مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

”‏میری یادگاری کے واسطے یہی کِیا کرو“‏

”‏میری یادگاری کے واسطے یہی کِیا کرو“‏

‏”‏یسوؔع نے .‏ .‏ .‏ روٹی لی اور شکر کرکے توڑی اور کہا یہ میرا بدن ہے جو تمہارے لئے ہے۔‏ میری یادگاری کے واسطے یہی کِیا کرو۔‏“‏​—‏⁠۱-‏کر ۱۱:‏۲۳،‏ ۲۴‏۔‏

۱،‏ ۲.‏ یسوع مسیح کے آخری بار یروشلیم جانے سے پہلے اُن کے رسولوں نے کیا سوچا ہوگا؟‏

آسمان بالکل صاف تھا۔‏ یروشلیم میں نیا چاند نظر آ چُکا تھا۔‏ جونہی صدرعدالت تک یہ خبر پہنچی،‏ اُنہوں نے یہ اِعلان کر دیا کہ نیسان کا مہینہ شروع ہو گیا ہے۔‏ اِس خبر کو  پھیلانے کے لئے تھوڑے تھوڑے فاصلے پر کھمبے کھڑے کرکے اُن پر آگ جلائی گئی اور قاصد روانہ کئے گئے۔‏ یسوع مسیح کے رسول بھی جان گئے کہ عیدِفسح نزدیک آ گئی ہے۔‏ بِلاشُبہ وہ سوچ رہے ہوں گے کہ اب یسوع مسیح عیدِفسح منانے کے لئے یروشلیم جانا چاہیں گے۔‏

۲ اُس وقت یسوع مسیح اور اُن کے رسول دریائےیردن کے پار شہر پیریہ  میں تھے۔‏ جلد ہی یسوع مسیح آخری بار اپنے رسولوں کے ساتھ یروشلیم جانے والے  تھے۔‏ (‏متی ۱۹:‏۱؛‏ ۲۰:‏۱۷،‏ ۲۹؛‏ مر ۱۰:‏۱،‏ ۳۲،‏ ۴۶‏)‏ اِس بات کی تصدیق ہو چکی تھی کہ نیسان کا مہینہ شروع ہو گیا ہے۔‏ لہٰذا اب یہودیوں نے ۱۳ دن بعد یعنی ۱۴ نیسان کو غروبِ‌آفتاب کے بعد عیدِفسح منانی تھی۔‏

۳.‏ عیدِفسح کی تاریخ سچے مسیحیوں کے لئے کیا اہمیت رکھتی ہے؟‏

۳ یسوع مسیح کی یادگاری تقریب اُسی دن منائی جاتی ہے جس دن پر عیدِفسح  منائی جاتی تھی۔‏ سن ۲۰۱۴ء میں یہ تقریب ۱۴ اپریل کو غروبِ‌آفتاب کے  بعد  منائی  جائے گی۔‏ یہوواہ کے گواہوں اور اُن سے بائبل کی تعلیم پانے والوں کے لئے یہ بہت ہی خاص دن ہوگا۔‏ اِس کی وجہ ۱-‏کرنتھیوں ۱۱:‏۲۳-‏۲۵ میں یوں بتائی گئی ہے:‏ ”‏یسوؔع نے جس رات وہ پکڑوایا گیا روٹی لی۔‏ اور شکر کرکے توڑی اور کہا یہ میرا بدن ہے جو تمہارے لئے ہے۔‏ میری یادگاری کے واسطے یہی کِیا کرو۔‏ اِسی طرح اُس نے کھانے کے بعد پیالہ بھی لیا۔‏“‏

۴.‏ ‏(‏الف)‏ یسوع مسیح کی یادگاری تقریب کے بارے میں ہمیں خود سے کون‌سے سوال  پوچھنے چاہئیں؟‏ (‏ب)‏ ہر سال یادگاری تقریب کی تاریخ کیسے طے کی جاتی ہے؟‏ (‏بکس ”‏سن ۲۰۱۴ء میں یادگاری تقریب کی تاریخ“‏ کو دیکھیں۔‏)‏

