مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

خدا کی بادشاہت کیا ہے؟‏

خدا کی بادشاہت کیا ہے؟‏

پاک صحیفوں کی تعلیم

خدا کی بادشاہت کیا ہے؟‏

اِس مضمون میں ایسے سوالوں پر غور کِیا گیا ہے جن کے بارے میں لوگ اکثر سوچتے ہیں۔‏ اِس میں یہ بھی واضح کِیا گیا ہے کہ آپ پاک صحیفوں میں اِن سوالوں کے جواب کہاں سے حاصل کر سکتے ہیں۔‏ یہوواہ کے گواہ خوشی سے آپ کی مدد کریں گے تاکہ آپ اپنے سوالوں کے جواب حاصل کر سکیں۔‏

۱.‏ خدا کی بادشاہت کیا ہے؟‏

خدا کی بادشاہت ایک حکومت ہے جو آسمان پر واقع ہے۔‏ یہ بادشاہت زمین کے لوگوں پر حکمرانی کرے گی۔‏ خدا کی بادشاہت تمام انسانی حکومتوں کو ختم کرے گی۔‏ اِس بادشاہت کے ذریعے خدا کی مرضی صرف آسمان پر ہی نہیں بلکہ زمین پر بھی پوری ہوگی۔‏ انسانوں کو اچھی حکومت کی بڑی ضرورت ہے اور خدا کی بادشاہت اِس ضرورت کو پورا کرے گی۔‏‏—‏دانی‌ایل ۲:‏۴۴؛‏ متی ۶:‏۹،‏ ۱۰ کو پڑھیں۔‏

خدا کی بادشاہت کا بادشاہ کون ہوگا؟‏ یہوواہ خدا نے اپنے بیٹے یسوع مسیح کو اِس بادشاہت کے بادشاہ کے طور پر منتخب کِیا ہے۔‏‏—‏لوقا ۱:‏۳۰-‏۳۳ کو پڑھیں۔‏

۲.‏ یسوع مسیح سب سے بہترین حکمران کیوں ہیں؟‏

یسوع مسیح سب سے بہترین حکمران اِس لئے ہیں کیونکہ وہ شفیق اور انصاف‌پسند ہیں اور اُن کے پاس اِس قدر طاقت ہے کہ وہ انسانوں کے مسئلوں کو حل کر سکتے ہیں۔‏ (‏متی ۱۱:‏۲۸-‏۳۰‏)‏ جب یسوع مسیح کو مار ڈالا گیا تو خدا نے اُن کو زندہ کر دیا۔‏ اِس کے بعد وہ آسمان پر چلے گئے اور اُس وقت کا انتظار کرنے لگے جب خدا اُنہیں حکمرانی کرنے کا اختیار دے۔‏ (‏عبرانیوں ۱۰:‏۱۲،‏ ۱۳‏)‏ آخرکار خدا نے یسوع مسیح کو اختیار دے دیا اور اُنہوں نے آسمان سے حکمرانی شروع کر دی۔‏‏—‏دانی‌ایل ۷:‏۱۳،‏ ۱۴ کو پڑھیں۔‏

۳.‏ کیا یسوع مسیح کے ساتھ کوئی اَور بھی حکمرانی کرے گا؟‏

پاک صحیفوں میں بتایا گیا ہے کہ یسوع مسیح کے ساتھ ’‏حق‌تعالیٰ کے مُقدس لوگ‘‏ حکمرانی کریں گے۔‏ خدا ہی اِس بات کا انتخاب کرتا ہے کہ مُقدس لوگوں کے اِس گروہ میں کون‌کون شامل ہوگا۔‏ (‏دانی‌ایل ۷:‏۲۷‏)‏ اِس گروہ میں سب سے پہلے یسوع مسیح کے رسول شامل ہوئے۔‏ یہوواہ خدا آج بھی اِس گروہ میں ایسے مردوں اور عورتوں کو شامل کر رہا ہے جو اُس کے وفادار ہیں۔‏ جب یہ لوگ فوت ہو جاتے ہیں تو خدا اُن کو روحانی جسم کے ساتھ زندہ کرتا ہے بالکل جیسے اُس نے یسوع مسیح کے ساتھ کِیا تھا۔‏‏—‏یوحنا ۱۴:‏۱-‏۳؛‏ ۱-‏کرنتھیوں ۱۵:‏۴۲-‏۴۵ کو پڑھیں۔‏

