مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

پاک روح کی رہنمائی —‏رسولوں کے زمانے سے لے کر آج تک

پاک روح کی رہنمائی —‏رسولوں کے زمانے سے لے کر آج تک

پاک روح کی رہنمائی —‏رسولوں کے زمانے سے لے کر آج تک

‏”‏یہ سب تاثیریں وہی ایک روح کرتا ہے۔‏“‏—‏۱-‏کر ۱۲:‏۱۱‏۔‏

۱.‏ اِس مضمون میں ہم کن سوالوں کے جواب دیکھیں گے؟‏

سن ۳۳ء کی عیدِپنتِکُست پر بڑے حیران‌کُن واقعات پیش آئے۔‏ (‏اعما ۲:‏۱-‏۴‏)‏ جب خدا نے اِس موقعے پر اپنے خادموں پر پاک روح نازل کی تو اُن میں ایک نیا اثر پیدا ہوا۔‏ پچھلے مضمون میں ہم نے دیکھا تھاکہ قدیم زمانے میں خدا کے خادم پاک روح کی مدد سے مشکل ذمہ‌داریاں پوری کرنے کے قابل بنے۔‏ لیکن اب سوال یہ اُٹھتے ہیں کہ پاک روح نے جس طرح سے قدیم زمانے میں اور پہلی صدی میں خدا کے خادموں پر اثر کِیا،‏ اِس میں کیا فرق تھا؟‏ آج خدا کے خادموں کو پاک روح کے اثر سے کونسے فائدے پہنچتے ہیں؟‏ آئیں،‏ اِن سوالوں کے جواب کو دیکھیں۔‏

‏’‏دیکھ مَیں یہوواہ کی بندی ہوں‘‏

۲.‏ مریم کیسے جانتی تھیں کہ خدا کی پاک روح حیرت‌انگیز کام انجام دیتی ہے؟‏

۲ جب عیدِپنتِکُست پر یسوع مسیح کے شاگردوں پر پاک روح نازل ہوئی تو مریم بھی وہاں موجود تھیں اور اُن پر بھی پاک روح نازل ہوئی۔‏ (‏اعما ۱:‏۱۳،‏ ۱۴‏)‏ لیکن پاک روح اِس موقعے سے تقریباً ۳۰ سال پہلے بھی مریم پر اثرانداز ہوئی تھی۔‏ اُس وقت خدا نے اپنے بیٹے کی زندگی آسمان سے مریم کے رَحم میں ڈال دی۔‏ مریم کنواری تھیں اور خدا نے یہ معجزہ ”‏روحُ‌القدس کی قدرت سے“‏ دکھایا۔‏—‏متی ۱:‏۲۰‏۔‏

۳،‏ ۴.‏ (‏الف)‏ مریم نے کونسی مثال قائم کی؟‏ (‏ب)‏ ہم مریم سے کیا سیکھ سکتے ہیں؟‏

۳ آئیں،‏ دیکھیں کہ خدا نے مریم کو اِتنا بڑا شرف کیوں دیا۔‏ جب فرشتے نے مریم کو اطلاع دی کہ وہ خدا کے بیٹے کو جنم دیں گی تو مریم نے کہا:‏ ”‏دیکھ مَیں [‏یہوواہ]‏ کی بندی ہوں۔‏ میرے لئے تیرے قول کے موافق ہو۔‏“‏ (‏لو ۱:‏۳۸‏)‏ مریم کی اِس بات سے ظاہر ہوا کہ وہ دل سے یہوواہ خدا کی وفادار ہیں۔‏ اُنہوں نے یہ نہیں کہا کہ ”‏اگر میرے منگیتر اور دوسروں کو پتہ چلا کہ مَیں حاملہ ہوں تو وہ کیا کہیں گے؟‏“‏ اِس کی بجائے وہ خدا کی مرضی بجا لانے کو فوراً تیار تھیں۔‏ مریم نے خود کو یہوواہ کی بندی یعنی غلام کہا۔‏ اِس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ یہوواہ خدا کو اپنا آقا تسلیم کرتی تھیں اور اُس پر بھروسا رکھتی تھیں۔‏

