لائبریری“‏ ایپ کے بارے میں کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ ”‏یہ ایپ واقعی ایک نعمت ہے!‏“‏ دیکھیں کہ اِس ایپ کے صحیح طرح سے کام کرنے اور اِسے بہتر سے بہتر بنانے کے لیے کیا کچھ کِیا جاتا ہے۔‏"/>

مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

آپ کے عطیات کیسے اِستعمال کیے جاتے ہیں؟‏

ایک پوری لائبریری آپ کے ہاتھ میں

ایک پوری لائبریری آپ کے ہاتھ میں

1 ستمبر 2021ء

 ‏”‏کچھ سال پہلے ہم سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ ہمیں اِتنا سارا روحانی کھانا اِنٹرنیٹ کے ذریعے ملے گا۔“‏ بے‌شک آپ بھی اِس بات سے اِتفاق کریں گے۔ یہ بات بھائی جیفری جیکسن نے ‏”‏2020ء میں گورننگ باڈی کی طرف سے اپ ڈیٹ ‏(‏نمبر 6)‏“‏ میں کہی تھی۔ اُنہوں نے آگے کہا:‏ ”‏لیکن اب ذرا سوچیں کہ اِس وبا کے دوران ‏”‏جے‌ڈبلیو لائبریری“‏ ایپ اور ویب‌سائٹ کے بغیر ہمارا گزارہ کیسے ہوتا!‏ ہم دیکھ سکتے ہیں کہ پچھلے کچھ سالوں کے دوران یہوواہ ہمیں اِن حالات کے لیے تیار کر رہا تھا۔ “‏

 لیکن یہوواہ وقت کے ساتھ ساتھ ہمیں کیسے تیار کرتا رہا ہے؟ ‏”‏جے‌ڈبلیو لائبریری“‏ ایپ کو تیار کیسے تیار کِیا گیا اور اِس ایپ کو بہتر سے بہتر بنانے اور اِس بات کا خیال رکھنے کے لیے کہ یہ صحیح طرح سے چلتی رہے، کون کون سے کام کیے گئے؟‏

ایک منفرد ایپ

 مئی 2013ء میں گورننگ باڈی نے ہمارے مرکزی دفتر میں MEPS پروگرامنگ والے شعبے سے کہا کہ وہ ایک ایسی ایپ تیار کریں جس میں انگریزی زبان میں ‏”‏ترجمہ نئی دُنیا“‏ کا نظرثانی‌شُدہ ایڈیشن شامل ہو۔ اِس شعبے میں کام کرنے والے بھائی پال وِیلیز نے کہا:‏ ”‏اُس وقت تک ہم نے کوئی بھی ایپ نہیں بنائی تھی۔ لیکن پھر ہم نے ایک ٹیم اِکٹھی کی اور کچھ کاموں کو روک کر دوسرے شعبوں کے ساتھ مل کر یہ ایپ اور اِس میں شامل مواد تیار کرنا شروع کر دیا۔ اِس کام کو کرتے وقت ہم نے بار بار دُعا کی۔ اور یہوواہ کی مدد سے پانچ مہینے بعد ہی ایک سالانہ اِجلاس پر یہ ایپ ریلیز کر دی گئی۔“‏

 اگلی مشکل یہ تھی کہ ہم اِس ایپ میں زیادہ سے زیادہ زبانوں میں کتابیں، ویڈیوز اور آڈیو ریکارڈنگز وغیرہ کیسے ڈالیں تاکہ یہ بالکل اصل لائبریری کی طرح لگے۔ جنوری 2015ء تک اِس ایپ میں انگریزی زبان میں ہماری زیادہ‌تر نئی کتابیں اور ویڈیوز وغیرہ موجود تھیں۔ اور صرف چھ مہینے بعد ہی اِس ایپ کو اِستعمال کرنے والے لوگ اِن کتابوں اور ویڈیوز وغیرہ کو بہت سی اَور زبانوں میں بھی ڈاؤن‌لوڈ کر سکتے تھے۔‏