۴ بِلاشُبہ آپ اِس خاص تقریب پر حاضر ہونا چاہیں گے کیونکہ یہ واحد تقریب ہے جسے ہر سال منانے کا حکم یسوع مسیح نے اپنے پیروکاروں کو دیا تھا۔‏ لیکن اِس سے پہلے خود سے پوچھیں:‏ ”‏اِس تقریب کو منانے کے لئے مجھے کیسے تیاری کرنی چاہئے؟‏ اِس کے دوران کون‌سی چیزیں اِستعمال کی جاتی ہیں اور وہ کس کی طرف اِشارہ کرتی ہیں؟‏ اِس تقریب پر کیاکیا ہوگا؟‏ یہ تقریب اور یہ چیزیں میرے لئے کیا اہمیت رکھتی ہیں؟‏“‏

روٹی اور مے

۵.‏ یسوع مسیح نے آخری فسح منانے کے سلسلے میں اپنے رسولوں کو کون‌سے اِنتظامات کرنے کی ہدایت دی؟‏

۵ جب یسوع مسیح نے اپنے رسولوں کو فسح کے لئے کمرہ تیار کرنے کو کہا تو اُن کا مطلب یہ نہیں تھا کہ شاگرد کمرے میں خوب سجاوٹ کریں۔‏ اِس کی بجائے وہ چاہتے تھے کہ کمرہ صاف‌ستھرا ہو اور اُس میں اِتنی گنجائش ہو کہ وہ اپنے رسولوں کے ساتھ آسانی سے فسح منا سکیں۔‏ ‏(‏مرقس ۱۴:‏۱۲-‏۱۶ کو پڑھیں۔‏)‏ رسولوں کو کچھ خاص چیزوں کا اِنتظام بھی کرنا تھا جس میں بےخمیری روٹی اور سُرخ مے شامل تھی۔‏ فسح کا کھانا کھانے کے بعد یسوع مسیح نے روٹی اور مے کو ایک خاص مقصد کے لئے اِستعمال کِیا۔‏

۶.‏ ‏(‏الف)‏ فسح کا کھانا کھانے کے بعد یسوع مسیح نے روٹی کے بارے میں کیا کہا؟‏ (‏ب)‏ یادگاری تقریب میں کس طرح کی روٹی اِستعمال کی جاتی ہے؟‏

۶ متی رسول اِس موقعے پر موجود تھے۔‏ اُنہوں نے بعد میں لکھا:‏ ”‏یسوؔع نے روٹی لی اور برکت دے کر توڑی اور شاگردوں کو دے کر کہا لو کھاؤ۔‏“‏ (‏متی ۲۶:‏۲۶‏)‏ یہ روٹی بےخمیری تھی جیسی عیدِفسح پر اِستعمال ہوتی تھی۔‏ (‏خر ۱۲:‏۸؛‏ است ۱۶:‏۳‏)‏ یہ روٹی گندم کے آٹے کو پانی سے گُوندھ کر بنائی جاتی تھی۔‏ اِس میں خمیر یا کوئی اَور چیز جیسے کہ نمک وغیرہ نہیں ملایا جاتا تھا۔‏ بےخمیری ہونے کی وجہ سے یہ روٹی پھولی ہوئی نہیں ہوتی تھی۔‏ یہ روٹی سادہ،‏ خشک اور خستہ ہوتی تھی۔‏ اِس لئے اِسے آسانی سے توڑا جا سکتا تھا۔‏ آج‌کل یسوع مسیح کی یادگاری تقریب سے پہلے کلیسیا کے بزرگ کسی بھائی یا بہن کو ایسی روٹی بنانے کے لئے کہتے ہیں۔‏ یہ روٹی گندم کے آٹے کو پانی سے گُوندھ کر ہلکے سے چکنے توے پر پکائی جاتی ہے۔‏ اگر گندم کا آٹا دستیاب نہ ہو تو اِس روٹی کو چاول،‏ جَو،‏ مکئی یا کسی ایسے ہی اناج کے آٹے سے بنایا جا سکتا ہے۔‏