۴ کیا آپ کو کبھی لگا ہے کہ خدا کی تنظیم کی طرف سے آپ کو جو کام دیا گیا ہے،‏ اِسے کرنا آپ کے بس کی بات نہیں؟‏ ہم میں سے ہر ایک کو خود سے پوچھنا چاہئے:‏ ”‏کیا مجھے پورا یقین ہے کہ خدا میری مدد کرے گا تاکہ مَیں اُن ذمہ‌داریوں کو پورا کر سکوں جو اُس نے مجھے سونپی ہیں؟‏ کیا مَیں ہر اُس کام کو کرنے کو تیار ہوں جو خدا مجھے دیتا ہے؟‏“‏ اگر ہم پورے دل سے یہوواہ خدا پر بھروسا رکھیں گے اور اُس کی مرضی بجا لانے کو تیار ہوں گے تو وہ ہمیں پاک روح ضرور بخشے گا۔‏—‏اعما ۵:‏۳۲‏۔‏

پاک روح نے پطرس رسول کی مدد کی

۵.‏ پطرس رسول نے عیدِپنتِکُست سے پہلے پاک روح کے کن اثرات کا تجربہ کِیا تھا؟‏

۵ صرف مریم نے ہی نہیں بلکہ پطرس رسول نے بھی عیدِپنتِکُست سے پہلے اِس با ت کا تجربہ کِیا کہ پاک روح کتنے حیرت‌انگیز کام انجام دیتی ہے۔‏ یسوع مسیح نے رسولوں کو اختیار دیا کہ وہ لوگوں سے بدروحیں نکالیں۔‏ (‏مر ۳:‏۱۴-‏۱۶‏)‏ لگتا ہے کہ پطرس رسول نے اِس اختیار کو استعمال بھی کِیا تھا۔‏ ایک موقعے پر یسوع مسیح نے پطرس رسول کو پانی پر چلنے کو کہا اور اُنہوں نے ایسا کِیا۔‏ ‏(‏متی ۱۴:‏۲۵-‏۲۹ کو پڑھیں۔‏)‏ پطرس رسول پاک روح کی مدد سے ہی ایسے حیرت‌انگیز کام کرنے کے قابل ہوئے۔‏ جلد ہی خدا پاک روح کے ذریعے پطرس رسول اور دیگر شاگردوں میں نئےنئے اثرات پیدا کرنے والا تھا۔‏

۶.‏ پطرس رسول پاک روح کی مدد سے عیدِپنتِکُست کے موقعے پر اور اِس کے بعد کیا کچھ کر پائے؟‏

۶ بہت سے لوگ مختلف ملکوں سے عیدِپنتِکُست منانے کے لئے آئے تھے۔‏ اِس موقعے پر پطرس رسول اور دوسرے شاگردوں کو معجزانہ طور پر اِن لوگوں کی زبان بولنے کا شرف حاصل ہوا۔‏ اِس کے بعد پطرس رسول نے لوگوں کی بِھیڑ کے سامنے ایک پُرجوش تقریر پیش کی۔‏ (‏اعما ۲:‏۱۴-‏۳۶‏)‏ ماضی میں پطرس رسول نے بعض موقعوں پر بزدلی سے کام لیا۔‏ لیکن پاک روح کی مدد سے اب وہ دھمکیوں اور مخالفت سے ڈرے بغیر بڑی دلیری سے یسوع مسیح کے بارے میں گواہی دینے لگے۔‏ (‏اعما ۴:‏۱۸-‏۲۰،‏ ۳۱‏)‏ خدا نے پاک روح کے ذریعے پطرس رسول پر پوشیدہ باتیں ظاہر کیں۔‏ (‏اعما ۵:‏۸،‏ ۹‏)‏ پطرس رسول پاک روح کی مدد سے ایک مُردہ شخص کو زندہ کرنے کے قابل بھی ہوئے۔‏—‏اعما ۹:‏۴۰‏۔‏

