مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

دوسروں سے اپنا موازنہ نہ کریں

دوسروں سے اپنا موازنہ نہ کریں

دوسرا مشورہ

دوسروں سے اپنا موازنہ نہ کریں

خدا کے کلام کی تعلیم یہ ہے:‏ ‏”‏ہر شخص اپنے ہی کام کو آزما لے۔‏ اِس صورت میں اُسے اپنی ہی بابت فخر کرنے کا موقع ہوگا نہ کہ دوسرے کی بابت۔‏“‏—‏گلتیوں ۶:‏۴‏۔‏

اِس مشورے پر عمل کرنا مشکل کیوں ہے؟‏ ہم دوسروں کے ساتھ اپنا موازنہ کرنے کی طرف مائل ہو سکتے ہیں۔‏ بعض اوقات ہم یہ سوچتے ہیں کہ دوسرے ہم سے زیادہ طاقتور،‏ امیر یا ذہین ہیں۔‏ لیکن بعض اوقات ہم اِس بات پر فخر کرتے ہیں کہ ہم دوسروں سے ہر لحاظ سے بہتر ہیں۔‏ صورتحال خواہ کچھ بھی ہو،‏ دوسروں کے ساتھ موازنہ کرنا ٹھیک نہیں ہے۔‏ ہم اِس غلط سوچ میں پڑ سکتے ہیں کہ جس کے پاس زیادہ چیزیں ہوں یا جس میں زیادہ صلاحیتیں ہوں،‏ وہی کامیاب انسان ہوتا ہے۔‏ ایسی سوچ کی وجہ سے ہم حسد اور دوسروں سے مقابلہ کرنے کی عادت میں پڑ سکتے ہیں۔‏—‏واعظ ۴:‏۴‏۔‏

آپ کیا کر سکتے ہیں؟‏ خود کو کمتر خیال کرنے کی بجائے یہ سمجھنے کی کوشش کریں کہ خدا آپ کو کس نگاہ سے دیکھتا ہے۔‏ خدا کے کلام میں لکھا ہے کہ ”‏خداوند انسان کی مانند نظر نہیں کرتا اِس لئے کہ انسان ظاہری صورت کو دیکھتا ہے پر [‏یہوواہ]‏ * دل پر نظر کرتا ہے۔‏“‏ (‏۱-‏سموئیل ۱۶:‏۷‏)‏ یہوواہ کبھی بھی آپ کا موازنہ دوسروں سے نہیں کرتا بلکہ وہ آپ کے خیالوں اور ارادوں کو جانچتا ہے۔‏ (‏عبرانیوں ۴:‏۱۲،‏ ۱۳‏)‏ یہوواہ یہ جانتا ہے کہ آپ کیا کر سکتے ہیں اور کیا نہیں کر سکتے اور وہ چاہتا ہے کہ آپ بھی اِس بات کو سمجھیں۔‏ اگر آپ دوسروں سے اپنا موازنہ کرتے ہیں تو اِس سے آپ یا تو مغرور ہو جائیں گے یا پھر کبھی بھی خود سے مطمئن نہیں ہوں گے۔‏ اِس لئے خاکسار بنیں اور یہ تسلیم کریں کہ ضروری نہیں،‏ آپ میں ہر صلاحیت ہو۔‏—‏امثال ۱۱:‏۲‏۔‏

پس اگر آپ خدا کی خوشنودی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو کیا کرنا چاہئے؟‏ آپ کو خدا کے نبی میکاہ کی اِس نصیحت پر عمل کرنا چاہئے:‏ ”‏اَے انسان اُس نے تجھ پر نیکی ظاہر کر دی ہے۔‏ [‏یہوواہ]‏ تجھ سے اِس کے سوا کیا چاہتا ہے کہ تُو انصاف کرے اور رحم‌دلی کو عزیز رکھے اور اپنے خدا کے حضور فروتنی سے چلے؟‏“‏ (‏میکاہ ۶:‏۸‏)‏ اگر آپ ایسا کریں گے تو خدا آپ کا خیال رکھے گا اور آپ ہر حال میں خوش رہنے کے قابل ہوں گے۔‏—‏۱-‏پطرس ۵:‏۶،‏ ۷‏۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 5 یہ بائبل میں خدا کا نام ہے۔‏

‏[‏صفحہ ۵ پر تصویر]‏

یہوواہ ہمارے خیالوں اور ارادوں کو جانچتا ہے