۷.‏ ‏(‏الف)‏ یسوع مسیح نے جو پیالہ لیا،‏ اُس میں کیا تھا؟‏ (‏ب)‏ یسوع مسیح کی یادگاری تقریب میں کس طرح کی مے اِستعمال کی جاتی ہے؟‏

۷ متی رسول نے یہ بھی لکھا:‏ ”‏[‏یسوع مسیح نے]‏ پیالہ لے کر شکر کِیا اور اُن کو دے کر کہا تُم سب اِس میں سے پیو۔‏“‏ (‏متی ۲۶:‏۲۷،‏ ۲۸‏)‏ یسوع مسیح نے سُرخ مے کا پیالہ ہاتھ میں لیا تھا۔‏ (‏یہ تازہ انگوروں کا رس نہیں تھا کیونکہ انگوروں کا موسم کافی مہینے پہلے گزر چُکا تھا۔‏)‏ مصر میں جو فسح کا کھانا کھایا گیا تھا،‏ اُس میں مے شامل نہیں تھی۔‏ لیکن یسوع مسیح نے اِسے فسح کے کھانے میں شامل کرنے پر کوئی اِعتراض نہیں کِیا تھا۔‏ اُنہوں نے تو مے کو اپنی موت کی یادگاری تقریب قائم کرنے کے لئے اِستعمال کِیا تھا۔‏ اِس لئے سچے مسیحی بھی آج‌کل یادگاری تقریب میں مے رکھتے ہیں۔‏ یسوع مسیح کا خون گُناہوں کا کفارہ دینے کے لئے کافی تھا۔‏ اِس کی قیمت بڑھانے کے لئے اِس میں کچھ شامل کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔‏ اِس لئے سُرخ مے میں بھی برانڈی یا مصالحے وغیرہ شامل نہیں کئے جانے چاہئیں۔‏ یادگاری تقریب میں سادہ مے اِستعمال کی جانی چاہئے،‏ چاہے یہ گھر میں تیار کی جائے یا بازار سے خریدی جائے۔‏

روٹی اور مے کس کی طرف اِشارہ کرتی ہیں؟‏

۸.‏ سچے مسیحی روٹی اور مے کی اہمیت پر غور کیوں کرتے ہیں؟‏

۸ پولُس رسول نے واضح کِیا کہ رسولوں  کے  علاوہ  دوسرے مسیحیوں کو بھی ہر سال یادگاری تقریب منانی چاہئے۔‏ اُنہوں نے کُرنتھس کے مسیحیوں کو لکھا:‏ ”‏یہ بات مجھے خداوند سے پہنچی اور مَیں نے تُم کو بھی پہنچا دی کہ خداوند یسوؔع نے .‏ .‏ .‏ روٹی لی اور شکر کرکے توڑی اور کہا یہ میرا بدن ہے جو تمہارے لئے ہے۔‏ میری یادگاری کے واسطے یہی کِیا کرو۔‏“‏ (‏۱-‏کر ۱۱:‏۲۳،‏ ۲۴‏)‏ اِسی لئے آج‌کل بھی سچے مسیحی ہر سال یہ تقریب مناتے ہیں اور روٹی اور مے کی اہمیت پر غور کرتے ہیں۔‏

۹.‏ یسوع مسیح نے جو روٹی اِستعمال کی،‏ بعض لوگ اُس کے بارے میں کیا غلط نظریہ رکھتے ہیں؟‏

