مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

کلیسیا میں اپنے کردار کی قدر کریں

کلیسیا میں اپنے کردار کی قدر کریں

کلیسیا میں اپنے کردار کی قدر کریں

‏”‏خدا نے ہر ایک عضو کو بدن میں اپنی مرضی کے موافق رکھا ہے۔‏“‏—‏۱-‏کر ۱۲:‏۱۸‏۔‏

۱،‏ ۲.‏ (‏ا)‏ یہ کیسے ظاہر ہوتا ہے کہ کلیسیا میں ہر شخص ایک اہم کردار ادا کر سکتا ہے؟‏ (‏ب)‏ اِس مضمون میں ہم کن سوالات پر غور کریں گے؟‏

قدیم اسرائیل کے زمانے سے ہی یہوواہ خدا ایک جماعت کے طور پر اپنے لوگوں کو روحانی خوراک اور راہنمائی فراہم کرتا آیا ہے۔‏ مثال کے طور پر،‏ جب اسرائیلیوں نے عی کے شہر پر قبضہ کر لیا تو یشوع نے ”‏بنی‌اسرائیل کی ساری جماعت“‏ کے سامنے ”‏شریعت کی سب باتیں یعنی برکت اور لعنت جیسی وہ شریعت کی کتاب میں لکھی ہوئی ہیں پڑھ کر سنائیں۔‏“‏—‏یشو ۸:‏۳۴،‏ ۳۵‏۔‏

۲ پہلی صدی عیسوی میں،‏ پولس رسول نے مسیحی نگہبان تیمتھیس کو بتایا کہ مسیحی کلیسیا ’‏خدا کا گھر‘‏ اور ”‏حق کا ستون اور بنیاد“‏ ہے۔‏ (‏۱-‏تیم ۳:‏۱۵‏)‏ آجکل ”‏خدا کے گھر“‏ سے مُراد سچے مسیحیوں کی عالمگیر برادری ہے۔‏ کرنتھیوں کے نام اپنے پہلے خط کے بارھویں باب میں پولس رسول نے کلیسیا کو ایک بدن سے تشبیہ دی۔‏ وہ بیان کرتا ہے کہ اگرچہ ہر عضو مختلف کام انجام دیتا ہے توبھی سب اعضا اہم ہیں۔‏ پولس لکھتا ہے:‏ ”‏خدا نے ہر ایک عضو کو بدن میں اپنی مرضی کے موافق رکھا ہے۔‏“‏ وہ اِس بات پر بھی توجہ دلاتا ہے کہ ”‏بدن کے وہ اعضا جنہیں ہم اَوروں کی نسبت ذلیل جانتے ہیں اُنہی کو زیادہ عزت دیتے ہیں۔‏“‏ (‏۱-‏کر ۱۲:‏۱۸،‏ ۲۳‏)‏ اگرچہ خدا کے گھر میں تمام مسیحی فرق‌فرق خدمت انجام دیتے ہیں لیکن ہر ایک کی خدمت برابر ہے۔‏ مگر ہم کلیسیا میں اپنے کردار کو کیسے پہچان سکتے اور اِس کی قدر کر سکتے ہیں؟‏ کونسی باتیں کلیسیا میں ہماری خدمت پر اثرانداز ہو سکتی ہیں؟‏ ہم ’‏سب پر اپنی ترقی‘‏ کیسے ظاہر کر سکتے ہیں؟‏—‏۱-‏تیم ۴:‏۱۵‏۔‏

کلیسیا میں آپ کا کردار

۳.‏ کلیسیا میں اپنے کردار کو پہچاننے اور اِس کی قدر کرنے کا ایک طریقہ کیا ہے؟‏

۳ کلیسیا میں اپنے کردار کو پہچاننے اور اِس کی قدر کرنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ ہم ”‏دیانتدار اور عقلمند نوکر“‏ اور اِس کی نمائندگی کرنے والی گورننگ باڈی کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔‏ ‏(‏متی ۲۴:‏۴۵-‏۴۷ کو پڑھیں۔‏)‏ خود سے پوچھیں کہ مَیں نوکر جماعت کی طرف سے دی جانے والی ہدایات کی کس حد تک فرمانبرداری کرتا ہوں؟‏ مثال کے طور پر،‏ ہر سال ہمیں لباس،‏ تفریح اور انٹرنیٹ کے نامناسب استعمال کے متعلق واضح ہدایات دی جاتی ہیں۔‏ کیا ہم اِس عمدہ مشورت پر دھیان دیتے ہیں تاکہ ہم روحانی طور پر محفوظ رہ سکیں؟‏ کیا ہم باقاعدگی سے خاندانی عبادت کرنے کی ہدایت پر عمل کرتے ہیں؟‏ کیا ہم نے اِس عبادت کے لئے ہفتے کی کوئی ایک شام مقرر کر لی ہے؟‏ اگر ہم غیر شادی‌شُدہ ہیں تو کیا ہم ذاتی مطالعے کے لئے وقت نکالتے ہیں؟‏ جب ہم نوکر جماعت کی ہدایت پر عمل کریں گے تو یہوواہ خدا ہمیں انفرادی اور خاندانی طور پر برکت دے گا۔‏

