مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

خدا بُرائی اور دُکھ‌تکلیف کو ختم کیوں نہیں کرتا؟‏

خدا بُرائی اور دُکھ‌تکلیف کو ختم کیوں نہیں کرتا؟‏

پاک صحیفوں کی تعلیم

خدا بُرائی اور دُکھ‌تکلیف کو ختم کیوں نہیں کرتا؟‏

اِس مضمون میں ایسے سوالوں پر غور کِیا گیا ہے جن کے بارے میں لوگ اکثر سوچتے ہیں۔‏ اِس میں یہ بھی واضح کِیا گیا ہے کہ آپ پاک صحیفوں میں اِن سوالوں کے جواب کہاں سے حاصل کر سکتے ہیں۔‏ یہوواہ کے گواہ خوشی سے آپ کی مدد کریں گے تاکہ آپ اپنے سوالوں کے جواب حاصل کر سکیں۔‏

۱.‏ بُرائی کا آغاز کیسے ہوا؟‏

بُرائی کا آغاز اُس وقت ہوا جب خدا کے دُشمن شیطان نے باغِ‌عدن میں جھوٹ بولا تھا۔‏ شیطان دراصل ایک فرشتہ تھا لیکن وہ ”‏سچائی پر قائم نہیں رہا۔‏“‏ (‏یوحنا ۸:‏۴۴‏)‏ شیطان کے دل میں یہ خواہش پیدا ہوئی کہ انسان اُس کی عبادت کریں جبکہ صرف خدا عبادت کے لائق ہے۔‏ اِس لئے شیطان نے حوا کو ورغلایا کہ وہ خدا کا حکم توڑ دیں اور اُس کی بات مان لیں۔‏ آدم نے خدا کی نافرمانی کرنے میں اپنی بیوی کا ساتھ دیا۔‏ آدم کے اِس بُرے فیصلے کی وجہ سے انسانوں کو دُکھ‌تکلیف اور موت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‏‏—‏پیدایش ۳:‏۱-‏۶،‏ ۱۷-‏۱۹ کو پڑھیں۔‏

جب شیطان نے حوا کو خدا کی نافرمانی کرنے پر اُکسایا تو وہ دراصل خدا کی حکمرانی کے خلاف بغاوت کر رہا تھا۔‏ زیادہ‌تر لوگوں نے شیطان کا ساتھ دیا ہے اور خدا کی حکمرانی کو ماننے سے انکار کِیا ہے۔‏ یوں شیطان اِس ”‏دُنیا کا سردار“‏ بن گیا ہے۔‏‏—‏یوحنا ۱۴:‏۳۰؛‏ مکاشفہ ۱۲:‏۹ کو پڑھیں۔‏

۲.‏ کیا خدا کی مخلوق میں کوئی نقص تھا؟‏

خدا کی مخلوق میں کوئی نقص نہیں تھا۔‏ خدا نے انسانوں اور فرشتوں کو ایسی خوبیوں اور صلاحیتوں کے ساتھ خلق کِیا تھا جن کی بِنا پر وہ پوری طرح خدا کی فرمانبرداری کر سکتے تھے۔‏ (‏استثنا ۳۲:‏۴،‏۵‏)‏ خدا نے ہمیں یہ فیصلہ کرنے کی صلاحیت دی ہے کہ آیا ہم اچھے کام کریں گے یا بُرے کام کریں گے۔‏ جب ہم اچھے کام کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو ہم یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ہم خدا سے محبت رکھتے ہیں۔‏‏—‏یعقوب ۱:‏۱۳-‏۱۵؛‏ ۱-‏یوحنا ۵:‏۳ کو پڑھیں۔‏

۳.‏ خدا انسانوں کو دُکھ‌تکلیف کیوں سہنے دیتا ہے؟‏

خدا نے کچھ عرصے کے لئے انسانوں کو ایک دوسرے پر حکمرانی کرنے کی اجازت دی۔‏ لیکن کیوں؟‏ خدا دراصل یہ ثابت کرنا چاہتا تھا کہ انسان حکمرانی کرنے کے لائق نہیں ہیں۔‏ (‏یرمیاہ ۱۰:‏۲۳‏)‏ پچھلے ۶۰۰۰ سال کے دوران جو کچھ ہوا ہے،‏ اُس سے واقعی یہ ثابت ہو گیا ہے کہ انسانی حکومتیں دُنیا کے مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہو گئی ہیں۔‏ وہ جنگ،‏ جُرم،‏ ناانصافی اور بیماری کو ختم نہیں کر سکتیں۔‏‏—‏واعظ ۷:‏۲۹؛‏ ۸:‏۹؛‏ رومیوں ۹:‏۱۷ کو پڑھیں۔‏

