مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

ہماری زندگی پر فرشتوں اور شیطان کا اثر

ہماری زندگی پر فرشتوں اور شیطان کا اثر

ہم یسوع مسیح سے کیا سیکھتے ہیں؟‏

ہماری زندگی پر فرشتوں اور شیطان کا اثر

یسوع مسیح ”‏دُنیا کی پیدائش“‏ سے پہلے آسمان پر اپنے باپ کے ساتھ رہتا تھا۔‏ (‏یوحنا ۱۷:‏۵‏)‏ اِس لئے نیچے دئے گئے سوالوں کا جواب یسوع مسیح سے بہتر اَور کوئی نہیں دے سکتا۔‏

کیا فرشتے ہمارے کاموں میں دلچسپی رکھتے ہیں؟‏

▪ یسوع مسیح نے واضح کِیا کہ فرشتے انسانوں کے کاموں میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔‏ یسوع مسیح نے کہا تھا:‏ ”‏ایک توبہ کرنے والے گنہگار کے باعث خدا کے فرشتوں کے سامنے خوشی ہوتی ہے۔‏“‏—‏لوقا ۱۵:‏۱۰‏۔‏

یسوع مسیح کے مطابق فرشتوں کو خدا کے خادموں کی مدد کرنے کی ذمہ‌داری دی گئی ہے تاکہ وہ ہمیشہ خدا کی قربت میں رہیں۔‏ لہٰذا،‏ جب یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں کو خبردار کِیا کہ اُنہیں کسی کو ٹھوکر نہیں کھلانی چاہئے تو اُس نے کہا:‏ ”‏خبردار اِن چھوٹوں میں سے کسی کو ناچیز نہ جاننا کیونکہ مَیں تُم سے کہتا ہوں کہ آسمان پر اُن کے فرشتے میرے آسمانی باپ کا مُنہ ہر وقت دیکھتے ہیں۔‏“‏ (‏متی ۱۸:‏۱۰‏)‏ یسوع مسیح کا یہ مطلب نہیں تھا کہ یہوواہ خدا نے یسوع مسیح کے ہر شاگرد کی حفاظت کے لئے ایک فرشتہ مقرر کر رکھا ہے۔‏ دراصل یسوع مسیح یہ بتانا چاہتا تھا کہ اُس کے باپ کے حضور خدمت کرنے والے فرشتے،‏ کلیسیا کے بہن‌بھائیوں میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور اُن کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔‏

ابلیس ہمیں کیسے نقصان پہنچا سکتا ہے؟‏

▪ یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں کو بتایا تھا کہ شیطان لوگوں کو خدا کے بارے میں علم حاصل کرنے سے روکنا چاہتا ہے۔‏ یسوع مسیح نے فرمایا:‏ ”‏جب کوئی بادشاہی کا کلام سنتا ہے اور سمجھتا نہیں تو جو اُس کے دل میں بویا گیا تھا اُسے وہ شریر آکر چھین لے جاتا ہے۔‏“‏—‏متی ۱۳:‏۱۹‏۔‏

یسوع مسیح نے کھیت میں گیہوں کا بیج بونے والے شخص کی تمثیل میں ایک طریقہ واضح کِیا جس سے شیطان لوگوں کو گمراہ کرتا ہے۔‏ اِس تمثیل میں بیج بونے والے سے مُراد یسوع مسیح ہے اور گیہوں سے مُراد ایسے مسیحی ہیں جو یسوع مسیح کے ساتھ آسمان پر بادشاہی کریں گے۔‏ تاہم یسوع مسیح نے کہا کہ ایک دُشمن آکر ”‏گیہوں میں کڑوے دانے بھی بو گیا۔‏“‏ کڑوے دانے وہ لوگ ہیں جو مسیحی ہونے کا دعویٰ تو کرتے ہیں مگر مسیح کی تعلیم پر نہیں چلتے اور ”‏جس دُشمن نے اُن کو بویا وہ اِبلیسؔ ہے۔‏“‏ (‏متی ۱۳:‏۲۵،‏ ۳۹‏)‏ جس طرح کڑوے دانے گیہوں کی طرح دکھائی دے سکتے ہیں اُسی طرح مسیحی ہونے کا جھوٹا دعویٰ کرنے والے بھی سچے مسیحیوں جیسے نظر آ سکتے ہیں۔‏ بہت سے مذاہب لوگوں کو جھوٹی تعلیم دیتے ہیں جس کی وجہ سے لوگ خدا کی نافرمانی کرتے ہیں۔‏ شیطان جھوٹے مذہب کے ذریعے لوگوں کو خدا سے دُور کرتا ہے۔‏

ہم شیطان کا مقابلہ کیسے کر سکتے ہیں؟‏

▪ یسوع مسیح نے کہا کہ شیطان ”‏دُنیا کا سردار“‏ ہے۔‏ (‏یوحنا ۱۴:‏۳۰‏)‏ یسوع مسیح نے خدا سے دُعا کرتے ہوئے واضح کِیا کہ ہم شیطان کے حملوں سے محفوظ کیسے رہ سکتے ہیں۔‏ یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں کے بارے میں آسمانی باپ سے دُعا میں کہا:‏ ”‏اُس شریر سے اُن کی حفاظت کر۔‏ جس طرح مَیں دُنیا کا نہیں وہ بھی دُنیا کے نہیں۔‏ اُنہیں سچائی کے وسیلہ سے مُقدس کر۔‏ تیرا کلام سچائی ہے۔‏“‏ (‏یوحنا ۱۷:‏۱۵-‏۱۷‏)‏ خدا کے کلام کا علم حاصل کرنے سے ہم اِس دُنیا کے اثر سے بچ سکتے ہیں جس پر آج‌کل شیطان کا راج ہے۔‏

فرشتے آج‌کل ہماری رہنمائی کیسے کرتے ہیں؟‏

▪ یسوع مسیح نے کہا کہ ”‏دُنیا کے آخر میں .‏ .‏ .‏ فرشتے نکلیں گے اور شریروں کو راستبازوں سے جُدا کریں گے۔‏“‏ (‏متی ۱۳:‏۴۹‏)‏ اب ہم ”‏دُنیا کے آخر“‏ میں رہ رہے ہیں اور لاکھوں لوگ خدا کی بادشاہت کا پیغام قبول کر رہے ہیں۔‏—‏متی ۲۴:‏۳،‏ ۱۴‏۔‏

لیکن جتنے بھی لوگ ہمارے ساتھ بائبل سے مطالعہ شروع کرتے ہیں اُن سب کو خدا کی خوشنودی حاصل نہیں ہوتی۔‏ فرشتے خدا کے خادموں کے کام کی رہنمائی کرتے ہیں۔‏ اُن کی رہنمائی کے تحت خدا سے محبت کرنے والوں کو ایسے لوگوں سے الگ کر لیا جاتا ہے جو بائبل کے مطالعے سے سیکھی ہوئی باتوں پر عمل نہیں کرتے۔‏ خدا کی خوشنودی حاصل کرنے والے لوگوں کے متعلق یسوع مسیح نے کہا تھا کہ یہ ”‏وہ ہیں جو کلام کو سُن کر عمدہ اور نیک دل میں سنبھالے رہتے اور صبر سے پھل لاتے ہیں۔‏“‏—‏لوقا ۸:‏۱۵‏۔‏

مزید معلومات کے لئے یہوواہ کے گواہوں کی شائع کی ہوئی اِس کتاب کے باب ۱۰کو دیکھیں۔‏

‏[‏صفحہ ۳۱ پر تصویر]‏

فرشتے خلوص‌دل لوگوں کو کلیسیا میں لانے کے لئے ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں