مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

یسوع مسیح—‏اُن کی زندگی کا مقصد کیا تھا؟‏

یسوع مسیح—‏اُن کی زندگی کا مقصد کیا تھا؟‏

یسوع مسیح—‏اُن کی زندگی کا مقصد کیا تھا؟‏

‏”‏میرا کھانا یہ ہے کہ اپنے بھیجنے والے کی مرضی کے موافق عمل کروں اور اُس کا کام پورا کروں۔‏“‏ —‏یوحنا ۴:‏۳۴‏۔‏

یسوع مسیح اور اُن کے شاگردوں کو سامریہ کے پہاڑی علاقے میں سفر کرتےکرتے صبح سے دوپہر ہو گئی تھی۔‏ (‏یوحنا ۴:‏۶‏)‏ شاگردوں نے سوچا کہ یسوع مسیح کو بھوک لگی ہوگی اِس لئے اُنہوں نے یسوع مسیح سے درخواست کی کہ وہ کچھ کھا لیں۔‏ (‏یوحنا ۴:‏۳۱-‏۳۳‏)‏ یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں کو جو جواب دیا،‏ اُس سے پتہ چلتا ہے کہ اُن کی زندگی کا مقصد کیا تھا۔‏ اُنہوں نے کہا کہ اُن کے نزدیک خدا کا کام کرنا،‏ کھانے پینے سے زیادہ اہم ہے۔‏ یسوع مسیح کی باتوں اور کاموں سے ظاہر ہوتا ہے کہ اُن کی زندگی میں خدا کی مرضی کو پورا کرنے سے بڑھ کر اَور کچھ نہیں تھا۔‏ آئیں،‏ دیکھیں کہ یسوع مسیح نے خدا کی مرضی کیسے پوری کی۔‏

یسوع مسیح نے خدا کی بادشاہت کی مُنادی کی اور اِس کے بارے میں تعلیم دی:‏ پاک صحیفوں میں لکھا ہے کہ یسوع مسیح ”‏تمام گلیلؔ میں .‏ .‏ .‏ تعلیم دیتا اور بادشاہی کی خوشخبری کی مُنادی کرتا .‏ .‏ .‏ رہا۔‏“‏ (‏متی ۴:‏۲۳‏)‏ یسوع مسیح نے نہ صرف خدا کی بادشاہت کی مُنادی کی بلکہ لوگوں کو دلیلوں اور تمثیلوں کے ذریعے بادشاہت کی تعلیم دی۔‏ یسوع مسیح کے پیغام کا موضوع خدا کی بادشاہت تھا۔‏

یسوع مسیح نے لوگوں کو سکھایا کہ خدا کی بادشاہت کیا ہے اور یہ کیا کرے گی۔‏ آئیں،‏ پاک کلام سے چند آیتوں پر غور کریں جن میں یسوع مسیح نے خدا کی بادشاہت کے بارے میں اہم حقائق کو واضح کِیا۔‏

خدا کی بادشاہت ایک آسمانی حکومت ہے اور یہوواہ خدا نے یسوع مسیح کو اِس کا بادشاہ مقرر کِیا ہے۔‏ —‏متی ۴:‏۱۷؛‏ یوحنا ۱۸:‏۳۶‏۔‏

خدا کی بادشاہت کے ذریعے خدا کا نام پاک ٹھہرے گا اور اُس کی مرضی پوری ہو گی۔‏ —‏متی ۶:‏۹،‏ ۱۰‏۔‏

خدا کی بادشاہت ساری زمین کو فردوس بنا دے گی۔‏ —‏لوقا ۲۳:‏۴۲،‏ ۴۳‏۔‏

خدا کی بادشاہت بہت جلد آئے گی اور زمین سے بُرائی کو ختم کر دے گی۔‏ * —‏متی ۲۴:‏۳،‏ ۷-‏۱۲‏۔‏

یسوع مسیح نے معجزے کئے:‏ یسوع مسیح ”‏اُستاد“‏ کے طور پر جانے جاتے تھے۔‏ (‏یوحنا ۱۳:‏۱۳‏)‏ لیکن اُنہوں نے زمین پر ساڑھے تین سال کی خدمت کے دوران تعلیم دینے کے علاوہ بہت سے معجزے بھی کئے تھے۔‏ یسوع مسیح کے معجزوں سے دو باتیں ظاہر ہوئیں۔‏ پہلی بات یہ کہ یسوع مسیح کو خدا نے بھیجا تھا۔‏ (‏متی ۱۱:‏۲-‏۶‏)‏ اور دوسری یہ کہ یسوع مسیح بادشاہ کے طور پر مستقبل میں پوری زمین پر کیا کچھ کریں گے۔‏ یسوع مسیح کے چند معجزے یہ ہیں:‏

اُن کے حکم سے طوفان اور آندھی تھم گئے۔‏ —‏مرقس ۴:‏۳۹-‏۴۱‏۔‏

اُنہوں نے اندھوں،‏ بہروں،‏ لنگڑوں اور بیماروں کو شفا دی۔‏ —‏لوقا ۷:‏۲۱،‏ ۲۲‏۔‏

اُنہوں نے تھوڑے سے کھانے سے ہزاروں لوگوں کی بھوک مٹائی۔‏ —‏متی ۱۴:‏۱۷-‏۲۱؛‏ ۱۵:‏۳۴-‏۳۸‏۔‏

