اور بےقاعدہ مطالعہ کرنے سے ہم اِسے پورے طور پر سمجھنے کے قابل نہیں ہوں گے۔‏ کیا آپ اپنی ذاتی بائبل پڑھائی اور بائبل مطالعے میں باقاعدگی لا سکتے اور اِسے بہتر بنا سکتے ہیں؟‏ جوکچھ آپ پڑھتے ہیں کیا آپ اُس پر زیادہ غوروخوض کرنے کے لئے وقت نکال سکتے ہیں؟‏—‏زبور ۱:‏۲،‏ ۳‏۔‏

بائبل سے بات‌چیت شروع کریں

۸.‏ کس طریقے سے بعض مبشروں کو گھربہ‌گھر کی مُنادی کے دوران بائبل سے بات‌چیت شروع کرنے میں مدد ملی ہے؟‏

۸ بیشتر مبشروں کے لئے گھربہ‌گھر کی مُنادی کے دوران سب سے مشکل مرحلہ صاحبِ‌خانہ کے ساتھ بات‌چیت کا آغاز کرنا ہوتا ہے۔‏ یہ سچ ہے کہ بعض علاقوں میں بات‌چیت کا آغاز کرنا واقعی بہت مشکل ہوتا ہے۔‏ بعض مبشر اُس وقت زیادہ بہتر محسوس کرتے ہیں جب وہ دروازے پر ہی صاحبِ‌خانہ سے چند مناسب الفاظ میں بات‌چیت کرکے اُسے کوئی اشتہار پیش کرتے ہیں۔‏ جیسا اِس مضمون کے ساتھ دئے گئے بکس میں بیان کِیا گیا ہے۔‏ اشتہار کا موضوع یا اُس کی خوبصورت تصویر صاحبِ‌خانہ کی توجہ کا مرکز بن سکتی ہے۔‏ اِس سے ہمیں ہمارے آنے کا مقصد بیان کرنے اور کوئی سوال پوچھنے کا موقع بھی مل سکتا ہے۔‏ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ صاحبِ‌خانہ کو تین چار مختلف اشتہار دکھائیں اور اُسے اپنی پسند کا اشتہار منتخب کرنے کے لئے کہیں۔‏ ہمارا مقصد اشتہار پیش کرنا یا ہر گھر میں اِنہیں دکھانا نہیں ہے بلکہ بائبل سے بات‌چیت کرنا ہے تاکہ ہم بائبل کا مطالعہ شروع کرا سکیں۔‏

۹.‏ اچھی تیاری کیوں ضروری ہے؟‏

۹ خواہ آپ کوئی بھی طریقہ استعمال کریں اچھی تیاری کرنے سے آپ کو گھربہ‌گھر مُنادی کے لئے پُرجوش اور مطمئن رہنے میں مدد ملے گی۔‏ ایک پائنیر نے بیان کِیا:‏ ”‏جب مَیں اچھی تیاری کے ساتھ مُنادی میں بات‌چیت کرتا ہوں تو مجھے زیادہ خوشی ملتی ہے۔‏ یوں میرے لئے دوسروں سے بات کرنا آسان ہوتا ہے۔‏“‏ ایک اَور پائنیر نے کہا:‏ ”‏جب مَیں خود اُس کتاب یا رسالے کو اچھی طرح پڑھ لیتا ہوں جسے مَیں مُنادی میں پیش کرنا چاہتا ہوں تو مَیں اُسے بہت ہی پُرجوش طریقے سے استعمال کرنے کے قابل ہوتا ہوں۔‏“‏ اگرچہ تیاری کرتے وقت جوکچھ آپ کہنا چاہتے ہیں خاموشی سے اُس کی دُہرائی کرنا فائدہ‌مند ہے توبھی بہتیروں نے اپنی پیشکش کو بلند آواز میں دُہرانے کو فائدہ‌مند پایا ہے۔‏ ایسا کرنے سے مبشر بھرپور طریقے سے یہوواہ کی خدمت کر سکتے ہیں۔‏—‏کل ۳:‏۲۳؛‏ ۲-‏تیم ۲:‏۱۵‏۔‏

۱۰.‏ میدانی خدمتگزاری کے اجلاسوں کو عملی اور فائدہ‌مند بنانے کے لئے کیا کِیا جا سکتا ہے؟‏

