مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

ایک عالمگیر مسئلے کا عالمگیر حل

ایک عالمگیر مسئلے کا عالمگیر حل

ایک عالمگیر مسئلے کا عالمگیر حل

دُنیابھر میں دُکھ‌تکلیف بہت عام ہے۔‏ بہت سے لوگ اِس سلسلے میں مدد کرنے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔‏ مثال کے طور پر،‏ ڈاکٹر ہسپتالوں میں بیماروں اور زخمیوں کی دیکھ‌بھال کرنے کے لئے رات‌دن کام کرتے ہیں۔‏ اِس کے علاوہ،‏ پولیس،‏ آگ بجھانے والے اور ہنگامی صورتحال سے نپٹنے والے بھی لوگوں کی مدد کے لئے ہر پل تیار رہتے ہیں۔‏ ایسی کوششیں اگرچہ قابلِ‌تعریف ہیں مگر اِن سے لوگوں کو صرف انفرادی طور پر ہی فائدہ پہنچتا ہے۔‏ کوئی بھی شخص یا تنظیم پوری دُنیا سے دُکھ‌تکلیف کو ختم نہیں کر سکتی۔‏ لیکن ایک ہستی ہے جو اِس عالمگیر مسئلے کو حل کر سکتی ہے۔‏ یہ ہستی ہمارا خالق یہوواہ خدا ہے۔‏

بائبل کی آخری کتاب میں ہمیں یقین دلایا گیا ہے:‏ ”‏[‏خدا]‏ اُن کی آنکھوں کے سب آنسو پونچھ دے گا۔‏ اِس کے بعد نہ موت رہے گی اور نہ ماتم رہے گا۔‏ نہ آہ‌ونالہ نہ درد۔‏ پہلی چیزیں جاتی رہیں۔‏“‏ (‏مکاشفہ ۲۱:‏۴‏)‏ غور کریں کہ جب یہ وعدہ پورا ہوگا تو اِس سے لوگوں کو کتنا زیادہ فائدہ پہنچے گا۔‏ جی‌ہاں،‏ خدا تمام دُکھ‌تکلیف کا نام‌ونشان مٹا دے گا۔‏ وہ جنگ،‏ بھوک،‏ بیماری،‏ ناانصافی اور تمام بُرے لوگوں کو ختم کر دے گا۔‏ واقعی،‏ یہ کام خدا کے علاوہ اَور کوئی نہیں کر سکتا۔‏

خدا کی بادشاہت دُکھ‌تکلیف کا واحد حل

خدا کائنات کی دوسری بڑی ہستی یعنی یسوع مسیح کے ذریعے اپنے وعدے پورے کرے گا۔‏ وہ وقت بہت جلد آنے والا ہے جب یسوع مسیح پوری دُنیا پر حکمرانی کرے گا۔‏ اِس کے بعد انسانوں کو سیاسی حکمرانوں کی ضرورت نہیں ہوگی۔‏ پھر ساری زمین پر ایک ہی بادشاہ اور ایک ہی حکومت یعنی خدا کی بادشاہت ہوگی۔‏

یہ بادشاہت تمام انسانی حکومتوں کا خاتمہ کر دے گی۔‏ صدیوں پہلے بائبل میں اِس کی پیشینگوئی کر دی گئی تھی:‏ ”‏آسمان کا خدا ایک سلطنت برپا کرے گا جو تاابد نیست نہ ہوگی اور اُس کی حکومت کسی دوسری قوم کے حوالہ نہ کی جائے گی بلکہ وہ اِن تمام مملکتوں کو ٹکڑےٹکڑے اور نیست کرے گی اور وہی ابد تک قائم رہے گی۔‏“‏ (‏دانی‌ایل ۲:‏۴۴‏)‏ لہٰذا،‏ ساری زمین پر لوگ اِس راست حکومت یعنی خدا کی بادشاہت کے تحت مل‌جل کر رہیں گے۔‏

یسوع مسیح نے کئی موقعوں پر اِس بادشاہت کا ذکر کِیا تھا۔‏ جب اُس نے اپنے شاگردوں کو دُعا کرنی سکھائی تو اُس نے کہا:‏ ”‏تیری بادشاہی آئے۔‏ تیری مرضی جیسی آسمان پر پوری ہوتی ہے زمین پر بھی ہو۔‏“‏ (‏متی ۶:‏۱۰‏)‏ غور کریں کہ یسوع مسیح نے واضح کِیا کہ خدا کی مرضی اُس کی بادشاہت کے ذریعے پوری ہونی تھی اور خدا کی مرضی یہ ہے کہ زمین سے تمام دُکھ‌تکلیف کو ختم کر دیا جائے۔‏

خدا کی بادشاہت کے ذریعے انسانوں کو ایسی برکات حاصل ہوں گی جو کوئی بھی سیاسی حکومت نہیں دے سکتی۔‏ ہم سیکھ چکے ہیں کہ یہوواہ خدا نے اپنے بیٹے کو قربان کر دیا تاکہ انسان ہمیشہ کی زندگی حاصل کر سکیں۔‏ لیکن یہ کیسے ہوگا؟‏ اِس بادشاہت کے تحت انسان آہستہ‌آہستہ گُناہ سے پاک ہو جائیں گے۔‏ اِس کے نتیجے میں یہوواہ خدا ”‏موت کو ہمیشہ کے لئے نابود کرے گا اور .‏ .‏ .‏ سب کے چہروں سے آنسو پونچھ ڈالے گا۔‏“‏—‏یسعیاہ ۲۵:‏۸‏۔‏

