مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

‏’‏اپنے پاؤں کے راستے کو ہموار بنائیں‘‏

‏’‏اپنے پاؤں کے راستے کو ہموار بنائیں‘‏

جب خدا کی قوم 537 قبل‌ازمسیح میں شہر بابل چھوڑ کر یروشلیم واپس لوٹی تو یہوواہ خدا نے اُس سے کہا:‏ ”‏لوگوں کے لئے راہ درست کرو اور شاہراہ اُونچی اور بلند کرو۔‏ پتھر چن کر صاف کر دو۔‏“‏ (‏یسع 62:‏10‏)‏ ذرا تصور کریں کہ یہودیوں نے اِس حکم پر کیسے عمل کِیا ہوگا۔‏ شاید اُن میں سے کچھ آدمی آگے بھیجے گئے تاکہ وہ باقی لوگوں کے لیے راستہ تیار کریں۔‏ اُنہوں نے گڑھوں کو بھر دیا ہوگا اور راستے سے رُکاوٹوں کو ہٹایا ہوگا۔‏ اِس طرح اُن کے بھائیوں کا سفر قدراً آسان ہو گیا ہوگا۔‏

خدا کے خادموں کے طور پر ہم بھی ایک لحاظ سے ایک راستے پر سفر کر رہے ہیں۔‏ اگر ہم خدا کی خدمت میں کسی منزل کی طرف قدم اُٹھاتے ہیں تو خدا چاہتا ہے کہ ہم کسی رُکاوٹ کے بغیر اُس تک پہنچیں۔‏ اُس کے کلام میں یہ نصیحت کی گئی ہے:‏ ”‏اپنے پاؤں کے راستہ کو ہموار بنا اور تیری سب راہیں قائم رہیں۔‏“‏ (‏امثا 4:‏26‏)‏ چاہے آپ جوان ہوں یا اِس عمر سے گزر چکے ہوں،‏ آپ کو اِس نصیحت پر عمل کرنے سے بڑا فائدہ ہوگا۔‏

اچھے فیصلے کرنے سے اپنی راہ ہموار کریں

شاید آپ نے لوگوں کو کسی نوجوان کے بارے میں یہ کہتے سنا ہو کہ ”‏اُسے آگے بڑھنے کے بہت سے موقعے ملیں گے“‏ یا ”‏اُس کا مستقبل روشن ہوگا۔‏“‏ عموماً جوان لوگوں کی صحت اچھی ہوتی ہے،‏ وہ چست ہوتے ہیں اور اُن میں کامیاب ہونے کی خواہش ہوتی ہے۔‏ بائبل میں کہا گیا ہے کہ ”‏جوانوں کا زور اُن کی شوکت ہے۔‏“‏ (‏امثا 20:‏29‏)‏ ایسے نوجوان جو اپنی صلاحیتیں اور اپنی طاقت خدا کی خدمت کرنے کے لیے اِستعمال کرتے ہیں،‏ وہ اپنی منزلوں تک پہنچ سکتے ہیں اور سچی خوشی حاصل کر سکتے ہیں۔‏

لیکن دُنیا میں بھی ایسے لوگ ہیں جو ہمارے نوجوانوں کی صلاحیتیں اور لیاقتیں پہچانتے ہیں۔‏ جب ایک نوجوان جو یہوواہ کا گواہ ہے،‏ سکول میں اچھی کارکردگی دِکھاتا ہے تو اکثر اُس کے اُستاد یا ہم‌جماعت اُس پر اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے دباؤ ڈالتے ہیں۔‏ یا پھر ہو سکتا ہے کہ ایک نوجوان بہن یا بھائی کسی کھیل میں  بہت اچھا ہو اور اُس کے اُستاد اُسے کھلاڑی کے طور پر آگے بڑھنے پر اُکسائیں۔‏ کیا آپ نے خود کسی ایسی صورتحال کا سامنا کِیا ہے؟‏ یا کیا آپ کے کسی جاننے والے کے ساتھ ایسا ہوا ہے؟‏ ایک مسیحی ایسی صورت میں اچھا فیصلہ کیسے کر سکتا ہے؟‏

بائبل کے اصولوں پر غور کرنے سے ایک شخص پہچان سکتا ہے کہ زندگی کی بہترین راہ کون‌سی ہے۔‏ واعظ 12:‏1 میں لکھا ہے:‏ ”‏اپنی جوانی کے دنوں میں اپنے خالق کو یاد کر۔‏“‏ ایک نوجوان مسیحی کے لیے ”‏اپنے خالق کو یاد“‏ کرنے کا بہترین طریقہ کیا ہے؟‏