۷.‏ جب پطرس رسول نے پاک روح سے بپتسمہ پایا تو وہ یسوع مسیح کی کونسی تعلیمات سمجھ گئے؟‏

۷ یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں کو بہت سی باتیں سکھائیں۔‏ پطرس رسول اِن میں سے بہت سی تعلیمات کو سمجھ گئے تھے۔‏ (‏متی ۱۶:‏۱۶،‏ ۱۷؛‏ یوح ۶:‏۶۸‏)‏ لیکن بعض تعلیمات ایسی تھیں جنہیں وہ عیدِپنتِکُست کے بعد ہی سمجھ پائے۔‏ مثال کے طور پر پطرس رسول یہ نہیں سمجھ پائے تھے کہ یسوع مسیح کو تیسرے دن روحانی جسم کے ساتھ زندہ کِیا جائے گا اور اُن کی بادشاہت زمین پر نہیں بلکہ آسمان پر قائم ہوگی۔‏ (‏یوح ۲۰:‏۶-‏۱۰؛‏ اعما ۱:‏۶‏)‏ پطرس رسول کے لئے یہ بالکل نئی بات تھی کہ بعض انسانوں کو روحانی جسم دیا جائے گا اور وہ آسمان پر جا کر حکمرانی کریں گے۔‏ لیکن جب اُنہوں نے پاک روح سے بپتسمہ پایا اور آسمان پر جانے کی اُمید رکھنے لگے تو وہ اِن معاملوں کے سلسلے میں یسوع مسیح کی تعلیمات سمجھ گئے۔‏

۸.‏ آج‌کل خدا نے ممسوح مسیحیوں اور یسوع مسیح کی ’‏اَور بھی بھیڑوں‘‏ کو کن باتوں کی سمجھ عطا کی ہے؟‏

۸ جب خدا نے یسوع مسیح کے شاگردوں پر پاک روح نازل کی تو وہ بہت سی ایسی باتیں سمجھ گئے جنہیں وہ پہلے نہیں سمجھ پائے تھے۔‏ اِن شاگردوں نے خدا کی پاک روح کی مدد سے اِن باتوں کو لکھ دیا تاکہ ہم بھی سمجھ سکیں کہ خدا اپنے ازلی ارادے کو کیسے پورا کرے گا۔‏ (‏افس ۳:‏۸-‏۱۱،‏ ۱۸‏)‏ آج‌کل ممسوح مسیحی اور یسوع مسیح کی ”‏اَور بھی بھیڑیں،‏“‏ سب ہی اِن تعلیمات پر غور کرتی ہیں اور اِن کو سمجھتی ہیں۔‏ (‏یوح ۱۰:‏۱۶‏)‏ کیا آپ اِس بات کے لئے شکر گزار ہیں کہ خدا اپنی پاک روح کے ذریعے ہمیں بائبل کی سمجھ عطا کرتا ہے؟‏

‏’‏پولس رسول روحُ‌القدس سے بھر گئے‘‏

۹.‏ پولس رسول نے پاک روح کی مدد سے کون‌کون سے کام انجام دئے؟‏

۹ عیدِپنتِکُست ۳۳ء کے تقریباً ایک سال بعد پاک روح ساؤل پر نازل ہوئی جو بعد میں پولس کے نام سے مشہور ہوئے۔‏ پولس رسول نے پاک روح کی مدد سے جو کام انجام دئے،‏ اِن سے ہمیں آج بھی فائدہ ہوتا ہے۔‏ اُنہوں نے بائبل کی ۱۴ کتابیں لکھیں۔‏ پطرس رسول کی طرح وہ بھی سمجھ گئے کہ کچھ انسانوں کو آسمان پر غیرفانی زندگی دی جائے گی اور اُنہوں نے اپنی کتابوں میں اِس تعلیم کی وضاحت کی۔‏ پولس رسول نے پاک روح کے ذریعے بیماروں کو شفا دی،‏ لوگوں میں سے بدروحوں کو نکالا اور ایک شخص کو زندہ کِیا۔‏ لیکن پاک روح نے پولس رسول کو اِن کاموں سے بھی زیادہ اہم کام کرنے کی توفیق دی۔‏ یہ ایک ایسا کام تھا جسے ہم بھی پاک روح کی مدد سے انجام دے رہے ہیں۔‏

