ہمیں خدا کا نام کیوں لینا چاہئے؟
پاک صحیفوں کی تعلیم
ہمیں خدا کا نام کیوں لینا چاہئے؟
اِس مضمون میں ایسے سوالوں پر غور کِیا گیا ہے جن کے بارے میں لوگ اکثر سوچتے ہیں۔ اِس میں یہ بھی واضح کِیا گیا ہے کہ آپ پاک صحیفوں میں اِن سوالوں کے جواب کہاں سے حاصل کر سکتے ہیں۔ یہوواہ کے گواہ خوشی سے آپ کی مدد کریں گے تاکہ آپ اپنے سوالوں کے جواب حاصل کر سکیں۔
۱. خدا نے اپنا ایک نام کیوں رکھا ہے؟
انسان کی پہچان اُس کے نام سے ہوتی ہے۔ اِس لئے آپ یہ نہیں چاہیں گے کہ آپ کو ”آدمی“ یا ”عورت“ کہہ کر بلایا جائے۔ اِس کی بجائے آپ یقیناً یہ چاہیں گے کہ آپ کو آپ کے نام سے بلایا جائے۔ یہ سچ ہے کہ بائبل میں خدا کو ”مالک،“ ”قادرِمطلق خدا“ اور ”خالق“ کہا گیا ہے۔ (مکاشفہ ۶:۱۰؛ پیدایش ۲۸:۳؛ واعظ ۱۲:۱) لیکن خدا کا ایک ذاتی نام ہے۔ خدا نے اپنا نام اِس لئے رکھا ہے تاکہ ہم اُس کی قربت حاصل کر سکیں۔ خدا کا ذاتی نام یہوواہ ہے۔—یسعیاہ ۴۲:۸ کو پڑھیں۔
بائبل کے بہت سے ترجموں میں سے خدا کا ذاتی نام نکال دیا گیا ہے اور اِس کی جگہ ”خدا“ اور ”خداوند“ جیسے لفظ استعمال کئے گئے ہیں۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ بائبل کے جو حصے عبرانی زبان میں لکھے گئے تھے، اُن میں یہ نام کوئی ۷۰۰۰ مرتبہ آیا ہے۔ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہوواہ خدا یہ چاہتا ہے کہ سب لوگ اُس کا نام جانیں۔—زبور ۱۴۸:۱۳ کو پڑھیں۔
۲. خدا کا نام جاننا کیوں ضروری ہے؟
خدا کا نام جاننے میں صرف یہ شامل نہیں کہ ہمیں پتہ ہو کہ ہم اپنی زبان سے یہ نام کیسے بولیں گے۔ اِس میں خدا کی ذات کو قریب سے جاننا شامل ہے۔ نام یہوواہ کا مطلب ہے، ”وہ جیسا چاہتا ہے ویسا ہی کرتا ہے۔“ اِس بات سے ہمیں یہ یقین ہوتا ہے کہ خدا اپنا مقصد پورا کرنے کے لئے سب کچھ کر سکتا ہے۔ اِس لئے خدا کا نام جاننے میں یہ ایمان رکھنا شامل ہے کہ خدا اپنے سارے وعدے پورے کرے گا۔ (زبور ۹:۱۰) جو لوگ ایسا ایمان رکھتے ہیں، اُنہیں خدا پر پورا بھروسا ہوتا ہے اور وہ اُس کا نام استعمال کرتے ہیں۔ اُن کی زندگی میں خدا کی خدمت کرنا سب سے اہم ہوتا ہے۔ یہوواہ خدا ایسے لوگوں کی حفاظت کرتا ہے۔—زبور ۹۱:۱۴ کو پڑھیں۔
۳. خدا کیوں چاہتا ہے کہ سب لوگ اُس کا نام جانیں؟
خدا یہ اِس لئے چاہتا ہے کیونکہ اُس کا نام جاننے سے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ خدا کا نام جاننے سے وہ اُس کے دوست بن سکتے ہیں اور ہمیشہ کی زندگی حاصل کر سکتے ہیں۔ اِس لئے یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ ہم دوسروں کو اُس کا نام بتائیں۔—یوحنا ۱۷:۳؛ رومیوں ۱۰:۱۳، ۱۴ کو پڑھیں۔
یسوع مسیح نے لوگوں کو خدا کے نام سے واقف کرایا۔ اُنہوں نے ایسا کس طرح کِیا؟ اُنہوں نے خدا کے حکموں اور وعدوں کے بارے میں تعلیم دینے سے ایسا کِیا۔ آجکل بھی یسوع مسیح کے سچے شاگرد پوری دُنیا میں لوگوں کو خدا کے نام سے واقف کراتے ہیں۔ وہ خدا کے ’نام کی اُمت‘ یعنی قوم کے طور یہ کام کر رہے ہیں۔—اعمال ۱۵:۱۴؛ یوحنا ۱۷:۲۶ کو پڑھیں۔
۴. خدا اپنے نام کو پاک کیسے ٹھہرائے گا؟
خدا اپنے نام کو پاک ٹھہرانا چاہتا ہے کیونکہ اُس کی بہت بدنامی کی گئی ہے۔ مثال کے طور پر بعض لوگ کہتے ہیں کہ خدا نے انسانوں کو پیدا نہیں کِیا اِس لئے اُس کے حکم ماننا ضروری نہیں ہے۔ بعض لوگوں کا تو یہ خیال ہے کہ خدا کو انسانوں کی کوئی فکر نہیں ہے۔ دُنیا میں جتنی بھی پریشانیاں اور تکلیفیں ہیں، اُن سب کا ذمہدار خدا ہے۔ ایسی باتیں کرنے والے لوگ خدا کی بدنامی کرتے ہیں۔ لیکن خدا ہمیشہ تک اپنی بدنامی کو برداشت نہیں کرے گا۔ وہ ایسے لوگوں کو ختم کر دے گا جو اُس کے نام کو رسوا کرتے ہیں۔—زبور ۸۳:۱۷، ۱۸ کو پڑھیں۔
یہوواہ خدا اپنی بادشاہت کے ذریعے تمام حکومتوں کو ختم کر دے گا اور زمین پر پھر سے امن اور سلامتی قائم کرے گا۔ یوں وہ اپنے نام کی بڑائی کرے گا۔ (دانیایل ۲:۴۴) وہ وقت جلد آنے والا ہے جب سب لوگوں کو یہ ماننا پڑے گا کہ یہوواہ ہی سچا خدا ہے۔—حزقیایل ۳۶:۲۳؛ متی ۶:۹ کو پڑھیں۔
یہ سب کچھ جاننے کے بعد آپ کو کیا کرنا چاہئے؟ آپ کو خدا کے قریب جانے کی کوشش کرنی چاہئے۔ اِس کے لئے ضروری ہے کہ آپ بائبل کا مطالعہ کریں اور اُن لوگوں کے ساتھ مل کر یہوواہ خدا کی عبادت کریں جو اُس سے محبت کرتے ہیں۔ جب یہوواہ خدا اپنی بادشاہت کے ذریعے اپنے نام کو پاک ٹھہرائے گا تو وہ اپنے وفادار بندوں کو یاد رکھے گا اور اُنہیں برکت دے گا۔—ملاکی ۳:۱۶۔
مزید معلومات کے لئے کتاب پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں کے باب نمبر ایک کو دیکھیں۔ یہ کتاب یہوواہ کے گواہوں نے شائع کی ہے۔
[صفحہ ۱۶ پر تصویر]
خدا کا نام ایک پُرانے عبرانی نسخے میں