راستبازی سے محبت کریں
راستبازی سے محبت کریں
”تُو نے صداقت سے محبت رکھی۔“—زبور ۴۵:۷۔
۱. ہم ”صداقت کی راہوں“ پر چلنے کے قابل کیسے ہو سکتے ہیں؟
یہوواہ خدا پاک کلام اور روحُالقدس کے ذریعے اپنے لوگوں کی مدد کر رہا ہے تاکہ وہ ”صداقت کی راہوں“ پر چلیں۔ (زبور ۲۳:۳) لیکن گُناہ کو ورثے میں پانے کی وجہ سے ہم اِس راہ سے ہٹنے کی طرف مائل ہو جاتے ہیں۔ اِس لئے ہمیں راستی پر قائم رہنے کے لئے سخت کوشش کرنی پڑتی ہے۔ ہمیں اپنی راستی پر قائم رہنے کے لئے یسوع مسیح کی طرح صداقت سے محبت کرنے کی ضرورت ہے۔—زبور ۴۵:۷ کو پڑھیں۔
۲. ”صداقت کی راہوں“ سے کیا مراد ہے؟
۲ ”صداقت کی راہوں“ سے کیا مراد ہے؟ یہ یہوواہ کے اصولوں کے مطابق زندگی گزارنے کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔ جن عبرانی اور یونانی الفاظ کا ترجمہ ”صداقت“ کِیا گیا ہے وہ نیک چالچلن کے معنی پیش کرتے ہیں۔ یہوواہ خدا ’صداقت کا مسکن‘ ہے اِس لئے اُس کے خادم اُس کی رہنمائی کے طالب رہتے ہیں۔—یرم ۵۰:۷۔
۳. ہم یہوواہ کی راستبازی کے بارے میں کیسے سیکھ سکتے ہیں؟
۳ خدا کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے ہمیں اُس کے معیاروں پر پورے دل سے عمل کرنا چاہئے۔ (است ۳۲:۴) اِس کے لئے ضروری ہے کہ پہلے ہم بائبل سے اُس کے بارے میں سیکھیں۔ جتنا زیادہ ہم یہوواہ خدا کے بارے میں سیکھتے ہوئے اُس کے قریب جاتے ہیں اُتنا ہی ہمارے دل میں اُس کی راستبازی کے لئے قدر بڑھتی ہے۔ (یعقو ۴:۸) خدا کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے یہ بھی ضروری ہے کہ ہم زندگی میں اہم فیصلے کرتے وقت اُس کے کلام کی رہنمائی قبول کریں۔
خدا کی راستبازی کی تلاش کریں
۴. خدا کی راستبازی کی تلاش کرنے میں کیا کچھ شامل ہے؟
۴ متی ۶:۳۳ کو پڑھیں۔ خدا کی راستبازی کی تلاش کرنے میں صرف اُس کی بادشاہت کی مُنادی کرنا ہی شامل نہیں ہے۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ یہوواہ ہماری خدمت کو قبول کرے تو پھر ہمیں ہر کام اُس کے معیاروں کے مطابق کرنا چاہئے۔ یہوواہ کی راستبازی کی تلاش کرنے والے تمام لوگوں کو پاک کلام کی اِس ہدایت پر عمل کرنے کی ضرورت ہے: ”نئی انسانیت کو پہنو جو خدا کے مطابق سچائی کی راستبازی اور پاکیزگی میں پیدا کی گئی ہے۔“—افس ۴:۲۴۔
۵. ہم مایوسی سے نمٹنے کے قابل کیسے ہو سکتے ہیں؟
