مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

رشوت‌خوری—‏اِس وبا کے اسباب

رشوت‌خوری—‏اِس وبا کے اسباب

رشوت‌خوری—‏اِس وبا کے اسباب

‏”‏ایک شخص دوسرے پر حکومت کرکے اپنے اُوپر بلا لاتا ہے۔‏“‏—‏واعظ ۸:‏۹‏۔‏

یہ الفاظ انسانی حکمرانی کے نقصان‌دہ اثرات کو خوب بیان کرتے ہیں۔‏ انسانوں کے دُکھوں اور تکلیفوں میں حکمرانوں کا بہت بڑا ہاتھ رہا ہے۔‏ انسانی تاریخ میں ایسے بہت سے لوگ آئے جنہوں نے ایک انصاف‌پسند معاشرہ قائم کرنے کی کوشش کی۔‏ لیکن وہ لالچ،‏ رشوت‌خوری اور کرپشن کی وجہ سے مات کھا گئے۔‏ ایسا کیوں ہوا؟‏ رشوت‌خوری کا خاتمہ ابھی تک کیوں نہیں ہو سکا؟‏ آئیں،‏ اِس کے تین اسباب پر غور کریں۔‏

۱.‏ گُناہ کا اثر

خدا کے کلام میں بتایا گیا ہے کہ ہم ”‏سب کے سب گُناہ کے ماتحت ہیں۔‏“‏ (‏رومیوں ۳:‏۹‏)‏ ایک لاعلاج موروثی بیماری کی طرح گُناہ ہمارے اندر ”‏بسا ہوا ہے۔‏“‏ ہزاروں سال سے گُناہ انسانوں پر ”‏بادشاہی“‏ کر رہا ہے۔‏ ”‏گُناہ کی شریعت“‏ کا اثر ہر وقت ہماری زندگی پر رہتا ہے۔‏ گنہگار ہونے کی وجہ سے بہت سے لوگ ہمیشہ اپنے فائدے کا سوچتے ہیں۔‏ اُن کی زندگی کا مقصد دولت اور اختیار حاصل کرنا ہوتا ہے۔‏ اور اِنہیں پانے کے لئے وہ دوسروں کو نقصان پہنچانے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔‏—‏رومیوں ۵:‏۲۱؛‏ ۷:‏۱۷،‏ ۲۰،‏ ۲۳،‏ ۲۵‏۔‏

۲.‏ بدکار دُنیا کا اثر

یہ دُنیا لالچ اور خودغرضی کے رنگ میں رنگی ہوئی ہے۔‏ بہت سے لوگ ایسے ماحول سے بچنا مشکل پاتے ہیں۔‏ دوسروں سے بڑا بننے کی آرزو اُنہیں اختیار کا بھوکا بنا دیتی ہے۔‏ اُن میں مال‌ودولت کی ہوس دن‌بدن بڑھتی جاتی ہے۔‏ افسوس کی بات ہے کہ وہ دولت اور اختیار حاصل کرنے کے لئے بددیانتی کی راہ اپنا لیتے ہیں۔‏ وہ دُنیا کے بُرے اثرات کا مقابلہ کرنے کی بجائے ”‏بُرائی کرنے کے لئے .‏ .‏ .‏ بِھیڑ کی پیروی“‏ کرنے لگتے ہیں۔‏—‏خروج ۲۳:‏۲‏۔‏

۳.‏ شیطان کا اثر

ایک باغی فرشتہ یعنی شیطان ”‏سارے جہان کو گمراہ کر“‏ رہا ہے۔‏ (‏مکاشفہ ۱۲:‏۹‏)‏ اُسے انسانوں کو اپنی اُنگلیوں پر نچا کر بڑی خوشی ملتی ہے۔‏ ہر انسان میں آرام‌وآسائش کی زندگی گزارنے کی فطری خواہش ہوتی ہے۔‏ لیکن شیطان اِس خواہش سے فائدہ اُٹھاتا ہے اور اِسے اِتنا بڑھا دیتا ہے کہ انسان اِسے پورا کرنے کے لئے بددیانتی کرنے پر اُتر آتا ہے۔‏

کیا اِس کا مطلب یہ ہے کہ ہم شیطان کے اشاروں پر ناچنے والی کٹھ‌پتلیاں ہیں؟‏ آئیں،‏ اگلے مضمون میں اِس سوال پر غور کریں۔‏