مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

موقع ہاتھ سے نہ جانے دیں

موقع ہاتھ سے نہ جانے دیں

موقع ہاتھ سے نہ جانے دیں

بعض اوقات مُنادی کرنے کے ایسے موقعے مل جاتے ہیں جن کی توقع بھی نہیں ہوتی۔‏ کیا آپ ایسے موقعوں کو بھرپور استعمال کرنے کے لئے تیار رہتے ہیں؟‏ فن‌لینڈ کی ایک بندرگاہ ٹرکو میں رہنے والے یہوواہ کے گواہوں کو بھی مُنادی کرنے کا ایک ایسا ہی موقع ملا جسے اُنہوں نے ہاتھ سے جانے نہ دیا۔‏ اِس سے اُنہیں بہت عمدہ نتائج حاصل ہوئے۔‏

کچھ عرصہ پہلے ٹرکو میں یہوواہ کے گواہوں نے یہ دیکھا کہ اُن کے شہر میں کچھ غیرملکی لوگ رہنے آئے ہیں۔‏ اُنہیں یہاں ایک بہت بڑا بحری جہاز بنانے کے لئے بلایا گیا تھا۔‏ بعد میں ایک یہوواہ کے گواہ کو پتہ چلا کہ یہ غیرملکی لوگ کن ہوٹلوں میں ٹھہرے ہوئے ہیں۔‏ اُسے یہ بھی معلوم ہوا کہ ہر صبح یہ لوگ بسوں میں سوار ہو کر بندرگاہ پر کام کرنے کے لئے جاتے ہیں۔‏ اُس نے فوراً یہ خبر ٹرکو میں انگریزی بولنے والی کلیسیا کے بھائیوں کو دی۔‏

اِس کلیسیا کے بزرگوں نے محسوس کِیا کہ اتنے زیادہ غیرملکی لوگوں کو بادشاہتی پیغام سنانے کا یہ اچھا موقع ہے۔‏ لہٰذا،‏ اُنہوں نے فوراً اِن لوگوں کو گواہی دینے کا بندوبست کِیا۔‏ اُسی اتوار کے روز صبح سات بجے دس مبشر بس سٹاپ پر جمع ہو گئے۔‏ اُنہوں نے دیکھا کہ بس سٹاپ پر کوئی بھی نہیں تھا۔‏ اُنہوں نے سوچا کہ کہیں ہمیں آنے میں دیر تو نہیں ہو گئی یا کیا وہ لوگ ٹرکو سے چلے تو نہیں گئے؟‏ لیکن تھوڑی ہی دیر بعد اُنہیں ایک شخص اپنے کام کے کپڑوں میں بس سٹاپ کی طرف آتا ہوا دکھائی دیا۔‏ اِس کے بعد ایک اَور شخص آیا۔‏ یوں ایک‌ایک کرکے بہت سارے کارکن بس سٹاپ پر جمع ہو گئے۔‏ اِن مبشروں نے فوراً انگریزی زبان میں کتابیں اور رسالے اِن کارکنوں کو پیش کرنے شروع کر دئے۔‏ بسوں کو بھرنے میں تقریباً ایک گھنٹہ لگا جس سے اِن مبشروں کو زیادہ کارکنوں سے بات کرنے کا وقت مل گیا۔‏ جب بسیں وہاں سے روانہ ہوئیں تو یہ مبشر ۱۲۶ کتابچے اور ۳۲۹ رسالے پیش کر چکے تھے۔‏

اتنے عمدہ نتائج کو دیکھ کر یہوواہ کے گواہوں نے اگلے ہفتے حلقے کے نگہبان کے دورے میں بھی اِنہی غیرملکی لوگوں میں مُنادی کرنے کا منصوبہ بنایا۔‏ جس دن وہ وہاں مُنادی کرنے کے لئے گئے اُس دن بہت بارش ہو رہی تھی۔‏ اِس کے باوجود صبح ساڑھے چھ بجے ۲۴ مبشر مُنادی کے لئے جمع ہوئے۔‏ حلقے کے نگہبان نے مُنادی میں جانے سے پہلے اُنہیں کچھ مشورے دئے اور اُن کی حوصلہ‌افزائی کی۔‏ پھر اُس نے مبشروں کو مُنادی کرنے کے لئے بس سٹاپ پر بھیجا۔‏ چونکہ اِن غیرملکی لوگوں میں کئی فلپائن سے بھی آئے ہوئے تھے اِس لئے مبشروں نے اپنے پاس فلپائن کی زبان ٹگالگ میں کافی رسالے اور کتابیں رکھیں۔‏ جب بسیں بندرگاہ کے لئے روانہ ہوئیں تو مبشر اِن کارکنوں کو ۷ کتابیں،‏ ۶۹ کتابچے اور ۴۷۹ رسالے پیش کر چکے تھے۔‏ اِن مبشروں کو یقیناً غیرملکی لوگوں کو بادشاہت کا پیغام سنا کر بہت خوشی حاصل ہوئی ہوگی!‏

اِس سے پہلے کہ یہ کارکن اپنےاپنے مُلک واپس جاتے،‏ مبشروں نے ہوٹل میں جا کر اُن میں سے بعض کو بادشاہت کے متعلق اَور بہت سی باتیں بتائیں۔‏ کچھ کارکنوں نے بتایا کہ اِس سے پہلے بھی یہوواہ کے گواہوں سے اُن کی ملاقات ہو چکی ہے۔‏ کارکنوں نے مبشروں کا شکریہ ادا کِیا کہ اُنہوں نے اُن سے ملنے کے لئے اتنی کوشش کی۔‏

کیا آپ بھی مُنادی کرنے کے ہر موقعے کا بھرپور استعمال کرتے ہیں؟‏ کیا آپ ہر قوم اور نسل کے لوگوں کو بادشاہت کا پیغام سنانے کی کوشش کرتے ہیں؟‏ اگر آپ ایسا کریں گے تو آپ کو بھی ٹرکو میں رہنے والے یہوواہ کے گواہوں کی طرح خوشی اور عمدہ نتائج حاصل ہوں گے۔‏

‏[‏صفحہ ۲۳ پر نقشہ/‏تصویر]‏

‏(‏تصویر کے لئے چھپے ہوئے صفحے کو دیکھیں)‏

فن‌لینڈ

ٹرکو

ہیل‌سنکی

‏[‏تصویر کا حوالہ]‏

STX Europe