۴.‏ ہمیں ذاتی معاملات کے سلسلے میں فیصلے کرتے وقت کس بات کا لحاظ رکھنا چاہئے؟‏

۴ بعض شاید سوچتے ہیں کہ تفریح اور لباس جیسی باتوں کا انتخاب کرنا ہر ایک کا ذاتی فیصلہ ہے۔‏ تاہم،‏ کلیسیا میں اپنے کردار کی قدر کرنے والے بپتسمہ‌یافتہ مسیحی اِس سلسلے میں اپنی پسند کو ترجیح نہیں دیتے۔‏ وہ لباس اور تفریح کے معاملے میں ہمیشہ یہوواہ کے پاک‌کلام کی راہنمائی پر عمل کرتے ہیں۔‏ اِس میں درج پیغام ’‏ہمارے قدموں کے لئے چراغ اور ہماری راہ کے لئے روشنی‘‏ ہے۔‏ (‏زبور ۱۱۹:‏۱۰۵‏)‏ پس ہمیں ذاتی معاملات کے سلسلے میں فیصلے کرتے وقت اِس بات کا لحاظ رکھنا چاہئے کہ یہ ہماری خدمت اور دوسرے لوگوں پر کیا اثر ڈالیں گے۔‏‏—‏۲-‏کرنتھیوں ۶:‏۳،‏ ۴ کو پڑھیں۔‏

۵.‏ ہمیں اِس سوچ سے کیوں کنارا کرنا چاہئے کہ ہمیں خدا کی تنظیم کی ضرورت نہیں ہے؟‏

۵ ‏”‏نافرمانی کے فرزندوں میں تاثیر“‏ کرنے والی رُوح ہوا کی طرح ہر طرف پھیلی ہوئی ہے۔‏ (‏افس ۲:‏۲‏)‏ یہ رُوح ہمارے اندر یہ سوچ پیدا کر سکتی ہے کہ ہمیں یہوواہ خدا کی تنظیم کی راہنمائی کی ضرورت نہیں ہے۔‏ یقیناً ہم دیترفیس کی طرح نہیں بننا چاہتے جو یوحنا رسول کو ”‏کچھ بھی نہیں سمجھتا“‏ تھا۔‏ (‏۳-‏یوح ۹،‏ ۱۰‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن۔‏‏)‏ ہمیں اِس سوچ سے کنارا کرنا چاہئے کہ ہم خدا کی تنظیم کی مدد کے بغیر بھی فیصلے کر سکتے ہیں۔‏ ہمیں اپنی باتوں اور کاموں سے کبھی بھی خدا کی تنظیم کے لئے احترام کی کمی ظاہر نہیں کرنی چاہئے۔‏ (‏گن ۱۶:‏۱-‏۳‏)‏ اِس کی بجائے ہمیں خوشی سے نوکر جماعت کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔‏ نیز،‏ ہمیں کلیسیا میں پیشوائی کرنے والے بھائیوں کی فرمانبرداری اور تابعداری کرنی چاہئے۔‏‏—‏عبرانیوں ۱۳:‏۷،‏ ۱۷ کو پڑھیں۔‏