ذرا ایرِک * کی مثال پر غور کریں جو مغربی افریقہ میں رہتے ہیں۔‏ وہ فٹ‌بال کھیلنے کے بڑے شوقین تھے۔‏ جب ایرِک 15 سال کے تھے تو اُنہیں ایک قومی ٹیم میں کھیلنے کے لیے چنا گیا۔‏ اِس کا مطلب تھا کہ کچھ عرصے کے بعد اُنہیں یورپ میں خاص ٹریننگ حاصل کرنے کا موقع مل سکتا تھا اور اِس کے بل‌بوتے پر وہ پیشہ‌ور کھلاڑی بھی بن سکتے تھے۔‏ لیکن اِس راہ پر چل کر وہ اپنے خالق کو کیسے یاد کر سکتے تھے؟‏ ہم اُن کے تجربے سے کیا سیکھ سکتے ہیں؟‏

ایرِک ابھی سکول میں پڑھ رہے تھے کہ اُنہوں نے یہوواہ کے گواہوں کے ساتھ بائبل کا مطالعہ شروع کِیا۔‏ اُنہوں نے سیکھا کہ ہمارا خالق دُنیا کے مسائل کو ہمیشہ کے لیے حل کرے گا۔‏ ایرِک یہ بھی سمجھ گئے کہ اپنا وقت اور اپنی طاقت خدا کی خدمت میں صرف کرنا کتنا اہم ہے۔‏ اِس لیے اُنہوں نے یہ فیصلہ کِیا کہ وہ پیشہ‌ور کھلاڑی بننے کی کوشش ترک کر دیں گے۔‏ اُنہوں نے بپتسمہ لیا اور خدا کی خدمت کو اپنی زندگی میں پہلا مقام دیا۔‏ اُنہیں کلیسیا میں خادم کے طور پر مقرر کِیا گیا اور کچھ عرصے کے بعد اُنہیں غیرشادی‌شُدہ بھائیوں کے لئے سکول میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی۔‏

اگر ایرِک پیشہ‌ور کھلاڑی بنتے تو اُنہیں دولت اور شہرت حاصل کرنے کا اچھا موقع ملتا۔‏ لیکن وہ سمجھ گئے کہ بائبل کا یہ اصول کتنا سچ ہے:‏ ”‏دولت‌مند آدمی کا مال اُس کا محکم شہر اور اُس کے تصور میں اُونچی دیوار کی مانند ہے۔‏“‏ (‏امثا 18:‏11‏)‏ واقعی دولت ایک شخص کو صرف اُس کے تصور میں تحفظ فراہم کرتی ہے،‏ حقیقت میں نہیں۔‏ اِس کے علاوہ جو لوگ دولت کے پیچھے بھاگتے ہیں،‏ اکثر وہ ”‏اپنے دلوں کو طرح‌طرح کے غموں سے چھلنی“‏ کر لیتے ہیں۔‏—‏1-‏تیم 6:‏9،‏ 10‏۔‏

لیکن بہت سے جوان بہن‌بھائیوں نے کُلوقتی طور پر خدا کی خدمت کرنے سے سچی خوشی اور تحفظ حاصل کِیا ہے۔‏ ایرِک کا کہنا ہے کہ ”‏مَیں کسی فٹ‌بال ٹیم کی بجائے یہوواہ کے کُلوقتی خادموں کی ٹیم میں شامل ہو گیا ہوں۔‏ اِس سے بہتر کوئی اَور ٹیم نہیں ہو سکتی۔‏ مَیں یہوواہ خدا کا بہت شکرگزار ہوں کہ اُس نے مجھے وہ واحد راہ دِکھائی ہے جو سچی خوشی اور کامیابی کی طرف لے جاتی ہے۔‏“‏

آپ زندگی میں کون‌سی راہ اِختیار کریں گے؟‏ دُنیا میں کامیابی حاصل کرنے کی بجائے کیوں نہ پہلکار کے طور پر خدا کی خدمت کریں؟‏ یوں ’‏آپ کی سب راہیں قائم رہیں گی۔‏‘‏—‏بکس ”‏ایسے فائدے جو یونیورسٹی سے نہیں ملتے“‏ کو دیکھیں۔‏

اپنی راہ سے رُکاوٹیں ہٹا دیں

ایک شادی‌شُدہ جوڑا امریکہ میں یہوواہ کے گواہوں کے برانچ کے دفتر کو دیکھنے گیا۔‏ اِس دوران اُنہوں نے دیکھا کہ وہاں خدمت کرنے والے بہن‌بھائی بہت خوش نظر آتے ہیں۔‏ بعد میں اُس بہن نے لکھا:‏ ”‏ہمیں یہ احساس ہوا کہ ہم پوری لگن سے خدا کی خدمت نہیں کر رہے ہیں۔‏“‏ اِس جوڑے نے فیصلہ کِیا کہ وہ اپنے وقت اور توانائی کا بہتر طور پر اِستعمال کریں گے تاکہ وہ بھرپور طریقے سے خدا کی خدمت کر سکیں۔‏