۹ بعض مسیحی فرقوں کے لوگ یہ مانتے ہیں کہ جب  یسوع مسیح  نے روٹی کے بارے میں کہا کہ ”‏یہ میرا بدن ہے“‏  تو  وہ سچ‌مچ  یسوع  مسیح کا بدن بن گئی تھی۔‏ لیکن دراصل ایسا نہیں ہوا تھا۔‏ * یسوع مسیح اپنے وفادار رسولوں کے سامنے بیٹھے تھے اور بےخمیری روٹی بھی شاگردوں کے سامنے پڑی تھی۔‏ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یسوع مسیح مجازی معنوں میں بات کر رہے تھے جیسے کہ وہ اکثر  کِیا  کرتے تھے۔‏​—‏⁠یوح ۲:‏۱۹-‏۲۱؛‏ ۴:‏۱۳،‏ ۱۴؛‏ ۱۰:‏۷؛‏ ۱۵:‏۱‏۔‏

۱۰.‏ مسیح کی یادگاری تقریب میں روٹی کس کی طرف اِشارہ کرتی ہے؟‏

۱۰ رسولوں کے سامنے جو روٹی پڑی تھی،‏ وہ یسوع مسیح کے بدن کی طرف اِشارہ کرتی ہے۔‏ لیکن کس بدن کی طرف؟‏ ایک زمانے میں یہوواہ کے بندے یہ مانتے تھے کہ روٹی یسوع مسیح کے اصلی جسم کی طرف اِشارہ نہیں کرتی کیونکہ اُنہوں نے روٹی کو توڑا تھا جبکہ اُن کی کوئی ہڈی توڑی نہیں گئی تھی۔‏ اِس لئے اُن کا خیال تھا کہ روٹی ممسوح مسیحیوں کی کلیسیا کی طرف اِشارہ کرتی ہے جو ”‏مسیح کا بدن“‏ کہلاتی ہے۔‏ (‏افس ۴:‏۱۲؛‏ روم ۱۲:‏۴،‏ ۵؛‏ ۱-‏کر ۱۰:‏۱۶،‏ ۱۷؛‏ ۱۲:‏۲۷‏)‏ لیکن اِس بات پر مزید تحقیق کرنے سے وہ یہ سمجھ گئے کہ روٹی سے مُراد مسیح کا اِنسان بدن ہے جو اُن کے لئے تیار کِیا گیا تھا۔‏ اُنہوں نے ”‏جسم کے اِعتبار سے دُکھ اُٹھایا“‏ یہاں تک کہ اُنہیں سُولی پر چڑھا دیا گیا۔‏ اِس لئے مسیح کی یادگاری تقریب میں روٹی یسوع مسیح کے اصلی جسم کی طرف اِشارہ کرتی ہے جس پر اُنہوں نے ہمارے ’‏گُناہوں کو لے لیا۔‏‘‏​—‏⁠۱-‏پطر ۲:‏۲۱-‏۲۴؛‏ ۴:‏۱؛‏ یوح ۱۹:‏۳۳-‏۳۶؛‏ عبر ۱۰:‏۵-‏۷‏۔‏

۱۱،‏ ۱۲.‏ ‏(‏الف)‏ یسوع مسیح نے مے کے بارے میں کیا کہا؟‏ (‏ب)‏ مسیح کی یادگاری تقریب میں اِستعمال ہونے والی مے کس کی طرف اِشارہ کرتی ہے؟‏

۱۱ جب ہم یہ سمجھ جاتے ہیں کہ روٹی یسوع مسیح کے بدن کی طرف اِشارہ کرتی ہے تو پھر ہم مے کے بارے میں یسوع مسیح کی بات کو بھی سمجھ سکتے ہیں۔‏ بائبل میں لکھا ہے:‏ ”‏اِسی طرح [‏یسوع مسیح]‏ نے کھانے کے بعد پیالہ بھی لیا اور کہا یہ پیالہ میرے خون میں نیا عہد ہے۔‏“‏ (‏۱-‏کر ۱۱:‏۲۵‏)‏ کیا وہ پیالہ نیا عہد تھا جو یسوع مسیح کے ہاتھ میں تھا؟‏ جی‌نہیں۔‏ یسوع مسیح دراصل اُس پیالے میں موجود مے کی بات کر رہے تھے۔‏ مے کس کی طرف اِشارہ کرتی ہے؟‏ یسوع مسیح کے خون کی طرف۔‏

