مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

وہ ”‏راہ جانتے“‏ تھے

وہ ”‏راہ جانتے“‏ تھے

گائی ہولس پیئرس یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی کے ایک  رُکن  تھے  جو 18 مارچ 2014ء کو منگل کے دن فوت ہو گئے۔‏ اُن کی عمر 79 سال تھی۔‏ مسیح کا بھائی ہونے کی وجہ سے اُنہیں آسمان پر زندہ کر دیا گیا ہے اور اُنہوں نے اپنا اجر پا لیا ہے۔‏—‏عبر 2:‏10-‏12؛‏ 1-‏پطر 3:‏18‏۔‏

بھائی گائی پیئرس 6 نومبر 1934ء کو امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کے شہر اوبرن میں پیدا ہوئے اور اُنہوں نے 1955ء میں بپتسمہ لیا۔‏ 1977ء میں اُنہوں نے پینی نامی بہن سے شادی کی اور بچوں کی پرورش کی۔‏ وہ دوسروں کے ساتھ بڑی شفقت سے پیش آتے تھے اور اِس کی ایک وجہ یہ تھی کہ اُنہوں نے بچوں کی پرورش کی تھی۔‏ 1982ء میں اُنہوں نے اور بہن پینی نے پہل‌کاروں کے طور پر خدمت شروع کی۔‏ 1986ء میں اُنہوں نے امریکہ میں حلقے کے نگہبان کے طور پر خدمت شروع کی۔‏ وہ 11 سال تک حلقے کے نگہبان کے طور پر خدمت کرتے رہے۔‏

سن 1997ء میں بھائی گائی اور بہن پینی نے امریکہ کے  بیت‌ایل  میں  خدمت شروع کی۔‏ بھائی گائی پیئرس نے خدمتی شعبے میں کام کِیا۔‏ پھر 1998ء میں اُنہیں گورننگ باڈی کی اُس کمیٹی میں مددگار کے طور پر مقرر کِیا گیا جو پوری دُنیا میں بیت‌ایل کے عملے کی نگرانی کرتی ہے۔‏ 2 اکتوبر 1999ء میں واچ‌ٹاور بائبل اینڈ ٹریکٹ سوسائٹی آف پینسلوانیہ کے سالانہ اِجلاس پر یہ اِعلان کِیا گیا کہ بھائی پیئرس کو گورننگ باڈی کے رُکن کے طور پر مقرر کِیا گیا ہے۔‏ حالیہ سالوں میں اُنہوں نے بیت‌ایل کے عملے کی کمیٹی،‏ تحریر کی کمیٹی،‏ اِشاعت کی کمیٹی اور منتظمین کی کمیٹی کے ساتھ کام کِیا۔‏

بھائی پیئرس کی گرمجوش مسکراہٹ اور ہنسی مذاق کی عادت کی وجہ سے  مختلف پس‌منظر اور ثقافتوں کے لوگ اُن کی طرف کھنچے چلے آتے تھے۔‏ لیکن جن خوبیوں کی وجہ سے وہ دوسروں کے دلوں میں گھر کر گئے،‏ وہ محبت،‏ خاکساری،‏ خدا کے اصولوں اور قوانین کی قدر اور یہوواہ خدا پر مضبوط ایمان تھا۔‏ بھائی گائی پیئرس کا ماننا تھا کہ یہ تو ہو سکتا ہے کہ سورج طلوع نہ ہو لیکن یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ یہوواہ خدا کے وعدے پورے نہ ہوں۔‏ یہ سچائی وہ پوری دُنیا کو بتانا چاہتے تھے۔‏

بھائی پیئرس یہوواہ خدا کی خدمت کرنے سے کبھی نہیں تھکتے تھے۔‏ وہ  صبح سویرے اُٹھ جاتے تھے اور اکثر رات گئے تک کام کرتے رہتے تھے۔‏ اپنے بہن بھائیوں کی حوصلہ‌افزائی کرنے کے لیے وہ بہت سے ملکوں میں گئے۔‏ وہ بیت‌ایل کے ارکان یا ایسے بہن بھائیوں کے لیے ہمیشہ وقت نکالتے تھے جنہیں مدد یا مشورت کی ضرورت ہوتی تھی۔‏ بہن بھائی بہت سال گزرنے کے بعد بھی اُن کی مہمان‌نوازی،‏ دوستی اور بائبل سے دی گئی مشورت کو یاد کرتے ہیں۔‏

ہمارے اِس عزیز دوست اور بھائی نے اپنے پیچھے اپنی بیوی،‏ چھ بچوں،‏ پوتے پوتیوں،‏ نواسے نواسیوں اور پڑپوتے پڑپوتیوں کو چھوڑا ہے۔‏ اُن کے بےشمار روحانی بچے بھی ہیں۔‏ بھائی پیئرس کے جنازے کی تقریر 22 مارچ 2014ء کو ہفتے کے روز بروکلن کے بیت‌ایل میں بھائی مارک سینڈرسن نے پیش کی جو خود بھی گورننگ باڈی کے رُکن ہیں۔‏ تقریر میں بھائی سینڈرسن نے بھائی پیئرس کی آسمان پر جانے کی اُمید کا ذکر کِیا اور یسوع مسیح کے اِن الفاظ کو پڑھا:‏ ”‏میرے باپ کے گھر میں بہت سے مکان ہیں۔‏ .‏ .‏ .‏ اگر مَیں جا کر تمہارے لئے جگہ تیار کروں تو پھر آ کر تمہیں اپنے ساتھ لے لوں گا تاکہ جہاں مَیں ہوں تُم بھی ہو۔‏ اور جہاں مَیں جاتا ہوں تُم وہاں کی راہ جانتے ہو۔‏“‏—‏یوح 14:‏2-‏4‏۔‏

بےشک ہم بھائی پیئرس کی کمی کو بہت محسوس کریں گے۔‏ لیکن ہمیں اِس بات کی خوشی ہے کہ وہ اپنے ابدی ”‏گھر“‏ کی راہ جانتے تھے۔‏