مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

پاک کلام میں درج موازنوں پر غور کرنے کے فائدے

پاک کلام میں درج موازنوں پر غور کرنے کے فائدے

آپ ضرور اِس بات سے متفق ہوں گے کہ آج تک زمین پر یسوع مسیح سے زیادہ عظیم اُستاد اَور کوئی نہیں ہوا۔‏ شاید آپ دوسروں کو تعلیم دینے کے لئے ویسے ہی طریقے اِستعمال کرتے ہیں جیسے یسوع مسیح کرتے تھے۔‏ مثلاً،‏ سوال پوچھنا اور تمثیلیں دینا وغیرہ۔‏ لیکن کیا آپ نے کبھی اِس بات پر غور کِیا ہے کہ وہ دوسروں کو اپنی بات سمجھانے کے لئے اکثر دو متضاد چیزوں کا موازنہ بھی کرتے تھے؟‏

یہی طریقہ آج‌کل بہت سے لوگ اپنی روزمرہ کی بات‌چیت میں اِستعمال کرتے ہیں۔‏ شاید ہم بھی اکثر بِلاسوچے سمجھے ایسا کرتے ہیں۔‏ مثال کے طور پر شاید ہم کہیں:‏ ”‏دُکان‌دار نے تو کہا تھا کہ سارے آم پکے ہیں لیکن اِن میں سے ایک کچا ہے۔‏“‏ یا پھر شاید ہم کہیں:‏ ”‏یہ لڑکی پہلے تو بڑی شرمیلی ہوتی تھی مگر اب یہ سب سے بِلاجھجھک ملتی ہے۔‏“‏

اِس طرح کے جملوں میں ہم پہلے کوئی حقیقت یا خیال پیش کرتے ہیں۔‏ پھر ہم لیکن،‏ مگر،‏ بلکہ جیسے الفاظ اِستعمال کرنے سے کوئی متضاد بات متعارف کراتے ہیں۔‏ یا پھر ہم اِن الفاظ کے بعد کوئی اِضافی معلومات پیش کرنے سے اُس حقیقت یا خیال پر زور دیتے ہیں۔‏ یوں دوسرے آسانی سے ہماری بات سمجھ جاتے ہیں۔‏

بعض ثقافتوں یا زبانوں میں دو متضاد چیزوں کا موازنہ کرنا اِتنا عام نہیں ہے۔‏ پھر بھی ہمیں اِس طریقے کی اہمیت کو سمجھنا چاہئے کیونکہ خدا کے کلام میں اکثر دو متضاد چیزوں کا موازنہ کرنے سے مختلف باتوں پر زور دیا گیا ہے۔‏ یسوع مسیح تو تعلیم دیتے وقت اکثر ایسا کرتے تھے۔‏ ذرا اِن مثالوں پر غور کریں:‏ ”‏چراغ جلا کر پیمانہ کے نیچے نہیں بلکہ چراغ‌دان پر رکھتے ہیں۔‏“‏ ”‏مَیں توریت یا نبیوں کی کتابوں کو .‏ .‏ .‏ منسوخ کرنے نہیں بلکہ پورا کرنے آیا ہوں۔‏“‏ ”‏تُم سُن چکے ہو کہ کہا گیا تھا کہ زِنا نہ کرنا۔‏ لیکن مَیں تُم سے یہ کہتا ہوں کہ جس کسی نے بُری خواہش سے کسی عورت پر نگاہ کی وہ اپنے دل میں اُس کے ساتھ زِنا کر چُکا۔‏“‏ ”‏تُم سُن چکے ہو کہ کہا گیا تھا کہ آنکھ کے بدلے آنکھ اور دانت کے بدلے دانت۔‏ لیکن مَیں تُم سے یہ کہتا ہوں کہ شریر کا مقابلہ نہ کرنا بلکہ جو کوئی تیرے دہنے گال پر طمانچہ مارے دوسرا بھی اُس کی طرف پھیر دے۔‏“‏—‏متی ۵:‏۱۵،‏ ۱۷،‏ ۲۷،‏ ۲۸،‏ ۳۸،‏ ۳۹‏۔‏

بائبل کی دوسری کتابوں میں بھی دو متضاد چیزوں کا موازنہ کرنے کی مثالیں پائی جاتی ہیں۔‏ اِنہیں یا تو کسی بات کو سمجھانے کے لئے اِستعمال کِیا گیا ہے یا پھر کوئی کام کرنے کا بہتر طریقہ واضح کرنے کے لئے۔‏ اگر آپ کے بچے ہیں تو اِس مثال پر غور کریں:‏ ”‏اَے اولاد والو!‏ تُم اپنے فرزندوں کو غصہ نہ دِلاؤ بلکہ ‏[‏یہوواہ]‏ کی طرف سے تربیت اور نصیحت دےدے کر اُن کی پرورش کرو۔‏“‏ (‏افس ۶:‏۴‏)‏ اگر پولسُ رسول بس یہ کہتے کہ ایک باپ یا ماں کو یہوواہ خدا کے معیاروں کے مطابق اپنے بچوں کی پرورش کرنی چاہئے تو اُن کی بات پھر بھی سچ اور فائدہ‌مند ہوتی۔‏ مگر اُنہوں نے بچوں کو ’‏غصہ نہ دِلانے‘‏ کا موازنہ ’‏یہوواہ کی طرف سے اُن کی تربیت کرنے‘‏ سے کِیا۔‏ یوں اُن کا مشورہ اَور زیادہ مؤثر ہو گیا۔‏

