یسوع مسیح کون ہیں؟
پاک صحیفوں کی تعلیم
یسوع مسیح کون ہیں؟
اِس مضمون میں ایسے سوالوں پر غور کِیا گیا ہے جن کے بارے میں لوگ اکثر سوچتے ہیں۔ اِس میں یہ بھی واضح کِیا گیا ہے کہ آپ پاک صحیفوں میں اِن سوالوں کے جواب کہاں سے حاصل کر سکتے ہیں۔ یہوواہ کے گواہ خوشی سے آپ کی مدد کریں گے تاکہ آپ اپنے سوالوں کے جواب حاصل کر سکیں۔
۱. یسوع مسیح کون ہیں؟
یسوع مسیح وہ واحد انسان تھے جو زمین پر آنے سے پہلے آسمان پر رہتے تھے۔ (یوحنا ۸:۲۳) خدا نے سب سے پہلے یسوع مسیح کو بنایا تھا۔ اِس کے بعد خدا نے یسوع مسیح کے ساتھ مل کر باقی تمام چیزیں بنائیں۔ چونکہ خدا نے صرف یسوع مسیح کو براہِراست خلق کِیا تھا اِس لئے وہ خدا کے ”اکلوتے“ بیٹے کہلاتے ہیں۔ یسوع مسیح کو ”کلام“ بھی کہا گیا ہے کیونکہ اُنہوں نے لوگوں تک خدا کا پیغام پہنچایا۔—یوحنا ۱:۱-۳، ۱۴؛ کلسیوں ۱:۱۵، ۱۶ کو پڑھیں۔
۲. یسوع مسیح زمین پر کیوں آئے؟
خدا نے یسوع مسیح کی زندگی مریم کے پیٹ میں ڈال دی جو ایک کنواری عورت تھیں۔ اِس لئے کوئی انسان یسوع مسیح کا باپ نہیں تھا۔ (لوقا ۱:۳۰-۳۵) یسوع مسیح زمین پر آئے تاکہ وہ (۱) خدا کے بارے میں تعلیم دیں؛ (۲) خدا کی فرمانبرداری کے سلسلے میں اچھی مثال قائم کریں اور (۳) ’اپنی جان فدیے میں دیں۔‘—متی ۲۰:۲۸؛ یوحنا ۱۷:۶ کو پڑھیں۔
۳. فدیے کی ضرورت کیوں پڑی؟
فدیہ ایسی قیمت ہے جو کسی کو رِہا کرانے کے لئے ادا کی جاتی ہے۔ خدا یہ نہیں چاہتا کہ انسان بوڑھا ہو اور مرے۔ ہم یہ کیسے جانتے ہیں؟ جب خدا نے پہلے انسان آدم کو بنایا تو خدا نے اُنہیں بتایا کہ گُناہ کی سزا موت ہے۔ اگر آدم گُناہ نہ کرتے تو وہ ہمیشہ تک زندہ رہتے۔ لیکن آدم نے گُناہ کِیا۔ جب اُنہوں نے گُناہ کِیا تو اُسی دن اُن کے جسم میں موت کا عمل شروع ہو گیا اور کئی سال بعد وہ مر گئے۔ (پیدایش ۲:۱۶، ۱۷؛ ۵:۵) آدم نے آنے والی تمام نسلوں کو گُناہ کا ورثہ دیا۔ آدم کی وجہ سے ’موت دُنیا میں آئی‘ کیونکہ گُناہ کی سزا موت ہے۔ اِس لئے ہم سب مرتے ہیں اور ہمیں فدیے کی ضرورت ہے۔—رومیوں ۵:۱۲؛ ۶:۲۳ کو پڑھیں۔
۴. یسوع مسیح کو کیوں مرنا پڑا؟
ہمیں موت سے رِہائی دلانے کے لئے فدیہ کون ادا کر سکتا تھا؟ ہم سب پیدائشی طور پر گنہگار ہیں اِس لئے ہم سب موت کے سزاوار ہیں۔ لہٰذا ہم کسی دوسرے کے لئے فدیہ ادا نہیں کر سکتے۔—زبور ۴۹:۷ کو پڑھیں۔
کوئی انسان یسوع مسیح کا باپ نہیں تھا اِس لئے وہ پیدائشی طور پر گنہگار نہیں تھے۔ اِس کا مطلب ہے کہ اُن کو مرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ لیکن خدا کو انسانوں سے اِتنی محبت ہے کہ اُس نے اپنے بیٹے کو بھیجا تاکہ وہ انسانوں کے گُناہوں کی خاطر اپنی جان قربان کر دے۔ یسوع مسیح کو بھی انسانوں سے اِتنی محبت ہے کہ اُنہوں نے اپنے باپ کا کہنا مانا اور اپنی جان قربان کر دی تاکہ ہمارے گُناہ معاف ہوں۔—یوحنا ۳:۱۶؛ رومیوں ۵:۱۸، ۱۹ کو پڑھیں۔
۵. یسوع مسیح اب کیا کر رہے ہیں؟
جب یسوع مسیح زمین پر تھے تو اُنہوں نے بیماروں کو شفا دی، مُردوں کو زندہ کِیا اور اپنی جان قربان کی تاکہ لوگ گُناہ اور موت سے نجات پا سکیں۔ اِس طرح اُنہوں نے ظاہر کِیا کہ وہ مستقبل میں خدا کے وفادار لوگوں کے لئے کیا کچھ کریں گے۔ (لوقا ۱۸:۳۵-۴۲؛ یوحنا ۵:۲۸، ۲۹) جب یسوع مسیح مر گئے تو خدا نے اُنہیں زندہ کِیا اور روحانی جسم عطا کِیا۔ (۱-پطرس ۳:۱۸) پھر یسوع مسیح نے اِس بات کا انتظار کِیا کہ خدا اُنہیں زمین پر حکمرانی کرنے کا اختیار دے۔ (عبرانیوں ۱۰:۱۲، ۱۳) اب یسوع مسیح آسمان پر بادشاہ کے طور پر حکمرانی کر رہے ہیں اور اُن کے پیروکار پوری دُنیا میں خوشخبری کی مُنادی کر رہے ہیں۔—دانیایل ۷:۱۳، ۱۴؛ متی ۲۴:۱۴ کو پڑھیں۔
جلد ہی یسوع مسیح اپنے اختیار کو استعمال کرتے ہوئے تمام بُرائی کو ختم کر دیں گے اور زمین کو فردوس بنا دیں گے۔ پھر ایسے لوگ جو یسوع مسیح پر ایمان رکھتے ہیں اور اُن کے حکموں پر عمل کرتے ہیں، ہمیشہ تک زمین پر خوشی سے رہیں گے۔—زبور ۳۷:۹-۱۱ کو پڑھیں۔
مزید معلومات کے لئے یہوواہ کے گواہوں کی شائعکردہ کتاب پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں کے باب نمبر ۴ کو دیکھیں۔
[صفحہ ۳۱ پر تصویر]
لاکھوں لوگ جو یسوع مسیح پر ایمان رکھتے ہیں اور اُن کے حکموں پر عمل کرتے ہیں، ہمیشہ تک زمین پر خوشی سے رہیں گے۔