۶.‏ ہمیں اپنے حالات کا جائزہ کیوں لینا چاہئے؟‏

۶ کلیسیا میں اپنے کردار کو پہچاننے اور اِس کی قدر کرنے کا دوسرا طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے حالات کا جائزہ لیں۔‏ نیز،‏ یہوواہ کو جلال دینے اور اپنی ”‏خدمت کی بڑائی“‏ کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔‏ (‏روم ۱۱:‏۱۳‏)‏ اِس سلسلے میں بعض مسیحی باقاعدہ پائنیر خدمت کرتے ہیں جبکہ دیگر بیت‌ایل میں یاپھر مشنریوں اور سفری نگہبانوں کے طور پر خدمت کرتے ہیں۔‏ بہت سے بہن‌بھائی کنگڈم‌ہال کی تعمیر کے کام میں مدد دیتے ہیں۔‏ اِس کے علاوہ،‏ یہوواہ کے بیشتر گواہ اپنے خاندان کی روحانی ضروریات کو پورا کرنے اور ہر ہفتے مُنادی میں حصہ لینے کے لئے سخت کوشش کرتے ہیں۔‏ (‏کلسیوں ۳:‏۲۳،‏ ۲۴ کو پڑھیں۔‏)‏ ہم یہ اعتماد رکھ سکتے ہیں کہ جب ہم دل‌وجان سے خود کو خدا کی خدمت کے لئے پیش کرتے ہیں تو ہم کلیسیا میں ایک اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔‏

ہماری خدمت پر اثرانداز ہونے والی باتیں

۷.‏ واضح کریں کہ ہمارے حالات کلیسیا میں ہماری خدمت پر کیا اثر ڈال سکتے ہیں۔‏

۷ کلیسیا میں ہم جو کچھ کرتے ہیں اُس کا انحصار کسی حد تک ہمارے حالات پر ہے۔‏ مثال کے طور پر،‏ کلیسیا میں بھائی بعض لحاظ سے بہنوں سے فرق کردار ادا کرتے ہیں۔‏ اِس کے علاوہ عمر،‏ صحت اور دیگر باتیں بھی ہماری خدمت پر اثر ڈال سکتی ہیں۔‏ امثال ۲۰:‏۲۹ بیان کرتی ہے:‏ ”‏جوانوں کا زور اُن کی شوکت ہے اور بوڑھوں کے سفید بال اُن کی زینت ہیں۔‏“‏ نوجوان کلیسیا میں محنت‌طلب کاموں میں زیادہ مدد کر سکتے ہیں جبکہ بوڑھے لوگ اپنی حکمت اور تجربے سے کلیسیا کو فائدہ پہنچاتے ہیں۔‏ ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہئے کہ یہوواہ کی تنظیم میں ہم جو کچھ بھی کرتے ہیں وہ صرف یہوواہ کے فضل کی بدولت ہے۔‏—‏اعما ۱۴:‏۲۶؛‏ روم ۱۲:‏۶-‏۸‏۔‏

۸.‏ دو نوجوان بہنوں کی مثال کے مطابق ہماری خواہش کلیسیا میں ہماری خدمت پر کیا اثر ڈالتی ہے؟‏

۸ ایک اَور بات بھی کلیسیا میں ہماری خدمت پر اثرانداز ہوتی ہے۔‏ اِس سلسلے میں دو نوجوان بہنوں کی مثال پر غور کریں۔‏ اُن دونوں نے ہائی سکول کی تعلیم حاصل کی تھی۔‏ دونوں کے حالات ایک جیسے تھے۔‏ اُن کے والدین نے دونوں کی حوصلہ‌افزائی کی تھی کہ وہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد باقاعدہ پائنیر خدمت کریں۔‏ ایک نے تو پائنیر خدمت اختیار کر لی جبکہ دوسری نے ملازمت شروع کر دی۔‏ اُن دونوں کا فیصلہ ایک‌دوسرے سے فرق کیوں تھا؟‏ دراصل وہ دونوں اپنی‌اپنی خواہش کے مطابق کام کرنا چاہتی تھیں۔‏ ہم سب کے ساتھ بھی ایسا ہی معاملہ ہے۔‏ ہمیں سنجیدگی سے یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ ہم خدا کی خدمت میں کیا کرنا چاہتے ہیں۔‏ کیا ہم اپنے حالات میں تبدیلی کرنے کے لئے تیار ہیں تاکہ مُنادی کے کام میں زیادہ وقت صرف کر سکیں؟‏—‏۲-‏کر ۹:‏۷‏۔‏

۹،‏ ۱۰.‏ اگر ہمارے اندر یہوواہ خدا کی خدمت میں ترقی کرنے کے لئے شوق کی کمی ہے تو ہمیں کیا کرنا چاہئے؟‏

