کیا تمام مذاہب خدا کو پسند ہیں؟
کیا تمام مذاہب خدا کو پسند ہیں؟
آجکل دُنیا میں بہت سے مذاہب پائے جاتے ہیں۔ حال ہی میں کئے جانے والے سروے سے پتہ چلا کہ پوری دُنیا میں ۱۹ بڑے مذاہب اور تقریباً ۱۰ ہزار فرقے ہیں۔ اِس وجہ سے لوگوں کے پاس مذہب کے سلسلے میں بہت سے انتخابات ہیں۔ لیکن کیا اِس بات سے کوئی فرق پڑتا ہے کہ آپ کس مذہب کا انتخاب کرتے ہیں؟
بعض لوگوں کا خیال ہے کہ تمام مذاہب مختلف راستوں کی طرح ہیں جو ایک ہی منزل پر لے جاتے ہیں۔ اِس لئے اِس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کوئی شخص کس مذہب کا انتخاب کرتا ہے۔ وہ سوچتے ہیں کہ خدا تو ایک ہی ہے اور تمام مذاہب اُس تک لے جاتے ہیں۔
کیا تمام مذاہب خدا تک لے جاتے ہیں؟
آئیں دیکھیں کہ عظیم اُستاد، یسوع مسیح نے اِس موضوع کے بارے میں کیا کہا؟ اُس نے اپنے شاگردوں کو ہدایت دی: ”تنگ دروازہ سے داخل ہو۔“ مگر اُس نے یہ کیوں کہا؟ ”کیونکہ وہ دروازہ چوڑا اور وہ راستہ کشادہ ہے جو ہلاکت کی طرف لے جاتا ہے اور اُس سے داخل ہونے والے بہت ہیں کیونکہ وہ دروازہ تنگ اور وہ راستہ سکڑا ہے جو زندگی کی طرف لے جاتا ہے اور اُس کے پانے والے تھوڑے ہیں۔“—متی ۷:۱۳، ۱۴، نیو اُردو بائبل ورشن۔
کیا یسوع مسیح یہ کہہ رہا تھا کہ بعض مذاہب ”ہلاکت“ کی طرف لے جاتے ہیں؟ یاپھر کیا وہ یہ تعلیم دے رہا تھا کہ صرف وہ لوگ کشادہ راستے پر چل رہے ہیں جو خدا پر ایمان نہیں رکھتے، جبکہ خدا پر ایمان رکھنے والے تمام لوگ خواہ اُن کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو زندگی کی طرف لے جانے والے تنگ راستے پر چل رہے ہیں؟
دو راستوں کا ذکر کرنے کے فوراً بعد یسوع مسیح نے یہ آگاہی دی: ”جھوٹے نبیوں سے خبردار رہو جو تمہارے پاس بھیڑوں کے بھیس میں آتے ہیں مگر باطن میں پھاڑنے والے بھیڑئے ہیں۔“ (متی ۷:۱۵، کیتھولک ترجمہ) بعدازاں، اُس نے کہا: ”مجھے اَے خداوند، اَے خداوند کہنے والا ہر شخص آسمان کی بادشاہی میں داخل نہ ہوگا مگر وہ جو میرے آسمانی باپ کی مرضی کے مطابق عمل کرتا ہے، ضرور داخل ہوگا۔“ (متی ۷:۲۱، نیو اُردو بائبل ورشن) غور کریں کہ یسوع مسیح خدا پر ایمان نہ رکھنے والے لوگوں سے نہیں بلکہ مذہبی لوگوں سے خبردار رہنے کی نصیحت کرتا ہے جو نبی کہلاتے اور یسوع کو ”خداوند“ تسلیم کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ پس وہ آگاہ کر رہا تھا کہ نہ تو تمام مذاہب خدا کے حضور قابلِقبول ہیں اور نہ ہی تمام مذہبی پیشواؤں پر بھروسا کِیا جا سکتا ہے۔
کیا تنگ راستے کی تلاش کرنا ممکن ہے؟
اگر تمام مذاہب خدا کی طرف نہیں لے جاتے توپھر ہم اُس تنگ راستے کی تلاش کیسے کر سکتے ہیں جو زندگی کی طرف لے جاتا ہے؟ اِس سلسلے میں ایک مثال پر غور کریں: تصور کریں کہ آپ کسی بڑے شہر میں گم ہو گئے ہیں۔ اِس لئے آپ کسی سے مدد لینے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ ایک شخص آپ کو مشرق کی طرف جانے کے لئے کہتا ہے جبکہ دوسرا آپ کو شمالی سمت میں جانے کے لئے کہتا ہے۔ لیکن ایک اَور شخص آپ کو مشورہ دیتا ہے کہ جو راستہ آپ کو مناسب لگتا ہے آپ اُس کا انتخاب کریں۔ پھر ایک دوسرا شخص آپ کو نقشے میں سے صحیح راستہ دکھاتا ہے اور وہ نقشہ آپ کو دے دیتا ہے تاکہ آپ اُس سے راہنمائی حاصل کر سکیں۔ یقیناً اِس نقشے کی مدد سے آپ اپنی منزل تک پہنچ پائیں گے۔
اِسی طرح سچے مذہب کا انتخاب کرنے کیلئے ہمیں قابلِبھروسا راہنمائی کی ضرورت ہو سکتی ہے۔ مگر ہم ایسی راہنمائی کہاں سے حاصل کر سکتے ہیں؟ یہ راہنمائی ہمیں خدا کے کلام بائبل میں سے مل سکتی ہے، جو ایک نقشے کی مانند ہے۔ بائبل بیان کرتی ہے: ”ہر ایک صحیفہ جو خدا کے الہام سے ہے تعلیم اور الزام اور اصلاح اور راستبازی میں تربیت کرنے کے لئے فائدہمند بھی ہے۔“—۲-تیمتھیس ۳:۱۶۔
اُردو زبان میں بائبل کے ایک سے زیادہ ترجمے دستیاب ہیں۔ لہٰذا، اِس سوال کے جواب کے لئے کہ کیا تمام مذاہب خدا کو پسند ہیں، ہم اِس مضمون میں اور اگلے مضامین میں مختلف ترجموں کا حوالہ دیں گے۔
جب آپ اگلے مضامین کو پڑھتے ہیں تو اپنے مذہب کی تعلیمات کا موازنہ بائبل کی تعلیمات کے ساتھ کریں۔ سچے اور جھوٹے مذہب کی پہچان کرنے کے لئے یسوع مسیح کے اِن الفاظ کو ذہن میں رکھیں: ”ہر اچھا درخت اچھا پھل اور ہر بُرا درخت بُرا پھل دیتا ہے۔ نہ اچھا درخت بُرا پھل دیتا ہے اور نہ بُرا درخت اچھا۔“ (متی ۷:۱۷، ۱۸، نیو اُردو بائبل ورشن) آئیں ’اچھے درخت‘ کی پہچان کرنے کے لئے بائبل میں سے اِس کے تین پھلوں پر غور کرتے ہیں۔
[صفحہ ۳ پر عبارت]
بائبل ایک نقشے کی مانند ہے جو سچے مذہب کی تلاش کرنے میں کسی شخص کی مدد کر سکتا ہے