پاک کلام سے متعلق سوالوجواب
شیطان کیسے وجود میں آیا؟
خدا نے شیطان کو نہیں بنایا تھا۔ خدا نے صرف اچھے فرشتے بنائے تھے۔ لیکن اِن میں سے ایک فرشتہ خود شیطان بن گیا۔ یسوع مسیح نے شیطان کے بارے میں جو کچھ کہا، اِس سے ہمیں پتہ چلتا ہے کہ ایک وقت تھا جب شیطان سچا فرشتہ تھا اور اُس میں کوئی عیب نہیں تھا۔ جب خدا نے اِس فرشتے کو بنایا تھا تو وہ ایک اچھا فرشتہ تھا۔—یوحنا ۸:۴۴ کو پڑھیں۔
ایک اچھا فرشتہ شیطان کیسے بن گیا؟
اِس فرشتے نے خدا کے خلاف بغاوت کی اور پہلے انسان، آدم اور حوا کو بھی بغاوت کرنے پر اُکسایا۔ یوں یہ فرشتہ شیطان بن گیا۔ لفظ شیطان کا مطلب مخالف ہے۔—پیدایش ۳:۱-۵؛ مکاشفہ ۱۲:۹ کو پڑھیں۔
خدا نے انسانوں اور فرشتوں کو یہ فیصلہ کرنے کی آزادی دی ہے کہ وہ اچھی راہ اختیار کریں یا بُری۔ جو فرشتہ شیطان بن گیا، اُس نے بُری راہ اختیار کی۔ اُس نے اپنے دل میں یہ خواہش پیدا کی کہ سب اُس کی عبادت کریں۔ شیطان،خدا کی خوشنودی حاصل کرنا نہیں چاہتا تھا۔ وہ صرف اپنی بڑائی چاہتا تھا۔—متی ۴:۸، ۹؛ یعقوب ۱:۱۳، ۱۴ کو پڑھیں۔
شیطان انسانوں کی زندگی کو کیسے متاثر کرتا آ رہا ہے؟ کیا آپ کو اُس سے ڈرنا چاہئے؟ اِن سوالوں کے جواب پاک کلام میں دئے گئے ہیں۔