آپ کے عطیات کیسے اِستعمال کیے جاتے ہیں؟
بائبل کورس کے لیے ایک زبردست کتاب
1 اپریل 2022ء
جنوری 2021ء میں یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی نے بائبل کورس کرانے کے لیے ایک نئی کتاب کی ریلیز کا اِعلان کِیا۔ اِس کتاب کا عنوان ہے: ”اب اور ہمیشہ تک خوشیوں بھری زندگی!“ a یہ اِعلان سُن کر آپ کو کیسا لگا؟ کینیڈا میں رہنے والے بھائی میتھو کہتے ہیں: ”میری خوشی کا کوئی ٹھکانا نہ تھا۔ اور جب تقریروں اور ویڈیوز میں بتایا گیا کہ یہ کتاب کیوں اور کیسے تیار کی گئی تو میری خوشی اَور بھی زیادہ بڑھ گئی۔ مجھ سے اِنتظار نہیں ہو رہا تھا، مَیں چاہتا تھا کہ یہ کتاب مجھے فوراً ہی مل جائے۔“
کتاب ”خوشیوں بھری زندگی“ میں بائبل کورس کرانے کا ایک نیا طریقہ بتایا گیا ہے۔ لیکن صرف یہی بات اِس کتاب کو بائبل کورس کی دوسری کتابوں سے فرق نہیں بناتی۔ جب آپ اِس کتاب کو چُھوئیں گے تو آپ کو پتہ چلے گا کہ یہ ایک اَور لحاظ سے بھی اُن کتابوں سے فرق ہے۔ مگر وہ کیسے؟ آئیں، دیکھیں کہ اِس کتاب کو کیسے تیار کِیا گیا۔
نئی کتاب، نئی بناوٹ
موٹا کاغذ۔ اِس کی ضرورت کیوں تھی؟ کتاب ”خوشیوں بھری زندگی“ میں 600 سے زیادہ رنگین تصویریں ہیں یعنی کتاب ”پاک کلام کی تعلیم“ کے مقابلے میں 10 گُنا زیادہ تصویریں۔ اِس کتاب کے صفحوں پر بہت سی جگہ خالی بھی چھوڑی گئی ہے یعنی ایسی جگہ جہاں نہ کچھ لکھا ہے اور نہ کوئی تصویر ہے۔ اِس وجہ سے ایک مشکل کھڑی ہوئی۔ اگر کاغذ بہت باریک ہوتا ہے تو ایک صفحے پر پائی جانے والی لکھائی اور تصویریں پیچھے والے صفحے پر جھلکتی ہیں۔ چھپائی کے کام کی نگرانی کرنے والے شعبے میں خدمت کرنے والے بھائیوں نے اِس مشکل کو کیسے حل کِیا؟ اُنہوں نے امریکہ میں ہمارے برانچ دفتر کے چھاپا خانے میں چار مختلف طرح کے کاغذوں کو آزمایا جنہیں ہم عام طور پر چھپائی کے کام میں اِستعمال کرتے ہیں۔ پھر گورننگ باڈی کی مضموننویسی کی کمیٹی کے بھائیوں نے کتاب کے لیے وہ کاغذ چُنا جس میں سے لکھائی اور تصویریں دوسری طرف نہیں جھلکتیں۔ حالانکہ یہ کاغذ اُن کاغذوں سے 16 گُنا زیادہ مہنگا تھا جن پر ہم اپنی دوسری کتابیں اور رسالے چھاپتے ہیں لیکن اِس کاغذ کو اِستعمال کرنے کی وجہ سے بائبل کورس کرنے والے لوگ کتاب ”خوشیوں بھری زندگی“ کے ہر صفحے کو آسانی سے پڑھ سکتے ہیں اور پیچھے والی لکھائی اور تصویروں کی وجہ سے اُن کا دھیان نہیں بھٹکتا۔
