مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سوچ‌سمجھ کر دوستوں کا انتخاب کریں

سوچ‌سمجھ کر دوستوں کا انتخاب کریں

چوتھا مشورہ

سوچ‌سمجھ کر دوستوں کا انتخاب کریں

خدا کے کلام کی تعلیم یہ ہے:‏ ‏”‏وہ جو داناؤں کے ساتھ چلتا ہے دانا ہوگا۔‏“‏—‏امثال ۱۳:‏۲۰‏۔‏

اِس مشورے پر عمل کرنا مشکل کیوں ہے؟‏ ہمارے دوستوں کی عادتیں اور باتیں ہم پر گہرا اثر کرتی ہیں۔‏ (‏۱-‏کرنتھیوں ۱۵:‏۳۳‏)‏ اِس وجہ سے ہمارے لئے ہر حال میں خوش رہنا یا تو آسان یا پھر مشکل ہو جاتا ہے۔‏

اِس سلسلے میں خدا کے کلام سے ایک مثال پر غور کریں۔‏ ایک مرتبہ ۱۲ آدمی کنعان کے ملک کی جاسوسی کرنے کے لئے گئے۔‏ جب وہ واپس آئے تو اُن میں سے دس نے ”‏بنی‌اسرائیل کو اُس مُلک کی جِسے وہ دیکھنے گئے تھے بُری خبر دی۔‏“‏ لیکن دو آدمیوں نے کہا کہ کنعان ”‏نہایت اچھا مُلک“‏ ہے۔‏ اِس کے باوجود دس جاسوسوں کی منفی باتیں سن کر لوگ ڈر گئے۔‏ اِس کے نتیجے میں بنی‌اسرائیل کی ”‏ساری جماعت زورزور سے چیخنے لگی اور .‏ .‏ .‏ شکایت کرنے“‏ لگی۔‏—‏گنتی ۱۳:‏۳۰–‏۱۴:‏۹‏۔‏

آج‌کل بھی بہت سے لوگ ”‏بڑبڑانے والے اور شکایت کرنے والے ہیں۔‏“‏ (‏یہوداہ ۱۶‏)‏ اگر ہماری دوستی ایسے لوگوں سے ہے جو کبھی بھی کسی چیز سے مطمئن نہیں ہوتے تو پھر ہمارے لئے بھی ہر حال میں خوش رہنا مشکل ہوگا۔‏

آپ کیا کر سکتے ہیں؟‏ غور کریں کہ آپ کے دوست اکثر کیسی گفتگو کرتے ہیں۔‏ کیا وہ اکثر شو مارتے ہیں کہ اُن کے پاس کتنی اچھی‌اچھی چیزیں ہیں یا کیا یہ شکایت کرتے رہتے ہیں کہ اُن کے پاس کچھ بھی نہیں ہے؟‏ نیز یہ بھی سوچیں کہ آپ اُن کے ساتھ کیسے پیش آتے ہیں؟‏ کیا آپ بھی اپنی چیزیں دکھا کر دوستوں کو جلاتے ہیں یا اُن کی مدد کرتے ہیں کہ وہ بھی ہر حال میں خوش رہنا سیکھیں؟‏

ذرا داؤد اور یونتن کی مثال پر غور کریں۔‏ یونتن،‏ بادشاہ ساؤل کا بیٹا تھا۔‏ خدا نے کہا کہ ساؤل کی جگہ داؤد بادشاہ بنے گا۔‏ جب ساؤل بادشاہ کو محسوس ہوا کہ اب حکومت اُس کے ہاتھ سے نکل جائے گی تو وہ داؤد کو قتل کرنے کا موقع ڈھونڈنے لگا۔‏ داؤد اپنی جان بچانے کے لئے جنگل میں چھپ گیا۔‏ یونتن یہ جانتا تھا کہ ساؤل کا بیٹا ہونے کے ناتے وہ تخت کا وارث ہے۔‏ لیکن وہ سمجھ گیا کہ یہ خدا کا فیصلہ ہے کہ داؤد بادشاہ بنے۔‏ اِس لئے یونتن،‏ داؤد سے حسد کرنے کی بجائے اُس کا جگری دوست بن گیا اور ہر حال میں خوشی سے اپنے دوست کی مدد کرنے کے لئے تیار تھا۔‏—‏۱-‏سموئیل ۱۹:‏۱،‏ ۲؛‏ ۲۰:‏۳۰-‏۳۳؛‏ ۲۳:‏۱۴-‏۱۸‏۔‏

آپ کو بھی ایسے ہی لوگوں سے دوستی کرنی چاہئے جو ہر حال میں خوش رہتے ہیں اور دل سے آپ کا بھلا چاہتے ہیں۔‏ (‏امثال ۱۷:‏۱۷‏)‏ لیکن ایسے لوگوں سے دوستی کرنے کے لئے ضروری ہے کہ آپ میں بھی ایسی ہی خوبیاں ہوں۔‏—‏فلپیوں ۲:‏۳،‏ ۴‏۔‏

‏[‏صفحہ ۷ پر تصویر]‏

ہمارے دوستوں کی عادتوں اور باتوں کی وجہ سے ہمارے لئے ہر حال میں خوش رہنا مشکل یا آسان ہو سکتا ہے