اِس گروہ میں کتنے لوگ شامل ہوں گے؟‏ یسوع مسیح نے اِس گروہ کو ’‏چھوٹا گلّہ‘‏ کہا۔‏ (‏لوقا ۱۲:‏۳۲‏)‏ اِس گروہ میں ایک لاکھ ۴۴ ہزار لوگ شامل ہوں گے اور وہ یسوع مسیح کے ساتھ مل کر حکمرانی کریں گے۔‏‏—‏مکاشفہ ۵:‏۹،‏ ۱۰؛‏ ۱۴:‏۱ کو پڑھیں۔‏

۴.‏ خدا کی بادشاہت نے کب حکمرانی کرنا شروع کر دی تھی؟‏

یسوع مسیح ۱۹۱۴ء میں بادشاہ بن گئے۔‏ * اِس کے بعد اُنہوں نے شیطان اور بُرے فرشتوں کو زمین پر گِرا دیا۔‏ (‏مکاشفہ ۱۲:‏۷-‏۱۰،‏ ۱۲‏)‏ اُس وقت سے زمین پر مصیبتیں اور آفتیں بڑھتی جا رہی ہیں۔‏ جگہ‌جگہ جنگیں ہو رہی ہیں؛‏ جُرم اور تشدد میں اضافہ ہو رہا ہے؛‏ وبائیں پھیل رہی ہیں؛‏ زلزلے آ رہے ہیں اور کال پڑ رہے ہیں۔‏ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ شیطان کی دُنیا کا آخری دور چل رہا ہے۔‏ (‏۲-‏تیمتھیس ۳:‏۱-‏۵‏)‏ کیا آپ بھی اِس بادشاہت کی برکات حاصل کرنا چاہتے ہیں؟‏ تو پھر یہ سیکھیں کہ اِس کے بادشاہ یسوع مسیح کی حمایت کرنے میں کیا کچھ شامل ہے۔‏‏—‏لوقا ۲۱:‏۷،‏ ۱۰،‏ ۱۱،‏ ۳۱،‏ ۳۴،‏ ۳۵ کو پڑھیں۔‏

۵.‏ خدا کی بادشاہت کیا کرے گی؟‏

آج‌کل خدا کی بادشاہت کی نگرانی میں پوری دُنیا میں بادشاہت کی خوشخبری سنائی جا رہی ہے اور لاکھوں لوگوں کو خدا کے معیاروں کے بارے میں سکھایا جا رہا ہے۔‏ (‏متی ۲۴:‏۱۴‏)‏ جلد ہی یہ بادشاہت شیطان کی بُری دُنیا کو ختم کر دے گی اور لوگوں کی ایک ”‏بڑی بِھیڑ“‏ کو بچا لے گی۔‏ یہ وہ لوگ ہوں گے جو یسوع مسیح کی حمایت کر رہے ہیں۔‏‏—‏مکاشفہ ۷:‏۹،‏ ۱۰،‏ ۱۳-‏۱۷ کو پڑھیں۔‏

پھر خدا کی بادشاہت زمین کو فردوس بنا دے گی۔‏ یہ کام ایک ہزار سال کے عرصے کے دوران ہوگا۔‏ آخر میں یسوع مسیح بادشاہت کو خدا کے حوالے کر دیں گے۔‏ (‏۱-‏کرنتھیوں ۱۵:‏۲۴-‏۲۶‏)‏ یقیناً آپ بھی دوسروں کو خدا کی بادشاہت کے بارے میں بتانا چاہیں گے۔‏‏—‏زبور ۳۷:‏۱۰،‏ ۱۱،‏ ۲۹ کو پڑھیں۔‏

مزید معلومات کے لئے یہوواہ کے گواہوں کی شائع‌کردہ اِس کتاب کے باب نمبر ۸ اور ۹ کو دیکھیں۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 13 اگر آپ اِس کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں تو کتاب پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں میں صفحہ ۲۱۵-‏۲۱۸ کو دیکھیں۔‏ یہ کتاب یہوواہ کے گواہوں نے شائع کی ہے۔‏