ایک فرق طرح کا کوور۔ جب آپ ہماری نئی کتاب کے کوور کو چُھوئیں گے تو آپ کو یہ کوور ہماری دوسری کتابوں کے کوور سے بالکل فرق لگے گا کیونکہ اِس پر پلاسٹک کی باریک سی تہہ چڑھائی گئی ہے۔ پلاسٹک کی اِس تہہ کی وجہ سے کوور پر سے روشنی نہیں چمکتی اور یوں اِس پر بنی تصویر زیادہ واضح طور پر دِکھائی دیتی ہے۔ اِس کا ایک اَور فائدہ یہ ہے کہ اِس کی وجہ سے کوور جلدی خراب نہیں ہوتا۔لیکن یہ والا پلاسٹک، چمک والے پلاسٹک سے 5 گُنا زیادہ مہنگا ہے۔ اِس لیے ہماری تنظیم کی کچھ برانچوں نے مل کر محنت کی تاکہ یہ خاص قسم کا پلاسٹک کم قیمت پر خریدا جا سکے۔
اِس کتاب کو تیار کرنے کے لیے زیادہ مہنگا سامان کیوں اِستعمال کِیا گیا؟ چھپائی کے کام کی نگرانی کرنے والے شعبے میں خدمت کرنے والے ایک بھائی نے بتایا: ”ہمارا خیال تھا کہ اِس کتاب کو زیادہ اِستعمال کِیا جائے گا اِس لیے ہم چاہتے تھے کہ بار بار اِستعمال ہونے کے بعد بھی یہ اچھی حالت میں نظر آئے۔“ بھائی ایڈوارڈو جو برازیل میں ہمارے چھاپا خانے میں کام کرتے ہیں، کہتے ہیں: ”ہم یہ دیکھ کر بہت خوش ہیں کہ یہوواہ کی تنظیم نے اِس کتاب کو تیار کرنے میں اچھی کوالٹی کا سامان اِستعمال کِیا ہے۔ اِس وجہ سے یہ کتاب خوبصورت ہے، جلدی خراب نہیں ہوتی اور اِسے اِستعمال کرنا بہت اچھا لگتا ہے لیکن ساتھ ہی ساتھ اِس بات کا بھی خیال رکھا گیا کہ عطیات کا اچھا اِستعمال کِیا جائے۔“
کورونا کی وبا کے دوران کتاب کی چھپائی
ہم نے کتاب ”خوشیوں بھری زندگی“ کی چھپائی کا کام مارچ 2021ء میں شروع کِیا۔ یہ کورونا وبا کے دوران تھا جس کی وجہ سے کافی مشکلیں پیدا ہوئیں۔ بیتایل میں لاکڈاؤن تھا جس کی وجہ سے ہم کسی کو چھاپے خانے میں نہ تو تھوڑے وقت کے لیے اور نہ ہی مستقل طور پر کام کرنے کے لیے بُلا سکتے تھے۔ اِس لیے ہمارے کچھ چھاپے خانوں میں کام کرنے کے لیے کافی لوگ نہیں تھے۔ اِس کے علاوہ بعض ملکوں کی حکومت نے بھی وبا کی وجہ سے ہمارے کچھ چھاپے خانوں کو عارضی طور پر بند کِیا ہوا تھا۔
اِن مشکلوں سے نمٹنے کے لیے کیا کِیا گیا؟ جب چھاپا خانوں میں کام کرنے کی اِجازت ملی تو فوراً ہی ایسے بہن بھائیوں کو عارضی طور پر ہمارے چھاپا خانوں میں کام کرنے کی ذمےداری دی گئی جو اصل میں بیتایل کے دوسرے شعبوں میں کام کرتے تھے۔ بھائی جوئیل جو چھپائی کے کام کی نگرانی کرنے والے شعبے میں خدمت کرتے ہیں، اُنہوں نے کہا: ”اِن بہن بھائیوں نے جو جذبہ دِکھایا اور جس شوق سے ایک نیا کام سیکھا، یہ واقعی قابلِتعریف تھا۔ اُنہی کی وجہ سے کتاب کو چھاپا جا سکا۔“