۵ ہم خدا کے معیاروں پر چلنے کی کوشش تو کرتے ہیں مگر بعض اوقات ہم سے غلطیاں ہو جاتی ہیں جس کی وجہ سے ہم مایوس ہو جاتے ہیں۔ ہم اِس مایوسی سے نمٹنے اور راستبازی سے محبت کرنے کے قابل کیسے ہو سکتے ہیں؟ (امثا ۲۴:۱۰) ہمیں ہر روز ”سچے دل اور پورے ایمان کے ساتھ“ یہوواہ خدا سے دُعا کرنی چاہئے۔ (عبر ۱۰:۱۹-۲۲) خواہ ہماری اُمید آسمان پر جانے کی ہو یا زمین پر ہمیشہ تک رہنے کی ہو، ہمیں یسوع مسیح کی قربانی پر ایمان رکھنا چاہئے۔ نیز ہمیں یہ یقین رکھنا چاہئے کہ یسوع مسیح ہمارے سردارکاہن کے طور پر خدمت کر رہا ہے۔ (روم ۵:۸؛ عبر ۴:۱۴-۱۶) جولائی ۱۸۷۹ء میں شائع ہونے والے واچٹاور کے پہلے شمارے میں ہی یسوع مسیح کے خون کی اہمیت کو واضح کر دیا گیا تھا۔ (۱-یوح ۱:۶، ۷) اِس شمارے کے صفحہ ۶ پر بیان کِیا گیا کہ ”جب ارغوانی یا قرمزی رنگ کی چیزوں کو روشنی میں لال رنگ کے شیشے سے دیکھا جائے تو وہ سفید نظر آتی ہیں۔ ہمارے گُناہوں کو بھی قرمزی یا ارغوانی رنگ سے تشبِیہ دی جا سکتی ہے۔ لیکن یسوع مسیح کے بہائے ہوئے خون کے وسیلے سے یہوواہ خدا کی نظر میں ہمارے گُناہ سفید ہو جاتے ہیں۔“ یہوواہ خدا نے اپنے پیارے بیٹے کو قربان کرکے واقعی ہم سب کے لئے ایک بہت شاندار بندوبست کِیا ہے۔—یسع ۱:۱۸۔
خدا سے ملنے والے ہتھیاروں کی جانچ کریں
۶. خدا نے ہمیں جو ہتھیار دئے ہیں اُن کی جانچ کرتے رہنا کیوں ضروری ہے؟
۶ ہمیں ہمیشہ ”راستبازی کا بکتر“ پہن کر رکھنا چاہئے کیونکہ یہ اُن ہتھیاروں میں سے ایک ہے جو خدا نے ہمیں دئے ہیں۔ (افس ۶:۱۱، ۱۴) خواہ ہم نے حال ہی میں یہوواہ کی خدمت کرنا شروع کی ہے یا پھر ہمیں اُس کی خدمت کرتے ہوئے کافی عرصہ ہو گیا ہے، ہمیں ہر روز اِن ہتھیاروں کی جانچ کرتے رہنا چاہئے۔ اِس کی وجہ یہ ہے کہ شیطان اور اُس کے شیاطین کو زمین پر پھینک دیا گیا ہے۔ (مکا ۱۲:۷-۱۲) شیطان بڑے غصے میں ہے کیونکہ اُس کے پاس وقت بہت ہی تھوڑا ہے۔ اِس لئے وہ خدا کے لوگوں پر پہلے سے کہیں زیادہ حملے کر رہا ہے۔ پس ہمارے لئے ”راستبازی کا بکتر“ پہن کر رکھنا بہت ضروری ہے۔
۷. اگر ہم سمجھتے ہیں کہ ”راستبازی کا بکتر“ پہننا اہم ہے تو پھر ہم زندگی کیسے گزاریں گے؟
۷ بکتر دل کی حفاظت کے لئے پہنا جاتا ہے۔ گُناہ کو ورثے میں پانے کی وجہ سے ہمارا دل ہمیں بُرائی کی طرف مائل کرتا ہے۔ (یرم ۱۷:۹) اِس لئے اِس کی حفاظت اور تربیت کرنا نہایت اہم ہے۔ (پید ۸:۲۱) اگر ہم سمجھتے ہیں کہ ”راستبازی کا بکتر“ پہننا اہم ہے تو پھر ہم اِسے ہر وقت پہنے رہیں گے۔ مثال کے طور پر اگر ہم ایسی تفریح کرتے ہیں جو خدا کو پسند نہیں یا پھر غلط کاموں کے خیالوں میں گم رہتے ہیں تو یہ ایسے ہی ہے جیسے ہم اِس بکتر کو اُتار رہے ہیں۔ نیز ہم ٹیوی دیکھنے میں زیادہ وقت ضائع نہیں کریں گے۔ اِس کی بجائے ہم ہر وہ کام کرنے کی پوری کوشش کریں گے جو یہوواہ کو پسند ہے۔ اِس صورت میں اگر ہم سے کوئی غلطی ہو بھی جائے تو ہم یہوواہ کی مدد سے اپنی غلطی سدھارنے کے قابل ہوں گے۔—امثال ۲۴:۱۶ کو پڑھیں۔