۱۰ مُنادی کے سلسلے میں منعقد کئے جانے والے اجلاس ہماری گھربہ‌گھر مُنادی کو زیادہ مؤثر بناتے ہیں۔‏ اِس کے علاوہ یہ خدمتگزاری سے خوشی حاصل کرنے میں بھی ہماری مدد کرتے ہیں۔‏ اگر روزانہ کی آیت براہِ‌راست مُنادی کے کام سے تعلق رکھتی ہے تو اِسے پڑھا جا سکتا اور پھر اِس پر مختصراً بات‌چیت کی جا سکتی ہے۔‏ تاہم،‏ جو بھائی میدانی خدمتگزاری کا اجلاس کروا رہا ہے اُسے اِس بات‌چیت کو مناسب وقت کے اندر اندر ختم کرنے اور علاقے کے مطابق ایک موزوں پیشکش کا مظاہرہ کرانے کی کوشش کرنی چاہئے۔‏ اِس کے علاوہ،‏ وہ ایسی عملی معلومات بھی دے سکتا ہے جو اُس دن مُنادی میں استعمال کی جا سکتی ہیں۔‏ یوں یہ اجلاس بہن‌بھائیوں کو زیادہ مؤثر طریقے سے گواہی دینے کے قابل بنائے گا۔‏ پہلے سے اچھی تیاری کرنے سے بزرگ اور دیگر بھائی اِس اجلاس کو اچھی طرح منعقد کرنے اور اِسے وقت پر ختم کرنے کے قابل ہوں گے۔‏—‏روم ۱۲:‏۸‏۔‏

سننے کے فوائد

۱۱،‏ ۱۲.‏ خلوصدلی کے ساتھ لوگوں کی بات سننا خوشخبری سنانے میں کیسے ہماری مدد کر سکتا ہے؟‏ مثالیں دیں۔‏

۱۱ خدمتگزاری کو مؤثر بنانے کے لئے محض اچھی تیاری ہی کافی نہیں ہے۔‏ مُنادی کے دوران دوسروں میں ذاتی دلچسپی لینے سے ہم بائبل سے بات‌چیت شروع کر سکتے اور لوگوں کے دلوں تک پہنچ سکتے ہیں۔‏ صاحبِ‌خانہ میں ذاتی دلچسپی ظاہر کرنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ ہم اُن کی بات توجہ سے سنیں۔‏ ایک سفری نگہبان بیان کرتا ہے:‏ ”‏صبر کے ساتھ لوگوں کی بات سننا اُن کے دلوں کو خوشخبری کی طرف مائل کرتا اور ہمیں اُن میں ذاتی دلچسپی دکھانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔‏“‏ نیچے دئے گئے تجربات ظاہر کرتے ہیں کہ خلوصدلی کے ساتھ لوگوں کی بات سننا اُن کے دلوں کو بائبل پر مبنی بات‌چیت کی طرف مائل کر سکتا ہے۔‏

۱۲ فرانس کے ایک شہر میں رہنے والی ایک عورت نے اخبار کو خط لکھا۔‏ اُس خط میں اُس نے بیان کِیا کہ اُس کی تین ماہ کی بیٹی کی دردناک موت کے کچھ ہی عرصہ بعد دو خواتین نے اُس کے دروازے پر دستک دی۔‏ اُس نے لکھا:‏ ”‏دروازہ کھولتے ہی مَیں جان گئی کہ وہ یہوواہ کی گواہ ہیں۔‏ اِس سے پیشتر کہ مَیں اُن کو جانے کے لئے کہتی میری نظر اُس بروشر پر پڑی جو اُن کے ہاتھ میں تھا۔‏ اُس کا موضوع یہ تھا کہ خدا تکلیف کی اجازت کیوں دیتا ہے۔‏ مَیں نے اُن کو اندر آنے کی دعوت دی تاکہ مَیں اُن کے ساتھ اِس موضوع پر بحث کرکے اُن کے دلائل کو جھوٹا ثابت کر سکوں۔‏ گواہوں نے میرے ساتھ ایک گھنٹے سے زیادہ وقت گزارا۔‏ کچھ کہنے کی بجائے اُنہوں نے بڑی توجہ سے میری باتیں سنیں۔‏ یوں میرے دل کا بوجھ ہلکا ہو گیا اور مَیں اُن سے دوبارہ ملاقات کے لئے بھی تیار ہوگئی۔‏“‏ (‏روم ۱۲:‏۱۵‏)‏ کچھ عرصے بعد اِس عورت نے بائبل کے مطالعے کی پیشکش قبول کر لی۔‏ اِس تجربے سے ہم سیکھتے ہیں کہ اُس عورت کو یہ یاد نہیں تھا کہ اُس کے پاس آنے والی بہنوں نے اُسے کیا کہا بلکہ یہ کہ اُنہوں نے اُس کی بات کتنی توجہ سے سنی تھی۔‏

