کیا خدا آپ کو دولت بخشنے کا وعدہ کرتا ہے؟
کیا خدا آپ کو دولت بخشنے کا وعدہ کرتا ہے؟
’خدا چاہتا ہے کہ آپ امیر ہوں، آپ کے گھر میں گاڑیاں کھڑی ہوں اور آپ کا ایک شاندار کاروبار ہو۔ آپ صرف خدا پر بھروسہ کریں اور دل کھول کر اُسے دیں۔‘
برازیل کے ایک اخبار نے بیان کِیا کہ وہاں کے بعض مذہبی گروہ اِس پیغام کو فروغ دے رہے ہیں۔ بہت سے لوگ اِس پیغام پر یقین رکھتے ہیں۔ امریکہ میں مسیحی ہونے کا دعویٰ کرنے والے لوگوں کے ایک جائزے کے متعلق ٹائم میگزین نے تبصرہ کِیا: ”اِن میں سے ۶۱ فیصد یہ ایمان رکھتے تھے کہ خدا چاہتا ہے کہ لوگ مالی طور پر خوشحال ہو جائیں۔ جبکہ ۳۱ فیصد . . . کا خیال تھا کہ اگر آپ خدا کو اپنا روپیہپیسہ دیتے ہیں تو وہ بدلے میں آپ کو اَور زیادہ دولت سے نوازے گا۔“
اِس قسم کے نظریات خاص طور پر لاطینی امریکہ کے ممالک جیساکہ برازیل میں تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ لوگ ایسے چرچوں کا رُخ کر رہے ہیں جو اپنے اراکین کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ اُنہیں خدا کی طرف سے مالودولت حاصل ہوگا۔ مگر کیا خدا واقعی اپنے خادموں کو مالودولت دینے کا وعدہ کرتا ہے؟ کیا ماضی میں خدا کے تمام خادم دولتمند تھے؟
یہ سچ ہے کہ عبرانی صحائف میں ہمیں اِس بات کا ذکر ملتا ہے کہ خدا کی برکت حاصل کرنے والے بعض لوگ دولتمند تھے۔ مثال کے طور پر، استثنا ۸:۱۸ میں ہم پڑھتے ہیں: ”تُو [یہوواہ] اپنے خدا کو یاد رکھنا کیونکہ وہی تجھ کو دولت حاصل کرنے کی قوت . . . دیتا ہے۔“ اِس سے اسرائیلیوں کو یہ یقیندہانی حاصل ہوئی کہ اگر وہ خدا کے وفادار رہیں گے تو وہ اُنہیں ایک خوشحال قوم بنائے گا۔
لیکن کیا خدا انفرادی طور پر بھی اپنے خادموں کو دولت بخشتا ہے؟ اِس سلسلے میں خدا کے وفادار بندے ایوب کی مثال پر غور کریں۔ وہ بہت امیر شخص تھا۔ جب شیطان نے اُس سے اُس کا سب کچھ چھین لیا تو یہوواہ خدا نے اُسے ”دوچند“ عطا کِیا۔ (ایوب ۱:۳؛ ۴۲:۱۰) خدا کا خادم ابرہام بھی بہت دولتمند تھا۔ پیدایش ۱۳:۲ کہتی ہے کہ ”اؔبرام کے پاس چوپائے اور سونا چاندی بکثرت تھا۔“ جب چار مشرقی سلطنتوں کے بادشاہوں کی فوجوں نے ابرہام کے بھتیجے لوط کو گرفتار کر لیا تو ابرہام نے ”اپنے تین سو اٹھارہ مشاق خانہزادوں کو لیکر . . . اُن کا تعاقب کِیا۔“ (پیدایش ۱۴:۱۴) اِن ۳۱۸ ”مشاق خانہزادوں“ یعنی ہتھیار چلانے میں ماہر لوگوں کا ابرہام کے ساتھ ہونا یہ ظاہر کرتا ہے کہ اُس کا گھرانہ بہت بڑا تھا۔ صرف ایک ایسا شخص ہی اتنے بڑے خاندان کو سنبھال سکتا تھا جو بہت امیر ہو اور جس کے پاس بہت سے چوپائے ہوں۔
جیہاں، ماضی میں خدا کے بیشتر وفادار خادم جیساکہ ابرہام، اضحاق، یعقوب، داؤد اور سلیمان بہت امیر تھے۔ لیکن کیا اِس کا یہ مطلب ہے کہ خدا ہر اُس شخص کو مالودولت دیتا ہے جو اُس کی خدمت کرتا ہے؟ کیا غریبوں کو خدا کی برکت حاصل نہیں ہے؟ اگلے مضمون میں ہم اِن سوالوں پر غور کریں گے۔