مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

کیا دولت حقیقی خوشی کا باعث بن سکتی ہے؟‏

کیا دولت حقیقی خوشی کا باعث بن سکتی ہے؟‏

کیا دولت حقیقی خوشی کا باعث بن سکتی ہے؟‏

سونیا سپین میں پیدا ہوئی۔‏ جب وہ چھوٹی تھی تو اپنی ماں کے ساتھ یہوواہ کے گواہوں کے اجلاسوں پر جایا کرتی تھی۔‏ لیکن جب وہ بڑی ہوئی تو انگلینڈ چلی گئی اور وہاں سٹاک مارکیٹ میں کام کرنے لگی۔‏

سونیا کو یہ کام بہت پسند تھا۔‏ وہ مختلف کمپنیوں کے لئے سرمایہ‌کاری کرتی تھی اور اِس کام سے بہت پیسہ کما رہی تھی۔‏ سونیا ہر دن ۱۸ گھنٹے باقاعدگی سے کام کرتی تھی اور بعض‌اوقات تو وہ صرف دو یا تین گھنٹے ہی سو پاتی تھی۔‏ اُس کا کام اُس کی زندگی میں سب سے اہم تھا۔‏ لیکن اچانک اُس کی زندگی بدل گئی۔‏ اُسے فالج ہو گیا جس کی وجہ غالباً کام کا شدید دباؤ تھا۔‏ اُس وقت وہ صرف ۳۰ سال کی تھی۔‏

سونیا کے جسم کا آدھا حصہ مفلوج ہو گیا تھا اور ڈاکٹر وثوق سے یہ نہیں کہہ سکتے تھے کہ آیا وہ کبھی بول پائے گی یا نہیں۔‏ اُس کی ماں اُس کی تیمارداری کے لئے انگلینڈ آ گئی۔‏ جب سونیا چلنےپھرنے لگی تو اُس کی ماں نے اُس سے کہا:‏ ”‏مَیں اجلاس پر جا رہی ہوں اور تمہیں میرے ساتھ چلنا ہوگا کیونکہ مَیں تمہیں اکیلے نہیں چھوڑ سکتی۔‏“‏ سونیا اپنی ماں کے ساتھ جانے کے لئے راضی ہوگئی۔‏ اِس کا کیا نتیجہ نکلا؟‏

سونیا بیان کرتی ہے:‏ ”‏اجلاس پر مَیں نے جو کچھ سنا وہ مجھے بہت اچھا لگا۔‏ حالانکہ مَیں پہلی مرتبہ اِس کنگڈم‌ہال میں گئی تھی توبھی بہت سے بہن‌بھائی بڑی محبت کے ساتھ مجھ سے ملے۔‏ مَیں نے اِن میں سے ایک کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کرنا شروع کر دیا۔‏ میرے پُرانے دوستوں نے میرا ساتھ چھوڑ دیا تھا مگر میرے نئے دوست میرا بہت خیال رکھتے تھے۔‏“‏

آہستہ‌آہستہ سونیا دوبارہ بولنے کے قابل ہو گئی اور اُس نے بڑی تیزی سے روحانی طور پر ترقی کی۔‏ ایک سال کے اندراندر اُس نے بپتسمہ لے لیا۔‏ اُس کے نئے دوستوں میں سے بہتیرے کُل‌وقتی طور پر مُنادی کا کام کرتے تھے۔‏ اُن کی خوشی کو دیکھ کر سونیا کے دل میں یہ خواہش پیدا ہوئی کہ ’‏وہ بھی اُن کی طرح یہوواہ کی خدمت میں بھرپور حصہ لے۔‏‘‏ اب سونیا کُل‌وقتی طور پر مُنادی کا کام کر رہی ہے۔‏

سونیا نے اپنے تجربے سے کیا سیکھا ہے؟‏ اُس نے بیان کِیا:‏ ”‏اگرچہ مَیں بہت پیسہ کما رہی تھی توبھی کام کے دباؤ کی وجہ سے مَیں بہت پریشان اور ناخوش تھی۔‏ اب مَیں یہ سمجھ گئی ہوں کہ اپنے آسمانی باپ یہوواہ خدا کی قربت حاصل کرنا زندگی میں سب سے اہم ہے۔‏ اِس سے مجھے حقیقی خوشی حاصل ہوئی ہے۔‏“‏

پولس رسول نے لکھا:‏ ”‏زر کی دوستی ہر قسم کی بُرائی کی جڑ ہے جس کی آرزو میں بعض نے ایمان سے گمراہ ہو کر اپنے دلوں کو طرح‌طرح کے غموں سے چھلنی کر لیا۔‏“‏ (‏۱-‏تیمتھیس ۶:‏۱۰‏)‏ سونیا نے اپنے تجربے سے سیکھا ہے کہ یہ الفاظ بالکل سچ ہیں۔‏