افسیوں ۶:‏۱۲ میں پولسُ رسول نے کہا:‏ ”‏ہمیں خون اور گوشت سے کشتیُ نہیں کرنا ہے بلکہ ‏.‏ .‏ .‏ شرارت کی اُن روحانی فوجوں سے جو آسمانی مقاموں میں ہیں۔‏“‏ اِس موازنے سے آپ سمجھ سکتے ہیں کہ آپ کی لڑائی ایک بہت ہی طاقت‌ور دُشمن سے ہے۔‏ آپ کا دُشمن کوئی اِنسان نہیں بلکہ بُرے فرشتے ہیں۔‏

موازنوں پر غور کرنے کی اہمیت

افسیوں کی کتاب میں اَور بھی بہت سی آیتیں ہیں جن میں پولسُ رسول نے دو متضاد چیزوں کا موازنہ کِیا۔‏ اِن پر غور کرنے سے ہم اُن کی باتوں کو آسانی سے سمجھ سکتے ہیں اور جان سکتے ہیں کہ اُن کی باتیں ہم پر کیسے لاگو ہوتی ہے۔‏

اِس مضمون میں ایک چارٹ دیا گیا ہے جس میں افسیوں ۴ اور ۵ باب کی آیتیں درج ہیں۔‏ اِن آیتوں میں جو موازنے کئے گئے ہیں،‏ اُن پر غور کرنے سے آپ کو بہت فائدہ ہوگا۔‏ ہر آیت کو پڑھنے کے بعد خود سے پوچھیں:‏ ”‏اِس آیت میں جو مشورہ دیا گیا ہے،‏ مَیں اُس کے بارے میں کیسا محسوس کرتا ہوں؟‏ اِس میں جس صورتحال کا ذکر کِیا گیا ہے،‏ اگر مَیں ایسی صورتحال میں ہوتا تو کیا کرتا؟‏ اِس میں جن دو متضاد باتوں کا ذکر کِیا گیا ہے،‏ دوسروں کے خیال میں مجھ پر اُن میں سے کون‌سی لاگو ہوتی ہے؟‏“‏ اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کو کسی معاملے میں بہتری لانے کی ضرورت ہے تو ایسا کرنے کی پوری کوشش کریں۔‏ یوں آپ اُن موازنوں سے بھرپور فائدہ حاصل کر سکیں گے جو اِن آیتوں میں کئے گئے ہیں۔‏

آپ اِس چارٹ کو اپنی خاندانی عبادت میں بھی اِستعمال کر سکتے ہیں۔‏ پہلے گھر کے سارے افراد اِن آیتوں کو پڑھ سکتے ہیں۔‏ پھر کوئی ایک فرد آیت کے پہلے حصے کو پڑھ سکتا ہے اور باقی افراد دوسرا حصہ زبانی بتا سکتے ہیں۔‏ اِس کے بعد سب مل کر بات کر سکتے ہیں کہ وہ دوسرے حصے پر اَور اچھی طرح کیسے عمل کر سکتے ہیں۔‏ اِس طرح آپ سب،‏ چاہے آپ بچے ہیں یا بڑے،‏ زندگی کے تمام پہلوؤں میں بائبل کے اصولوں کے مطابق چلنے کے قابل ہوں گے۔‏

اگر آپ کو کسی موازنے کا پہلا حصہ بتایا جاتا ہے تو کیا آپ دوسرا حصہ زبانی بتا سکتے ہیں؟‏

جب آپ سمجھ جاتے ہیں کہ دو متضاد چیزوں کا موازنہ کرنا دوسروں کو تعلیم دینے کا مؤثر طریقہ ہے تو آپ اُن آیتوں کو آسانی سے پہچان لیں گے جن میں ایسے موازنے پائے جاتے ہیں۔‏ اِس کے علاوہ مُنادی کے کام میں اِس طریقے کو اِستعمال کرنے سے آپ کو بہت فائدہ ہوگا۔‏ مثال کے طور پر آپ صاحبِ‌خانہ سے کہہ سکتے ہیں:‏ ”‏بہت سے لوگ یہ مانتے ہیں کہ اِنسان کے مرنے کے بعد اُس کی روح کسی اَور جہان میں زندہ رہتی ہے لیکن خدا کے کلام میں بتایا گیا ہے کہ .‏ .‏ .‏۔‏“‏ یا پھر جس شخص کے ساتھ آپ بائبل کا مطالعہ کرتے ہیں،‏ اُس سے کہہ سکتے ہیں:‏ ”‏بہت سے لوگ دوزخ کے عقیدے پر ایمان رکھتے ہیں۔‏ لیکن ہم نے پاک کلام سے سیکھا ہے کہ .‏ .‏ .‏۔‏ اِس کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟‏“‏

بائبل میں بہت سی ایسی آیتیں ہیں جن میں دو متضاد چیزوں کا موازنہ کِیا گیا ہے۔‏ اِن موازنوں پر غور کرنے سے ہمیں خدا کی مرضی کے مطابق چلنے میں مدد ملتی ہے۔‏ اِس کے علاوہ ہم اِس طریقے کو مؤثر طور پر اِستعمال کرنے سے دوسروں کو بائبل کی سچائیاں سمجھا سکتے ہیں۔‏