اِس کے برعکس جو لوگ خدا کی حکمرانی کو قبول کرتے ہیں،‏ اُنہیں بہت سی خوشیاں اور برکتیں ملتی ہیں۔‏ (‏یسعیاہ ۴۸:‏۱۷،‏ ۱۸‏)‏ یہوواہ خدا بہت ہی جلد تمام انسانی حکومتوں کو ختم کر دے گا۔‏ اِس کے بعد زمین پر صرف وہی لوگ آباد ہوں گے جو یہوواہ خدا کو اپنا حکمران تسلیم کرتے ہیں۔‏‏—‏دانی‌ایل ۲:‏۴۴ کو پڑھیں؛‏ یسعیاہ ۲:‏۳،‏ ۴؛‏ ۱۱:‏۹‏۔‏

۴.‏ خدا کے صبر سے ہمیں کیا موقع ملا ہے؟‏

شیطان نے یہ دعویٰ کِیا تھا کہ انسان مشکل وقت میں خدا کے فرمانبردار نہیں رہیں گے۔‏ خدا کے صبر سے ہمیں شیطان کے اِس دعوے کو جھوٹا ثابت کرنے کا موقع ملا ہے۔‏ ہم جس طرح زندگی گزارتے ہیں،‏ اُس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آیا ہم خدا کی حکمرانی کی حمایت کرتے ہیں یا پھر انسانی حکمرانوں کی حمایت کرتے ہیں۔‏‏—‏ایوب ۱:‏۸-‏۱۱؛‏ امثال ۲۷:‏۱۱ کو پڑھیں۔‏

۵.‏ ہم یہ کیسے ثابت کرتے ہیں کہ خدا ہمارا حکمران ہے؟‏

جب ہم پاک کلام میں درج اصولوں اور معیاروں کے مطابق خدا کی عبادت کرتے ہیں تو اِس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہم خدا کو اپنا حکمران تسلیم کرتے ہیں۔‏ (‏یوحنا ۴:‏۲۳‏)‏ ہم یسوع مسیح کی مثال پر عمل کرتے ہوئے سیاست اور جنگ میں بھی حصہ نہیں لیتے۔‏‏—‏یوحنا ۱۷:‏۱۴ کو پڑھیں۔‏

شیطان بےحیائی اور دیگر بُرے کاموں کو فروغ دے رہا ہے جو ہمارے لئے بہت نقصان‌دہ ہیں۔‏ جب ہم ایسے بُرے کاموں سے دُور رہتے ہیں تو ہمارے دوست اور رشتہ‌دار شاید ہمارا مذاق اُڑائیں۔‏ (‏۱-‏پطرس ۴:‏۳،‏ ۴‏)‏ لہٰذا ہم کیا کریں گے؟‏ کیا ہم یہوواہ خدا کے اصولوں اور معیاروں کے مطابق زندگی گزاریں گے؟‏ کیا ہم ایسے لوگوں سے دوستی رکھیں گے جو خدا سے محبت کرتے ہیں؟‏ اگر ہم ایسا کریں گے تو ہم شیطان کے اِس دعوے کو جھوٹا ثابت کریں گے کہ انسان خدا کے فرمانبردار نہیں رہیں گے۔‏‏—‏۱-‏کرنتھیوں ۶:‏۹،‏ ۱۰؛‏ ۱۵:‏۳۳ کو پڑھیں۔‏

مزید معلومات کے لئے یہوواہ کے گواہوں کی شائع‌کردہ اِس کتاب کے باب نمبر ۱۱ کو دیکھیں۔‏

‏[‏صفحہ ۳۱ پر تصویر]‏

آدم نے اپنے فیصلے سے شیطان کی حمایت کی۔‏

‏[‏صفحہ ۳۲ پر تصویر]‏

ہمارے فیصلوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم کس کی حمایت کر رہے ہیں۔‏