مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

جب آپ دُعا کرتے ہیں تو کیا کوئی سنتا ہے؟‏

جب آپ دُعا کرتے ہیں تو کیا کوئی سنتا ہے؟‏

جب آپ دُعا کرتے ہیں تو کیا کوئی سنتا ہے؟‏

‏”‏مجھے خدا کے وجود پر شک تھا پھر بھی مَیں کبھی‌کبھی دُعا کرتی تھی۔‏ مجھے پورا یقین نہیں تھا کہ کوئی میری دُعا سنتا ہے لیکن سچ بتاؤں تو میری خواہش تھی کہ کاش کوئی ہو جو میری دُعا سنے۔‏ مَیں اپنی زندگی سے بالکل خوش نہیں تھی۔‏ مَیں خدا کو ماننے سے ہچکچاتی تھی کیونکہ میرا خیال تھا کہ صرف بزدل لوگ ہی خدا کو مانتے ہیں۔‏“‏—‏آئرلینڈ کی رہنے والی پیٹریشیا *‏۔‏

کیا آپ نے کبھی پیٹریشیا کی طرح محسوس کِیا ہے؟‏ کیا آپ خدا کے وجود پر شک کرنے کے باوجود کبھی‌کبھی دُعا کرتے ہیں؟‏ اگر ایسا ہے تو آپ اکیلے نہیں ہیں۔‏ اصل میں آج‌کل بہت سے لوگ خدا کے وجود پر شک کرتے ہیں مگر پھر بھی وہ دُعا کرتے ہیں۔‏

▪ برطانیہ میں ۲۲۰۰ لوگوں کا ایک سروے کِیا گیا۔‏ اِن لوگوں میں سے صرف ۲۲ فیصد لوگ خدا پر ایمان رکھتے ہیں۔‏ وہ مانتے ہیں کہ اُس نے انسانوں کو خلق کِیا ہے اور وہ ہماری دُعاؤں کو سنتا ہے۔‏ لیکن اِن ۲۲۰۰ لوگوں میں سے ۵۵ فیصد کبھی‌کبھار دُعا کرتے ہیں۔‏ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ برطانیہ میں بہت سے لوگ خدا پر ایمان نہ رکھنے کے باوجود بھی دُعا کرتے ہیں۔‏

▪ مختلف ملکوں میں ۱۰ ہزار لوگوں کا ایک سروے کِیا گیا۔‏ اِس سروے کے دوران جن لوگوں نے یہ کہا کہ وہ خدا پر ایمان نہیں رکھتے،‏ اُن میں سے تقریباً ۳۰ فیصد دُعا کرتے ہیں۔‏

شک کی وجہ

برطانیہ میں رہنے والے ایلن کہتے ہیں:‏ ”‏مَیں یہ کہا کرتا تھا کہ مَیں خدا کو نہیں مانتا۔‏ میرا خیال یہ تھا کہ مذہب کو صرف پیسہ کمانے اور لوگوں کو دبا کر رکھنے کے لئے بنایا گیا ہے۔‏ مَیں یہ بھی سوچتا تھا کہ اگر کوئی خدا ہے تو پھر دُنیا میں اِتنی ناانصافی کیوں ہے؟‏ اِس کے باوجود مَیں کبھی‌کبھی دُعا کرتا تھا حالانکہ مجھے یہ معلوم نہیں تھا کہ مَیں کس سے دُعا کر رہا ہوں۔‏ مَیں اکثر خود سے پوچھتا تھا کہ میری زندگی کا مقصد کیا ہے؟‏“‏

اَور بھی بہت سے لوگ مختلف وجوہات کی بِنا پر یہ سوچتے ہیں کہ آیا کوئی اُن کی دُعائیں سنتا ہے یا نہیں۔‏ لوگوں میں اِس طرح کا شک اکثر تب پیدا ہوتا ہے جب اُنہیں اپنے اہم سوالوں کے جواب نہیں ملتے،‏ جیسے کہ

▪ کیا اِس کائنات کا کوئی خالق ہے؟‏

▪ مذہب اِتنی زیادہ بُرائی کا باعث کیوں ہے؟‏

▪ خدا انسان کو دُکھ اور تکلیف کیوں سہنے دیتا ہے؟‏

اگر آپ کو اِن سوالوں کے جواب مل جائیں تو کیا اِس بات پر آپ کا اعتماد بڑھ جائے گا کہ واقعی کوئی ہے جو آپ کی دُعائیں سنتا ہے۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 2 اِن مضامین میں بعض نام بدل دئے گئے ہیں۔‏