۱۳.‏ ہم بادشاہتی پیغام کو مُنادی میں ملنے والے ہر شخص کی ضرورت کے مطابق کیسے ڈھال سکتے ہیں؟‏

۱۳ جب ہم ہمدردی کے ساتھ لوگوں کی بات سنتے ہیں تو ہم درحقیقت اُنہیں یہ بتانے کا موقع دیتے ہیں کہ اُنہیں خدا کی بادشاہت کی ضرورت کیوں ہے۔‏ اُن کی ضروریات جاننے سے ہم اُنہیں زیادہ بہتر طور پر خوشخبری سنانے کے قابل ہوتے ہیں۔‏ آپ نے دیکھا ہوگا کہ عام طور پر مؤثر مُناد وہی ہوتے ہیں جو دھیان سے لوگوں کی بات سنتے ہیں۔‏ (‏امثا ۲۰:‏۵‏)‏ وہ مُنادی میں ملنے والے لوگوں کے لئے حقیقی دلچسپی ظاہر کرتے ہیں۔‏ وہ نہ صرف اُن کا نام اور پتا نوٹ کرتے ہیں بلکہ اُن کی دلچسپیوں اور ضرورتوں کو بھی مدِنظر رکھتے ہیں۔‏ جب کوئی شخص کسی خاص موضوع کو زیرِبحث لاتا ہے تو وہ اُس موضوع پر تحقیق کرتے اور اُسے جواب دینے کے لئے جلد اُس کے پاس واپس جاتے ہیں۔‏ پولس رسول کی طرح وہ بھی بادشاہتی پیغام کو مُنادی میں ملنے والے لوگوں کی انفرادی ضروریات کے مطابق ڈھال لیتے ہیں۔‏ (‏۱-‏کرنتھیوں ۹:‏۱۹-‏۲۳ کو پڑھیں۔‏)‏ جب ہم لوگوں میں ذاتی دلچسپی لیتے ہیں تو وہ بادشاہتی پیغام کی طرف متوجہ ہوتے اور شاندار طریقے سے ’‏ہمارے خدا کی رحمت‘‏ کو آشکارا کرتے ہیں۔‏—‏لو ۱:‏۷۸‏۔‏

مثبت رُجحان رکھیں

۱۴.‏ مُنادی کرتے وقت ہم یہوواہ کی خوبیوں کو کیسے منعکس کر سکتے ہیں؟‏

۱۴ یہوواہ خدا نے انسان کو اپنی مرضی کے مطابق فیصلے کرنے کی صلاحیت کے ساتھ خلق کِیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ہمیں انفرادی طور پر کتنا اہم خیال کرتا ہے۔‏ اگرچہ وہ قادرِمطلق خدا ہے توبھی وہ اپنی خدمت کرنے کے لئے کسی کو مجبور نہیں کرتا بلکہ محبت کی بِنا پر لوگوں کو ایسا کرنے کی تحریک دیتا ہے۔‏ نیز،‏ جو لوگ اُس کی شاندار نعمتوں کے لئے قدردانی ظاہر کرتے ہیں اُنہیں بیشمار برکات سے نوازتا ہے۔‏ (‏روم ۲:‏۴‏)‏ لہٰذا یہوواہ خدا کے خادموں کے طور پر،‏ ہمیں خوشخبری سناتے وقت اپنے رحمدل خدا کے شایانِ‌شان گواہی دینے کے لئے تیار رہنا چاہئے۔‏ (‏۲-‏کر ۵:‏۲۰،‏ ۲۱؛‏ ۶:‏۳-‏۶‏)‏ پس ہمیں اپنے علاقے کے لوگوں کے لئے مثبت رُجحان رکھنے کی ضرورت ہے۔‏ ایسا کرنے کے لئے کونسی چیز ہماری مدد کر سکتی ہے؟‏