۱۲ مرقس کی اِنجیل میں لکھا ہے کہ یسوع مسیح نے مے کے بارے میں کہا کہ ”‏یہ میرے ”‏عہد کے خون“‏ کی طرف اِشارہ“‏ کرتی ہے جو ”‏بہت سے لوگوں کے لئے بہایا جائے گا۔‏“‏ (‏مر ۱۴:‏۲۴‏،‏ نیو ورلڈ ٹرانسلیشن‏)‏ یسوع مسیح کا خون ”‏بہتیروں کے لئے گُناہوں کی معافی کے واسطے بہایا جاتا ہے۔‏“‏ (‏متی ۲۶:‏۲۸‏)‏ لہٰذا سُرخ مے یسوع مسیح کے خون کی طرف اِشارہ کرتی ہے۔‏ یسوع مسیح نے اپنے خون سے ہمارا فدیہ دیا جس کی بدولت ”‏ہم کو .‏ .‏ .‏ قصوروں کی معافی“‏ حاصل ہوتی ہے۔‏​‏—‏⁠افسیوں ۱:‏۷ کو پڑھیں۔‏

رسولوں نے مے کو پیا جو یسوع مسیح کے ”‏عہد کے خون“‏ کی طرف اِشارہ کرتی ہے۔‏ (‏پیراگراف ۱۱ اور ۱۲ کو دیکھیں۔‏)‏

مسیح کی یادگاری تقریب منانے کا طریقہ

۱۳.‏ بتائیں کہ مسیح کی یادگاری تقریب پر کیا ہوتا ہے؟‏

۱۳ اگر آپ یہوواہ کے گواہوں کے ساتھ پہلی مرتبہ مسیح کی یادگاری تقریب منانے کا پروگرام بنا رہے ہیں تو آپ شاید سوچیں کہ اُن کی عبادت‌گاہ کیسی ہوگی اور وہاں کیاکیا ہوگا؟‏ یہ تقریب ایک صاف‌ستھری جگہ پر منائی جائے گی جہاں سب حاضرین کے لئے کافی گنجائش ہوگی۔‏ شاید وہاں پھولوں سے تھوڑی بہت سجاوٹ کی ہوگی لیکن وہاں نہ تو دعوت کا سماں ہوگا اور نہ ہی رنگ‌برنگی جھنڈیاں اور بتیاں لگی ہوں گی۔‏ کلیسیا کا ایک بزرگ اِس تقریب کے متعلق بائبل سے ایک تقریر پیش کرے گا۔‏ وہ اِس بات پر روشنی ڈالے گا کہ یسوع مسیح نے اپنی جان اِس لئے قربان کی تاکہ ہم نجات پا سکیں۔‏ ‏(‏رومیوں ۵:‏۸-‏۱۰ کو پڑھیں۔‏)‏ وہ بتائے گا کہ بائبل میں مسیحیوں کے لئے دو طرح کی اُمیدوں کا ذکر کِیا گیا ہے۔‏

۱۴.‏ یادگاری تقریب پر پیش کی جانے والی تقریر میں کن اُمیدوں پر بات کی جائے گی؟‏

۱۴ رسولوں کی طرح کچھ مسیحی اُمید رکھتے ہیں کہ وہ آسمان پر یسوع مسیح کے ساتھ حکمرانی کریں گے۔‏ (‏لو ۱۲:‏۳۲؛‏ ۲۲:‏۱۹،‏ ۲۰؛‏ مکا ۱۴:‏۱‏)‏ لیکن زیادہ‌تر وفادار مسیحی اُمید رکھتے ہیں کہ جب زمین فردوس بن جائے گی تو وہ اِس میں ہمیشہ تک زندہ رہیں گے۔‏ تب زمین پر خدا کی مرضی ہوگی جیسے آسمان پر ہوتی ہے۔‏ تمام مسیحی بڑے عرصے سے اِس کے لئے دُعا کر رہے ہیں۔‏ (‏متی ۶:‏۱۰‏)‏ پاک کلام میں بتایا گیا ہے کہ جب زمین پر خدا کی مرضی ہوگی تو اِنسان ہمیشہ تک شان‌دار برکتوں سے لطف‌اندوز ہوں گے۔‏​—‏⁠یسع ۱۱:‏۶-‏۹؛‏ ۳۵:‏۵،‏ ۶؛‏ ۶۵:‏۲۱-‏۲۳‏۔‏