۱۰.‏ پاک روح نے پولس رسول کو کس طرح سے گواہی دینے کی توفیق دی؟‏

۱۰ پولس رسول نے ”‏روحُ‌القدس سے بھر کر“‏ بڑی دلیری سے ایک جادوگر سے بات کی۔‏ کُپرس کے صوبہ‌دار یہ سب کچھ دیکھ رہے تھے۔‏ اُن پر اِن باتوں کا کیا اثر ہوا؟‏ وہ ’‏یہوواہ کی تعلیم سے حیران ہو کر ایمان لے آئے۔‏‘‏ (‏اعما ۱۳:‏۸-‏۱۲‏)‏ پولس رسول جانتے تھے کہ وہ پاک روح کی مدد سے ہی دلیری سے بائبل کی تعلیم دینے کے قابل ہیں۔‏ (‏متی ۱۰:‏۲۰‏)‏ لہٰذا اُنہوں نے افسس کے مسیحیوں سے کہا:‏ ’‏میرے لئے دُعا کرو تاکہ بولنے کے وقت مجھے کلام کرنے کی توفیق ہو جس سے مَیں خوشخبری کے بھید کو دلیری سے ظاہر کروں۔‏‘‏—‏افس ۶:‏۱۸-‏۲۰‏۔‏

۱۱.‏ خدا نے پاک روح کے ذریعے پولس رسول کی رہنمائی کیسے کی؟‏

۱۱ خدا نے پاک روح کے ذریعے پولس رسول کو نہ صرف دلیری سے گواہی دینے کی توفیق دی بلکہ کبھی‌کبھار اُس نے پولس رسول کو بعض علاقوں میں جا کر خوشخبری سنانے سے منع بھی کِیا۔‏ جب پولس رسول خوشخبری سنانے کے لئے مختلف ملکوں کا سفر کر رہے تھے تو پاک روح اُن کی رہنمائی کر رہی تھی۔‏ (‏اعما ۱۳:‏۲؛‏ اعمال ۱۶:‏۶-‏۱۰ کو پڑھیں۔‏‏)‏ آج بھی یہوواہ خدا پاک روح کے ذریعے ہماری رہنمائی کر رہا ہے تاکہ ہم اِس کام کو انجام دے سکیں۔‏ پولس رسول کی طرح خدا کے وفادار خادم بڑی دلیری اور جوش سے لوگوں کو بائبل کی سچائیوں کی تعلیم دیتے ہیں۔‏ یہ سچ ہے کہ خدا آج رویوں کے ذریعے ہماری رہنمائی نہیں کرتا جس طرح سے اُس نے پولس رسول کی کی تھی۔‏ لیکن آج بھی یہوواہ خدا پاک روح کے ذریعے خلوص‌دل لوگوں کو اپنی طرف کھینچ رہا ہے۔‏—‏یوح ۶:‏۴۴‏۔‏

‏’‏تاثیریں طرح‌طرح کی‘‏

۱۲-‏۱۴.‏ کیا پاک روح خدا کے ہر خادم میں ایک ہی طرح کا اثر پیدا کرتی ہے؟‏ اِس کی وضاحت کریں۔‏

