مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

خدا کے مقصد میں مریم کا کردار

خدا کے مقصد میں مریم کا کردار

خدا کے مقصد میں مریم کا کردار

یسوع کی خدمتگزاری کے دوران،‏ بِھیڑ میں سے ایک عورت نے پکار کر اُس سے کہا:‏ ”‏مبارک ہے وہ رحم جس میں تُو رہا اور وہ چھاتیاں جو تُو نے چوسیں۔‏“‏ اگر یسوع مسیح اپنی ماں کی پرستش یا تعظیم کرانا چاہتا تو یہ ایسا کرنے کا اچھا موقع تھا۔‏ لیکن اُس نے جواب دیا:‏ ”‏ہاں۔‏ مگر زیادہ مبارک وہ ہیں جو خدا کا کلام سنتے اور اُس پر عمل کرتے ہیں۔‏“‏—‏لوقا ۱۱:‏۲۷،‏ ۲۸‏۔‏

یسوع نے نہ تو خود اپنی ماں کی پرستش کی اور نہ ہی اپنے پیروکاروں کو ایسا کرنے کے لئے کہا۔‏ پھر بھی بہت سے لوگ مریم کی پرستش کرتے ہیں۔‏ آئیں خدا کے کلام کی روشنی میں یسوع کی ماں مریم کے بارے میں چند تعلیمات پر غور کریں۔‏

‏”‏پُرفضل،‏“‏ ”‏عورتوں میں مبارک“‏

جبرائیل فرشتے نے مریم کو بتایا کہ خدا کے مقصد میں اُس کا کیا کردار ہوگا۔‏ فرشتے نے اُس سے کہا:‏ ”‏سلام تجھ کو جس پر فضل ہوا ہے!‏ [‏یہوواہ]‏ تیرے ساتھ ہے۔‏“‏ (‏لوقا ۱:‏۲۸‏)‏ بائبل کے ایک دوسرے ترجمے میں یہ بیان کچھ اِس طرح ہے:‏ ”‏سلام اَے پُرفضل۔‏ خداوند تیرے ساتھ ہے۔‏“‏ اِس کے کچھ ہی عرصہ بعد الیشبع نے مریم سے ملتے وقت یہ کہا:‏ ”‏تُو عورتوں میں مبارک اور تیرے رحم کا پھل مبارک ہے۔‏“‏ (‏لوقا ۱:‏۴۲‏)‏ کیا یہ بیانات یہ ظاہر نہیں کرتے کہ مریم کی پرستش کی جانی چاہئے؟‏

درحقیقت ایسا نہیں ہے۔‏ اگرچہ جبرائیل اور الیشبع کے الفاظ اُس دعا میں شامل ہیں جو کیتھولک لوگ مریم سے کرتے ہیں لیکن بائبل مریم سے دُعا کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتاتی۔‏ چونکہ مریم کو مسیحا کو جنم دینے کا شاندار شرف عطا کِیا گیا اِس لئے جبرائیل اور الیشبع نے اُس کے لئے احترام دکھایا۔‏ تاہم،‏ بائبل کی کوئی آیت یہ بیان نہیں کرتی کہ ہمیں مریم سے دُعا کرنی چاہئے۔‏ جب یسوع مسیح کے شاگردوں نے اُس سے کہا کہ ہمیں دُعا کرنا سکھا تو اُس نے اُنہیں بتایا کہ اُن کی دُعائیں باپ سے مخاطب ہونی چاہئیں۔‏ یسوع نے اُنہیں جو دُعا کرنی سکھائی وہ اِن الفاظ کے ساتھ شروع ہوتی ہے:‏ ”‏اَے ہمارے باپ تُو جو آسمان پر ہے۔‏“‏ —‏متی ۶:‏۹‏۔‏

یسوع کے ساتھی حکمرانوں میں سے ایک

مریم کے بارے میں ایک تعلیم یہ ہے کہ اب وہ ”‏آسمان کی ملکہ“‏ ہے۔‏ لیکن بائبل میں کہیں بھی مریم کو ایسا لقب نہیں دیا گیا ہے۔‏ تاہم،‏ بائبل خدا کے آسمانی انتظام میں مریم کے کردار کو ضرور واضح کرتی ہے۔‏ آئیں دیکھیں کہ اِس انتظام میں مریم کا کیا کردار ہے؟‏

یسوع مسیح نے ظاہر کِیا کہ اُس کے بعض وفادار شاگرد اُس کی بادشاہت میں اُس کے ساتھ حکمرانی کریں گے۔‏ (‏لوقا ۲۲:‏۲۸-‏۳۰‏)‏ یسوع اِن چنے ہوئے لوگوں کو ’‏خدا کے لئے کاہن‘‏ بننے اور ”‏زمین پر بادشاہی“‏ کرنے کا اختیار دے گا۔‏ (‏مکاشفہ ۵:‏۱۰‏)‏ بائبل کی مدد سے ہم اِس نتیجے پر پہنچ جاتے ہیں کہ مریم بھی اِن چنے ہوئے لوگوں میں شامل ہے۔‏ ہم ایسا کیوں کہہ سکتے ہیں؟‏

