پاک کلام سے متعلق سوالوجواب
کیا کبھی ایک ایسی حکومت قائم ہوگی جو ساری زمین پر حکمرانی کرے گی؟
ذرا سوچیں، اگر پوری زمین پر ایک ہی حکومت ہوتی تو لوگوں کو کتنا فائدہ ہوتا۔ آجکل بہت سے لوگوں کو غربت کی وجہ سے تکلیفیں اُٹھانی پڑتی ہیں جبکہ امیر لوگ عیش کرتے ہیں۔ لیکن اگر ایک ایسی عالمگیر حکومت ہوتی جو اپنی رعایا کی فکر رکھتی تو ہر شخص کی ضروریات پوری ہوتیں۔ کیا آپ کو لگتا ہے کہ اِنسان ایک ایسی حکومت قائم کرنے کے قابل ہے؟—یرمیاہ 10:23 کو پڑھیں۔
اِنسانی تاریخ کے دوران یہ ثابت ہو گیا ہے کہ حکومتیں اپنی رعایا، خاص طور پر غریب لوگوں کی ضروریات پوری نہیں کر سکتیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ کچھ حاکم ظالم بھی ثابت ہوئے۔ (واعظ 4:1) لیکن خدا نے وعدہ کِیا ہے کہ وہ ایک ایسی حکومت قائم کرے گا جو تمام حکومتوں کی جگہ لے لے گی اور اِس کا حکمران لوگوں کا خیال رکھے گا۔—یسعیاہ 11:4؛ دانیایل 2:44 کو پڑھیں۔
خدا کی بادشاہت کیا کرے گی؟
یہوواہ خدا نے ایک بہترین حکمران کا اِنتخاب کِیا ہے جو ساری زمین پر حکمرانی کرے گا۔ یہ حکمران یسوع مسیح ہیں۔ (لوقا 1:31-33) جب یسوع مسیح زمین پر تھے تو اُنہوں نے بہت سے لوگوں کی مدد کی اور یوں ظاہر کِیا کہ اُنہیں لوگوں کی فکر ہے۔ خدا کی بادشاہت کے بادشاہ کے طور پر وہ سب قوموں کے لوگوں کو متحد کر دیں گے اور اُن کو اُن کی تکلیفوں سے نجات دِلائیں گے۔—زبور 72:8، 12-14 کو پڑھیں۔
کیا ہر اِنسان یسوع مسیح کو اپنا حکمران تسلیم کرے گا؟ جی نہیں۔ لیکن یہوواہ خدا اِنسانوں کے ساتھ صبر سے پیش آتا ہے۔ (2-پطرس 3:9) وہ سب لوگوں کو موقع دیتا ہے کہ وہ یسوع مسیح کو اپنا حکمران تسلیم کریں۔ بہت جلد یسوع مسیح تمام بُرے لوگوں کو ختم کر دیں گے اور پوری دُنیا میں امنوسلامتی قائم کریں گے۔—میکاہ 4:3، 4 کو پڑھیں۔