مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

یسوع مسیح کا انسانی تاریخ پر گہرا اثر

یسوع مسیح کا انسانی تاریخ پر گہرا اثر

یسوع مسیح کا انسانی تاریخ پر گہرا اثر

‏”‏جب وہ یرؔوشلیم میں داخل ہوا تو سارے شہر میں ہل چل پڑ گئی اور لوگ کہنے لگے یہ کون ہے؟‏ بِھیڑ کے لوگوں نے کہا یہ گلیلؔ کے ناصرۃ کا نبی یسوؔع ہے۔‏“‏ —‏متی ۲۱:‏۱۰،‏ ۱۱‏۔‏

وہ ۳۳ عیسوی کے موسمِ‌بہار کا ایک دن تھا جب یسوع مسیح * شہر یروشلیم میں داخل ہوئے۔‏ اُن کے آنے پر شہر میں ہل چل مچ گئی۔‏ اِس کی کیا وجہ تھی؟‏ دراصل اِس شہر کے بہت سے لوگوں نے یسوع مسیح اور اُن کے معجزوں کے بارے میں سُن رکھا تھا۔‏ وہ دوسروں کو بھی یسوع مسیح کے بارے میں بتا رہے تھے۔‏ (‏یوحنا ۱۲:‏۱۷-‏۱۹‏)‏ لیکن اُن میں سے کوئی بھی یہ نہیں جانتا تھا کہ یسوع مسیح کی شخصیت کا اثر پوری دُنیا،‏ یہاں تک کہ آنے والے زمانوں پر بھی ہوگا۔‏

آئیں،‏ چند مثالوں پر غور کریں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ یسوع مسیح نے انسانی تاریخ پر بہت گہرا اثر ڈالا ہے۔‏

بہت سے ملکوں میں عیسوی کیلنڈر استعمال کِیا جاتا ہے۔‏ اِس کیلنڈر کی تاریخوں کا حساب جس سال سے شروع ہوتا ہے،‏ اُس کے بارے میں لوگوں کا خیال ہے کہ یسوع مسیح اِس سال میں پیدا ہوئے تھے۔‏

دُنیا کی ایک تہائی آبادی یعنی تقریباً ۲ ارب لوگ خود کو مسیحی کہتے ہیں۔‏

اسلام کو ماننے والوں کی تعداد ایک ارب سے زیادہ ہے۔‏ اسلامی تعلیمات کے مطابق یسوع مسیح ایک بڑے نبی تھے۔‏

یسوع مسیح کی کہی گئی باتیں آج بھی بہت مشہور ہیں۔‏ اِن میں سے کچھ یہ ہیں:‏

اگر کوئی تمہارے ایک گال پر طمانچہ مارے تو دوسرا بھی اُس کی طرف پھیر دو۔‏ —‏متی ۵:‏۳۹

اپنے ہمسائے سے محبت رکھو۔‏ —‏متی ۲۲:‏۳۹‏۔‏

کوئی آدمی دو مالکوں کی خدمت نہیں کر سکتا۔‏ —‏متی ۶:‏۲۴‏۔‏

دوسروں کی عیب جوئی نہ کرو۔‏ —‏متی ۷:‏۱‏۔‏

جو کچھ تُم چاہتے ہو کہ لوگ تمہارے ساتھ کریں وہی تُم بھی اُن کے ساتھ کرو۔‏ —‏متی ۷:‏۱۲‏۔‏

درخت کی پہچان اُس کے پھل سے ہوتی ہے۔‏ —‏متی ۷:‏۱۷،‏ ۱۸‏۔‏

اِن تمام حقائق سے ظاہر ہوتا ہے کہ یسوع مسیح نے انسانی تاریخ پر واقعی بہت گہرا اثر ڈالا ہے۔‏ اِس کے باوجود لوگ یسوع مسیح کے بارے میں مختلف نظریات اور عقیدے رکھتے ہیں۔‏ شاید آپ سوچیں کہ ”‏یسوع مسیح کون ہیں؟‏“‏ پاک صحیفوں میں یسوع مسیح کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا ہے کہ وہ کہاں سے آئے تھے،‏ اُن کی زندگی کا مقصد کیا تھا اور اُنہوں نے اپنی جان کیوں قربان کی۔‏ یسوع مسیح کے متعلق یہ معلومات حاصل کرنے سے نہ صرف ہمارے آج پر بلکہ ہمارے مستقبل پر بھی گہرا اثر ہوگا۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 3 نام یسوع کا مطلب ہے:‏ یہوواہ نجات ہے۔‏ یسوع کو مسیح بھی کہا گیا ہے۔‏ لفظ مسیح ایک لقب ہے جس کا مطلب مسح‌شُدہ ہے۔‏ یہ لقب ظاہر کرتا ہے کہ خدا نے یسوع کو مسح کرکے اُنہیں ایک خاص عہدے پر مقرر کِیا تھا۔‏