 اُس وقت کے بعد سے بھائیوں نے اِس ایپ کو کئی طریقوں سے بہتر بنایا ہے۔ مثال کے طور پر اُنہوں نے ویڈیوز، عبادتوں میں اِستعمال ہونے والی ساری کتابیں اور آڈیو ریکارڈنگز ایک ہی حصے میں ڈال دی ہیں۔ اِس کے علاوہ اب اِس ایپ میں لوگ بائبل کی کسی آیت پر کلک کر کے فوراً ہی ‏”‏مطالعے کے حوالے“‏ پر جا سکتے ہیں۔‏

اِس ایپ کو بہتر سے بہتر کیسے بنایا جاتا ہے؟‏

 ‏”‏جے ڈبلیو لائبریری“‏ ایپ کو ہر روز 80 لاکھ اور ہر مہینے 1 کروڑ 50 لاکھ سے زیادہ فون، ٹیبلٹ یا کمپیوٹر پر کھولا جاتا ہے۔ یہ دیکھنے کے لیے کہ یہ ایپ صحیح طرح سے چلتی رہے، کون کون سے کام کیے جاتے ہیں؟ اِس حوالے سے بھائی پال وِیلیز نے کہا:‏ ”‏دراصل ایک ایپ پر کیے جانے والے کام کبھی ختم نہیں ہوتے۔ ہم اِس میں نئے نئے فیچرز ڈالنے اور اِسے آسان سے آسان بنانے کے لیے اِس پر کام کرتے رہتے ہیں۔ اور چونکہ فون، ٹیبلٹ اور کمپیوٹر پر نئے نئے سسٹم آتے رہتے ہیں اِس لیے ہمیں اِس میں مسلسل تبدیلیاں کرنی پڑتی ہیں تاکہ یہ نئے سسٹم کے مطابق صحیح طرح سے کام کر سکے۔ ہمیں اپنے سافٹ ویئرز کو بھی اَور بہتر بنانا اور اِنہیں اپ گریڈ کرنا پڑتا ہے کیونکہ ‏”‏جے‌ڈبلیو لائبریری“‏ ایپ پر کتابیں، ویڈیوز اور آڈیو ریکارڈنگز وغیرہ بڑھتی جا رہی ہیں۔“‏ اگر ہم ‏”‏جے‌ڈبلیو لائبریری“‏ ایپ پر ساری زبانوں میں دستیاب چیزیں گنیں تو فی‌الحال اِس میں تقریباً 2 لاکھ کتابیں اور رسالے اور 6 لاکھ سے زیادہ آڈیو ریکارڈنگز اور ویڈیوز ہیں۔‏

 اِس ایپ کو بہتر بنانے کے لیے صرف کمپیوٹر ہارڈویئر کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ کئی سافٹ ویئرز کے لائسنسز بھی خریدنے پڑتے ہیں۔ ایک سال میں ایک لائسنس کا خرچہ 1500 امریکی ڈالر [‏تقریباً 2 لاکھ 60 ہزار روپے]‏ ہوتا ہے۔ اِس کے علاوہ MEPS پروگرامنگ کا شعبہ ہر سال فرق فرق کمپنیوں سے کمپیوٹر، موبائل یا ٹیبلٹ وغیرہ خریدنے کے لیے تقریباً 10 ہزار امریکی ڈالر [‏تقریباً 17 لاکھ روپے]‏ لگاتا ہے تاکہ یہ دیکھ سکے کہ ‏”‏جے‌ڈبلیو لائبریری“‏ ایپ نئے کمپیوٹر،موبائل یا ٹیبلٹ وغیرہ پر صحیح طرح سے چلتی رہے۔

