فرشتے اور بدروحیں ہم پر کیا اثر ڈالتے ہیں؟
پاک صحیفوں کی تعلیم
فرشتے اور بدروحیں ہم پر کیا اثر ڈالتے ہیں؟
اِس مضمون میں ایسے سوالوں پر غور کِیا گیا ہے جن کے بارے میں لوگ اکثر سوچتے ہیں۔ اِس میں یہ بھی واضح کِیا گیا ہے کہ آپ پاک صحیفوں میں اِن سوالوں کے جواب کہاں سے حاصل کر سکتے ہیں۔ یہوواہ کے گواہ خوشی سے آپ کی مدد کریں گے تاکہ آپ اپنے سوالوں کے جواب حاصل کر سکیں۔
۱. فرشتے کون ہیں؟
فرشتوں کا جسم روحانی ہے اور وہ آسمان پر رہتے ہیں۔ اُن کا درجہ انسانوں سے اُونچا ہے۔ خدا نے زمین بنانے سے پہلے فرشتوں کو بنایا تھا۔ (ایوب ۳۸:۴، ۷؛ متی ۱۸:۱۰) آسمان پر کروڑوں فرشتے خدا کی خدمت کرتے ہیں۔—زبور ۱۰۳:۲۰، ۲۱؛ مکاشفہ ۵:۱۱ کو پڑھیں۔
۲. کیا فرشتے انسانوں کی مدد کرتے ہیں؟
فرشتوں نے لوط کی مدد کی جو ایک نیک انسان تھے۔ لوط جس شہر میں رہتے تھے، وہاں کے لوگ بہت ہی بُرے تھے۔ اِس لئے خدا نے فیصلہ کِیا کہ وہ اُس شہر کو تباہ کر دے گا۔ دو فرشتوں نے آکر لوط کو بتایا کہ یہ شہر تباہ ہونے والا ہے اِس لئے وہ اپنے گھر والوں کو لے کر یہاں سے بھاگ جائیں۔ جب لوط نے یہ بات اپنے دامادوں کو بتائی تو اُنہوں نے سمجھا کہ لوط مذاق کر رہے ہیں اور اُن کی بات پر دھیان نہ دیا۔ لیکن لوط اور اُن کی بیٹیاں تباہی سے بچ گئے کیونکہ اُنہوں نے فرشتوں کی بات کا یقین کِیا تھا۔—پیدایش ۱۹:۱، ۱۳-۱۷، ۲۶ کو پڑھیں۔
بائبل میں بتایا گیا ہے کہ فرشتے آج بھی انسانوں کی مدد کرتے ہیں۔ فرشتوں کی رہنمائی میں خدا کے خادم سب لوگوں کو ’بادشاہی کی خوشخبری‘ سنانے کا کام کر رہے ہیں۔ (متی ۲۴:۱۴) وہ لوگوں کو یہ پیغام بھی دیتے ہیں کہ خدا کی ”عدالت کا وقت آ پہنچا ہے۔“ اِس پیغام کو مذاق میں نہیں ٹالنا چاہئے۔ خدا اپنے فرشتوں کے ذریعے یہ سنجیدہ پیغام ہم تک پہنچا رہا ہے جیسے اُس نے فرشتوں کے ذریعے لوط کو پیغام پہنچایا تھا۔—مکاشفہ ۱:۱؛ ۱۴:۶، ۷ کو پڑھیں۔
جب ہمیں مشکلوں کا سامنا ہوتا ہے تو خدا اپنے فرشتوں کے ذریعے ہمیں حوصلہ دیتا ہے۔ اُس نے یسوع مسیح کو ہمت دینے کے لئے بھی ایک فرشتے کو بھیجا تھا۔—لوقا۲۲:۴۱-۴۳ کو پڑھیں۔
جلد ہی خدا اپنے فرشتوں کو ایک اَور کام کرنے کے لئے بھی استعمال کرے گا۔ وہ فرشتوں کے ذریعے اِس زمین سے بُرے لوگوں کو اور دُکھتکلیف کو ختم کر دے گا۔ اِس کے بعد انسان آرام اور سکون سے رہیں گے۔—۲-تھسلنیکیوں ۱:۶-۸۔
۳. بدروحیں انسانوں پر کیا اثر ڈالتی ہیں؟
جس طرح بہت سے انسان، خدا کی نافرمانی کرتے ہیں اُسی طرح بہت سے فرشتوں نے خدا کی نافرمانی کی ہے۔ (۲-پطر ۲:۴) اِن فرشتوں کو شیاطین یا بدروحیں کہا جاتا ہے۔ اِن بدروحوں کا سردار شیطان ہے۔ شیطان اور اُس کے ساتھی انسانوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔—مکاشفہ ۱۲:۹ کو پڑھیں۔
شیطان سیاست، کاروبار کی چمک اور جھوٹے مذہب کے ذریعے لوگوں کو خدا سے دُور کر رہا ہے۔ اِس لئے شیطان ہی تمام ناانصافی، ظلم اور دُکھوں کا ذمہدار ہے۔—۱-یوحنا ۵:۱۹ کو پڑھیں۔
۴. بدروحیں انسانوں کو کیسے گمراہ کرتی ہیں؟
شیطان نے یہ تعلیم پھیلائی ہے کہ انسان کے مرنے کے بعد اُس کی روح زندہ رہتی ہے اور دوسرے انسانوں سے بات کرتی ہے۔ لیکن بائبل کی تعلیم یہ ہے کہ ”مُردے کچھ بھی نہیں جانتے۔“ (واعظ ۹:۵) دراصل بدروحیں لوگوں کو دھوکا دینے کے لئے مرے ہوئے شخص کی آواز میں بات کرتی ہیں۔ (یسعیاہ ۸:۱۹) بدروحیں ہمیں نجومیوں، جادوگروں اور قسمت کا حال بتانے والوں کے ذریعے بھی گمراہ کرتی ہیں۔ خدا کے کلام میں بتایا گیا ہے کہ ہمیں ایسے لوگوں اور اُن کے کاموں سے کنارہ کرنا چاہئے۔ ہمیں ایسی ہر چیز کو پھینک دینا چاہئے جس کا تعلق بدروحوں یا جادوٹونے سے ہو۔—استثنا ۱۸:۱۰، ۱۱؛ اعمال ۱۹:۱۹ کو پڑھیں۔
اگر ہم خدا سے محبت کرتے ہیں تو ہمیں بدروحوں سے ڈرنا نہیں چاہئے۔ جب ہم خدا کے کلام کو پڑھتے ہیں اور اِس پر عمل کرتے ہیں تو ہم خدا کے قریب آ جاتے ہیں اور شیطان کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہو جاتے ہیں۔ خدا بدروحوں سے کہیں زیادہ طاقتور ہے۔ اُس کے فرشتے بھی بہت طاقتور ہیں اور ضرورت کے وقت ہماری مدد کر سکتے ہیں۔—زبور ۳۴:۷؛ یعقوب ۴:۷، ۸ کو پڑھیں۔
مزید معلومات کے لئے کتاب پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں کے باب نمبر ۱۰ کو دیکھیں۔ یہ کتاب یہوواہ کے گواہوں نے شائع کی ہے۔