۱۵.‏ (‏ا)‏ اگر لوگ بادشاہتی پیغام کو قبول نہ کرتے تو یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں کو کیا کرنے کی ہدایت دی تھی؟‏ (‏ب)‏ لائق اشخاص کی تلاش پر توجہ مرتکز رکھنے میں کیا چیز ہماری مدد کر سکتی ہے؟‏

۱۵ یسوع مسیح نے اپنے پیروکاروں کو ہدایت دی کہ اگر کوئی بادشاہتی پیغام کو قبول نہیں کرتا تو اِس سے پریشان نہ ہوں بلکہ اپنی توجہ لائق اشخاص کی تلاش پر مرتکز رکھیں۔‏ (‏متی ۱۰:‏۱۱-‏۱۵ کو پڑھیں۔‏)‏ چھوٹے چھوٹے منصوبے باندھنا لائق اشخاص کو تلاش کرنے میں ہماری مدد کر سکتا ہے۔‏ ایک بھائی اپنا موازنہ خزانہ تلاش کرنے والے شخص سے کرتا ہے۔‏ وہ کہتا ہے کہ ”‏مَیں چاہتا ہوں کہ مجھے ہر روز سونا مل جائے۔‏“‏ درحقیقت،‏ وہ ہر روز سچائی میں دلچسپی رکھنے والے لائق شخص کی تلاش میں رہتا ہے۔‏ اِس سے اُسے بالکل ویسی ہی خوشی حاصل ہوتی ہے جیسی ایک شخص کو خزانہ تلاش کرنے پر ہوتی ہے۔‏ ایک دوسرے بھائی نے یہ منصوبہ باندھا ہے کہ ”‏ہر ہفتے کم‌ازکم کسی ایک اچھے شخص سے ملاقات کرے اور پھر اُس کی دلچسپی بڑھانے کے لئے کچھ دنوں بعد اُس سے دوبارہ ملاقات کرے۔‏“‏ بعض مبشر ہر صاحبِ‌خانہ کے ساتھ کم‌ازکم ایک صحیفہ پڑھنے کی کوشش کرتے ہیں۔‏ اِس سلسلے میں آپ نے کونسا منصوبہ باندھا ہے؟‏

۱۶.‏ مُنادی کے کام کو جاری رکھنے کے لئے ہمارے پاس کونسی وجوہات ہیں؟‏

۱۶ گھربہ‌گھر مُنادی کی کامیابی کا انحصار صرف آپ کے علاقے کے لوگوں کے ردِعمل پر نہیں ہوتا۔‏ یہ سچ ہے کہ مُنادی کا کام خلوص‌دل لوگوں کی نجات میں اہم کردار ادا کرتا ہے لیکن یہ کام دیگر اہم مقاصد بھی انجام دیتا ہے۔‏ مسیحی خدمتگزاری ہمیں یہوواہ کے لئے اپنی محبت ظاہر کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔‏ (‏۱-‏یوح ۵:‏۳‏)‏ مُنادی کرنے سے ہم خون کے جرم سے بھی بری رہتے ہیں۔‏ (‏اعما ۲۰:‏۲۶،‏ ۲۷‏)‏ اِس کام کے ذریعے بدکاروں کو آگاہ کِیا جاتا ہے کہ خدا کی ”‏عدالت کا وقت آ پہنچا ہے۔‏“‏ (‏مکا ۱۴:‏۶،‏ ۷‏)‏ سب سے اہم بات یہ ہے کہ مُنادی کے کام کے ذریعے پوری زمین پر یہوواہ کا نام جلال پاتا ہے۔‏ (‏زبور ۱۱۳:‏۳‏)‏ پس خواہ لوگ سنیں یا نہیں ہمیں بادشاہتی پیغام سناتے رہنا چاہئے۔‏ درحقیقت خوشخبری کو پھیلانے کے لئے کی جانے والی ہماری تمام کوششیں یہوواہ کی نظر میں بہت اہم ہیں۔‏—‏روم ۱۰:‏۱۳-‏۱۵‏۔‏