‏”‏جے‌ڈبلیو لائبریری“‏ ایپ کی وجہ سے عطیات کی بچت

 پہلے کتابوں اور رسالوں کی چھپائی، اِن کی جِلد کرنے اور اِنہیں فرق فرق جگہوں پر پہنچانے میں بہت خرچہ ہوتا تھا۔ لیکن ‏”‏جے‌ڈبلیو لائبریری“‏ ایپ کی وجہ سے یہ خرچہ کم ہوا ہے۔ ذرا کتاب ‏”‏روزبروز کتابِ‌مُقدس سے تحقیق کریں“‏ کی مثال لیں۔ ہم نے 2013ء کی ‏”‏روزبروز کتابِ‌مُقدس سے تحقیق کریں“‏ کی تقریباً 1 کروڑ 20 لاکھ کاپیاں چھاپیں۔ لیکن 2020ء میں ہم نے اِس کی صرف 50 لاکھ کاپیاں چھاپیں حالانکہ پوری دُنیا میں تقریباً 7 لاکھ مبشروں کا اِضافہ ہوا۔ یہ تبدیلی کیوں کی گئی؟ کیونکہ اب ہمارے بہت سے بہن بھائی ‏”‏جے‌ڈبلیو لائبریری“‏ ایپ پر روزانہ کی آیت پڑھتے ہیں۔‏ a

‏”‏یہ ایپ واقعی ایک نعمت ہے!‏“‏

 ‏”‏جے‌ڈبلیو لائبریری“‏ ایپ کو اِستعمال کرنے والے لوگوں کو کئی طریقوں سے فائدہ ہوا ہے۔ کینیڈا میں رہنے والی بہن جینی‌ویوو کو لگتا ہے کہ اِس ایپ کی وجہ سے اب وہ باقاعدگی سے ذاتی مطالعہ کرنے لگی ہیں۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏سچ کہوں تو اگر مجھے مطالعہ کرنے کے لیے ڈھیر ساری کتابیں نکالنی پڑتیں تو مَیں ہر صبح مطالعہ نہ کر پاتی۔ لیکن اب مَیں بس اپنا ٹیبلٹ اُٹھا کر یہ ایپ کھولتی ہوں اور اِس میں ہر وہ چیز موجود ہے جس کی مجھے ضرورت ہوتی ہے۔ اِس طرح باقاعدگی سے مطالعہ کرنے سے میرا ایمان مضبوط ہوا ہے اور مَیں یہوواہ خدا کے اَور قریب آ گئی ہوں۔“‏

جینی‌ویوو

 کورونا کی وبا کے دوران یہ ایپ اَور بھی زیادہ کام آئی ہے۔ امریکہ سے بہن شارلن نے کہا:‏ ”‏پوری دُنیا میں کورونا کے پھیلنے کی وجہ سے مجھے تقریباً پورا سال ہماری تنظیم کی کوئی بھی نئی چھپی ہوئی کتاب یا رسالہ نہیں ملا۔ لیکن ‏”‏جے‌ڈبلیو لائبریری“‏ ایپ کی وجہ سے ہمیں روحانی کھانے کی کمی نہیں ہوئی۔ مَیں اِس سہولت کے لیے یہوواہ کی دل سے شکرگزار ہوں۔“‏

 ذرا بہن فائے کی بات پر بھی غور کریں جنہوں نے ایسی بات کہی جس سے بہت سے بہن بھائی اِتفاق کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏مَیں اِس زبردست ایپ کے ذریعے خود کو یہوواہ کے قریب رکھ پاتی ہوں۔ ہر صبح مَیں اِس ایپ سے آیت پڑھتی ہوں؛ کام‌کاج کرتے ہوئے آڈیو ریکارڈنگز سنتی ہوں؛ عبادتوں کی تیاری کرتی ہوں ؛ ذاتی مطالعہ کرتی ہوں اور فارغ وقت میں اِس میں موجود ویڈیوز دیکھتی ہوں۔ اِس کے علاوہ جب باہر کسی جگہ مجھے لائن میں اِنتظار کرنا پڑتا ہے تو مَیں اِس ایپ سے مضمون پڑھتی ہوں۔ یہ ایپ واقعی ایک نعمت ہے!‏“‏