بعض شاید سوچیں:‏ ’‏خدا نے اب تک کوئی کارروائی کیوں نہیں کی؟‏ وہ کس بات کا انتظار کر رہا ہے؟‏‘‏ یہوواہ خدا بہت پہلے ہی دُکھ‌تکلیف کو ختم کر سکتا تھا۔‏ مگر اُس نے ایسا نہیں کِیا کیونکہ وہ انسانوں کی ابدی بھلائی چاہتا ہے۔‏ اِس بات کو سمجھنے کے لئے آئیں ایک مثال پر غور کریں۔‏ اچھے والدین ہمیشہ اپنے بچوں کی بھلائی چاہتے ہیں۔‏ اِس لئے اگر اُنہیں یہ پتہ ہو کہ اُن کے بچوں کے لئے کسی تکلیف سے گزرنا فائدہ‌مند ہوگا تو وہ یقیناً اِس کی اجازت دیں گے۔‏ اِسی طرح خدا نے بھی معقول وجوہات کی بِنا پر انسانوں کو دُکھ‌تکلیف سے گزرنے دیا ہے۔‏ خدا کا کلام اِن وجوہات کو واضح کرتا ہے۔‏ مثلاً،‏ انسانوں کا اپنی من‌مانی کرکے گُناہ میں پڑ جانا اور خدا کی حکمرانی کے طریقے پر اعتراض اُٹھایا جانا۔‏ نیز،‏ بائبل یہ بھی بتاتی ہے کہ ایک بُرے فرشتے کو کچھ وقت کے لئے دُنیا پر حکومت کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔‏ *

اگرچہ اِن تمام وجوہات کی وضاحت چند صفحات پر نہیں کی جا سکتی توبھی ہم دو باتوں سے تسلی اور اُمید حاصل کر سکتے ہیں۔‏ پہلی بات یہ کہ آج ہم جس دُکھ‌تکلیف کا سامنا کر رہے ہیں خدا ہمیں اِس سے کہیں زیادہ برکات دے گا۔‏ یہوواہ خدا نے وعدہ کِیا ہے:‏ ”‏پہلی چیزوں کا پھر ذکر نہ ہوگا اور وہ خیال میں نہ آئیں گی۔‏“‏ (‏یسعیاہ ۶۵:‏۱۷‏)‏ یہوواہ خدا بُرائی کی وجہ سے پیدا ہونے والے دُکھ‌تکلیف کو ہمیشہ‌ہمیشہ کے لئے ختم کر دے گا۔‏

دوسری بات یہ کہ خدا نے دُکھ‌تکلیف کو ختم کرنے کا ایک وقت مقرر کر دیا ہے۔‏ آپ کو یاد ہوگا کہ حبقوق نبی نے یہوواہ خدا سے پوچھا تھا کہ وہ کب تک ظلم اور تشدد کو ختم نہیں کرے گا۔‏ ذرا یہوواہ کے جواب پر غور کریں۔‏ اُس نے کہا:‏ ”‏یہ رویا ایک مقررہ وقت کے لئے ہے۔‏ یہ .‏ .‏ .‏ تاخیر نہ کرے گی۔‏“‏ (‏حبقوق ۲:‏۳‏)‏ ہمارا اگلا مضمون واضح کرے گا کہ یہ ”‏مقررہ وقت“‏ بہت جلد آنے والا ہے۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 9 اب تک دُکھ‌تکلیف کو ختم نہ کرنے کی وجوہات کے بارے میں مزید جاننے کے لئے یہوواہ کے گواہوں کی شائع‌کردہ کتاب پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں کے باب ۱۱ کو دیکھیں۔‏

‏[‏صفحہ ۷ پر بکس]‏

ایک شاندار مستقبل کے متعلق صحائف

جنگ کا خاتمہ:‏

‏”‏آؤ!‏ [‏یہوواہ]‏ کے کاموں کو دیکھو کہ اُس نے زمین پر کیا کیا ویرانیاں کی ہیں۔‏ وہ زمین کی انتہا تک جنگ موقوف کراتا ہے۔‏“‏—‏زبور ۴۶:‏۸،‏ ۹‏۔‏

ہمارے مرے ہوئے عزیز جی اُٹھیں گے:‏

‏”‏راستبازوں اور ناراستوں دونوں کی قیامت ہوگی۔‏“‏—‏اعمال ۲۴:‏۱۵‏۔‏

خوراک کی افراط:‏

‏”‏زمین میں پہاڑوں کی چوٹیوں پر اناج کی افراط ہوگی۔‏ اُن کا پھل لبناؔن کے درختوں کی طرح جھومے گا اور شہر والے زمین کی گھاس کی مانند ہرےبھرے ہوں گے۔‏“‏—‏زبور ۷۲:‏۱۶‏۔‏

بیماری کا خاتمہ:‏

‏”‏وہاں کے باشندوں میں بھی کوئی نہ کہے گا کہ مَیں بیمار ہوں۔‏“‏—‏یسعیاہ ۳۳:‏۲۴‏۔‏

شریر لوگوں کا خاتمہ:‏

‏”‏شریر زمین پر سے کاٹ ڈالے جائیں گے اور دغاباز اُس سے اُکھاڑ پھینکے جائیں گے۔‏“‏—‏امثال ۲:‏۲۲‏۔‏

سب کے لئے انصاف:‏

‏”‏دیکھ ایک بادشاہ [‏یسوع مسیح]‏ صداقت سے سلطنت کرے گا اور شاہزادے عدالت سے حکمرانی کریں گے۔‏“‏—‏یسعیاہ ۳۲:‏۱‏۔‏

‏[‏صفحہ ۷ پر تصویر]‏

خدا کی بادشاہت تمام دُکھ‌تکلیف کو ختم کر دے گی