مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

یہوواہ کی فراخ‌دلی کے لیے قدر ظاہر کریں

یہوواہ کی فراخ‌دلی کے لیے قدر ظاہر کریں

یہوواہ بہت فراخ‌دل خدا ہے۔‏ (‏یعقو 1:‏17‏)‏ سورج،‏ چاند،‏ ستارے اور سرسبز زمین خدا کی فراخ‌دلی کا مُنہ بولتا ثبوت ہیں۔‏—‏زبور 65:‏12،‏ 13؛‏ 147:‏7،‏ 8؛‏ 148:‏3،‏ 4‏۔‏

زبورنویس اپنے خالق کی اِتنی قدر کرتے تھے کہ اُنہوں نے اُس کے کاموں کے بارے میں ایک بہت ہی شان‌دار گیت لکھا۔‏ زبور 104 کو پڑھیں اور دیکھیں کہ کیا آپ کے احساسات بھی زبورنویس جیسے ہیں۔‏ اُس نے لکھا:‏ ”‏مَیں عمر بھر [‏یہوواہ]‏ کی تعریف گاؤں گا۔‏ جب تک میرا وجود ہے مَیں اپنے خدا کی مدح‌سرائی کروں گا۔‏“‏—‏زبور 104:‏33‏۔‏

فراخ‌دلی کی بہترین مثال

یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ ہم بھی اُس کی طرح فراخ‌دل بنیں۔‏ اُس نے ہمیں یہ بھی بتایا ہے کہ فراخ‌دلی ظاہر کرنے کے کیا فائدے ہیں۔‏ غور کریں کہ پولُس رسول نے کیا لکھا:‏ ”‏اِس موجودہ جہان کے دولت‌مندوں کو حکم دے کہ مغرور نہ ہوں اور ناپائیدار دولت پر نہیں بلکہ خدا پر اُمید رکھیں جو ہمیں لطف اُٹھانے کے لئے سب چیزیں اِفراط سے دیتا ہے۔‏ اور نیکی کریں اور اچھے کاموں میں دولت‌مند بنیں اور سخاوت پر تیار اور اِمداد پر مستعد ہوں۔‏ اور آیندہ کے لئے اپنے واسطے ایک اچھی بنیاد قائم کر رکھیں تاکہ حقیقی زندگی پر قبضہ کریں۔‏“‏—‏1-‏تیم 6:‏17-‏19‏۔‏

جب پولُس رسول نے کُرنتھس کے مسیحیوں کو دوسرا خط لکھا تو اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ مسیحیوں کو کس نیت سے دوسروں کی مدد کرنی چاہیے۔‏ اُنہوں نے لکھا:‏ ”‏جس قدر ہر ایک نے اپنے دل میں ٹھہرایا ہے اُسی قدر دے نہ دریغ کر کے اور نہ لاچاری سے کیونکہ خدا خوشی سے دینے والے کو عزیز رکھتا ہے۔‏“‏ (‏2-‏کُر 9:‏7‏)‏ پھر اُنہوں نے یہ بتایا کہ فراخ‌دلی سے ضرورت‌مند شخص اور مدد کرنے والے شخص دونوں کو فائدہ ہوتا ہے۔‏ ضرورت‌مند کی ضرورت پوری ہو جاتی ہے اور مدد کرنے والے کو یہوواہ خدا کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے۔‏—‏2-‏کُر 9:‏11-‏14‏۔‏

اِس کے بعد پولُس نے کہا:‏ ”‏شکر خدا کا اُس کی اُس بخشش پر جو بیان سے باہر ہے۔‏“‏ (‏2-‏کُر 9:‏15‏)‏ خدا کی بخشش اُن تمام نعمتوں کی طرف اِشارہ کرتی ہے جو وہ ہمیں مسیح کے ذریعے دیتا ہے۔‏ یہ نعمتیں اِتنی شان‌دار ہیں کہ اِنہیں لفظوں میں بیان نہیں کِیا جا سکتا۔‏ یہ واقعی یہوواہ کی فراخ‌دلی کا سب سے ٹھوس ثبوت ہیں۔‏

یہوواہ خدا اور یسوع مسیح نے اب تک جو نعمتیں ہمیں دیں ہیں اور جو وہ مستقبل میں دیں گے،‏ ہم اُن کے لیے شکرگزاری کیسے ظاہر کر سکتے ہیں؟‏ ایک طریقہ یہ ہے کہ ہم خدا کی عبادت کو فروغ دینے کے لیے اپنے حالات کے مطابق اپنا وقت،‏ طاقت اور مال صرف کریں۔‏—‏1-‏توا 22:‏14؛‏ 29:‏3-‏5؛‏ لُو 21:‏1-‏4‏۔‏