 ‏”‏جے‌ڈبلیو لائبریری“‏ ایپ مُنادی کرتے وقت بھی بڑی فائدہ‌مند ثابت ہوئی ہے۔ مثال کے طور پر کیمرون میں رہنے والی ہماری ایک بہن مُنادی کرتے وقت وہ آیت اِستعمال کرنا چاہتی تھی جو کچھ ہفتے پہلے کسی اَور بہن نے اِستعمال کی تھی۔ لیکن اُسے یاد نہیں آ رہا تھا کہ وہ آیت کہاں لکھی ہے۔ اُس نے کہا:‏ ”‏شکر ہے کہ مجھے اُس آیت کے کچھ لفظ یاد تھے۔ مَیں نے فوراً ‏”‏جے‌ڈبلیو لائبریری“‏ ایپ کھولی اور اُس میں وہ لفظ ڈال کر ڈھونڈے۔ مجھے وہ آیت فوراً ہی مل گئی۔ اِس ایپ کی وجہ سے مَیں بہت سی ایسی آیتیں ڈھونڈ لیتی ہوں جو کبھی کبھار مجھے یاد نہیں آتیں۔“‏

 آپ donate.pr418.com میں بتائے گئے طریقوں کے مطابق جو عطیات دیتے ہیں، اُن کی وجہ سے ہی ہم پوری دُنیا میں بہن بھائیوں کے فائدے کے لیے ‏”‏جے‌ڈبلیو لائبریری“‏ ایپ کو تیار کرنے اور اِسے اَور بہتر بنانے کے قابل ہوئے۔ ہم آپ کے اِن عطیات کے لیے دل سے شکرگزار ہیں۔‏

اب تک ‏”‏جے‌ڈبلیو لائبریری“‏ ایپ میں کیا کچھ انجام پایا ہے

  1. اکتوبر 2013ء—‏یہ ایپ ریلیز ہوئی جس میں انگریزی زبان میں ‏”‏ترجمہ نئی دُنیا“‏ کا نظرثانی‌شُدہ ایڈیشن بھی شامل تھا۔

  2. جنوری 2015ء—‏پہلے انگریزی میں اور بعد میں سینکڑوں زبانوں میں کتابیں، رسالے اور ویڈیوز ڈالی گئیں۔‏

  3. نومبر 2015ء—‏فرق فرق رنگوں میں نشان لگانے کی سہولت ڈالی گئی۔‏

  4. مئی 2016ء—‏اِجلاس والا حصہ ڈالا گیا۔‏

  5. مئی 2017ء—‏نوٹس لینے کی سہولت ڈالی گئی۔‏

  6. دسمبر 2017ء—‏‏”‏سٹڈی بائبل“‏ سے جُڑی اِضافی معلومات دیکھنے کی سہولت ڈالی گئی۔‏

  7. مارچ 2019ء—‏آڈیو ریکارڈنگز کو ڈاؤن‌لوڈ کرنے، ویڈیوز کو ڈاؤن‌لوڈ کیے بغیر چلانے اور آیتوں پر کلک کر کے ‏”‏مطالعے کے حوالے“‏ دیکھنے کی سہولت ڈالی گئی۔‏

  8. جنوری 2021ء—‏کتاب ‏”‏اب اور ہمیشہ تک خوشیوں بھری زندگی!‏“‏ میں دیے گئے حوالوں کو کھولنے کی سہولت ڈالی گئی۔‏

a جب جب ‏”‏جے‌ڈبلیو لائبریری“‏ ایپ کے ذریعے کوئی چیز ڈاؤن‌لوڈ کی جاتی ہے تو اِس میں تنظیم کے بہت کم پیسے لگتے ہیں۔مثال کے طور پر پچھلے سال ہم نے ویب‌سائٹ jw.org اور ‏”‏جے‌ڈبلیو لائبریری“‏ ایپ سے کتابیں، رسالے اور ویڈیوز وغیرہ ڈاؤن‌لوڈ کرنے یا اِنہیں بغیر ڈاؤن‌لوڈ کیے پڑھنے اور دیکھنے کے لیے 15 لاکھ امریکی ڈالر [‏تقریباً 24 کروڑ روپے]‏ لگائے۔ لیکن پھر بھی یہ خرچہ اُس خرچے کے مقابلے میں بہت کم ہے جو کتابوں وغیرہ کو چھاپنے اور سی‌ڈیز اور ڈی‌وی‌ڈیز کو تیار کرنے اور اِنہیں فرق فرق جگہوں پر پہنچانے میں لگتا ہے۔‏