۱۲ ہمیں یہ جان کر بڑا حوصلہ ملتا ہے کہ پاک روح نے پہلی صدی میں ممسوح مسیحیوں کی مدد کی۔‏ اُس زمانے میں پاک روح نے ممسوح مسیحیوں کو خاص ”‏نعمتیں“‏ یعنی صلاحیتیں دیں۔‏ اِن نعمتوں کے بارے میں پولس رسول نے کُرنتھس کے مسیحیوں کو لکھا کہ ”‏نعمتیں تو طرح‌طرح کی ہیں مگر روح ایک ہی ہے۔‏ اور خدمتیں بھی طرح‌طرح کی ہیں مگر خداوند ایک ہی ہے۔‏ اور تاثیریں بھی طرح‌طرح کی ہیں مگر خدا ایک ہی ہے جو سب میں ہر طرح کا اثر پیدا کرتا ہے۔‏“‏ (‏۱-‏کر ۱۲:‏۴-‏۶،‏ ۱۱‏)‏ پولس رسول یہ کہہ رہے تھے کہ خدا کسی خاص مقصد کو حاصل کرنے کے لئے پاک روح کے ذریعے اپنے خادموں میں مختلف اثر پیدا کرتا ہے۔‏ خدا ایک ہی روح کے ذریعے ”‏چھوٹے گلّے“‏ اور مسیح کی ’‏اَور بھی بھیڑوں‘‏ میں اثر پیدا کرتا ہے۔‏ (‏لو ۱۲:‏۳۲؛‏ یوح ۱۰:‏۱۶‏)‏ لیکن ضروری نہیں کہ پاک روح کلیسیا کے ہر فرد میں ایک ہی جیسا اثر پیدا کرے۔‏

۱۳ مثال کے طور پر خدا پاک روح کے ذریعے کلیسیا میں بزرگوں کو مقرر کرتا ہے۔‏ (‏اعما ۲۰:‏۲۸‏)‏ لیکن تمام ممسوح مسیحی کلیسیا میں بزرگوں کے طور پر خدمت انجام نہیں دیتے۔‏ اِس سے ہم کیا نتیجہ نکال سکتے ہیں؟‏ یہی کہ پاک روح کلیسیا کے افراد میں فرق‌فرق اثر پیدا کرتی ہے۔‏

۱۴ جس روح کے ذریعے یہوواہ خدا ممسوح مسیحیوں کو یقین دلاتا ہے کہ وہ اُس کے لےپالک بیٹے ہیں اُسی روح کے ذریعے اُس نے اپنے اکلوتے بیٹے کو مُردوں میں سے زندہ کرکے آسمان پر غیرفانی زندگی عطا کی۔‏ ‏(‏رومیوں ۸:‏۱۱،‏ ۱۵ کو پڑھیں۔‏)‏ اِسی روح کے ذریعے یہوواہ خدا نے کائنات کو بنایا۔‏ (‏پید ۱:‏۱-‏۳‏)‏ اِسی روح کے ذریعے یہوواہ خدا نے بضلی‌ایل کو خیمۂ‌اجتماع کا سازوسامان بنانے کی صلاحیت دی،‏ سمسون کو غیرمعمولی طاقت بخشی اور پطرس رسول کو پانی پر چلنے کی قوت دی۔‏ اِس سے ہم یہ نتیجہ اخذ کر سکتے ہیں کہ اگر خدا اپنے بندوں کو پاک روح عطا کرتا ہے تو اِس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ سب کے سب ممسوح ہیں۔‏ جیسا کہ ہم نے دیکھا ہے کہ پاک روح خدا کے خادموں میں مختلف اثرات پیدا کرتی ہے۔‏ یہ تو بس پاک روح کا ایک اثر ہے کہ خدا اِس کے ذریعے جسے چاہے آسمانی زندگی کے لئے مسح کرتا ہے۔‏

۱۵.‏ جہاں تک پاک روح کا تعلق ہے،‏ خدا کیا کرنا بند کر دے گا اور کیا کرنا جاری رکھے گا؟‏