۱۵،‏ ۱۶.‏ یادگاری تقریب میں روٹی کیسے اِستعمال کی جاتی ہے؟‏

۱۵ مسیحیوں کی دو فرق اُمیدوں پر بات کرنے کے بعد مقرر یہ بتائے گا کہ اب یادگاری تقریب بالکل اُنہی ہدایات کے مطابق منائی جائے گی جو یسوع مسیح نے اپنے رسولوں کو دی تھیں۔‏ جیسا کہ پہلے بتایا گیا ہے،‏ بےخمیری روٹی اور مے کو اِستعمال کِیا جائے گا۔‏ یہ دونوں چیزیں مقرر کے پاس میز پر پڑی ہوں گی۔‏ مقرر اُن آیتوں پر توجہ دِلائے گا جن میں بتایا گیا ہے کہ یسوع مسیح نے یادگاری تقریب قائم کرتے وقت کیا کہا تھا اور کیا کِیا تھا۔‏ شاید وہ متی کی اِنجیل سے پڑھے کہ ”‏یسوؔع نے روٹی لی اور برکت دے کر توڑی اور شاگردوں کو دے کر کہا لو کھاؤ۔‏ یہ میرا بدن ہے۔‏“‏ (‏متی ۲۶:‏۲۶‏)‏ یسوع مسیح نے بےخمیری روٹی توڑی تاکہ وہ اِسے اپنے دائیں اور بائیں بیٹھے رسولوں میں بانٹ سکیں۔‏ آپ.‏ ۱۴ اپریل کی تقریب کے دوران بھی دیکھیں گے کہ بےخمیری روٹی توڑ کر پلیٹوں میں رکھی ہوئی ہے۔‏

۱۶ پلیٹیں اِتنی تعداد میں موجود ہوں گی کہ تمام حاضرین  میں روٹی گزارنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔‏ روٹی کو گزارتے وقت کوئی خاص رسم ادا نہیں کی جائے گی۔‏ بس مختصر سی دُعا کی جائے گی جس کے بعد منظم طریقے سے روٹی سب حاضرین کے سامنے سے گزاری جائے گی۔‏ بہت ہی کم مسیحی روٹی کھائیں گے یا شاید کوئی بھی نہیں کھائے گا۔‏ پچھلے سال زیادہ‌تر کلیسیاؤں میں ایسا ہی ہوا تھا۔‏

۱۷.‏ یادگاری تقریب میں مے کے سلسلے میں یسوع مسیح کی مثال پر کیسے عمل کِیا جاتا ہے؟‏

۱۷ پھر مقرر متی ۲۶:‏۲۷،‏ ۲۸ کو پڑھے گا جن میں لکھا  ہے:‏ ”‏[‏یسوع مسیح نے]‏ پیالہ لے کر شکر کِیا اور اُن کو دے کر کہا تُم  سب اِس میں سے پیو۔‏ کیونکہ یہ میرا وہ عہد کا خون ہے جو بہتیروں کے لئے گُناہوں کی معافی کے واسطے بہایا جاتا ہے۔‏“‏ یسوع مسیح کی مثال پر عمل کرتے ہوئے دُعا کی جائے گی اور پھر سُرخ مے سب حاضرین کے سامنے سے گزاری جائے گی۔‏

۱۸.‏ حالانکہ یادگاری تقریب میں زیادہ‌تر مسیحی روٹی نہیں کھاتے اور مے نہیں پیتے پھر بھی سب مسیحیوں کو اِس تقریب میں کیوں آنا چاہئے؟‏

۱۸ جب روٹی اور مے گزاری جائے گی تو صرف  وہ  مسیحی روٹی کھائیں گے اور مے پئیں گے جو یسوع مسیح کے ساتھ حکمرانی کرنے کی اُمید رکھتے ہیں جبکہ باقی اِسے آگے گزارتے جائیں گے۔‏ (‏لوقا ۲۲:‏۲۸-‏۳۰ کو پڑھیں؛‏ ۲-‏تیم ۴:‏۱۸‏)‏ حالانکہ اِس  تقریب کے دوران زیادہ‌تر مسیحی روٹی نہیں کھاتے اور مے نہیں پیتے پھر بھی اُن کے لئے اِس تقریب میں آنا بہت اہم ہے۔‏ لیکن کیوں؟‏ اِس تقریب میں آنے سے وہ ظاہر کرتے ہیں کہ وہ یسوع مسیح کی قربانی کی دل سے قدر کرتے ہیں۔‏ اِس کے دوران وہ اُن برکتوں پر غور کرتے ہیں جو اُنہیں مسیح کی قربانی کی بدولت ملیں گی۔‏ اُنہیں اُمید ہے کہ وہ اُس ”‏بڑی بِھیڑ“‏ میں شامل ہوں گے جس نے ”‏اپنے جامے برّہ کے خون سے دھو کر سفید کئے ہیں“‏ اور جو ”‏بڑی مصیبت“‏ سے بچ نکلے گی۔‏​—‏⁠مکا ۷:‏۹،‏ ۱۴-‏۱۷‏۔‏

۱۹.‏ آپ مسیح کی یادگاری تقریب کے لئے تیاری کیسے کر سکتے ہیں؟‏ اور اِس سے فائدہ کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟‏

۱۹ ساری دُنیا میں یہوواہ کے گواہ اِس خاص تقریب کے لئے تیاری کیسے کرتے ہیں؟‏ اِس تقریب سے کچھ ہفتے پہلے ہی ہم لوگوں میں دعوت‌نامے بانٹنا شروع کر دیتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ آئیں۔‏ اِس کے علاوہ ہم یادگاری تقریب سے کچھ دن پہلے بائبل میں اُن واقعات کے بارے میں پڑھتے ہیں جو ۳۳ء کی عیدِفسح سے تھوڑا پہلے اور بعد میں ہوئے تھے۔‏ ہم اِس تقریب میں حاضر ہونے کے لئے پہلے سے بندوبست کرتے ہیں۔‏ یہ بہت اچھی بات ہوگی کہ ہم اِس تقریب کے اِبتدائی گیت اور دُعا سے کافی پہلے پہنچیں تاکہ ہم نئے آنے والے لوگوں سے مل سکیں اور خود بھی سارے پروگرام سے فائدہ حاصل کر سکیں۔‏ جب حاضرین مقرر کے ساتھ‌ساتھ اپنی بائبل میں آیتوں کو پڑھیں گے اور اِن پر غور کریں گے تو اُنہیں بہت فائدہ ہوگا۔‏ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اِس تقریب میں آ کر ہم یسوع مسیح کی قربانی کے لئے قدر ظاہر کرتے ہیں اور اُن کے اِس حکم کی فرمانبرداری کرتے ہیں کہ ”‏میری یادگاری کے واسطے یہی کِیا کرو۔‏“‏​—‏⁠۱-‏کر ۱۱:‏۲۴‏۔‏

^ پیراگراف 9 جرمنی کے عالم ہائنرک مائر نے کہا کہ یسوع مسیح کے رسولوں نے یہ نہیں سوچا تھا کہ وہ سچ‌مچ اُن کا بدن کھا رہے ہیں اور اُن کا خون پی رہے ہیں کیونکہ ”‏یسوع مسیح اُن کے سامنے زندہ موجود تھے۔‏“‏ اِس عالم نے یہ بھی کہا کہ یسوع مسیح نے روٹی اور مے کا مطلب ”‏بڑے سادہ الفاظ“‏ میں سمجھایا تاکہ اُن کے رسول اُن کی بات کا کوئی غلط مطلب نہ لیں۔‏