آپ کو یاد ہوگا کہ یسوع کی موت کے بعد مریم یسوع کے شاگردوں اور اُس کے بھائیو ں کے ساتھ ”‏دُعا میں مشغول“‏ تھی۔‏ اِس موقع پر ۱۲۰ شاگرد حاضر تھے اور اِن میں ’‏چند عورتیں‘‏ بھی شامل تھیں۔‏ (‏اعمال ۱:‏۱۲-‏۱۵‏)‏ بائبل بیان کرتی ہے کہ ”‏جب عیدِپنتیکست کا دن آیا تو وہ سب ایک جگہ جمع تھے“‏ اور خدا کی پاک رُوح اُن پر نازل ہوئی اور اُنہیں غیر زبانیں بولنے کی طاقت بخشی۔‏—‏اعمال ۲:‏۱-‏۴‏۔‏

جی ہاں،‏ مریم اُن شاگردوں کے ساتھ حاضر تھی جن پر رُوح‌اُلقدس ناز ل ہوئی۔‏ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مریم اور اُس کے ساتھ دیگر عورتیں بھی آسمان پر یسوع مسیح کے ساتھ حکمرانی کریں گی۔‏ پس یہ بات بالکل واضح ہے کہ اب مریم یسوع مسیح کے ساتھ آسمان پر ہے۔‏ (‏رومیوں ۸:‏۱۴-‏۱۷‏)‏ آئیں اب اِس بات پر غور کریں کہ خدا کے مقاصد کو پورا کرنے کے سلسلے میں مریم اور یسوع کے دیگر ساتھی حکمران کیا کردار ادا کریں گے۔‏

انسانوں کو ابدی فوائد پہنچانے میں مریم کا کردار

بائبل میں مکاشفہ کی کتاب بیان کرتی ہے کہ ۰۰۰،‏۴۴،‏۱ اشخاص یسوع مسیح کے ساتھ آسمان میں جلال پانے کے لئے کاہنوں،‏ منصفوں اور بادشاہوں کے طور پر زندہ کئے جائیں گے۔‏ (‏مکاشفہ ۱۴:‏۱،‏ ۴؛‏ ۲۰:‏۴،‏ ۶‏)‏ کاہنوں کے طور پر وہ تمام فرمانبردار انسانوں کو یسوع کے فدیے سے حاصل ہونے والے فوائد پہنچانے میں حصہ لیں گے جس کے نتیجے میں آخر کار انسان روحانی،‏ اخلاقی اور جسمانی طور پر بےعیب ہو جائیں گے۔‏ (‏مکاشفہ ۲۱:‏۱-‏۴‏)‏ یہوواہ خدا کے وفادار خادموں کے لئے یہ سب کچھ ہوتے دیکھنا واقعی ایک شرف ہوگا۔‏ *

مریم نے خدا کے مقاصد کے سلسلے میں ایک اہم کردار ادا کِیا اور اب تک کر رہی ہے۔‏ مریم ایک فروتن عورت تھی،‏ اُس نے یہوواہ خدا پر مضبوط ایمان رکھا اور اُس کی فرمانبرداری کی۔‏ اِس کے علاوہ،‏ اُس نے ماں کے طور پر اپنی ذمہ‌داری کو بھی احسن طریقے سے پورا کِیا اور سب سے بڑھ کر اُس نے کامیابی سے مشکلات کا مقابلہ کِیا۔‏ یوں اُس نے ہمارے لئے ایک عمدہ مثال قائم کی۔‏ پس مسیحا کو جنم دینے اور انسانوں کو ابدی فوائد پہنچانے میں مریم کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے اُس کا احترام کِیا جانا چاہئے۔‏

تاہم،‏ ہم مریم سے سب سے اہم بات یہ سیکھتے ہیں کہ اُس نے خدا کے دیگر وفادار خادموں کے ساتھ مل کر صرف یہوواہ خدا ہی کی عبادت کی۔‏ آسمان میں مسیح کے دیگر ساتھی حکمرانوں کے ساتھ مریم بھی بلند آواز سے یہ پکارتی ہے کہ ”‏[‏یہوواہ خدا]‏ جو تخت پر بیٹھا ہے اُس کی اور برّہ [‏یسوع مسیح]‏ کی حمد اور عزت اور تمجید اور سلطنت ابدالآباد رہے۔‏“‏—‏مکاشفہ ۵:‏۱۳؛‏ ۱۹:‏۱۰‏۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 13 اِن برکات کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لئے یہوواہ کے گواہوں کی شائع‌کردہ کتاب پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں کے باب ۸ کو دیکھیں۔‏

‏[‏صفحہ ۱۰ پر عبارت]‏

مریم کی فروتنی،‏ ایمان اور فرمانبرداری کی نقل کی جانی چاہئے