۱۵ یوں تو یہوواہ خدا عیدِپنتِکُست ۳۳ء سے ہزاروں سال پہلے بھی اپنے خادموں پر روحُ‌القدس نازل کر رہا تھا۔‏ لیکن عیدِپنتِکُست ۳۳ء کے موقعے پر پاک روح نے لوگوں میں ایک نیا اثر پیدا کِیا۔‏ اُس وقت خدا کے خادموں کو آسمان پر حکمرانی کرنے کے لئے مسح کِیا جانے لگا۔‏ مگر ایک وقت آئے گا جب خدا اپنے خادموں کو پاک روح کے ذریعے مسح کرنا بند کر دے گا۔‏ البتہ اِس کے بعد بھی خدا اپنے خادموں کو اپنی پاک روح عطا کرتا رہے گا تاکہ وہ ہمیشہ تک اُس کی مرضی بجا لائیں۔‏

۱۶.‏ خدا کے خادم آج پاک روح کی مدد سے کیا کچھ انجام دے رہے ہیں؟‏

۱۶ خدا کے خادم آج پاک روح کی مدد سے کیا کچھ انجام دے رہے ہیں؟‏ مکاشفہ ۲۲:‏۱۷ میں لکھا ہے کہ ”‏روح اور دُلہن کہتی ہیں آ اور سننے والا بھی کہے آ۔‏ اور جو پیاسا ہو وہ آئے اور جو کوئی چاہے آبِ‌حیات مُفت لے۔‏“‏ پاک روح مسیحیوں کے دلوں میں یہ جذبہ پیدا کرتی ہے کہ وہ لوگوں کو یہ دعوت دیں کہ ”‏آؤ اور آبِ‌حیات مُفت پاؤ۔‏“‏ ممسوح مسیحی اِس کام میں پیش‌پیش ہیں اور یسوع مسیح کی اَور بھی بھیڑیں اُن کا ساتھ دے رہی ہیں۔‏ اِن دونوں گروہوں کو پاک روح کی رہنمائی حاصل ہے۔‏ دونوں گروہوں میں شامل لوگوں نے اپنے آپ کو یہوواہ خدا کے لئے وقف کِیا ہے اور ”‏باپ اور بیٹے اور روحُ‌القدس کے نام سے بپتسمہ“‏ لیا ہے۔‏ (‏متی ۲۸:‏۱۹‏)‏ اور دونوں گروہوں کے لوگ خود میں وہ خوبیاں پیدا کر رہے ہیں جو روح کے پھل میں شامل ہیں۔‏ (‏گل ۵:‏۲۲،‏ ۲۳‏)‏ ممسوح مسیحیوں کی طرح یسوع مسیح کی اَور بھی بھیڑیں بھی پاک روح کی مدد قبول کرتی ہیں۔‏ وہ اِس روح کی مدد سے اپنے چال‌چلن کو پاک رکھتی ہیں تاکہ خدا خوش ہو۔‏—‏۲-‏کر ۷:‏۱؛‏ مکا ۷:‏۹،‏ ۱۴‏۔‏

خدا سے پاک روح مانگیں

۱۷.‏ یہ کیسے ظاہر ہوگا کہ خدا کی روح ہم پر سایہ کر رہی ہے؟‏

۱۷ چاہے آپ آسمان پر جانے کی اُمید رکھتے ہوں یا زمین پر ہمیشہ کی زندگی حاصل کرنے کی،‏ یہوواہ خدا آپ کو ”‏حد سے زیادہ قدرت“‏ دے گا تاکہ آپ اُس کے وفادار رہ سکیں اور انعام جیت سکیں۔‏ (‏۲-‏کر ۴:‏۷‏)‏ جب آپ خوشخبری کی مُنادی کریں گے تو شاید لوگ آپ کو بُرابھلا کہیں۔‏ لیکن یاد رکھیں کہ بائبل میں لکھا ہے:‏ ”‏اگر مسیح کے نام کے سبب سے تمہیں ملامت کی جاتی ہے تو تُم مبارک ہو کیونکہ جلال کا روح یعنی خدا کا روح تُم پر سایہ کرتا ہے۔‏“‏—‏۱-‏پطر ۴:‏۱۴‏۔‏