۹ کیا ہمارے اندر یہوواہ کی خدمت میں ترقی کرنے کے لئے شوق کی کمی ہے؟‏ کیا ہم اچھے حالات کے باوجود کلیسیا میں اپنی تھوڑی سی خدمت سے ہی مطمئن رہتے ہیں؟‏ اگر ایسا ہے تو ہم فلپیوں کے نام پولس رسول کی اِس مشورت پر غور کر سکتے ہیں:‏ ”‏وہ خدا ہی ہے جو تُم میں نیت اور عمل دونوں کو پیدا کرتا ہے تاکہ اُس کا نیک اِرادہ پورا ہو سکے۔‏“‏ جی‌ہاں،‏ یہوواہ خدا ہمارے اندر نیت اور عمل پیدا کر سکتا ہے۔‏—‏فل ۲:‏۱۳؛‏ ۴:‏۱۳‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن۔‏

۱۰ لہٰذا،‏ ہمیں یہوواہ خدا سے دُعا کرنی چاہئے کہ وہ ہمیں اپنی مرضی پوری کرنے کی توفیق دے۔‏ قدیم اسرائیلی بادشاہ داؤد نے بھی ایسا ہی کِیا تھا۔‏ اُس نے دُعا کی:‏ ”‏اَے [‏یہوواہ]‏!‏ اپنی راہیں مجھے دکھا۔‏ اپنے راستے مجھے بتا دے۔‏ مجھے اپنی سچائی پر چلا اور تعلیم دے۔‏ کیونکہ تُو میرا نجات دینے والا خدا ہے۔‏ مَیں دن‌بھر تیرا ہی منتظر رہتا ہوں۔‏“‏ (‏زبور ۲۵:‏۴،‏ ۵‏)‏ جب ہم اِس بات پر غور کرتے ہیں کہ یہوواہ خدا اور اُس کا بیٹا ہماری خدمت کے بارے میں کیا سوچتے ہیں تو ہمارے دل اُن کے لئے قدردانی سے بھر جاتے ہیں۔‏ (‏متی ۲۶:‏۶-‏۱۰؛‏ لو ۲۱:‏۱-‏۴‏)‏ شکرگزاری کے اِس احساس کی وجہ سے ہم یہوواہ خدا سے یہ التجا کرتے ہیں کہ وہ ہمارے اندر اپنی خدمت میں ترقی کرنے کی خواہش پیدا کرے۔‏ ہم یسعیاہ نبی جیسا جذبہ پیدا کر سکتے ہیں۔‏ جب اُس نے یہوواہ خدا کی یہ آواز سنی:‏ ”‏مَیں کس کو بھیجوں اور ہماری طرف سے کون جائے گا؟‏“‏ تو اُس نے جواب دیا:‏ ”‏مَیں حاضر ہوں مجھے بھیج۔‏“‏—‏یسع ۶:‏۸‏۔‏

ہم ترقی کیسے کر سکتے ہیں؟‏

۱۱.‏ (‏ا)‏ کلیسیا میں پیشوائی کرنے کے لئے اَور بھائیوں کی ضرورت کیوں ہے؟‏ (‏ب)‏ کلیسیا میں خدمت کا شرف حاصل کرنے کے لئے بھائی کیا کر سکتے ہیں؟‏

۱۱ پوری دُنیا میں ۲۰۰۸ کے خدمتی سال کے دوران ۲ لاکھ ۸۹ ہزار ۶ سو ۷۸ لوگوں نے بپتسمہ لیا۔‏ اِس لئے پیشوائی کرنے کے لئے بھائیوں کی بہت ضرورت ہے۔‏ بھائیوں کو اِس سلسلے میں کیا کرنا چاہئے؟‏ اُنہیں بزرگوں اور خادموں کے لئے صحائف میں درج لیاقتوں پر پورا اُترنے کی کوشش کرنی چاہئے۔‏ (‏۱-‏تیم ۳:‏۱-‏۱۰،‏ ۱۲،‏ ۱۳؛‏ طط ۱:‏۵-‏۹‏)‏ اُنہیں جوش سے مُنادی کے کام میں حصہ لینا چاہئے اور کلیسیا میں اپنی ذمہ‌داریوں کو اچھی طرح پورا کرنا چاہئے۔‏ نیز،‏ اُنہیں مسیحی اجلاسوں پر اپنے تبصروں کو بہتر بنانا چاہئے اور کلیسیائی بہن‌بھائیوں کے لئے فکر دکھانی چاہئے۔‏ یوں وہ ظاہر کریں گے کہ وہ کلیسیا میں اپنے کردار کی قدر کرتے ہیں۔‏