۸. ہمیں ”ایمان کی سپر“ کی ضرورت کیوں ہے؟
۸ خدا کی طرف سے ملنے والے ہتھیاروں میں سے ایک ”ایمان کی سپر“ بھی ہے۔ اِس سے ہم ”شریر کے سب جلتے ہوئے تیروں کو بجھا“ سکتے ہیں۔ (افس ۶:۱۶) یوں یہوواہ کے لئے ہماری محبت اور اُس پر ہمارا ایمان ہماری مدد کرے گا کہ ہم اپنی راستی پر قائم رہیں اور ہمیشہ کی زندگی حاصل کریں۔ جتنا زیادہ ہم یہوواہ سے محبت کریں گے اُتنا ہی زیادہ ہمارے دل میں اُس کی راستبازی کے لئے قدر بڑھے گی۔ اب آئیں اِس بات پر غور کریں کہ راستبازی سے محبت کرنے میں ہمارا ضمیر کیا کردار ادا کرتا ہے؟
ضمیر صاف رکھیں
۹. ضمیر کو پاک رکھنے سے ہمیں کیا فائدہ ہوتا ہے؟
۹ جب ہم نے بپتسمہ لیا تھا تو ہم نے یہوواہ سے درخواست کی تھی کہ وہ ہمیں ”خالص نیت“ یعنی نیک ضمیر عطا کرے۔ (۱-پطر ۳:۲۱) یسوع مسیح کی قربانی پر ایمان رکھنے کی وجہ سے ہمیں گُناہوں کی معافی ملتی ہے اور ہم خدا کے حضور پاک صاف ٹھہرائے جاتے ہیں۔ خدا کے حضور پاک صاف رہنے کے لئے ہمیں اپنے ضمیر کو پاک رکھنا چاہئے۔ جب کبھی ہمارا ضمیر ہمیں کسی غلط کام سے آگاہ کرتا ہے تو ہمیں خوش ہونا چاہئے کہ یہ زندہ ہے۔ یہ یہوواہ کے معیاروں کے سلسلے میں بےحس نہیں ہوا۔ (۱-تیم ۴:۲) ایسا ضمیر اُن لوگوں کی ایک اَور طریقے سے بھی مدد کرتا ہے جو راستبازی سے محبت کرنا چاہتے ہیں۔
۱۰، ۱۱. (الف) مثال سے واضح کریں کہ ہمیں اپنے ضمیر کی آواز پر دھیان کیوں دینا چاہئے؟ (ب) راستبازی سے محبت کرنا ہمارے لئے خوشی کا باعث کیسے ہو سکتا ہے؟
۱۰ جب ہم سے کوئی غلطی ہو جاتی ہے تو ہمارا ضمیر ہمیں ملامت کرتا ہے۔ آئیں اِس سلسلے میں ایک نوجوان کی مثال پر غور کریں جو صحیح راہ سے بھٹک گیا تھا۔ اُسے گندی تصویریں دیکھنے اور نشہ کرنے کی عادت پڑ گئی تھی۔ جب وہ اجلاس پر جاتا تھا تو اُسے شرمندگی محسوس ہوتی تھی اور جب وہ مُنادی میں جاتا تھا تو اُسے لگتا تھا کہ جیسے وہ ریاکاری کر رہا ہے۔ لہٰذا اُس نے اجلاس اور مُنادی پر جانا چھوڑ دیا۔ وہ بیان کرتا ہے کہ ”مَیں نے یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ میرا ضمیر مجھے اِن غلط کاموں کے لئے ملامت کرے گا۔ لیکن ایسا ہوا۔“ اُس نے مزید کہا کہ ”مَیں چار سال تک یہ بُرے کام کرتا رہا۔“ اِس کے بعد اُس نے کلیسیا کی طرف لوٹنے کے بارے میں سوچا۔ اگرچہ اُس کا خیال تھا کہ یہوواہ اُس کی دُعا نہیں سنے گا تو بھی اُس نے دُعا میں خدا سے معافی مانگی۔ اُسے دُعا کئے ابھی دس منٹ بھی نہیں ہوئے تھے کہ اُس کی ماں اُس کے پاس آئی اور دوبارہ اجلاس پر جانے کے لئے اُس کی حوصلہافزائی کی۔ وہ کنگڈمہال گیا اور ایک بزرگ سے درخواست کی کہ وہ اُس کے ساتھ بائبل سے مطالعہ کرے۔ کچھ عرصے بعد اُس نے بپتسمہ لے لیا۔ وہ شکرگزار ہے کہ یہوواہ نے اُس کی زندگی خراب ہونے سے بچا لی۔
۱۱ ہم ذاتی طور پر بھی جانتے ہیں کہ صحیح کام کرنے سے ہمیں واقعی بہت خوشی ملتی ہے۔ اگر ہم راستبازی سے محبت کرتے ہیں تو ہمیں ایسے کام کرنے سے خوشی حاصل ہوگی جو یہوواہ خدا کو پسند ہیں۔ ذرا سوچیں کہ وہ دن جلد آنے والا ہے جب تمام انسان ایک صاف ضمیر کی بدولت خوش ہوں گے۔ وہ خدا کی خوبیوں کو پوری طرح ظاہر کرنے کے قابل ہوں گے۔ پس آئیں اپنے دل میں راستبازی کے لئے محبت پیدا کریں اور یہوواہ کو خوش کریں۔—امثا ۲۳:۱۵، ۱۶۔
۱۲، ۱۳. ہم اپنے ضمیر کی تربیت کیسے کر سکتے ہیں؟
۱۲ ہم اپنے ضمیر کی تربیت کیسے کر سکتے ہیں؟ ہمیں بائبل اور اِس پر مبنی کتابوں اور رسالوں کو پڑھتے وقت یہ یاد رکھنا چاہئے کہ ”صادق کا دل سوچ کر جواب دیتا ہے۔“ (امثا ۱۵:۲۸) آئیں دیکھیں کہ یہ نصیحت ملازمت کے متعلق مختلف معاملات کو طے کرنے میں کیسے ہماری مدد کرتی ہے۔ جب دیانتدار اور عقلمند نوکر ہمیں ہدایت دیتا ہے کہ فلاں ملازمت بائبل کے اصولوں کے خلاف ہے تو بِلاشُبہ ہم فوراً اُس ہدایت پر عمل کرتے ہیں۔ لیکن اگر ہمیں بائبل سے کوئی واضح ہدایت نہیں ملتی کہ آیا ہمیں فلاں ملازمت کرنی چاہئے یا نہیں تو پھر ہمیں بائبل میں دئے گئے ایسے اصولوں پر غور کرنا چاہئے جن کا تعلق اِس صورتحال سے ہو سکتا ہے۔ * ہمیں سوچنا چاہئے کہ آیا فلاں ملازمت کرنے سے دوسروں کو ٹھوکر تو نہیں لگے گی۔ (۱-کر ۱۰:۳۱-۳۳) اگر ہم یہوواہ سے محبت کرتے ہیں تو ہمیں خاص طور پر اِس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ ”جو ملازمت مَیں کرنا چاہتا ہوں، یہوواہ اُسے کس نظر سے دیکھتا ہے؟“ ہمیں خود سے پوچھنا چاہئے کہ ”اگر مَیں یہ ملازمت کروں گا تو کیا اِس سے یہوواہ کو دُکھ ہوگا؟“—زبور ۷۸:۴۰، ۴۱۔
۱۳ مینارِنگہبانی اور کلیسیائی بائبل مطالعے کی تیاری کرتے وقت ہمیں تمام معلومات پر سوچبچار کرنا چاہئے۔ کیا ہم تیاری کرتے وقت اکثر پیراگراف میں سوال کے جواب پر جلدی سے نشان لگا کر اگلے پیراگراف پر چلے جاتے ہیں؟ ایسا کرنے سے ہمارے دل میں راستبازی کے لئے محبت پیدا نہیں ہوگی اور نہ ہی ہمارے ضمیر کی تربیت ہوگی۔ اگر ہم راستبازی سے محبت کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں نہ صرف باقاعدگی سے خدا کے کلام کو پڑھنا چاہئے بلکہ اُس پر سوچبچار بھی کرنا چاہئے۔ واقعی راستبازی سے محبت کرنے کے لئے محنت درکار ہے۔
