خدا کے نزدیک جائیں
یہوواہ خدا ”کسی کا طرفدار نہیں“
کیا آپ کے ساتھ کبھی تعصب برتا گیا ہے؟ کیا کبھی آپ کے رنگ، نسل یا سماجی حیثیت کی وجہ سے آپ کو حقارت کی نظر سے دیکھا گیا ہے، آپ کی درخواست کو رد کِیا گیا ہے یا آپ کا حق مارا گیا ہے؟ بہت سے لوگوں کو ایسی ناانصافیوں کا سامنا ہوتا ہے۔ اگر آپ کے ساتھ بھی ایسا ہوا ہے تو بےحوصلہ نہ ہوں۔ سچ ہے کہ انسان رنگ اور نسل کو دیکھتے ہیں لیکن یقین رکھیں کہ خدا ایسا نہیں کرتا۔ یسوع مسیح کے شاگرد پطرس نے بڑے اعتماد کے ساتھ خدا کے بارے میں کہا کہ وہ ”کسی کا طرفدار نہیں۔“—اعمال ۱۰:۳۴، ۳۵ کو پڑھیں۔
آئیں، دیکھیں کہ پطرس نے یہ بات کب کہی۔ یسوع مسیح کا شاگرد بننے سے پہلے پطرس، یہودی مذہب سے تعلق رکھتے تھے۔ اُن کے زمانے میں یہودی، غیریہودیوں کو ناپاک سمجھتے تھے اور اُن سے کسی بھی طرح کا میلجول نہیں رکھتے تھے۔ لیکن پھر ایک دن پطرس ایک غیریہودی شخص کے گھر گئے جس کا نام کُرنیلیس تھا۔ مگر پطرس ایک یہودی ہو کر ایک غیریہودی کے گھر کیوں گئے؟ کیونکہ یہوواہ خدا ایسا چاہتا تھا۔ * یہوواہ خدا نے پطرس اور کُرنیلیس کو ایکایک رویا دِکھائی تھی۔ پطرس کو رویا میں یہ کہا گیا تھا کہ ”جن کو خدا نے پاک ٹھہرایا ہے تُو اُنہیں حرام نہ کہہ۔“ اور کُرنیلیس کو رویا میں یہ کہا گیا تھا کہ وہ پطرس کو اپنے گھر بلائیں۔ (اعمال ۱۰:۱-۱۵) جب پطرس نے دیکھا کہ اِس معاملے میں خدا کا ہاتھ ہے تو وہ بےساختہ بول اُٹھے کہ ”خدا کسی کا طرفدار نہیں۔“
جس یونانی لفظ کا ترجمہ ”طرفدار“ کِیا گیا ہے، اُس کے اصلی معنی ہیں: کسی کا چہرہ دیکھ کر اُس کے بارے میں رائے قائم کرنے والا۔ (دی کنگڈم انٹرلینئر ٹرانسلیشن آف دی گریک سکرپچرز) اِس سلسلے میں ایک عالم نے کہا: ”یہ اصطلاح ایک ایسے جج کی طرف اشارہ کرتی ہے جو ثبوتوں پر غور نہیں کرتا بلکہ صرف ملزم کا چہرہ اور حلیہ دیکھ کر فیصلہ سنا دیتا ہے۔“ لیکن پطرس کی بات سے پتہ چلتا ہے کہ خدا کسی شخص کے چہرے یا حُلیے کی بِنا پر اُس کو پسند یا ناپسند نہیں کرتا۔ اُس کے نزدیک قوم، نسل، سماجی حیثیت وغیرہ کی کوئی اہمیت نہیں۔
یہوواہ خدا انسان کے دل کو دیکھتا ہے۔ (۱-سموئیل ۱۶:۷؛ امثال ۲۱:۲) پطرس نے یہ بھی کہا کہ ”ہر قوم میں جو [خدا] سے ڈرتا اور راستبازی کرتا ہے وہ اُس کو پسند آتا ہے۔“ (اعمال ۱۰:۳۵) خدا سے ڈرنے کا مطلب ہے کہ ہم اُس کی عزت کریں، اُس پر بھروسا رکھیں اور کوئی بھی ایسا کام نہ کریں جو اُس کو پسند نہیں ہے۔ راستبازی کا مطلب ہے کہ ہم خوشی سے وہ کام کریں جو خدا کی نظر میں صحیح ہیں۔ یہوواہ خدا اُس شخص سے بہت خوش ہوتا ہے جو دل سے اُس کا احترام کرتا ہے اور اِس وجہ سے نیک کام کرتا ہے۔—استثنا ۱۰:۱۲، ۱۳۔
خدا انسانوں میں نسل یا قوم کی بِنا پر اِمتیاز نہیں کرتا بلکہ سب کو ایک ہی نظر سے دیکھتا ہے۔
اگر آپ کے ساتھ کبھی تعصب برتا گیا ہے تو آپ اِس بات سے تسلی حاصل کر سکتے ہیں کہ یہوواہ خدا ”کسی کا طرفدار نہیں۔“ وہ سب قوموں کے لوگوں کو جمع کر رہا ہے تاکہ وہ اُس کی عبادت کریں۔ (یوحنا ۶:۴۴؛ اعمال ۱۷:۲۶، ۲۷) وہ اپنے خادموں کی دُعائیں سنتا ہے، چاہے اُن کی سماجی حیثیت کچھ بھی ہو یا وہ کسی بھی نسل یا قوم سے تعلق رکھتے ہوں۔ (۱-سلاطین ۸:۴۱-۴۳) لہٰذا ہم یقین رکھ سکتے ہیں کہ جب یہوواہ خدا آسمان سے زمین پر نظر ڈالتا ہے تو وہ انسانوں میں نسل یا قوم کی بِنا پر اِمتیاز نہیں کرتا بلکہ سب کو ایک ہی نظر سے دیکھتا ہے۔ کیا آپ ایسے خدا کے بارے میں جاننا چاہیں گے جو کسی کا طرفدار نہیں؟
اِن ابواب کو پڑھیں:
[فٹنوٹ]
^ پیراگراف 4 پاک کلام کے مطابق خدا کا ذاتی نام یہوواہ ہے۔