۱۲.‏ نوجوان سچائی کے لئے جوش کیسے ظاہر کر سکتے ہیں؟‏

۱۲ نوجوان بھائی کلیسیا میں ترقی کرنے کے لئے کیا کر سکتے ہیں؟‏ وہ بائبل کا علم حاصل کرنے سے ”‏رُوحانی حکمت اور سمجھ“‏ میں بڑھنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔‏ (‏کل ۱:‏۹‏)‏ اِس سلسلے میں خدا کے کلام کا مطالعہ کرنا اور کلیسیائی اجلاسوں میں حصہ لینا آپ کی مدد کرے گا۔‏ نوجوان ”‏وسیع اور کارآمد دروازہ“‏ سے داخل ہونے کے لائق بھی ٹھہر سکتے ہیں جو کُل‌وقتی خدمت کی طرف لے جاتا ہے۔‏ (‏۱-‏کر ۱۶:‏۹‏)‏ یہوواہ کی خدمت اختیار کرنا واقعی اطمینان‌بخش اور بہت سی برکات کا باعث ہوتا ہے۔‏‏—‏واعظ ۱۲:‏۱ کو پڑھیں۔‏

۱۳،‏ ۱۴.‏ بہنیں یہ کیسے ظاہر کر سکتی ہیں کہ وہ کلیسیا میں اپنے کردار کی قدر کرتی ہیں؟‏

۱۳ بہنیں یہ کیسے ظاہر کر سکتی ہیں کہ وہ کلیسیا میں اپنے کردار کو اہم خیال کرتی ہیں؟‏ وہ زبور ۶۸:‏۱۱ میں درج پیشینگوئی کی تکمیل میں حصہ لینے کے شرف کے لئے قدر دکھا سکتی ہیں۔‏ اِس آیت میں ہم پڑھتے ہیں:‏ ”‏[‏یہوواہ]‏ حکم دیتا ہے۔‏ خوشخبری دینے والیاں فوج کی فوج ہیں۔‏“‏ لہٰذا،‏ مُنادی کرنے اور شاگرد بنانے کے کام میں دل‌وجان سے حصہ لے کر بہنیں یہ ظاہر کر سکتی ہیں کہ وہ کلیسیا میں اپنے کردار کو اہم خیال کرتی ہیں۔‏—‏متی ۲۸:‏۱۹،‏ ۲۰‏۔‏

۱۴ ططس کو لکھتے وقت پولس نے بیان کِیا:‏ ”‏بوڑھی عورتوں کی بھی وضع مُقدسوں کی سی ہو .‏ .‏ .‏ اچھی باتیں سکھانے والی ہوں۔‏ تاکہ جوان عورتوں کو سکھائیں کہ اپنے شوہروں کو پیار کریں۔‏ بچوں کو پیار کریں۔‏ اور مُتقی اور پاک‌دامن اور گھر کا کاروبار کرنے والی اور مہربان ہوں اور اپنےاپنے شوہر کے تابع رہیں تاکہ خدا کا کلام بدنام نہ ہو۔‏“‏ (‏طط ۲:‏۳-‏۵‏)‏ روحانی طور پر پُختہ بہنیں کلیسیا کو مختلف طریقوں سے فائدہ پہنچا سکتی ہیں۔‏ وہ کلیسیا میں پیشوائی کرنے والے بھائیوں کے لئے احترام ظاہر کر سکتی ہیں۔‏ وہ لباس اور تفریح جیسے معاملات میں سمجھداری سے فیصلے کر سکتی ہیں۔‏ یوں وہ کلیسیا میں اپنے کردار کی قدر کرتے ہوئے دوسروں کے لئے ایک اچھی مثال قائم کرتی ہیں۔‏