۱۸،‏ ۱۹.‏ (‏الف)‏ یہوواہ خدا پاک روح کے ذریعے آپ کو کیا کرنے کی توفیق دے گا؟‏ (‏ب)‏ آپ نے کیا کرنے کا عزم کِیا ہے؟‏

۱۸ خدا اُن لوگوں کو پاک روح مُفت عطا کرتا ہے جو خلوصِ‌دل سے اِس کے لئے دُعا کرتے ہیں۔‏ پاک روح نہ صرف آپ کی صلاحیتوں کو نکھارے گی بلکہ آپ میں یہ خواہش پیدا کرے گی کہ آپ لگن سے خدا کی خدمت کریں۔‏ بائبل میں لکھا ہے کہ ”‏[‏خدا]‏ تُم میں نیت اور عمل دونوں کو اپنے نیک اِرادہ کو انجام دینے کے لئے پیدا کرتا ہے۔‏“‏ ہمیں چاہئے کہ ہم ”‏زندگی کا کلام پیش کرتے“‏ رہیں اور پاک روح کے لئے دُعا کرتے رہیں۔‏ یوں ہم ’‏ڈرتے اور کانپتے ہوئے اپنی نجات کا کام کرتے رہیں گے۔‏‘‏—‏فل ۲:‏۱۲،‏ ۱۳،‏ ۱۶‏۔‏

۱۹ یہ کیسے ظاہر ہوگا کہ آپ خدا کی پاک روح پر دل سے بھروسا رکھتے ہیں؟‏ خدا کی طرف سے آپ کو جو ذمہ‌داریاں دی جاتی ہیں،‏ اِنہیں دل لگا کر پورا کریں اور اِن کو انجام دینے میں مہارت حاصل کریں۔‏ اِس کے ساتھ‌ساتھ یہوواہ خدا سے مدد کے لئے دُعا کرنا نہ بھولیں۔‏ (‏یعقو ۱:‏۵‏)‏ یہوواہ خدا آپ کو پاک روح دے گا تاکہ آپ اُس کے کلام کو سمجھ سکیں،‏ مشکلات سے نمٹ سکیں اور خوشخبری کی مُنادی کر سکیں۔‏ بائبل میں یہ ہدایت دی گئی ہے:‏ ”‏مانگو تو تمہیں دیا جائے گا۔‏ ڈھونڈو تو پاؤ گے۔‏ دروازہ کھٹکھٹاؤ تو تمہارے واسطے کھولا جائے گا۔‏“‏ سو اگر ہم خدا سے پاک روح مانگیں گے تو وہ ہمیں اپنی روح ضرور بخشے گا۔‏ (‏لو ۱۱:‏۹،‏ ۱۳‏)‏ قدیم زمانے سے لے کر آج تک خدا کے خادم پاک روح کی رہنمائی پر عمل کرتے آ رہے ہیں۔‏ دُعا کریں کہ آپ بھی اُن کی طرح ہوں۔‏

کیا آپ وضاحت کر سکتے ہیں؟‏

‏• ہم مریم کی مثال پر کیسے عمل کر سکتے ہیں؟‏

‏• خدا نے پاک روح کے ذریعے پولس رسول کی رہنمائی کیسے کی؟‏

‏• خدا کے خادم آج پاک روح کی مدد سے کیا کچھ انجام دے رہے ہیں؟‏

‏[‏مطالعے کے سوالات]‏

‏[‏صفحہ ۳۰ پر تصویر]‏

پولس رسول ’‏روحُ‌القدس سے بھر گئے‘‏ اور بڑی دلیری سے جادوگر سے بات کرنے لگے۔‏

‏[‏صفحہ ۳۲ پر تصویر]‏

خدا ممسوح مسیحیوں اور یسوع مسیح کی اَور بھی بھیڑوں کو پاک روح دیتا ہے۔‏