۱۷.‏ جلد ہی لوگوں کو کیا تسلیم کرنا پڑے گا؟‏

۱۷ اگرچہ آج کل زیادہ‌تر لوگ ہمارے مُنادی کے کام کو نظرانداز کرتے ہیں توبھی بہت جلد وہ اِس کی اہمیت کو سمجھ جائیں گے۔‏ (‏متی ۲۴:‏۳۷-‏۳۹‏)‏ یہوواہ خدا نے حزقی‌ایل کو یقین‌دہانی کرائی کہ جب عدالتی پیغامات تکمیل کو پہنچیں گے تو اسرائیل کا سرکش خاندان جانے گا کہ ”‏اُن میں ایک نبی برپا ہوا۔‏“‏ (‏حز ۲:‏۵‏)‏ اِسی طرح،‏ جب خدا موجودہ شریر نظام کی عدالت کرے گا تو لوگوں کو یہ تسلیم کرنا پڑے گا کہ یہوواہ کے گواہ گھربہ‌گھر کی مُنادی کے دوران جو پیغام دیتے تھے وہ درحقیقت واحد سچے خدا یہوواہ کی طرف سے تھا۔‏ نیز،‏ یہ کہ یہوواہ کے گواہ اُس کے نمائندوں کے طور پر خدمت انجام دے رہے تھے۔‏ پس اِس تشویشناک دَور میں بھی ہمیں یہوواہ کا نام لینے اور اُس کی گواہی دینے کا شاندار شرف حاصل ہے!‏ جی‌ہاں،‏ یہوواہ پر بھروسا رکھتے ہوئے ہم گھربہ‌گھر مُنادی میں درپیش مشکلات سے نپٹ سکتے ہیں۔‏

آپ کیسے جواب دیں گے؟‏

‏• ہم مُنادی کرنے کے لئے دلیری کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟‏

‏• گھربہ‌گھر مُنادی کے دوران بائبل سے بات‌چیت شروع کرنے میں کونسی چیز ہماری مدد کر سکتی ہے؟‏

‏• ہم دوسروں میں حقیقی دلچسپی کیسے ظاہر کر سکتے ہیں؟‏

‏• اپنے علاقے کے لوگوں کے لئے مثبت رُجحان قائم رکھنے میں کونسی چیز ہماری مدد کر سکتی ہے؟‏

‏[‏مطالعے کے سوالات]‏

‏[‏صفحہ ۹ پر بکس/‏تصویر]‏

بائبل سے بات‌چیت شروع کرنے کا ایک طریقہ

بات‌چیت شروع کرنے کے لئے:‏

▪ صاحبِ‌خانہ کو سلام کہنے کے بعد آپ اُسے اشتہار پیش کرتے ہوئے یہ کہہ سکتے ہیں،‏ ‏”‏آج میرے آنے کا مقصد آپ کے ساتھ اِس اہم اور حوصلہ‌افزا مضمون پر بات‌چیت کرنا ہے۔‏“‏

▪ یاپھر آپ کوئی اشتہار دے سکتے اور یہ کہہ سکتے ہیں،‏ ‏”‏آج مَیں اِس لئے مختصر سی ملاقات کر رہا ہوں کیونکہ مَیں اِس موضوع کے بارے میں آپ کی رائے جاننے میں دلچسپی رکھتا ہوں۔‏“‏

اگر کوئی اشتہار قبول کر لیتا ہے:‏

▪ تو فوراً ہی صاحبِ‌خانہ سے اشتہار کے عنوان پر مبنی ایک سادہ سا نظریاتی سوال پوچھیں۔‏

▪ توجہ سے صاحبِ‌خانہ کی بات سنیں تاکہ آپ اُس کے نظریات کو سمجھ سکیں۔‏ اُس کے تبصروں کے لئے شکریہ ادا کریں۔‏

بات‌چیت جاری رکھنے کے لئے:‏

▪ ایک یا ایک سے زیادہ صحائف پڑھیں اور اِن پر بات‌چیت کریں۔‏ نیز،‏ اپنی پیشکش کو صاحبِ‌خانہ کی دلچسپیوں اور ضرورتوں کے مطابق ڈھالیں۔‏

▪ جہاں دلچسپی دکھائی جاتی ہے،‏ وہاں مطبوعات پیش کریں اور اگر ممکن ہو تو بائبل مطالعہ کرانے کا مظاہرہ کریں۔‏ دوبارہ ملاقات کا بندوبست کریں۔‏