اُنہوں نے مُردوں کو زندہ کِیا۔‏ —‏لوقا ۷:‏۱۱-‏۱۵؛‏ ۸:‏۴۱-‏۵۵؛‏ یوحنا ۱۱:‏۳۸-‏۴۴‏۔‏

ذرا سوچیں کہ جب یسوع مسیح ساری زمین پر حکمرانی کریں گے تو اُس وقت زندگی میں کتنی خوشیاں ہوں گی۔‏

یسوع مسیح نے یہوواہ خدا کی ذات کی عکاسی کی:‏ یہوواہ خدا نے یسوع مسیح کو تمام مخلوقات سے پہلے خلق کِیا۔‏ (‏کلسیوں ۱:‏۱۵‏)‏ کسی بھی فرشتے کی نسبت یسوع مسیح نے یہوواہ خدا کے ساتھ زیادہ وقت گزارا ہے۔‏ اِس سارے عرصے کے دوران خدا کے بیٹے یسوع مسیح نے اپنے باپ کی سوچ،‏ مرضی اور معیاروں کے بارے میں بہت کچھ سیکھا۔‏ اِس لئے یہوواہ خدا کے بارے میں یسوع مسیح سے بہتر اَور کوئی تعلیم نہیں دے سکتا۔‏

واقعی یسوع مسیح کی یہ بات درست تھی کہ”‏کوئی نہیں جانتا کہ بیٹا کون ہے سوا باپ کے اور کوئی نہیں جانتا کہ باپ کون ہے سوا بیٹے کے اور اُس شخص کے جس پر بیٹا اُسے ظاہر کرنا چاہے۔‏“‏ (‏لوقا ۱۰:‏۲۲‏)‏ جب یسوع مسیح زمین پر تھے تو اُنہوں نے ہر موقعے پر اپنے باپ کی خوبیوں کو ظاہر کِیا۔‏ اُنہیں وہ ہر بات یاد تھی جو اُنہوں نے آسمان پر اپنے باپ سے سیکھی تھی۔‏ اِس لئے اُن کی تعلیم دوسروں سے بالکل فرق تھی۔‏—‏یوحنا ۸:‏۲۸‏۔‏

یسوع مسیح نے لوگوں کو یہوواہ خدا کی ذات کے بارے میں بڑے سادہ انداز میں سکھایا۔‏ اِس سلسلے میں ایک مثال پر غور کریں۔‏ ایک ٹرانسفارمر بجلی کے زیادہ وولٹ کو کم وولٹ میں تبدیل کرتا ہے تاکہ لوگ بجلی کو استعمال کر سکیں۔‏ اِسی طرح یسوع مسیح نے یہوواہ خدا کی ذات کے مختلف پہلوؤں کو نہایت آسان اور سادہ انداز میں لوگوں پر واضح کِیا تاکہ لوگ اِنہیں سمجھ سکیں۔‏

آئیں،‏ دیکھیں کہ یسوع مسیح نے کن دو طریقوں سے لوگوں کو اپنے آسمانی باپ کے بارے میں سکھایا تھا۔‏

یسوع مسیح نے لوگوں کو بتایا کہ خدا کا نام کیا ہے۔‏ اُنہوں نے لوگوں کو خدا کی مرضی اور مقصد کے بارے میں تعلیم دی۔‏ —‏یوحنا ۳:‏۱۶؛‏ ۱۷:‏۶،‏ ۲۶‏۔‏

یسوع مسیح نے جو کام کئے،‏ اُن سے یہوواہ خدا کی بہت سی خوبیاں ظاہر ہوئیں۔‏ اُنہوں نے اپنے باپ کی خوبیوں کی اِس حد تک عکاسی کی کہ وہ کہہ سکتے تھے:‏ ”‏جس نے مجھے دیکھا اُس نے باپ کو دیکھا۔‏“‏ —‏یوحنا ۵:‏۱۹؛‏ ۱۴:‏۹‏۔‏

ہم نے دیکھ لیا کہ یسوع مسیح کی زندگی کا مقصد کیا تھا۔‏ آئیں،‏ اگلے مضمون میں دیکھیں کہ یسوع مسیح نے اپنی جان کیوں قربان کی اور ہمیں کیا کرنا چاہئے تاکہ ہم اُن کی قربانی سے فائدہ حاصل کر سکیں۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 9 خدا کی بادشاہت کے متعلق مزید جاننے کے لئے کتاب پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں کے باب نمبر ۸ اور ۹ کو دیکھیں۔‏ باب نمبر ۸ کا عنوان ہے:‏ ”‏خدا کی بادشاہت کیا ہے؟‏“‏ باب نمبر ۹ کا عنوان ہے:‏ ”‏کیا ہم ”‏اخیر زمانہ“‏ میں رہ رہے ہیں؟‏“‏ یہ کتاب یہوواہ کے گواہوں نے شائع کی ہے۔‏