آپ کی رائے کیا ہے؟
آپ کی رائے کیا ہے؟
’ہر ایک صحیفہ خدا کے الہام سے ہے اور فائدہمند بھی ہے تاکہ مردِخدا کامل بنے اور ہر ایک نیک کام کے لئے بالکل تیار ہو جائے۔‘—۲-تیمتھیس ۳:۱۶، ۱۷۔
شاید ہر شخص تو اِس بات سے اتفاق نہیں کرے گا کہ بائبل خدا کی طرف سے ہے اور ہر کام کے لئے فائدہمند ہے۔ لیکن آپ کی رائے کیا ہے؟ آپ کے خیال میں بائبل کے متعلق نیچے دئے گئے نظریات میں سے کونسا درست ہے؟
• بائبل علم اور ادب کا شاہکار ہے۔
• بائبل ایک مُقدس کتاب تو ہے مگر یہ دیگر مُقدس کتابوں سے زیادہ اہم نہیں۔
• بائبل ایسی کہانیوں کی کتاب ہے جن سے اچھے سبق ملتے ہیں۔
• بائبل خدا کا کلام ہے۔
شاید آپ سوچیں کہ ”بائبل کے بارے میں میری رائے جو بھی ہو، اُس سے کیا فرق پڑتا ہے؟“ غور کریں کہ بائبل خود بتاتی ہے: ”جتنی باتیں پہلے لکھی گئیں وہ ہماری تعلیم کے لئے لکھی گئیں تاکہ صبر سے اور کتابِمُقدس کی تسلی سے اُمید رکھیں۔“ (رومیوں ۱۵:۴) بائبل کا دعویٰ ہے کہ یہ ہمیں تعلیم، تسلی اور اُمید دیتی ہے۔
لیکن اگر بائبل محض ادب کا ایک شاہکار ہوتی یا پھر دیگر مُقدس کتابوں جیسی ایک کتاب ہوتی تو کیا آپ یہ بھروسا کرتے کہ بائبل آپ کی اور آپ کے گھر والوں کی رہنمائی کر سکتی ہے، خاص طور پر اگر آپ اِس میں درج باتوں سے متفق نہ ہوتے؟ اگر بائبل صرف قصے کہانیوں کی کتاب ہوتی تو کیا اِس میں درج وعدوں سے آپ کو کوئی تسلی اور اُمید ملتی؟
لاکھوں لوگ بائبل کا مطالعہ کرنے کے بعد اِس بات کے قائل ہو گئے ہیں کہ بائبل ہی ایسی کتاب ہے جو خدا کے الہام سے لکھی گئی ہے۔ لیکن وہ اِس بات کے قائل کیوں ہو گئے؟ بائبل کس لحاظ سے دوسری کتابوں سے فرق ہے؟ آئیں، اگلے مضامین میں بائبل کی پانچ خصوصیات پر غور کریں۔