اِن تمام مشکلوں کے باوجود ہم کتاب ”خوشیوں بھری زندگی“ کی لاکھوں کاپیاں چھاپ چُکے ہیں۔ اِس کتاب کو تیار کرنے کے لیے طرح طرح کے سامان کی ضر ورت پڑتی ہے، جیسا کہ چھپائی کے لیے پلیٹیں، کوور پر چڑھایا جانے والا پلاسٹک، کاغذ، سیاہی اور گوند۔ جب سے نئی کتاب کی چھپائی شروع ہوئی ہے، اِس کے پانچ مہینوں کے اندر اندر ہی اِس کام پر 23 لاکھ امریکی ڈالر خرچ ہوئے۔ خرچے کو کم رکھنے کے لیے ہم نے صرف اِتنی ہی کتابیں چھاپیں جتنی کہ کلیسیاؤں کو واقعی چاہیے تھیں۔
ایک زبردست کتاب
بائبل کورس کرانے والے بہن بھائی اور اُن کے طالبِعلم اِس نئی کتاب کے بارے میں کیسا محسوس کرتے ہیں؟ آسٹریلیا میں رہنے والے بھائی پال نے کہا: ”کتاب ”خوشیوں بھری زندگی“ سے بائبل کورس کرانے کا بڑا مزہ آتا ہے۔ اِس کتاب کو اِس طرح سے ترتیب دیا گیا ہے کہ اِس سے باتچیت کے انداز میں بائبل کورس کرانا بڑا ہی آسان ہو گیا ہے۔ اِس کا ہر صفحہ دِکھنے میں خوبصورت ہے اور اِس میں جو معلومات دی گئی ہیں، یہ واضح ہیں۔ اِس میں دل کو چُھو لینے والے سوال، ویڈیوز، تصویریں اور چارٹ بھی ہیں۔ اِس کے ساتھ ساتھ طالبِعلم کو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وہ آگے کے لیے کون سے منصوبے بنا سکتا ہے۔ اِس زبردست کتاب کی مدد سے مجھے تعلیم دینے کی اپنی صلاحیت میں بہتری لانے کی ترغیب ملی ہے۔“
امریکہ میں رہنے والا ایک شخص جو بائبل کورس کر رہا ہے، وہ کہتا ہے: ”مجھے یہ کتاب بہت ہی پسند ہے۔ اِس میں دی گئی تصویروں کی مدد سے مَیں اہم نکتوں کو آسانی سے سمجھ جاتا ہوں۔ اِس میں جو ویڈیوز ہیں، یہ میرے دل کو چُھو لیتی ہیں اور مجھے سیکھی ہوئی باتوں پر عمل کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔“ یہ طالبِعلم ہفتے میں دو بار بائبل کورس کرتا ہے اور باقاعدگی سے عبادتوں پر جاتا ہے۔
ہمیں ابھی بھی بہت سی زبانوں میں اِس کتاب کی لاکھوں کاپیاں چھاپنے کی ضرورت ہے۔ دراصل گورننگ باڈی نے اِس کتاب کو 710 زبانوں میں چھاپنے کی منظوری دی ہے جبکہ کتاب ”پاک کلام کی تعلیم“ کو صرف 370 زبانوں میں چھاپا گیا تھا۔
اِس کتاب کی چھپائی کے اخراجات کیسے پورے کیے جاتے ہیں؟ یہ اُن عطیات کے ذریعے کِیا جاتا ہے جو پوری دُنیا میں ہمارے کام کے لیے دیے جاتے ہیں۔ اِن میں سے بہت سے عطیات donate.pr418.com کے ذریعے ہی دیے جاتے ہیں۔ ہم اِن عطیات کے لیے بہت ہی شکرگزار ہیں کیونکہ اِن کی مدد سے ہم اُن لوگوں کے لیے کتابیں اور ویڈیوز شائع کر سکتے ہیں جو یہوواہ خدا کے بارے میں سیکھنا چاہتے ہیں اور جاننا چاہتے ہیں کہ وہ ہمیشہ تک خوشیوں بھری زندگی کیسے حاصل کر سکتے ہیں۔— زبور 22:26۔
a اِس کتاب کو ہمارے سالانہ اِجلاس پر ریلیز کِیا گیا جس کا پروگرام جےڈبلیو براڈکاسٹنگ پر دِکھایا گیا۔