راستبازی کی بھوک اور پیاس
۱۴. یہوواہ خدا اور یسوع مسیح کے مطابق ہمیں کس جذبے کے ساتھ خدمت انجام دینی چاہئے؟
۱۴ یہوواہ خدا اور یسوع مسیح چاہتے ہیں کہ ہم خوشی سے خدمت کریں۔ راستبازی سے محبت کرنا ہماری خوشی کو بڑھاتا ہے۔ پہاڑی وعظ میں یسوع مسیح نے بیان کِیا: ”مبارک [”خوش،“ نیو ورلڈ ٹرانسلیشن] ہیں وہ جو راستبازی کے بھوکے اور پیاسے ہیں کیونکہ وہ آسُودہ ہوں گے۔“ (متی ۵:۶) یسوع مسیح کی یہ بات اُن لوگوں کے لئے کیا اہمیت رکھتی ہے جو راستبازی سے محبت کرنے کی خواہش رکھتے ہیں؟
۱۵، ۱۶. راستبازی کے بھوکے اور پیاسے لوگوں کو کیسے آسودہ کِیا جائے گا؟
۱۵ اِس دُنیا پر شیطان حکمرانی کر رہا ہے۔ (۱-یوح ۵:۱۹) ہم دُنیا کے کسی بھی حصے میں کیوں نہ چلے جائیں، ہمیں ظلم اور تشدد کے متعلق خبریں عام سننے کو ملیں گی۔ جب نیکدل لوگ ایسے ظلم اور تشدد کو دیکھتے ہیں تو اُنہیں دُکھ ہوتا ہے۔ (واعظ ۸:۹) یہوواہ سے محبت رکھنے والے جانتے ہیں کہ صرف وہی راستبازی کے بھوکے اور پیاسے لوگوں کو آسودہ کر سکتا ہے۔ جلد ہی شریر لوگوں کو ختم کر دیا جائے گا۔ پھر راستبازی سے محبت کرنے والوں کو بُرے لوگوں اور اُن کے کاموں کی وجہ سے پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ (۲-پطر ۲:۷، ۸) وہ کتنی خوشی اور تسلی کا وقت ہوگا۔
۱۶ یہوواہ کے خادموں اور یسوع مسیح کے پیروکاروں کے طور پر ہمیں یقین ہے کہ راستبازی کے بھوکے اور پیاسے ”آسودہ“ ہوں گے۔ یہوواہ خدا نے نئے آسمان اور نئی زمین کا انتظام کِیا ہے جن میں ”راستبازی بسی رہے گی۔“ (۲-پطر ۳:۱۳) اِس انتظام کے تحت راستبازی کے بھوکے اور پیاسے لوگوں کی تمام ضروریات پوری کی جائیں گی۔ پس ہمیں اِس بات سے حیران یا مایوس نہیں ہونا چاہئے کہ ظلم اور تشدد کی وجہ سے یہ دُنیا راستبازی سے خالی ہو گئی ہے۔ (واعظ ۵:۸) یہوواہ یہ سب کچھ دیکھ رہا ہے اور وہ راستبازی سے محبت کرنے والوں کو بہت ہی جلد اِس ظلم اور تشدد سے نجات دے گا۔
راستبازی سے محبت کرنے کے فائدے
۱۷. راستبازی سے محبت کرنے کے بعض فائدے کیا ہیں؟
