مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

یرمیاہ نے خدا کی خدمت نہ چھوڑی

یرمیاہ نے خدا کی خدمت نہ چھوڑی

اپنے بچوں کے ساتھ مل کر پڑھیں

یرمیاہ نے خدا کی خدمت نہ چھوڑی

کیا آپ نے کبھی یہ محسوس کِیا ہے کہ آپ کے لئے خدا کی خدمت کرنا مشکل ہے؟‏—‏ * بہت سے لوگ ایسا محسوس کرتے ہیں۔‏ یرمیاہ نبی کو بھی ایسا ہی محسوس ہوا تھا۔‏ لیکن اُس نے دوسروں کی باتوں کی وجہ سے خدا کی خدمت کو نہیں چھوڑا تھا۔‏ آئیں دیکھیں کہ یرمیاہ خدا کا نبی ہونے کے باوجود اُس کی خدمت کو چھوڑنے کے بارے میں کیوں سوچنے لگا۔‏

یرمیاہ کے پیدا ہونے سے بھی پہلے یہوواہ خدا نے اُسے اپنا نبی چن لیا تھا۔‏ اُسے لوگوں کو یہ بتانے کے لئے چنا گیا تھا کہ خدا اُن کے کاموں سے خوش نہیں ہے۔‏ کیا آپ جانتے ہیں کہ اِس کے کئی سال بعد یرمیاہ نے یہوواہ خدا سے کیا کہا؟‏—‏اُس نے کہا:‏ ”‏مَیں بول نہیں سکتا کیونکہ مَیں تو بچہ ہُوں۔‏“‏

آپ کے خیال میں یہوواہ خدا نے یرمیاہ کو کیا جواب دیا ہوگا؟‏—‏یہوواہ خدا نے بڑی محبت سے کہا:‏ ”‏یوں نہ کہہ کہ مَیں بچہ ہُوں کیونکہ جس کسی کے پاس مَیں تجھے بھیجوں گا تُو جائے گا اور جو کچھ مَیں تجھے فرماؤں گا تُو کہے گا۔‏ تُو .‏ .‏ .‏ نہ ڈر۔‏“‏ یرمیاہ کو کیوں نہیں ڈرنا تھا؟‏ یہوواہ خدا نے اُس سے کہا:‏ ”‏مَیں تجھے چھڑانے کو تیرے ساتھ ہُوں۔‏“‏—‏یرمیاہ ۱:‏۴-‏۸‏۔‏

اِس کے باوجود،‏ ایک وقت ایسا آیا جب یرمیاہ ہمت ہار بیٹھا۔‏ کیونکہ لوگ خدا کی خدمت کرنے کی وجہ سے اُس کا مذاق اُڑا رہے تھے۔‏ اُس نے کہا:‏ ”‏مَیں دن‌بھر ہنسی کا باعث بنتا ہُوں۔‏ ہر ایک میری ہنسی اُڑاتا ہے۔‏“‏ اِسی وجہ سے وہ خدا کی خدمت چھوڑنے کے بارے میں سوچنے لگا۔‏ اُس نے کہا:‏ ”‏مَیں [‏یہوواہ]‏ کا ذکر نہ کروں گا نہ پھر کبھی اُس کے نام سے کلام کروں گا۔‏“‏ مگر کیا واقعی اُس نے خدا کی خدمت کرنا چھوڑ دیا؟‏

جی‌نہیں۔‏ اُس نے کہا:‏ ”‏[‏یہوواہ]‏ کا کلام میرے دل میں جلتی آگ کی مانند ہے جو میری ہڈیوں میں پوشیدہ ہے اور مَیں ضبط کرتےکرتے تھک گیا۔‏“‏ (‏یرمیاہ ۲۰:‏۷-‏۹‏)‏ اگرچہ یرمیاہ ڈر گیا توبھی اُس نے یہوواہ خدا سے محبت کی وجہ سے اُس کی خدمت نہ چھوڑی۔‏ آئیں دیکھیں کہ خدا نے یرمیاہ کی حفاظت کیسے کی؟‏

یہوواہ خدا نے یرمیاہ سے کہا کہ یروشلیم کے لوگوں کو بتائے کہ اگر وہ اپنے بُرے کاموں کو نہیں چھوڑیں گے تو اُنہیں تباہ کر دیا جائے گا۔‏ جب یرمیاہ نے لوگوں کو خدا کا یہ پیغام سنایا تو لوگ غصے میں آکر کہنے لگے:‏ ”‏تُو یقیناً قتل کِیا جائے گا۔‏“‏ یرمیاہ نے اُن سے کہا کہ ”‏[‏یہوواہ]‏ اپنے خدا کی آواز کے شنوا ہو“‏ یعنی اُس کی بات مانو۔‏ اِس کے بعد اُس نے کہا:‏ ”‏اگر تُم مجھے قتل کرو گے تو بےگُناہ کا خون اپنےآپ پر .‏ .‏ .‏ لاؤ گے کیونکہ درحقیقت [‏یہوواہ]‏ نے مجھے تمہارے پاس بھیجا ہے کہ تمہارے کانوں میں یہ سب باتیں کہوں۔‏“‏ کیا آپ جانتے ہیں کہ اِس کے بعد کیا ہوا؟‏

بائبل بیان کرتی ہے:‏ ”‏تب اُمرا اور سب لوگوں نے کاہنوں اور نبیوں سے کہا کہ یہ شخص واجب‌اُلقتل نہیں کیونکہ اُس نے [‏یہوواہ]‏ ہمارے خدا کے نام سے ہم سے کلام کِیا۔‏“‏ لہٰذا،‏ جب یرمیاہ خوف‌زدہ نہ ہوا تو یہوواہ خدا نے اُس کی حفاظت کی۔‏ آئیں اب یہوواہ خدا کے ایک اَور نبی اُوریاہ کی مثال پر غور کریں جو لوگوں سے ڈر گیا۔‏

بائبل بیان کرتی ہے کہ ’‏اُوریاہ نے بھی یرمیاہ کی طرح یروشلیم کے خلاف پیغام سنایا تھا۔‏‘‏ اوریاہ کی باتیں سُن کر بادشاہ یہویقیم غصے میں آ گیا اور اُسے قتل کرنا چاہا۔‏ کیا آپ جانتے ہیں کہ اُوریاہ نے کیا کِیا؟‏—‏وہ ڈر گیا اور خدا کی خدمت چھوڑ کر مصر بھاگ گیا۔‏ بادشاہ نے اپنے آدمیوں کو مصر بھیجا تاکہ وہ اُوریاہ کو پکڑ کر لائیں۔‏ جب اُوریاہ کو واپس لایا گیا تو کیا آپ جانتے ہیں کہ اِس بادشاہ نے کیا کِیا؟‏—‏اُس نے اُوریاہ کو تلوار سے قتل کر دیا۔‏—‏یرمیاہ ۲۶:‏۸-‏۲۴‏۔‏

آپ کے خیال میں یہوواہ خدا نے کیوں یرمیاہ کی تو حفاظت کی مگر اُوریاہ کی حفاظت نہ کی؟‏—‏اِس کی وجہ یہ ہے کہ اگرچہ یرمیاہ بھی اُوریاہ کی طرح ڈر گیا تھا لیکن وہ یہوواہ خدا کی خدمت چھوڑ کر بھاگا نہیں تھا۔‏ ہم یرمیاہ کی مثال سے کیا سیکھ سکتے ہیں؟‏—‏بعض‌اوقات ہمیں خدا کی بات ماننا مشکل لگ سکتا ہے لیکن ہمیں ہمیشہ اُس پر بھروسا کرنا چاہئے اور اُس کا حکم ماننا چاہئے۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 3 اگر آپ اِس مضمون کو کسی بچے کے ساتھ پڑھ رہے ہیں تو پیراگراف میں دئے گئے اِس نشان پر تھوڑا رُکیں اور بچے کی حوصلہ‌افزائی کریں کہ وہ اپنے خیالات کا اظہار کرے۔‏

سوالات:‏

○ خدا نے یرمیاہ کو کونسا کام دیا تھا؟‏

○ یرمیاہ خدا کی خدمت چھوڑنے کے بارے میں کیوں سوچنے لگا؟‏

○ خدا نے کیوں یرمیاہ کی حفاظت کی مگر اُوریاہ کی حفاظت نہ کی؟‏

○ آپ نے یرمیاہ کی مثال سے کیا سیکھا ہے؟‏