شروع میں اِس جوڑے کو لگا کہ اپنی زندگی میں اِتنی بڑی تبدیلیاں کرنا اُن کے بس کی بات نہیں۔‏ لیکن ایک دن اُنہوں نے روز کی آیت کو پڑھا جو یوحنا 8:‏31 تھی۔‏ اِس میں لکھا ہے:‏ ”‏اگر تُم میرے کلام پر قائم رہو گے تو حقیقت میں میرے شاگرد ٹھہرو گے۔‏“‏ یہ پڑھ کر وہ سوچنے لگے کہ ”‏ہمیں اپنی زندگی کو سادہ بنانے کے لیے جتنی بھی قربانیاں دینی پڑیں،‏ اِس سے ملنے والے فائدے کہیں زیادہ ہوں گے۔‏“‏ اُنہوں نے اپنے بڑے گھر اور دوسری غیرضروری چیزوں کو بیچ دیا اور وہ ایک ایسی کلیسیا کے علاقے میں منتقل ہو گئے جس میں زیادہ مبشروں کی ضرورت تھی۔‏ اب وہ پہلکار کے طور پر خدمت کرتے ہیں،‏ کنگڈم‌ہالوں کی تعمیر میں مدد کرتے ہیں اور صوبائی اِجتماعوں پر رضاکارانہ کام کرتے ہیں۔‏ وہ کہتے ہیں:‏ ”‏ہم نے کبھی سوچا نہ تھا کہ اپنی زندگی کو سادہ بنانے سے ہمیں کتنی خوشی ملے گی۔‏ لیکن ہم نے اُس ہدایت پر عمل کِیا جو یہوواہ کی تنظیم نے ہمیں دی ہے۔‏“‏

اپنی منزل کی طرف بڑھتے رہیں

سلیمان بادشاہ نے لکھا:‏ ”‏تیری آنکھیں سامنے ہی نظر کریں اور تیری پلکیں سیدھی رہیں۔‏“‏ (‏امثا 4:‏25‏)‏ جس طرح ایک ڈرائیور کو اپنی نظر آگے رکھنی پڑتی ہے اِسی طرح ہمیں بھی اپنی منزل سے کبھی نظر نہیں ہٹانی چاہیے۔‏

آپ خدا کی خدمت کے سلسلے میں کون‌سی منزلیں طے کر سکتے ہیں؟‏ ایک تو  کُلوقتی طور پر خدمت کرنے کی منزل ہے۔‏ یا آپ ایک ایسی کلیسیا کی مدد کر سکتے ہیں جس کا علاقہ کافی بڑا ہے۔‏ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ ایک کلیسیا میں بہت سے مبشر تو ہوں لیکن بزرگوں اور خادموں کی کمی ہو۔‏ اگر آپ کا خیال ہے کہ آپ کسی دوسری کلیسیا کی مدد کر سکتے ہیں تو کیوں نہ اپنے حلقے کے نگہبان سے بات کریں۔‏ اور اگر آپ زیادہ دُور جانے کے لیے تیار ہیں تو آپ اپنے یا کسی اَور ملک کے برانچ کے دفتر سے اِس سلسلے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔‏

دوبارہ سے اُس منظر کے بارے میں سوچیں جس کا یسعیاہ 62‏:‏10میں ذکر ہوا ہے۔‏ کچھ یہودیوں نے شاید راستہ ہموار کرنے اور اِس سے رُکاوٹیں ہٹانے کے لیے بڑی محنت کی تاکہ خدا کی قوم اپنی منزل تک پہنچ سکے۔‏ اگر آپ خدا کی خدمت کے سلسلے میں اپنی منزلوں تک پہنچنے کے لیے سخت کوشش کرتے ہیں تو ہمت نہ ہاریں۔‏ خدا کی مدد سے یہ منزلیں آپ کی پہنچ میں ہیں۔‏ جب آپ اپنی راہ سے رُکاوٹیں ہٹانے کی کوشش کرتے ہیں تو یہوواہ خدا سے رہنمائی مانگیں۔‏ یوں آپ دیکھیں گے کہ وہ کن طریقوں سے آپ کی مدد کرتا ہے تاکہ آپ ”‏اپنے پاؤں کے راستہ کو ہموار“‏ بنا سکیں۔‏—‏امثا 4:‏26‏۔‏

^ پیراگراف 8 فرضی نام اِستعمال کِیا گیا ہے۔‏