۱۷ زبور ۱۴۶:۸ میں راستی پر چلنے کا ایک خاص فائدہ بیان کِیا گیا ہے۔ زبورنویس نے کہا: ”[یہوواہ] صادقوں سے محبت رکھتا ہے۔“ ذرا تصور کریں کہ اگر ہم راستبازی سے محبت کریں گے تو کائنات کا حاکم ہم سے محبت کرے گا۔ ہم اعتماد رکھ سکتے ہیں کہ اگر ہم بادشاہت کو اپنی زندگی میں پہلا درجہ دیں گے تو یہوواہ اپنی محبت کی بِنا پر ہماری تمام ضروریات کو پورا کرے گا۔ (زبور ۳۷:۲۵؛ امثال ۱۰:۳ کو پڑھیں۔) راستبازی سے محبت کرنے والوں کو ابھی ایسا اطمینان حاصل ہے جس کی وجہ سے اُن کے خاندانوں اور کلیسیاؤں میں امن اور اتحاد فروغ پاتا ہے۔ (فل ۴:۶، ۷) جلد ہی خدا کے خادموں کو راستی پر چلنے کی وجہ سے شاندار اجر ملے گا۔ اِن میں سے بیشتر فردوس میں خوشی کے ساتھ ہمیشہ تک زندہ رہیں گے۔ بالآخر ساری زمین پر راستبازی سے محبت کرنے والے لوگ آباد ہوں گے۔—امثال ۱۳:۲۲۔
۱۸. ہمیں یہوواہ کے روزِعظیم کے آنے تک کیا کرتے رہنا چاہئے؟
۱۸ یہوواہ کا روزِعظیم جلد آنے والا ہے۔ اِس لئے ہمیں ہمیشہ اُس کی راستبازی کی تلاش کرتے رہنا چاہئے۔ (صفن ۲:۲، ۳) پس آئیں یہوواہ خدا کی راستبازی کے لئے دل سے محبت ظاہر کریں۔ اِس میں یہ شامل ہے کہ ہم اپنے دل کی حفاظت کرنے کے لئے ”راستبازی کا بکتر“ پہن کر رکھیں۔ ہمیں اپنا ضمیر بھی پاک رکھنا چاہئے۔ ایسا کرنے سے نہ صرف ہم خوش رہیں گے بلکہ ہم یہوواہ کو بھی خوش کرنے کے قابل ہوں گے۔—امثا ۲۷:۱۱۔
۱۹. ہمیں کیا کرنے کا عزم کرنا چاہئے اور اگلے مضمون میں ہم کس بات پر غور کریں گے؟
۱۹ یہوواہ کی ”آنکھیں ساری زمین پر پھرتی ہیں تاکہ وہ اُن کی امداد میں جن کا دل اُس کی طرف کامل ہے اپنے تیئں قوی دکھائے۔“ (۲-توا ۱۶:۹) جب ہم ظلم اور بدی سے بھری اِس دُنیا میں راستی سے چلنے کی کوشش کرتے ہیں تو ہمیں اِن الفاظ سے بڑی تسلی ملتی ہے۔ یہ سچ ہے کہ جو لوگ یہوواہ سے دُور ہیں وہ یہ نہیں سمجھ پاتے کہ ہم راستی پر کیوں چلتے ہیں۔ لیکن یہوواہ کے معیاروں پر چلنے سے ہمیں بہت فائدہ ہوتا ہے۔ (یسع ۴۸:۱۷؛ ۱-پطر ۴:۴) پس آئیں راستبازی سے محبت کرنے کا عزم کریں۔ نیز پورے دل سے راستی پر چلنے کی کوشش کرتے رہیں جو ہمارے لئے خوشی کا باعث ہوگا۔ تاہم ایسا کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم بدی سے نفرت کریں۔ اگلے مضمون میں ہم سیکھیں گے کہ بدی سے نفرت کرنے میں کیا کچھ شامل ہے۔
[فٹنوٹ]
^ پیراگراف 12 ملازمت کے متعلق بائبل کے اصولوں پر مبنی فیصلہ کرنے کے لئے ۱۵ اپریل ۱۹۹۹ء کے مینارِنگہبانی میں صفحہ ۲۸-۳۰ کو دیکھیں۔
آپ کا جواب کیا ہوگا؟
• راستبازی سے محبت کرنے کے لئے فدیے کی قدر کرنا کیوں ضروری ہے؟
• ”راستبازی کا بکتر“ پہننا کیوں لازمی ہے؟
• ہم اپنے ضمیر کی تربیت کیسے کر سکتے ہیں؟
[مطالعے کے سوالات]
[صفحہ ۲۶ پر تصویر]
اگر ہم نے اپنے ضمیر کی تربیت کی ہے تو ہم ملازمت کے متعلق صحیح فیصلہ کرنے کے قابل ہوں گے۔