۱۵.‏ ایک غیرشادی‌شُدہ بہن تنہائی پر قابو پانے کے لئے کیا کر سکتی ہے؟‏

۱۵ بعض‌اوقات،‏ ایک غیرشادی‌شُدہ بہن کے لئے کلیسیا میں اپنے کردار کو سمجھنا مشکل ہو سکتا ہے۔‏ ایسی ہی صورتحال سے گزرنے والی ایک بہن نے کہا:‏ ”‏مَیں کبھی‌کبھار بہت تنہا محسوس کرتی ہوں۔‏“‏ جب اُس سے پوچھا گیا کہ وہ اِس صورتحال سے نپٹنے کے قابل کیسے ہوتی ہے تو اُس نے جواب دیا:‏ ”‏دُعا اور مطالعہ کرنے سے مَیں کلیسیا میں اپنے کردار کو سمجھنے کے قابل ہوتی ہوں۔‏ مَیں اِس بات پر غور کرتی ہوں کہ یہوواہ میری کتنی فکر کرتا ہے۔‏ پھر مَیں کلیسیا میں دوسروں کی مدد کرنے کی کوشش کرتی ہوں۔‏ اِس طرح مَیں اپنے بارے میں حد سے زیادہ نہیں سوچتی۔‏“‏ زبور ۳۲:‏۸ میں یہوواہ خدا نے داؤد کو بتایا:‏ ”‏مَیں تجھے صلاح دوں گا۔‏ میری نظر تجھ پر ہوگی۔‏“‏ جی‌ہاں،‏ یہوواہ خدا غیرشادی‌شُدہ بہنوں سمیت اپنے تمام خادموں کی فکر رکھتا ہے اور کلیسیا میں اپنے کردار کو سمجھنے میں اُن کی مدد کرتا ہے۔‏

اپنا کردار نبھائیں

۱۶،‏ ۱۷.‏ (‏ا)‏ یہوواہ کی کلیسیا میں آنا ہماری زندگی کا سب سے اچھا فیصلہ کیوں ہے؟‏ (‏ب)‏ ہم کلیسیا میں اپنے کردار کو کیسے نبھا سکتے ہیں؟‏

۱۶ یہوواہ خدا نے اپنے تمام خادموں کو اپنے قریب آنے کا شرف عطا کِیا ہے۔‏ یسوع مسیح نے کہا:‏ ”‏کوئی میرے پاس نہیں آ سکتا جب تک باپ جس نے مجھے بھیجا ہے اُسے کھینچ نہ لے۔‏“‏ (‏یوح ۶:‏۴۴‏)‏ یہوواہ خدا نے اربوں لوگوں میں سے ہمیں اپنی کلیسیا میں آنے کا موقع دیا ہے۔‏ اِس کلیسیا میں آ کر ہم نے اپنی زندگی کا سب سے اچھا فیصلہ کِیا ہے۔‏ اِس سے ہمیں زندگی میں ایک مقصد مل گیا ہے۔‏ بِلاشُبہ،‏ ہم اِس بات سے بہت خوش ہیں کہ ہم کلیسیا میں خدمت انجام دینے کے قابل ہیں۔‏

۱۷ زبورنویس نے گیت گایا:‏ ”‏اَے [‏یہوواہ]‏!‏ مَیں تیری سکونت‌گاہ .‏ .‏ .‏ کو عزیز رکھتا ہوں۔‏ میرا پاؤں ہموار جگہ پر قائم ہے۔‏ مَیں جماعتوں میں [‏یہوواہ]‏ کو مبارک کہوں گا۔‏“‏ (‏زبور ۲۶:‏۸،‏ ۱۲‏)‏ سچے خدا یہوواہ کی کلیسیا میں ہم سب کا اپنااپنا کردار ہے۔‏ اگر ہم خدا کی راہنمائی کو قبول کرتے اور اُس کی خدمت میں مشغول رہتے ہیں تو ہم اُس کی کلیسیا میں اپنے کردار کو نبھا سکتے ہیں۔‏

کیا آپ کو یاد ہے؟‏

‏• یہ کہنا کیوں مناسب ہے کہ کلیسیا میں تمام مسیحیوں کا اپنااپنا کردار ہے؟‏

‏• ہم یہ کیسے ظاہر کرتے ہیں کہ ہم کلیسیا میں اپنے کردار کی قدر کرتے ہیں؟‏

‏• کونسی باتیں کلیسیا میں ہمارے کردار پر اثر ڈال سکتی ہیں؟‏

‏• چاہے ہم جوان ہوں یا بوڑھے،‏ ہم یہ کیسے ظاہر کر سکتے ہیں کہ ہم کلیسیا میں اپنے کردار کی قدر کرتے ہیں؟‏

‏[‏مطالعے کے سوالات]‏

‏[‏صفحہ ۲۱ پر تصویریں]‏

بھائی کلیسیا میں شرف حاصل کرنے کے لئے کیا کر سکتے ہیں؟‏

‏[‏صفحہ ۲۲ پر تصویر]‏

بہنیں یہ کیسے ظاہر کر سکتی ہیں کہ وہ کلیسیا میں اپنے کردار کی قدر کرتی ہیں؟‏